نئی دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر آج صبح اِن کی رہائش گاہ پر منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ایک چالیس سالہ شخص نے قاتلانہ حملہ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کی وزیراعلیٰ ریکھا گپتا پر حملہ کرنے والے شخص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ حملہ آور کی شناخت راجیش سکاریا کے نام سے ہوئی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کچھ کاغذات کے ساتھ وزیراعلیٰ کے قریب آیا اور بات کرنے کے دوران اچانک حملہ کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ کو فوراً اسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کمشنر ایس بی کے سنگھ کا اس سے متعلق کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک بڑی سیکیورٹی ناکامی ہے اور اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہوں گی۔
بھارت، دہلی میں اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی
بھارت کے دہلی میں ایک بار پھر اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس نے اسکولوں کو خالی کراکر سرچنگ شروع کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں ایک بار پھر کئی بڑے اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ جس میں دہلی پبلک اسکول، شری رام ورلڈ اسکول اور ماڈرن اسکول شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دھمکی ملتے ہی پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچ کر تحقیقات میں مصروف ہوگئی، اس دوران احتیاطاً اسکولوں کو خالی کرا کر طلبا کو واپس بھیج دیا گیا۔
وائٹ ہاؤس نے امریکا میں پابندی کے خدشات اور متنازع قانون کے باوجود باضابطہ طور پر ٹک ٹاک پر اپنا اکاؤنٹ بنا لیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب ایپ کی مالک کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکی خریدار کو فروخت کرنے یا ملک میں ایپ پر پابندی کے خطرے کا سامنا ہے۔
ٹرمپ پہلے ہی اس قانون کی ڈیڈ لائن کو کئی بار آگے بڑھا چکے ہیں اور اب نئی ڈیڈ لائن 17 ستمبر مقرر ہے، رواں سال جون میں دی گئی توسیع نے ایپ کو 17 کروڑ امریکی صارفین کے لیے قابلِ استعمال رکھا، حالانکہ گزشتہ سال منظور شدہ قانون میں اس کی چینی ملکیت کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔
ٹک ٹاک پر وائٹ ہاؤس کے آفیشل اکاؤنٹ کی پہلی پوسٹ میں ٹرمپ کی تقریر کی ویڈیو شامل ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ میں عزم کرتا ہوں کہ اس قوم کے عوام کے لیے بہتر زندگی فراہم کر سکوں، میں آپ کی آواز ہوں۔
رپورٹس کے مطابق پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ امریکا! ہم واپس آ گئے ہیں، واٹس اپ ٹک ٹاک؟ اکاؤنٹ کے لانچ کے چند ہی گھنٹوں بعد اس کے 20 ہزار سے زائد فالوورز ہو چکے تھے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر ناوارو نے بھارت کو کہا ہے کہ بھارت روس سے خام تیل کی خریداری بند کرے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر ناوارو نے بھارت کو اپنے کھلے پیغام میں کہا کہ بھارت کی جانب سے روسی خام تیل کی خریداری یوکرین جنگ میں روس کی مالی معاونت ہے جو فوری رکنی چاہیے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر یہی رویہ جاری رہا تو امریکی کمپنیوں کیلئے بھارت کو جدید عسکری صلاحیت فراہم کرنا مشکل ہو جائے گا۔
وائٹ ہاؤس کے تجارتی مشیر ناوارو کا کہنا تھا کہ اگر بھارت چاہتا ہے کہ امریکا اسے اسٹریٹجک شراکت دار کی طرح ڈیل کرے تو اسے بھی اسی طرح کا برتاؤ کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بھارت روس اور چین سے تعلقات بڑھا رہا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امید ہے روسی صدر پیوٹن اچھے ثابت ہوں گے، چند ہفتوں میں ہمیں پیوٹن کے بارے میں پتہ چل جائے گا، پیوٹن اچھے ثابت نہ ہوئے تو صورتِ حال مشکل ہونے والی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی میڈیا کو انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے زیلنسکی اور پیوٹن ٹھیک کر رہے ہیں، یوکرین کو نیٹو میں شامل ہونے کی درخواست نہیں کرنی چاہیے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ممکن ہے کہ روسی صدر کوئی معاہدہ نہیں کرنا چاہیے، یوکرین کو بہت سا علاقہ ملنے والا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یورپی رہنماؤں کے سامنے صدر پیوٹن کو کال نہیں کی، صدر پیوٹن کے ساتھ گرم جوش تعلقات اچھی چیز ہیں، میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا۔
