Tag: ARY Urdu

  • دنیا کی پہلی پرواز کرنے والی موٹر سائیکل اڑان کے لیے تیار

    دنیا کی پہلی پرواز کرنے والی موٹر سائیکل اڑان کے لیے تیار

    سلوواکیہ میں فلائنگ کار کی کامیاب آزمائشی پرواز کے بعد کیلی فورنیا میں دنیا کی پہلی اڑنے والی فلائنگ موٹر سائیکل کو آخری آزمائش درکار ہے جس کے بعد یہ حقیقت کا روپ دھار لے گی۔

    فلائنگ موٹر سائیکل کے خالق ڈیوڈ میمان ایک پرجوش ہواباز ہیں، وہ لاس اینجلس میں قائم جیٹ پیک ایوی ایشن (ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ) ایئر کرافٹ مینوفیکچرنگ ادارے کے بانی اور سی ای او ہیں۔

    پہلی فلائنگ موٹر سائیکل جسے اسپیڈ اسٹار کا نام دیا گیا ہے، اس کی ایڈورٹائزنگ شروع کردی گئی ہے، ان کی کمپنی کا کارنامہ ہے کہ انہوں نے دنیا کی پہلی پورٹیبل جیٹ پیک کو کامیابی سے بنایا ہے۔

    دی اسپیڈر کی قیمت تین لاکھ 80 ہزار ڈالر یعنی پانچ کروڑ پاکستانی روپے کے برابر ہے یہ دورانِ پرواز ازخود سیدھا ہوتا ہے جس کے لیے اسٹیبلائزر اور جائرواسکوپ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔

    یہ موٹرسائیکل جیٹ ٹربائن انجن کی بدولت اڑتی ہے اور زیادہ سے زیادہ 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک جاپہنچتی ہے۔ دی اسپیڈر مسلسل 20 منٹ تک 15 ہزار فٹ کی بلندی پر محو پرواز رہ سکتی ہے۔

  • قابض بھارتی فورسز کا مکروہ چہرہ بے نقاب، وادی میں کیمیائی مواد کے استعمال کا انکشاف

    قابض بھارتی فورسز کا مکروہ چہرہ بے نقاب، وادی میں کیمیائی مواد کے استعمال کا انکشاف

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی فورسز نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سری نگر کی عملدار کالونی میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کیا، نوجوانوں کی شناخت عرفان اور بلال احمد کے نام سے کی گئی۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جعلی آپریشن کے دوران قابض بھارتی فورسز نے انتہائی درندگی کا مظاہرہ کیا، دونوں نوجوانوں کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں گھر میں قید کیا، بعد ازاں گھر کو دھماکہ خیز کیمیائی مواد سے اڑادیا۔

    گذشتہ ہفتے ہی بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں 12 کشمیریوں کو شہید کیا تھا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ وادی میں جھوٹے سرچ آپریشنز کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے کے واقعات میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

  • جنرل ندیم رضا کا ایچ آئی ٹی ٹیکسلا کا دورہ

    جنرل ندیم رضا کا ایچ آئی ٹی ٹیکسلا کا دورہ

    راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا کا کہنا ہے کہ علاقائی، عالمی اسٹریٹجک وسیکیورٹی صورتحال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، ریسرچ اورڈویلپمنٹ میں شراکت داری سےخود انحصاری ممکن ہوسکتی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا نے(ہیوی انڈسٹریزٹیکسلا) ایچ آئی ٹی کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا اور اعلیٰ فوجی حکام و ریٹائرڈ فوجی افسران سمیت یوکرائن کے سفیر اور چینی ڈیفنس اتاشی بھی شریک ہوئے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق چئیرمین ایچ آئی ٹی میجر جنرل سید عامر رضا نے ادارے کی کامیابیوں اور کارکردگی پر روشنی ڈالی، جنرل ندیم رضانے ایچ آئی ٹی اوردیگرکمپنیوں کی کامیابیوں کی تعریف کی۔اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ ایچ آئی ٹی افسران،ہنر مند افرادی قوت دفاعی پیداوار شعبےمیں محنت کررہی ہے، علاقائی،عالمی اسٹریٹجک وسیکیورٹی صورتحال میں ٹیکنالوجی میں جدت ضروری ہے، ریسرچ اور ڈویلپمنٹ میں شراکت داری سےخود انحصاری ممکن ہوسکتی ہے۔

    جنرل ندیم رضا نےآرمی کی سیکنڈ رجمنٹ کےکمانڈنگ آفیسر کو الخالدون ٹینک کا اسکرول دیا، تقریب کے دوران یوکرین،چین،ایچ آئی ٹی کی کمپنیوں کےدرمیان ایم اویوپر دستخط بھی کئے گئے۔

    واضح رہے کہ ایچ آئی ٹی کی 50ویں سالگرہ پاک چین دوستی کی70ویں سال کےساتھ منائی جارہی ہے۔

  • آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ کیوی کھلاڑی کے نام

    آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ کیوی کھلاڑی کے نام

    دبئی: آئی سی سی نے جون کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کا اعلان کردیا ہے۔

    سال دوہزار اکیس کے آغاز پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)نے کھلاڑیوں کی بہترین پرفارمنس کے پیش نظر نئے ایوارڈز متعارف کرائے تھے، جن میں پلئیرآف دی منتھ ایوارڈ بھی شامل تھا۔

    پلئیر آف دی منتھ کا ایوارڈ ووٹنگ کے ذریعے کامیاب ہونے والے کھلاڑی کو دیا جاتا ہے، یہ ایوارڈ مرد اور خواتین دونوں کرکٹرز کی بہترین پرفارمنس پر تفویض کیا جاتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیشی وکٹ کیپر نے اہم ایوارڈ اپنے نام کرلیا

    گذشتہ ماہ بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے حق دار بنے تھے، اس بار یہ قرعہ نیوزی لینڈ بلے باز ڈیون کونوے کے نام نکلا۔

    آئی سی سی نے انہیں یہ ایوارڈ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈبییو میں ڈبل سینچری بنانے پر دیا گیا، انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے اوپنر نے اپنے اولین ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا اور ہنری نکلزکے ساتھ ایک سو بائیس رنز کی ناقابل شکست پارٹنرشپ بھی قائم کی۔

     

  • چیئرمین اور صدر نیشنل بینک کو عدالتی ریلیف مل گیا

    چیئرمین اور صدر نیشنل بینک کو عدالتی ریلیف مل گیا

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ سے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی اور چیئرمین نیشنل بینک زبیر سومرو کو بڑا ریلیف مل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ، نیشنل بینک کی جانب سے ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بینچ کے خلاف انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت ہوئی، مخدوم علی خان عدالت میں نیشنل بینک کی جانب سے پیش ہوئے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پرمشتمل ڈویژن بینچ نےسماعت کی۔

    دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے سنگل رکنی بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی اور چیئرمین نیشنل بینک زبیر سومرو کو ان کے عہدوں پر بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

    فیصلے سے قبل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عارف عثمانی اور زبیر سومرو سنگل رکنی بینچ کے فیصلے سے متاثر ہوئے، نیشنل بینک کے صدر کا عہدہ پرکرنےکے لیے اشتہار کی ضرورت نہیں تھی، سنگل رکنی بینچ نے ٹھیک سے کیس سنا ہی نہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیئرمین اور صدر نیشنل بینک کو فوری عہدوں سے ہٹانے کا حکم

    اٹارنی جنرل خالدجاوید خان نے اپنے دلائل میں کہا کہ مخدوم علی خان کی موجودگی میں زیادہ دلائل کی ضرورت نہیں ہوگی، نیشنل بینک کے وکیل مخدوم علی خان نے اپنے دلائل میں کہا کہ نیشنل بینک کے صدر اور چیئرمین اپنے عہدے کے اہل ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ ماہ کی انتیس تاریخ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے صدر نیشنل بینک عارف عثمانی اور چیئرمین نیشنل بینک زبیر سومرو کو نااہلی قرار دیتے ہوئے فوری عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف وزارت خزانہ اور نیشنل بنک نے چار، 4 الگ الگ انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کیں۔

  • ” اتنی قربانیاں دے کر ہم پاگل ہیں کہ ڈیل کرلیں گے”

    ” اتنی قربانیاں دے کر ہم پاگل ہیں کہ ڈیل کرلیں گے”

    اسلام آباد: نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے حکومت کے ساتھ ڈیل کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ کیوں اور کس کیساتھ ڈیل ہوگی؟اتنی قربانیاں دےکرہم پاگل ہیں کہ ڈیل کرلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے مریم نواز سے سوال کیا کہ آپ کی حکومت ڈیل ہورہی ہے، جس پر مریم نواز نے کہا کہ آپ تو ہربات میں ڈیل نکال کر لےآتےہیں، کیوں اور کس کیساتھ ڈیل ہوگی؟ اتنی قربانیاں دے کرہم پاگل ہیں کہ ڈیل کرلیں گے، مخالفین کو نظر آرہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن نون لیگ بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

    میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ مجھےایسالگ رہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنےکی تیاری کرلی گئی ہے، بہت سی نیوز ایجنسی سارے لوگ ایساہی کہہ رہےہیں ، حکومت کی جانب سے کوئی تردید نہیں آئی، آپ نےدوستی کرنی ہےتو یہ ذاتی فیصلہ نہیں بائیس کروڑ عوام کا ہے، خارجہ پالیسی آپ کی سیاسی اسٹینڈنگ سےلنک نہیں ہونی چاہئے اور بدلتےسیاسی حالات دیکھےبغیر خارجہ پالیسی نہیں بنانی چاہئے۔

