Tag: ARY news Urdu

  • سوشل میڈیا پر بلاک کیوں کیا؟ نوجوان نے گرل فرینڈ کا گلا کاٹ دیا

    سوشل میڈیا پر بلاک کیوں کیا؟ نوجوان نے گرل فرینڈ کا گلا کاٹ دیا

    بھارت کے گجرات میں نوجوان نے سوشل میڈیا پر بلاک کرنے پر اپنی گرل فرینڈ کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان اور لڑکی کے درمیان پہلے بھی محبت کا رشتہ قائم تھا۔ تاہم لڑکی نے حال ہی میں اس سے دوری اختیار کرکے اس کا نمبر بلاک کر دیا تھا۔ اس بات سے ناراض ہو کر نوجوان نے اس پر حملہ کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق لڑکی مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی تھی۔ تاہم نوجوان نہیں چاہتا تھا کہ لڑکی بھج میں رہ کر مزید تعلیم حاصل کرے، لڑکے کی خواہش تھی کہ لڑکی گاندھی دھام واپس آجائے۔

    قتل کی اندوہناک واردات شام کے وقت انجام دی گئی، لڑکی کالج سے فارغ ہوکر مزید اسٹڈی کے لیے ہاسٹل جا رہی تھی۔ ایسے میں نوجوان نے اسے فون کیا اور ملنے کے لیے بلایا۔

    رپورٹس کے مطابق لڑکی نے گاندھی دھام کا علاقہ چھوڑ دیا تھا اور مزید تعلیم حاصل کرنے کے لیے بھج چلی گئی۔ نوجوان کو یہ بات پسند نہیں آئی۔ وہ لڑکی کو بار بار فون کرتا رہا اور اسے گاندھی دھام واپس آنے پر اصرار کرتا رہا، جب بات نہ بنی تو اس نے لڑکی کو ملاقات کے لیے بلایا اور چاقو کے وار سے اسے قتل کردیا۔

    بھارت میں افغان خاتون زیادتی کا نشانہ بن گئی

    پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان اپنے ایک دوست کے ساتھ گرل فرینڈ سے ملنے آیا تھا۔ اس دوران دونوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔ جھگڑا اتنا بڑھ گیا کہ ملزم نوجوان نے اس پر چاقو سے حملہ کر دیا۔

    حملے میں لڑکی شدید زخمی ہو گئی۔ اسے فوری طور پر اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں علاج کے دوران چل بسی، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید کارروائی شروع کردی، واضح رہے کہ بھارت میں اس قسم کے واقعات اب عام ہوچکے ہیں۔

  • کراچی: گارڈن میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ سے 2 مزدور زخمی

    کراچی: گارڈن میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ سے 2 مزدور زخمی

    کراچی: گارڈن کے علاقے میں شادی ہال کے قریب زیر تعمیر عمارت میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 مزدور زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملزمان نے ٹانگ پر گولی مار کر 2 مزدوروں کو زخمی کردیا، عمارت کے مالک سے ایک سال پہلے بھی بھتہ مانگا گیا تھا۔

    زخمی مزدوروں کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ملزمان آئے اور پرچہ دیکرکہا اس نمبر پر فون کرو۔

    پولیس کے مطابق ملزمان نے سپروائزر کو گولی ماری جو اس کو لگ کر دوسرے مزدور کو جا لگی، واقعے کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

    اس سے قبل کراچی کے علاقے بن قاسم میں فائرنگ سے اے ایس آئی محمد خان ابڑو جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو اسٹیل ٹاؤن میں گھر کے باہر گولیاں ماری گئیں۔ پولیس کے مطابق مقتول اے ایس آئی اسٹیل ٹاؤن تھانے میں تعینات تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق محمد خان ابڑو کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

    تفتیشی حکام کے مطابق محمد خان ابڑو، پولیس افسر جاوید ابڑو کے بھائی ہیں۔

    پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کی جانب سے تفتیش کا عمل شروع کردیا گیا ہے، ابتدائی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

    کراچی میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید، دو زخمی

    بعدازاں لواحقین نے بتایا کہ شہید اے ایس آئی کے خلاف گزشتہ روز اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج ہوا تھا، وہ عدالت سے بھائی کے ہمراہ گھر واپس آیا تھا۔