امریکی صدر نے کہا کہ یورپ زمینی فوج بھیجنے کے لیے تیار ہے، کسی نہ کسی شکل میں سیکیورٹی ہو گی، لیکن وہ نیٹو نہیں ہو سکتا، ہمیشہ سے میرا خیال تھا کہ یوکرین روس اور یورپ کے درمیان ایک بفر ہے۔
ٹرمپ نے امریکا میں پوسٹل بیلٹ نظام ختم کرنے کا عندیہ دے دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں پوسٹل بیلٹ کا نظام ختم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں مڈ ٹرم الیکشن سے قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بطور ری پبلکن پارٹی پوسٹل بیلٹ نظام ختم کریں گے۔
ٹرمپ نے پیر کو کہا کہ وہ 2026 کے مڈ ٹرم انتخابات سے قبل ڈاک کے ذریعے ڈالے جانے والے ووٹوں (Mail-in Ballots) اور ووٹنگ مشینوں کے استعمال کو ختم کرنے کے لیے ایک صدارتی حکم نامہ (ایگزیکٹو آرڈر) جاری کریں گے، اور اس آرڈر کی تیاری کا عمل جاری ہے۔
روئٹرز کے مطابق امریکا میں وفاقی انتخابات ریاستی سطح پر کرائے جاتے ہیں، اور یہ واضح نہیں ہے کہ صدر کو آئینی طور پر ایسا حکم جاری کرنے کا اختیار حاصل ہے یا نہیں۔ بعض ریاستوں کی جانب سے اس اقدام کو قانونی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کیوں کہ اس اقدام سے ان کی ریپبلکن پارٹی کو غیر متناسب طور پر فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ منشیات سمگل کرنے غیر ملکی پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کر دیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’صومالیہ کے تارک وطن عبد الرحمن علی محمد کو منشیات سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا‘۔
وزارت کے مطابق ’تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ مذکورہ شخص کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا‘۔
’بعد ازاں اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دی ہے‘۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی حکومت اپنے شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو نشے کی ہلاکت خیزی سے بچانے کے لیے پرعزم ہے اور منشیات کی سمگلنگ میں جو بھی ملوث ہوگا اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات کی نقل و حمل یا ان کی تجارت کرنا ایک سنگین جرم سمجھا جاتا ہے، اور اس کے لیے انتہائی سخت سزائیں رکھی گئی ہیں۔ سعودی قوانین کے مطابق، منشیات کے ساتھ پکڑے جانے کی صورت میں درج ذیل سزائیں ہو سکتی ہیں:
موت کی سزا:
مملکت میں منشیات کی اسمگلنگ یا بڑی مقدار میں منشیات رکھنے پر موت کی سزا دی جا سکتی ہے۔ یہ سزا زیادہ تر اس وقت دی جاتی ہے جب کسی شخص کو 50 گرام سے زیادہ ہیروئن، کوکین، یا دیگر منشیات کے ساتھ پکڑا جائے۔
طویل قید:
اگر کسی شخص کو منشیات کے ساتھ پکڑا جائے لیکن مقدار کم ہو، تو اس کے بدلے میں کئی سالوں کی قید ہو سکتی ہے۔ یہ قید کئی سالوں سے لے کر کئی دہائیوں تک ہو سکتی ہے، اور جیل کی حالت سخت ہوتی ہے۔
جرمانہ: کچھ صورتوں میں مجرم سے بھاری جرمانہ بھی وصول کیا جا سکتا ہے، خاص طور پر اگر منشیات کی مقدار کم ہو یا یہ پہلی دفعہ ہو۔
سزاؤں کا نفاذ:
مملکت میں ان سزاؤں کو بہت سختی سے نافذ کیا جاتا ہے اور وہاں کے قوانین کے مطابق منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو بہت کم موقع ملتا ہے۔ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کر لیا جاتا ہے، اور ان پر تیز رفتار ٹرائل کیا جاتا ہے۔ یہ ٹرائل عموماً عدالت میں ایک سے دو ہفتوں میں مکمل ہو جاتے ہیں، اور اس کے بعد سزا دی جاتی ہے۔