    یہ بھی پڑھیں: عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب اپیلوں کو الگ کردیا

    ئانب صدر مسلم لیگ نون کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ کی چوائس عمران خان کی صورت مسلط کی جاتی ہےتو نتیجہ قوم دیکھ رہی ہے، اسٹیبلشمنٹ کی چوائس عمران خان کی شکل میں عوام پر مسلط ہے، انشااللہ اب جب یہ حکومت جائےگی تو دوبارہ نہیں آئےگی۔

    وزیراعظم کے ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت سے متعلق بیان پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہزارہ برادری بلارہی تھی تو آپ کہہ رہے تھے لاشوں سے بلیک میل نہیں ہونگا، سب سے پہلے آپ کو ہزارہ برادری والوں کے پاس جاناچاہئےتھا وہ بھی کوئٹہ کے لوگ تھے، آپ کے قول وفعل میں تضاد سے بلوچستان دورجائےگا، انہیں پاکستان سےجوڑ کر رکھنا چاہئے،جتنے آپ پاکستانی ہیں وہ بھی اتنے ہی پاکستانی ہیں۔

    صحافیوں کی جانب سے سوات جلسے میں شرکت نہ کرنے پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم سوات جلسے میں سب کی نمائندگی شہباز شریف نےکی، جہاں شہباز شریف ہوں وہاں ہماری ضرورت نہیں ہوتی، پی ڈی ایم یہ باور کرانے میں کامیاب ہوچکی کہ حکومت نااہل ہے، پی ڈی ایم نے بہت بڑے مقاصد حاصل کئے ہیں۔

  • جامشورو: ایک اور ٹرین حادثے کا شکار

    جامشورو: ایک اور ٹرین حادثے کا شکار

    جامشورو: محکمہ ریلوے کی نااہلی کے باعث ٹرین حادثات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے ہیں، آج بھی جامشورو میں مال بردار ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق اس بار حادثہ کوٹری ڈاؤن یارڈ میں پیش آیا، جہاں کوٹری اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے نتیجے میں ڈاؤن یارڈ سے مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔

    ریلوے ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین سو فٹ ٹریک متاثر ہوا ہے، واقعے کے بعد ریلوے کی امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کوٹری کے قریب مال بردار ٹرین کی سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    جامشورو ڈویژن میں چند ہفتوں کے دوران مال بردار ٹرین کے پٹری سے اترنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے، سترہ جون کو کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تھیں، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور وزیر محمد اور پاکستان ریلوے کا فائرمین معمولی زخمی ہوا۔

    اس سے قبل گذشتہ سال اکتوبر میں گھوٹکی کے قریب مال بردار ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتری تھیں۔

  • چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو خبردار کردیا

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کو خبردار کردیا

    لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس قاسم علی خان نے جاتے جاتے پنجاب حکومت کو خبردار کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاسم خان آج ریٹائر ہورہے ہیں، مدت ملازمت پوری ہونے سے قبل معزز چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کی تعیناتی سےمتعلق درخواست کی سماعت کی۔

    دوران سماعت جسٹس قاسم علی خان نے ریمارکس دئیے کہ میرے خیال سےآئی جی اور حکومت پنجاب یہ سمجھتی ہےکہ میرےجانے سے قانون بدل جائےگا، جو بھی جج آئیں گے وہ قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے، اس کیس میں کسی کی جیت نہیں ہے۔

    چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو تحفظ دینگےتو ایسا ہی ہوگا، ساتھ ہی انہوں نے معنی خیز انداز میں یہ جملہ ادا کیا ہر شاخ پر الو بیٹھا ہے انجام گلستان کیا ہوگا۔

    لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ آج آئی جی پنجاب کی جانب سے عدالت میں کوئی پیش نہیں ہوا،جس پر درخواست گزار سےمکالمہ کرتے ہوئے چیف جسٹس بولے کہ التوا کی کوشش کےباوجود آپ تحمل سےپیش ہوئے، بظاہر میرا لہجہ بلند تھا مگر ہمیشہ داد رسی کی کوشش کی، آج صرف اس ادارے کیلئے دعا کر سکتا ہوں جہاں سے مجھے عزت ملی۔

    آخری کیس کی سماعت کے موقع پر جسٹس قاسم خان نے عدالت میں سب کا شکریہ ادا کیا، معزز جج نے کہا کہ میڈیا کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ مثبت رپورٹنگ کی اس موقع پر وکلا نے بھی چیف جسٹس قاسم خان کا شکریہ ادا کیا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ سال مارچ میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس محمد قاسم خان نے عدالت عالیہ لاہور کے 55 ویں سربراہ کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا، ان کی مدت ملازمت پانچ جولائی کو مکمل ہورہی ہے، ہفتہ وار تعطیلات کے باعث آج معزز جج نے اپنے آخری کیس کی سماعت کی۔