    لواحقین کے مطابق اے ایس آئی بڑے بھائی جاوید کو گھر چھوڑ کر اپنے گھر کی جانب گیا تھا، وہ جیسے ہی گاڑی سے اترا ملزمان نے فائرنگ کردی، شہید اے ایس آئی چار بچوں کا باپ تھا۔

  • اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت جاری، مزید 67 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت جاری، مزید 67 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ بھر میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں کم از کم 67 فلسطینی شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں امداد کے متلاشی 6 افراد بھی شامل تھے۔

    فلسطینی طبی کارکنوں کے مطابق امداد کے 3 متلاشی افراد کو وسطی غزہ میں اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شہید کر دیا۔

    اس کے علاوہ اسرائیلی فضائی حملوں میں خان یونس کے مغربی علاقے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں کم از کم 5 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی سے اسیر ایلان ویس کی لاش برآمد کر لی ہے۔ یہ آپریشن فوج کی سدرن کمانڈ نے ”انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ، شن بیٹ اور اسپیشل فورسز کے تعاون سے کیا۔

    فوج نے کہا کہ نیشنل سینٹر فار فارنزک میڈیسن میں شناختی عمل کے بعد مین پاور ڈائریکٹوریٹ میں یرغمالیوں کی ٹیم نے [ویس’] خاندان اور بیری کمیونٹی کو اطلاع دی۔

    فوج نے بتایا کہ ویس کبٹز بیری کا رکن تھا اور اسے 7 اکتوبر 2023 کو اس کے گھر سے مار کر لے جایا گیا تھا۔

    موت کے وقت ویس کی عمر 55 سال تھی۔ ان کی اہلیہ شیری اور بیٹی نوگا کو بھی یرغمال بنا لیا گیا لیکن بعد میں نومبر 2023 میں عارضی جنگ بندی کے تحت رہا کر دیا گیا۔

    اسرائیل کے یرغمالیوں اور لاپتہ خاندانوں کے فورم، جس نے غزہ میں اسیروں کی واپسی کے لیے جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے ہیں، ایلان ویس کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    سعودی عرب: 60 واں طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ

    ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارے دل آج خاندان کے ساتھ ہیں،ان کی واپسی سے خاندان کو 692 دنوں تک بے یقینی کے ڈراؤنے خواب میں انتظار کرنے کے بعد کچھ سکون ملے گا۔

  • سعودی عرب: 60 واں طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ

    سعودی عرب: 60 واں طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر روانہ

    سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی عوام کے لیے امدادی کارروائیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے تحت 60 ویں خصوصی پرواز مصر کے العریش کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

    سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امدادی سامان سعودی وزارت دفاع اور مصر میں سعودی سفارتخانے کے اشتراک سے شاہ سلمان مرکز کی جانب سے روانہ کی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق امدادی سامان میں فوڈ باسٹکس ہیں جنہیں غزہ میں متاثرہ فلسطینیوں تک جلد پہنچایا جائے گا۔

    سعودی عرب کا یہ اقدام غزہ کی پٹی کے فلسطینی شہریوں کو شاہ سلمان مرکز کے ذریعے فراہم کی جانے والی سعودی امداد کا حصہ ہے تاکہ قحط کی سنگین صورتحال اور غزہ کے رہائشیوں کے مصائب کو دور کیا جاسکے۔

    شاہ سلمان مرکز کا کہنا ہے کہ امداد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ جنگ اور محاصرے کے شکار فلسطینی بھائیوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جاسکے۔

    دوسری جانب حماس القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کا غزہ کی پٹی پر قبضے کا منصوبہ ”اس کی سیاسی اور عسکری قیادت کے لیے تباہ کن ثابت ہو گا”۔

    ابو عبیدہ نے ٹیلی گرام پر حماس کی طرف سے شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں کہا کہ اور دشمن کی فوج اپنے سپاہیوں کے خون سے قیمت ادا کرے گی۔