مثال: اگر کوئی شخص مملکت میں منشیات کے ساتھ پکڑا جائے، تو اس پر تیزی سے مقدمہ چلایا جاتا ہے اور فیصلہ جلدی کیا جاتا ہے۔ اکثر ملزمان کو عدالت سے موت کی سزا یا طویل قید کی سزا ملتی ہے۔
غزہ پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ کارروائی میں مزید 51 فلسطینی شہید ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 51 فلسطینی شہید ہوئے جن میں کم از کم 8 امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی افواج نے غزہ میں امداد تقسیم کرنے والے مراکز کے قریب فائرنگ کی۔
خان یونس میں بے گھر افراد کو پناہ دینے والے خیموں پر حملوں میں کم از کم 8 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ وسطی غزہ کے دیر البلح میں ایک خیمے پر حملے میں مزید 4 افراد جان سے گئے۔
غزہ کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں شروع کی گئی تقریباً 2 سالہ نسل کش جنگ میں اب تک 62 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں کم از کم 18 ہزار 885 بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کی نئی تجویز کی شرطیں سامنے آ گئی ہیں، یہ تجویز حماس نے بھی قبول کی ہے۔
قطری وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ 200 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے حماس 10 یرغمالی اور 18 لاشیں اسرئیل کے حوالے کرے گا۔
شرائط کے مطابق اسرائیلی افواج کی جزوی واپسی ہوگی، اور غزہ میں انسانی امداد میں اضافہ کیا جائے گا، موجودہ جنگ بندی بھی عارضی ہوگی۔
قطر نے تصدیق کی ہے کہ حماس نے غزہ کی جنگ بندی کی تجویز کا مثبت جواب دیا ہے، جس میں 60 دن کی جنگ بندی بھی شامل ہے، تاہم اسرائیل نے تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ نیتن یاہو جنگ بندی معاہدے کے تحت باقی تمام 50 اسیران کی رہائی پر اصرار کر رہے ہیں۔
ایشیا کپ اور ٹرائی سیریز کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ٹیم کا پری سیریز کیمپ کل سے دبئی میں شروع ہوگا۔
قومی ٹیم کے پلیئرز 4 مختلف گروپس کی صورت میں آج دبئی پہنچیں گے، دبئی میں پری سیریز کیمپ 27 اگست تک جاری رہے گا، کیمپ کے دورا ن انٹرا اسکواڈ میچ بھی کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل
پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کی جانب سے 26-2025 کے لیے کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ جس کے تحت 30 کھلاڑیوں کو کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری کو ختم نہیں کیا گیا ہے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کوئی بھی کھلاڑی اے کیٹیگری کے معیار پر پورا اترنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
کیٹیگری بی، سی اور ڈی میں پرفارمنس کی بنیاد پر 10،10 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، کنٹریکٹس یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک لاگو ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق 27 کھلاڑیوں کو گزشتہ سال کنٹریکٹ دیے گئے تھے جبکہ اس سال 12 نئے کھلاڑیوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
9 کھلاڑی اس مرتبہ اپنی سابقہ کیٹیگری برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 8 کھلاڑی کنٹریکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
بی کیٹیگری میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، شاداب خان، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن علی، صائم ایوب، سلمان علی آغا ہیں۔
سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، سعود شکیل، فہیم اشرف، ساجد خان، محمد نواز، محمد حارث، صاحبزادہ فرحان، حسن نواز، نعمان علی شامل ہیں۔
ڈی کیٹیگری کی اگر بات کی جائے تو اس میں شان مسعود، حسین طلعت، محمد عباس، محمد وسیم جونیئر، محمد عباس آفریدی، خوشدل شاہ، احمد دانیال، سلمان مرزا، خرم شہزاد، سفیان مقیم شامل ہیں۔
کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، موسم کی خرابی کے باعث کراچی سے اندرون وبیرون ملک جانے والی پروازویں متاثر ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ عملے کے رات ڈیوٹی پر نہ پہنچ سکنے کے باعث مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ جس کے باعث پروازویں متاثر ہوئیں۔