    دوسری جانب جسٹس امیربھٹی کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ تعینات کردیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس امیر بھٹی چھ جولائی کو ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

  • لارڈز میں میچ دیکھنے کے خواہشمند شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خوشخبری

    لارڈز میں میچ دیکھنے کے خواہشمند شائقین کرکٹ کے لئے بڑی خوشخبری

    لندن: شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری، ایجبسٹن کے بعد لارڈز میں بھی تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت مل گئی۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آٹھ جولائی کو شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز سے شائقین کرکٹ کو دوسری خوشخبری مل گئی ہے، لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہونے والےدوسرا ون ڈے بھی برطانیہ کے ایونٹ ریسرچ پروگرام میں شامل کرلیا گیا ہے۔

    لارڈز کے تاریخی میدان کو ایونٹ ریسرچ پروگرام میں شامل کرنے کے بعد اب سو فیصد تماشائی اسٹیڈیم میں میچ سے لطف اندوز ہوسکیں گے،ستمبر دوہزار انیس کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ شائقین بھرپور تعداد میں اسٹیڈیم آسکیں گے، پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان دوسراون ڈے دس جولائی کو لارڈز میں شیڈول ہے۔

     دونوں ٹیموں کے درمیان ایجبسٹن میں تیسرے ون ڈے کے لئے پہلے ہی اسی فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت مل چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: پاک انگلینڈ سیریز، تماشائیوں کی آمد سے متعلق بڑا فیصلہ

    کرکٹ بورڈ نے ہدایت جاری کی کہ تمام عمر کے لوگوں کو داخلے کی اجازت ہوگی البتہ گیارہ سال سے زیادہ عمر کے اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو دو ہفتے قبل کی کرونا منفی رپورٹ اور ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے کا ثبوت بھی پیش کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے چار روزہ ٹیسٹ میچ کے دوران 60 ہزار شائقین کو ایجباسٹن اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی، جس میں کرکٹ بورڈ کو خاصی حد تک کامیابی حاصل رہی۔

    یہ بھی یاد رہے کہ برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد آباد ہونے کی وجہ سے میچز میں ہاؤس فل ہی رہتا ہے کیونکہ ہم وطن گرین شرٹس کی حوصلہ افزائی کے لیے اسٹیڈیم ضرور آتے ہیں۔

  • قومی اسمبلی اجلاس: فنانس بل کی تحریک منظور

    قومی اسمبلی اجلاس: فنانس بل کی تحریک منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں فنانس بل کی تحریک منظور کرلی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت جاری ہے، وزیراعظم عمران خان بھی قومی اسمبلی کے اجلاس میں موجود ہیں۔

    اجلاس کے دوران صورت حال اس وقت دلچسپ ہوئی جب ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے تحریک پیش کرنے کیلئے پہلے دو بار ارکان سے پوچھا اور تیسری مرتبہ اس کے منظوری دیدی مگر اپوزیشن رکن نواب تالپور نے اسے چیلنج کیا۔

    اپوزیشن کی جانب سے چیلنج کرنے پر ڈپٹی اسپیکر نے ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا، ووٹنگ کا عمل اسپیکر اسد قیصر نے مکمل کرایا، تحریک کے حق میں ایک سو بہتر اور مخالفت میں ایک سو اڑتیس ووٹ آئے، بعد ازاں فنانس پیش کرنے کی تحریک کو کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

    فنانس بل کی تحریک منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں فنانس بل 2021کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر کابینہ نے فنانس بل کی منظوری دے دی

    قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پی پی کے کچھ ارکان ایوان میں نہ آئے، جس پر چیئرمین پی پی نے عبدالقادرپٹیل کو ہدایت کی کہ ہمارے چھ سے سات اراکین یہاں موجودنہیں،انہیں بلاکر لائیں، بلاول بھٹو کی ہدایت پر عبدالقادرپٹیل باہر سےخورشیدشاہ، شازیہ مری اور پرویز اشرف کو بلا کر لائے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے حکومتی اور اتحادی ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا کے باوجود حکومت نےزبردست بجٹ دیا ہے، پاکستان کا گروتھ ریٹ چار فیصد ہے، انشااللہ وفاقی بجٹ باآسانی پاس ہوجائے گا، بہترین بجٹ پیش کرنےپربجٹ ٹیم کومبارکبادپیش کرتا ہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ​حکومت اداروں میں اصلاحات کے ایجنڈے پر کاربند ہے، مضبوط حکومت کےبغیر اصلاحات مشکل ہیں، مہنگائی ہمارااصل مسئلہ ہے، تین سال حکومت نےمشکل حالات کا سامنا کیا۔