    غزہ سٹی پر قبضے کا آغاز، اسرائیلی کارروائی پر یورپی وزرائے خارجہ کا سخت ردعمل

    ترجمان نے یہ بھی متنبہ کیا کہ اگرچہ حماس اسرائیلی اسیران کی زندگیوں کو ”اپنی بہترین صلاحیت کے مطابق”محفوظ رکھے گی لیکن انہیں غزہ میں فلسطینی گروپ کے جنگجوؤں کی طرح ہی خطرات لاحق ہیں۔

    ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیلی فوج اور حکومت کسی بھی قیدی کی موت کی ”مکمل ذمہ داری اٹھائے گی“۔

  • سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب، مسجد سے چوری کرنے والا غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب میں وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کی فیلڈ ٹیم نے جازان ریجن کی صبیا کمشنری میں واقع ایک مسجد سے بجلی چوری میں ملوث ایک غیر ملکی کو گرفتار کرلیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک غیر ملکی نے مسجد کے میٹر سے تار نکال کر اپنے گھر تک پہنچائی اورپورے گھر کو مسجد کی بجلی سے منسلک کردیا۔

    وزارت کے متعلقہ ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری کے اس غیر قانونی کنکشن کو ختم کیا اور معاملہ متعلقہ حکام کو بھیج دیا تاکہ مقیم شخص کے خلاف قانونی کارروائی ہو، اسے جواب دہ بنایا جائے اور اس پر مسجد کی سابقہ کھپت کی مکمل بجلی کا بل ادا کرنا لازم قرار دیا جائے۔

    وزارت نے واضح کیا کہ وہ مساجد کی سہولتوں میں کسی بھی قسم کی چوری یا چھیڑ چھاڑ پر ہرگز نرمی نہیں برتے گی بلکہ سختی اور سنجیدگی سے نمٹے گی۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں قطیف کمشنری کی عدالت میں اوقاف کے جج کو اغوا کرکے قتل کرنے والے شخص پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی شہری جلال بن حسن بن عبد الکریم لباد نے دہشت گرد تنظیم سے وابستگی اختیار کی، ملک میں تخریب کاری کا ارتکاب کیا اور متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں شامل رہا۔

    سعودی عرب کا غیر ملکی ملازمین کے لیے بڑا فیصلہ

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ شخص نے دیگر مطلوب افراد کے ساتھ ملک کر سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ اور بمباری کر کے انہیں قتل کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔

    وزارت کے مطابق تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ مذکورہ شخص کوعدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

  • بابا صدیقی قتل کیس: پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    بابا صدیقی قتل کیس: پولیس کو بڑی کامیابی مل گئی

    ممبئی: بھارتی فلم اڈسٹری کے معروف اداکار سلمان خان کے خاص دوست بابا صدیقی کے قتل کیس میں ممبئی کرائم برانچ کو بڑی کامیابی مل گئی ہے، پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ایک اور رکن کو حراست میں لے لیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ملزم کی شناخت امول گائکواڑ کے نام سے ہوئی ہے، کرائم برانچ کی اینٹی ایکسٹورشن سیل نے اسے پونے سے حراست میں لیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم امول گائکواڑ کا کردار اس واردات میں براہِ راست نہ سہی مگر اہم کردار تھا۔ وہ کیس کے ایک مفرور ملزم شبھم لونکر کو ممبئی لانے اور لے جانے میں ملوث تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم کو ریمانڈ پر لے کر مزید پوچھ گچھ شروع کردی گئی ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک کا پتا لگایا جا سکے۔

    مذکورہ کیس میں پولیس نے اب تک 26 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، یہ گرفتاری اس معاملے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری دباؤ اور سختی کو ظاہر کرتی ہے۔

    واضح رہے کہ این سی پی کے سرکردہ لیڈر بابا صدیقی کو گزشتہ سال 12 اکتوبر 2024 کو ممبئی میں ان کے بیٹے کے دفتر کے باہر فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا تھا، حملہ آوروں کی شناخت گرمیل سنگھ، دھرم راج کشیپ اور شیوکمار گوتم کے ناموں سے ہوئی تھی۔