جناح ٹرمینل سے آپریٹ ہونےبوالی متعدد اندرون ملک پروازیں منسوخ کر دی گیں، قومی ایئر لائن نے کراچی اسلام آباد پرواز پی کے 300 اور اسلام آباد کراچی پرواز پی کے 301 پہلے ہی منسوخ کر دی ہے۔
کراچی سے رات بین الاقوامی پرازیں آپریٹ ہوئی لیکن مسافروں کی بہت کم تعداد ایئر پورٹ پہنچ سکی، سیکڑوں مسافر اپنی پرواز نہ لے سکے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی فلائٹ انکوائری کے فون نمبر لگ نہیں رہے یا اٹینڈ نہیں ہو رہے، مسافروں کو پروازوں کی معلومات حاصل کرنے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
کراچی میں ایک دن بارش کے تین اسپیل، مزید دو روز تیز بارش کی پیشگوئی
شہر قائد میں ایک دن بارش کے تین اسپیل نے نکاسی آب کا نظام فیل کر دیا، محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تیز بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں بارش کے تین اسپیل برسے، جس نے شہر میں نکاسی کا نظام ٹھپ کر کے رکھ دیا، اور طوفانی بارش کے بعد شہر میں اربن فلڈنگ کی صورت حال پیدا ہو گئی۔
بارش شروع ہونے کے بعد چند گھنٹوں بعد کراچی کے کئی علاقے ڈوب گئے، سڑکوں پر پانی کے ریلے بہتے رہے، سب سے بڑی شاہراہ شارع فیصل بھی اس بار پانی میں ڈوب گئی اور گاڑیاں پھنس گئیں، لوگوں کا فیول ختم ہو گیا تو انھیں گاڑیاں سڑک پر چھوڑنی پڑیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 6 گھنٹے کی بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی اب نکل رہا ہے، برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی ہو رہی ہے۔
شہر میں سیلابی صورت حال کے باعث گھر سے نکلنے والے شہری دفتر نہیں پہنچ سکے تھے، جب کہ دفتر سے گھر کے لیے نکلنے والے افراد کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا، لیاری ایکسپریس وے پر دباؤ بڑھنے سے ٹریفک کی بدترین صورت حال بھی پیدا ہوئی، یہاں تک کہ مختلف علاقوں میں اسکول کے بچے بھی رُل گئے، اسکول وینیں سڑک پر بند ہو گئیں، ڈرائیوروں کے فون بند تھے اور والدین پریشان ہوتے رہے، دوپہر کو نکلے بچے شام اور رات کو پہنچ پائے۔
سڑکوں پر جگہ جگہ موٹر سائیکلیں پانی میں بند ہو گئیں اور لوگ مکینک ڈھونڈتے رہے، مکینکوں نے بھی بائیکیں اسٹارٹ کرنے کے معمول سے بہت زیادہ معاوضہ وصول کیا، رکشوں اور آن لائن رائڈز نے بھی کرائے بڑھائے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مزید 2 روز تک بارش کا امکان ہے، آج اور کل زیادہ بارش ہو سکتی ہے، گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 158، جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایشیا کپ 2025 کے سلسلے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 کے بھارتی اسکواڈ میں شبمن گل کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں اکشر پٹیل کی جگہ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یشسوی جیسوال اور شریاس ایئر اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
بھارتی اسکواڈ میں سوریا کمار یادیو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، سنجوسامسن، ہرشیت رانا، رنکو سنگھ شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارت کے سابق کرکٹر کیدار جادھو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہوگا۔
سابق بھارتی کرکٹر کیدار جادھو نے کہا کہ بھارت کے پاس پاکستان سمیت کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت موجود ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ میچ نہیں ہونا چاہیے اور میں اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں کہ بھارت نہیں کھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں بھارتی ٹیم کو پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہیے، بھارتی ٹیم جہاں بھی کھیلے گی وہ ہمیشہ جیتے گی۔
