Tag: ARY News

  • بگ باس فاتح ایلویش یادو کے گھر پر فائرنگ، ذمہ داری کس نے قبول کی؟

    بگ باس فاتح ایلویش یادو کے گھر پر فائرنگ، ذمہ داری کس نے قبول کی؟

    بھارت میں بگ باس او ٹی ٹی (ہندی) سیزن-2 کے فاتح اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ایلویش یادو کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی ہے، جبکہ حملہ آور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلویش یادو کے گھر پر فائرنگ کا واقعہ صبح ساڑھے 5 بجے گڑ گاؤں میں پیش آیا، جب 3 نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر ان کے گھر کے باہر پہنچے، کچھ دیر رکے اور پھر ایلویش کے گھر پر 12 گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر فارنزک ٹیم کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، حملے میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    پولیس کے مطابق ایلویش اور اس کا خاندان عمارت کے دوسرے اور تیسرے فلور پر رہائش پذیر ہیں، اور فائرنگ کے دوران گولیاں پہلے فلور تک پہنچی تھیں۔ اس وقت گھر میں ایلویش موجود نہیں تھے، تاہم ان کے خاندان کے افراد اور کیئر ٹیکر موجود تھے۔

    پولیس نے مقدمہ درج کرکے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تلاش جاری ہے۔

    ایلویش یادو کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ حملے سے پہلے ایلویش کو کسی بھی قسم کی دھمکیاں موصول نہیں ہوئی تھیں۔

    روس کی سابق مس یونیورس ماڈل کار حادثے میں ہلاک

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی ہے جس میں بیرونِ ملک مقیم گینگسٹر ہمانشو بھاؤ اور نیرج فریدپوریا نے اس فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ ممبئی پولیس نے معروف کامیڈین کپل شرما کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں ملنے اور کیفے پر حملوں کے بعد ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔

  • روس کی سابق مس یونیورس ماڈل کار حادثے میں ہلاک

    روس کی سابق مس یونیورس ماڈل کار حادثے میں ہلاک

    مس یونیورس کے مقابلے میں سال 2017 کے دوران روس کی نمائندگی کرنے والی ماڈل کسینیا ایلکزینڈروا کار حادثے میں اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 5 جولائی کو تویر اوبلاست میں کسینیا ایلکزینڈروا اپنے شوہر کے ساتھ سفر کر رہی تھیں کہ اس دوران ان کی گاڑی کے سامنے ایک بارہ سنگھا آ گیا، جس کی وجہ سے ان کی گاڑی کی ونڈشیلڈ ٹوٹ گئی اور کسینیا ایلکزینڈروا شدید زخمی ہوگئیں۔

    رپورٹس کے مطابق اس کار حادثے کے بعد کیسنیا کومہ میں چلی گئیں اور موت زندگی کی جنگ لڑتے ہوئے تقریباً ایک ماہ بعد انتقال کر گئیں۔

    ماڈل کے شوہر حیران کن طور پر اس حادثے میں محفوظ رہے۔ 2017 میں کسینیا نائب مس روس بھی منتخب ہو چکی تھیں اور اس خطرناک حادثے سے چار ماہ قبل ان کی شادی ہوئی تھی۔

    ہیلی میک نیف چل بسیں:

    معروف امریکی باڈی بلڈر ہیلی میک نیف اچانک 37 سال کی عمر میں اچانک فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئیں۔

    معروف امریکی باڈی بلڈر ہیلی میک نیف مقامی سطح پر باڈی بلڈنگ کی چیمپئن بھی رہ چکی تھیں۔ وہ غذائیت اور صحت سے متعلق کوچ اور نیوٹریشنسٹ بھی تھیں۔

    بھارتی اداکار 34 برس کی عمر میں چل بسے

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی میک نیف کی موت کی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے، سوشل میڈیا پر ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ان کی موت پر دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

  • سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ

    سونے کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ

    کراچی: ملک میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ ہوا۔

    آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونا 1500 روپے اضافے سے 3 لاکھ 57 ہزار 700 روپے پر پہنچ گیا۔

    اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اتار چڑھاؤ کے باعث 10 گرام سونا 1286 روپے اضافے سے 3 لاکھ 6 ہزار 670 روپے کا ہوگیا۔

    انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونا 15 ڈالر اضافے سے 3350 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

    اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

    بلوچستان میں گیس کا بڑا جھل مگسی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل

    پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

  • جنوبی افریقا کے ڈیوالڈ بریویس نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

    جنوبی افریقا کے ڈیوالڈ بریویس نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا

    آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں جنوبی افریقا کے نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریویس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

    آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-2 سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تاہم نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریویس نے پے در پے ریکارڈز بنا کر اہم کارنامہ انجام دے دیا۔

    آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی 20 میں ڈیوالڈ بریویس نے 26 گیندوں پر 6 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 53 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم انہوں نے اپنی نصف سنچری صرف 22 گیندوں پر مکمل کی اور اہم ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔

    جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریویس نے تینوں میچوں میں مجموعی طور پر 14 چھکے لگائے اور آسٹریلیا کے خلاف ان کی سرزمین میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

    اس سے پہلے یہ ریکارڈ بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 10 میچوں میں 12 چھکے لگائے تھے تاہم ڈیوالڈ بریویس نے صرف 3 میچوں میں یہ ویرات کا یہ ریکارڈ چکنا چور کردیا۔

    آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا کی ہی سرزمین پر ڈیوالڈ بریویس نے کم میچوں میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بنایا۔

    عرفان پٹھان کی ڈریسنگ روم میں کس مشہور بھارتی بلے باز کے ساتھ ہاتھا پائی ہوئی؟

    جنوبی افریقہ کے ڈیوالڈ بریویس نے اس سے قبل دوسرے ٹی 20 میں 56 گیندوں پر 12 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے آؤٹ ہوئے بغیر 125 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر اپنے کیریئر کے دوسرے ہی میچ میں سنچری جڑ دی تھی۔

    اپنے ڈیبیو میچ میں بریویس متاثرکن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے اور صرف دو رنز بنا پائے تھے تاہم دوسرے اور تیسرے میچ میں اپنے جارحانہ انداز سے مخالف ٹیم کو حیران کردیا۔

  • بھارت، دہلی میں اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی

    بھارت، دہلی میں اسکولوں کو بم سے اُڑانے کی دھمکی

    بھارت کے دہلی میں ایک بار پھر اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد پولیس نے اسکولوں کو خالی کراکر سرچنگ شروع کردی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں ایک بار پھر کئی بڑے اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ جس میں دہلی پبلک اسکول، شری رام ورلڈ اسکول اور ماڈرن اسکول شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق دھمکی ملتے ہی پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ موقع پر پہنچ کر تحقیقات میں مصروف ہوگئی، اس دوران احتیاطاً اسکولوں کو خالی کرا کر طلبا کو واپس بھیج دیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دہلی پبلک اسکول (ڈی پی ایس) دوارکہ، ماڈرن کانونٹ اسکول اور سیکٹر 10 دوارکہ واقع شری رام ورلڈ اسکول کو ایک ای میل آئی ڈی کے ذریعہ دھمکی دی گئی۔

    پولیس کنٹرول کے پاس بم کی یہ اطلاع صبح 7 بج کر 24 منٹ پر آئی تھی۔ اس کے بعد دوارکہ سیکٹر-12 واقع اسکول میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔

    رپورٹس کے مطابق طلبا کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ والدین کو بھی اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

    بھارتی ایئر لائن کی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول

    پولیس کے مطابق یہ دھمکی کا ای میل شرارتی عناصر کا بھی ہو سکتا ہے۔ لوکیشن اور نمبر کو ٹریس کررہے ہیں، سائبر سیل اور تکنیکی ٹیم بھی اس معاملے میں لگی ہوئی ہے۔

    حالانکہ اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی جاچکی ہیں، جو بعد میں افواہ ثابت ہوئی ہیں۔ ابھی تک کہیں سے بھی کسی مشتبہ چیز کے ملنے کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

  • سعودی عرب: موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، کونسے علاقے زد میں رہیں گے؟

    سعودی عرب: موسلا دھار بارشوں کا الرٹ، کونسے علاقے زد میں رہیں گے؟

    سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے مملکت کے کئی علاقوں میں آج سے آئندہ ہفتے تک درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، تبوک اور مدینہ منورہ ریجن بارش کی زد میں ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق ریاض ریجن کے کچھ علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے، جبکہ جازان، عسیر، الباحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی علاقوں میں بارش میں اضافہ متوقع ہے۔

    موسمیات کے قومی مرکز نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ موسم کے حوالے سے رپورٹ کے لیے ویب سائٹ اور میٹیا پلیٹ فارم کو فالو اور متعلقہ حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب کے سیاحتی شہر ابھا میں افسوسناک حادثہ رونما ہوا تھا، آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگئی تھی۔

    سعودی عرب کے اسپتال نے عالمی ریکارڈ بنا لیا!

    رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان کے رشتہ دار کا کہنا ہے کہ ہم 2 خاندان القریات سے سیر و تفریح کی غرض سے ابھا کے ایک تفریحی مقام پر موجود تھے۔

    اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گری جس کی زد میں آکر ایک رشتہ دار خاتون اور اس کی 22 سالہ بیٹی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔

  • یمن کے حوثیوں کا اسرائیل پر میزائل حملہ

    یمن کے حوثیوں کا اسرائیل پر میزائل حملہ

    یمن کے حوثیوں نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں گزشتہ روز اسرائیل پر میزائل حملہ کیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ یمن سے کئے گئے حوثیوں کے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق پہلے اسرائیل نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں پاور پلانٹ پر حملہ کیا تھا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق المسیرہ ٹی وی نے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت سے ہیزیاز پاور پلانٹ کے جنریٹرز کو نقصان پہنچا جس سے آگ بھڑک اٹھی تاہم بعد میں اس پر قابو پا لیا گیا۔

    یمن کے نائب وزیر اعظم نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہنگامی عملہ مزید نقصان کو روکنے میں کامیاب رہا، صنعا کے رہائشیوں نے بھی کم از کم دو زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی تھیں۔

    ویزوں میں سہولت دینے والی تنظیموں کے حماس سے روابط ہیں، مارکو روبیو

    اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ پاور پلانٹ حوثیوں کے زیر استعمال تھا، تاہم اس نے ثبوت پیش نہیں کیے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ حملہ جنگی کرائم کی کڑی ہے۔

    بیان میں اسرائیلی فوج نے بتایا کہ یہ حملہ حوثیوں کے بار بار کیے جانے والے حملوں کا براہ راست جواب تھا جس میں میزائل اور ڈرون اسرائیل کی جانب داغے گئے تھے۔

  • نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کی ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کی ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل

    نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے ایک تقریب میں شرکت کے دوران ڈانس فلور پر آکر شرکاء کو ورطہ حیرت میں مبتلا کردیا، ان کے رقص کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تقریب ساؤتھ آکلینڈ کے ڈیو ڈراپ ایونٹس سینٹر میں منعقد ہوئی جہاں ثقافت اور خوشی کے رنگ دیکھنے کو ملے۔

    رپورٹس کے مطابق بھارتی گلوکارہ شبانی کیشپ نے نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کو اسٹیج پر ڈانس کی دعوت دی تو انہوں نے اپوزیشن لیڈر کرس ہپکنز کو بھی ساتھ آنے پر آمادہ کرلیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by India Today (@indiatoday)

    نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے ہنستے ہوئے کہا کہ ہپکنز ایک بہت اچھے ڈانسر ہیں، اگر میں خود کو شرمندہ کر رہا ہوں تو وہ بھی خود کو شرمندہ کریں گے۔

    بعدازاں دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ ڈانس اسٹائل کے ذریعے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔

    ہپکنز نسبتاً سنجیدہ اور تال میل سے ڈانس کرتے رہے، جبکہ لکسن نے پورے جوش و جذبے سے ڈانس کیا اور مختلف ڈانس اسٹائلز دکھا کر شرکاء کو حیران کردیا۔

    لکسن نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’دو جھومتے ہوئے ڈیڈ۔‘

    ویزوں میں سہولت دینے والی تنظیموں کے حماس سے روابط ہیں، مارکو روبیو

    یاد رہے کہ وزیراعظم لکسن اس سے قبل بھی مختلف تقریبات میں رقص کرچکے ہیں، حتیٰ کہ ٹک ٹاک ڈانسز میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔

    ان کی اہلیہ امانڈا لکسن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وہ نہ صرف اچھے ڈانسر ہیں بلکہ ڈیٹنگ کے دنوں میں انہوں نے بال روم ڈانس کی باقاعدہ ٹریننگ بھی لی ہوئی ہے۔

  • اسرائیلی فوج کی امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بمباری، 57 شہید

    اسرائیلی فوج کی امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بمباری، 57 شہید

    غزہ: اسرائیلی فوج کی جانب سے امداد کے منتظر فلسطینیوں پر فائرنگ اور بمباری کے نتیجے میں مزید 57 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے امداد کے منتظر 38 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، جبکہ غزہ کے ال اہلی اسپتال پر بمباری کے نتیجے میں بھی کئی افرادشہید ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارتِ صحت کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھوک اور قحط کے باعث مزید 11 فلسطینیوں کی شہادت ہوئی، جس کے بعد بھوک سے شہید ہونے والوں کی تعداد 251 تک پہنچ گئی ہے۔