    سلمان خان کیساتھ کام کرنے والوں کو لارنس بشنوئی گینگ کی خطرناک دھمکیاں

    موقع پر موجود عوام نے حملے کے وقت گرمیل سنگھ اور دھرم راج کشیپ کو دبوچ لیا تھا، جبکہ شیوکمار گوتم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ بعد میں پولیس نے اسے اتر پردیش کے بہرائچ ضلع سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ نیپال فرار ہونے کی کوششوں میں مصروف تھا۔

  • سوہا علی ارب پتی ہونے کے باوجود کرائے کے مکان میں کیوں رہیں؟ اہم انکشاف کردیا

    سوہا علی ارب پتی ہونے کے باوجود کرائے کے مکان میں کیوں رہیں؟ اہم انکشاف کردیا

    بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سیف علی خان کی بہن سوہا علی خان نے حال ہی میں اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ انڈسٹری میں آنے سے قبل فنانس کے شعبے میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوہا علی خان نے لندن اسکول آف اکنامکس سے ماسٹرز کرنے کے بعد ممبئی میں ایک بین الاقوامی بینک میں ملازمت اختیار کی، جہاں ان کی سالانہ تنخواہ 2.2 لاکھ روپے تھی، جبکہ وہ 17 ہزار روپے ماہانہ کرایہ ادا کرتی تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں سوہا کا کہنا تھا کہ ان کی آمدنی کا بڑا حصہ کرایے میں چلا جاتا تھا، لیکن وہ خودمختار زندگی گزارنا چاہتی تھیں تاکہ اپنے فیصلے خود لے سکیں۔

    اداکارہ نے انکشاف کیا کہ فلم انڈسٹری میں آنے کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہ تھا کیونکہ وہ جانتی تھیں کہ ان کے والدین شرمیلا ٹیگور اور منصور علی خان پٹودی ممکنہ طور پر ناراض ہوسکتے ہیں۔ لیکن مالی خودمختاری نے انہیں اعتماد بخش دیا تھا۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں اہم موڑ اس وقت آیا جب انہیں ایک ماڈلنگ پراجیکٹ سے انڈسٹری میں بریک ملا جس کی فیس 5 لاکھ روپے تھی۔

    ”پیلی کوٹھی“ میں کیا ہوا تھا؟ سوہا علی بتاتے ہوئے کانپ اُٹھیں

    بعد ازاں سوہا علی خان کو فلم دل مانگے مور میں شاہد کپور کے ساتھ کاسٹ کرلیا گیا، جس کا معاوضہ انہیں 10لاکھ روپے دیا گیا، اس کے بعد سے انہوں نے اداکاری کو بطور پیشہ اپنا لیا اور اب بھی فلموں میں کام کرکے بہترین اداکاری سے اپنا لوہا منوا رہی ہیں۔

  • اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 50 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے

    اسرائیلی فوج کی بمباری، مزید 50 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے

    غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں شدید اسرائیلی بمباری کے باعث جمعرات کی صبح سے اب تک کم از کم 50 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج غزہ شہر پر مکمل قبضہ کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہے جبکہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں نے اس کارروائی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوجی کارروائی تباہ کن ثابت ہو گی اور لاکھوں شہری گھروں سے محروم ہوجائیں گے۔

    غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ زیتون اور شجاعیہ کے علاقوں میں اسرائیلی زمینی آپریشن کے دوران 1500 سے زائد گھروں کو تباہ کردیا گیا ہے۔

    بے گھر ہونے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے گھروں سے نکل کر ساحل کی طرف پناہ لینے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

    غزہ کی وزارتِ صحت کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی جاچکی ہے کہ غذائی قلت کے باعث مزید 4 افراد جام شہادت نوش کرگئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں۔

    یمن پر اسرائیلی بمباری، انصاراللہ سے منسلک وزیراعظم احمد غالب جاں بحق

    اس کے علاوہ غذائی قلت کے سبب شہید ہونے والوں کی تعداد 317 تک پہنچ گئی ہے۔ مجموعی طور پر اب تک غزہ میں 62 ہزار 900 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں۔ جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے۔