واضح رہے کہ کیدار جادھو کا تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی ٹورنامنٹ میں بھارت کے پاکستان سے کھیلنے کے بائیکاٹ کا کہا ہے۔
امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 6 ہزار غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اقدام کی وجوہات مقررہ وقت سے زائد قیام اور قانون شکنی قرار دی گئی ہیں جبکہ ایک مختصر تعداد ان لوگوں کی بھی ہے جو امریکا کے مطابق دہشت گردی کو سپورٹ کرتے ہیں۔
یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کے امیگریشن سے جڑے معاملات پر کریک ڈاؤن کے ایک ضمنی حصے کے طور پر سامنے آیا ہے اور اسٹوڈنٹ ویزوں کے بارے میں بھی سخت رویہ اپنایا گیا ہے اور سوشل میڈیا پر طلبہ کی چیکنگ سخت کرنے کے ساتھ ساتھ سکریننگ کا دائرہ کار بھی بڑھایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق چار ہزار ویزے قانون شکنی پر کینسل کیے گئے۔۔ جرائم میں ملوث دو سو سے تین سو ویزے منسوخ کیے گئے۔
غیرملکی طلباء کیلئے محدود مدت کے ویزے، ٹرمپ کی نئی تجویز سامنے آگئی:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غیر ملکی طلباء کے لیے محدود مدت کے ویزے جاری کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
امریکا کے ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکیورٹی نے اس تجویز کو آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ (OMB) کے جائزے کے لیے پیش کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ تجویز 2020ء میں اپنی پہلی صدارتی مدت کے دوران پیش کی تھی جو کہ اب ان کی دوسری صدارتی مدت کے دوران امیگریشن کے خلاف سخت ترین کارروائی کے آغاز پر دوبارہ سامنے آئی ہے۔
اس تجویز کے مطابق امریکا کی جانب سے غیر ملکی طلباء کو جاری کیے گئے ویزوں کی ایک محدود مدت ہوگی اور وہ مدت ختم ہونے کے بعد طلباء امریکا میں مزید نہیں رُک سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق حالیہ قوانین کے تحت F-1 ویزا رکھنے والے بین الاقوامی طلباء اورJ-1 کلچرل ایکسچینج ویزا رکھنے والے غیر ملکی طلباء و میڈیا نمائندوں کو ان کی تعلیم اور ٹریننگ سیشن مکمل ہونے تک امریکا میں رہنے دیا جائے گا۔
ٹرمپ کی یہ نئی تجویز اگر منظور ہو جاتی ہے تو غیر ملکی طلباء کو محدود مدت کے ویزے جاری ہوسکتے ہیں اور ویزے کی محدود مدت ختم ہونے کے بعد امریکا میں مزید قیام کے لیے طلباء کو متعلقہ حکام کو درخواست دے کر ویزے کی مدت میں توسیع کروانی پڑے گی۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے، تازہ کارروائیوں میں مزید 26 فلسطینی شہید ہوگئے۔
عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ میں شہری آبادی پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 26 فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے، جن میں 6 بے گھر افراد کو خان یونس میں، 4 کو دیرالبالہ میں شہید کیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں کئی مکانات کو دھماکوں سے اُڑا دیا۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں جاری جنگ میں اب تک 62 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ جنگ بندی کیلیے ثالثی کی کوششیں فیصلہ کن مرحلے میں داخل
غزہ جنگ بندی کے لیے مصر اور قطر کی ثالثی کوششیں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے مصر اور قطر کی ثالثی میں جنگ بندی تجویز باضابطہ طور پر قبول کر لی۔ حماس نے اعلان کیا ہے کہ قطر اور مصر کی پیش کردہ تجویز منظور کر لی گئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو حماس کی جنگ بندی تجویز پر جواب موصول ہو گیا جس پر اسرائیلی حکومت اور فوج حماس کے جواب پر غور کر رہی ہیں۔
قطر اور مصر کی پیش کردہ تجویز میں 60 روزہ فائر بندی شامل ہے اس دوران نصف اسرائیلی قیدیوں کو حماس کی جانب سے رہا کیا جائے گا۔
مسودے کے تحت اسرائیل بھی متعدد فلسطینی قیدیوں کو آزاد کرے گا۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ تجویز میں مستقل جنگ بندی اور مکمل امن معاہدے کا راستہ شامل ہے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے دباؤ پر بات چیت کی۔