    شہید ہونے والوں میں 108 بچے بھی شامل ہیں۔ قحط کی صورتحال غزہ کے بیشتر حصوں میں سنگین ہوگئی ہے اور انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔

    ورلڈ فوڈ پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کے پانچ لاکھ افراد قحط سالی کا شکار ہوچکے ہیں، صرف فوری جنگ بندی سے ہی اس بحران کو حل کیا جاسکتا ہے، اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے غزہ کے انسانوں کے لیے فوری امداد کی فراہمی کی اپیل کی ہے۔

    دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ایسے میں اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ پر قبضے کے منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

    اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضامر نے اتوار کو غزہ جنگ کے اگلے مرحلے کی منظوری دی۔

    اسرائیلی مظالم: غزہ کے ایک لاکھ سے زائد بچے شدید نفسیاتی صدمے کا شکار

    اس حوالے سے ان کے فیلڈ ٹور کے موقع پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر حملوں کی شدت میں اضافہ کیا جائے گا اور علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا۔

    اسرائیلی آرمی چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے آپریشن گڈیون چاریوٹس کے مقاصد حاصل کر لیے ہیں، جو مئی میں ایک زمینی حملہ تھا جس کا مقصد غزہ کی پٹی کے مقبوضہ علاقوں کو مزید بڑھانا اور شمالی غزہ سے فلسطینیوں کو مکمل طور پر نکالنا تھا۔

  • اسرائیلی فوج کے سربراہ نے غزہ پر قبضے کے منصوبے کی منظوری دیدی

    اسرائیلی فوج کے سربراہ نے غزہ پر قبضے کے منصوبے کی منظوری دیدی

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی کا سلسلہ تاحال جاری ہے، ایسے میں اسرائیلی آرمی چیف نے غزہ پر قبضے کے منصوبے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضامر نے اتوار کو غزہ جنگ کے اگلے مرحلے کی منظوری دی۔

    اس حوالے سے ان کے فیلڈ ٹور کے موقع پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر حملوں کی شدت میں اضافہ کیا جائے گا اور علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا۔

    اسرائیلی آرمی چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے آپریشن گڈیون چاریوٹس کے مقاصد حاصل کر لیے ہیں، جو مئی میں ایک زمینی حملہ تھا جس کا مقصد غزہ کی پٹی کے مقبوضہ علاقوں کو مزید بڑھانا اور شمالی غزہ سے فلسطینیوں کو مکمل طور پر نکالنا تھا۔

    دوسری جانب حماس نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ صہیونی فوج کا آج غزہ شہر پر قبضے کے منصوبے کی منظوری اور عسکری کارروائیوں میں تیزی لانا، دراصل ایک نئے اور بڑے پیمانے کی نسل کشی اور جبری ہجرت کا اعلان ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اعلان صہیونی عناد، عالمی قوانین کی بیحرمتی اور امریکی پشت پناہی کے سائے میں ہونے والی 22 ماہ سے جاری جنگِ نسل کشی کا تسلسل ہے۔

    جنوبی غزہ میں خیمے لگانے کے نام پر نام نہاد ”انسانی انتظامات”دراصل ایک مجرمانہ دھوکہ ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر بے دخلی اور قتلِ عام کو چھپایا جا سکے۔

    حماس نے کہا کہ غزہ کی تباہی، مغربی کنارے میں روزانہ کی یلغار اور مسلح بستیوں کی دہشت گردی ایک ہی منصوبے کا حصہ ہیں جس کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی زمین سے بے دخل کرنا اور مقدسات کو یہودیانا ہے، نتنیاہو اور اس کی حکومت اپنے اصل عزائم کھل کر ظاہر کر رہی ہے کہ وہ نام نہاد ”گریٹر اسرائیل”کا منصوبہ اردن، مصر، شام، لبنان اور حتیٰ کہ عراق تک پھیلانا چاہتے ہیں۔

    اسرائیلی مظالم: غزہ کے ایک لاکھ سے زائد بچے شدید نفسیاتی صدمے کا شکار

    حماس نے زور دیا کہ یہ خطرناک منصوبے صرف فلسطین نہیں بلکہ پورے عالمِ عرب و اسلام کے لیے ایک براہِ راست خطرہ ہیں، اس لیے عرب اور اسلامی ممالک پر لازم ہے کہ وہ واضح عملی اقدامات کریں اور فلسطینی عوام اور مزاحمت کا بھرپور ساتھ دیں۔