  • پولینڈ میں ائیرشو کی تیاری کے دوران F-16 طیارہ تباہ، ویڈیو وائرل

    پولینڈ میں ائیرشو کی تیاری کے دوران F-16 طیارہ تباہ، ویڈیو وائرل

    پولینڈ میں ائیرشو کی ریہرسل کے دوران F-16 طیارہ کریش کرگیا، حادثے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کے وسطی علاقے میں ائیر شو کی ریہرسل چل رہی تھی کہ اس دوران F-16 طیارہ اچانک کریش کرگیا، حادثے میں طیارے کا پائلٹ جان کی بازی ہار گیا۔

    پولش خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ طیارہ پولش فضائیہ کا حصہ تھا۔ حادثے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طیارے کا پائلٹ لوپ بنانے کی کوشش کر رہا تھا مگر اسے بلندی کا اندازہ نہ ہوسکا، طیارہ تیزی سے زمین کی جانب بڑھا اور ٹکرا کر دھماکے سے تباہ ہوگیا۔

    رپورٹس کے مطابق حادثے کے باعث آج سے پولینڈ میں ہونے والا ائیرشو منسوخ کر دیا گیا۔ ایونٹ میں 20 ملکوں کے 150 طیاروں کو حصہ لینا تھا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل امریکا میں شمالی ایریزونا میں میڈیکل ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار چاروں افراد جان کی بازی ہار گئے تھے، طیارے کے زمین پر گرتے ہی آگ بھڑک اٹھی اور ایئر کرافٹ جل کا خاکستر ہو گیا۔

    طیارہ حادثہ، خاتون پائلٹ کا موت سے قبل آخری پیغام وائرل

    رپورٹ کے مطابق حادثہ نیو میکسیکو کے البوکرک واقع سی ایس آئی ایوی ایشن کمپنی کا یہ طیارہ فلیگ اسٹاف سے 200 میل شمال مشرق میں چنلے ہوائی اڈے کے قریب اس وقت حادثے کا شکار ہوا جب وہ ایک مریض کو لینے کے لیے اسپتال جا رہا تھا۔ حادثے میں مرنے والے چاروں افراد کا تعلق طبی عملے سے تھا۔

  • بھارت میں افغان خاتون زیادتی کا نشانہ بن گئی

    بھارت میں افغان خاتون زیادتی کا نشانہ بن گئی

    بھارت کے اترا کھنڈ کے ہریدوار ضلع کے روڑکی میں ایک افغان خاتون جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئی، متاثرہ نے اس حوالے سے پولیس کو شکایت درج کرائی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان خاتون کی شکایت ملنے کے بعد پولیس نے زیادتی میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، اس کے علاوہ پولیس نے خاتون کو میڈیکل کے لیے بھیج دیا ہے۔ فرانزک ٹیم ہوٹل پہنچ کر شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس کو ڈائل 112 نمبر سے اطلاع ملی تھی۔ جس میں بتایا گیا کہ روڑکی کے دہرادون روڈ پر واقع ہوٹل میں ایک غیر ملکی خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، پولیس کی ٹیم فوراً موقع پر پہنچی اور اطلاع دینے والی خاتون سے تفصیلات طلب کیں۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ افغانستان کی رہائشی ہے، ایک شخص نے اسے منشیات کھلائی، پھر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا، خاتون کے الزام کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور فوری طور پر ملزم کو حراست میں لے لیا۔

    پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے خود کو ہینگ کا تاجر بتایا ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ اس کے پاس افغانستان اور ترکی کی شہریت ہے۔ تاہم پولیس فی الحال ملزم سے گہرائی سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے خاتون کو طبی معائنے کے لیے روڑکی سول اسپتال روانہ کردیا ہے۔

    فرانزک ٹیم نے بھی ہوٹل پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام پہلوؤں کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دونوں دہلی میں رہتے ہیں۔ اس شخص کے پاس غیر ملکی شہریت ہے۔ اس لیے روڑکی پولیس کی ٹیم پوری سنجیدگی کے ساتھ تحقیقات میں مصروف ہوگئی ہے۔

    19 سالہ لڑکی کی کھیتوں سے تشدد زدہ لاش برآمد، زیادتی کا شبہ

    رپورٹس کے مطابق دونوں تاجر بتائے جاتے ہیں، مرد ہینگ کا کاروبار کرتا ہے اور عورت خشک میوہ جات کا کاروبار کرتی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو تقریباً 5 ماہ سے جانتے ہیں۔