Tag: ARY Urdu

  • جڑواں شہروں میں پینے کےپانی کی سپلائی معطل ہونے کا خطرہ

    جڑواں شہروں میں پینے کےپانی کی سپلائی معطل ہونے کا خطرہ

    اسلام آباد/ راولپنڈی: جڑواں شہروں کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے خانپور ڈیم میں پانی کا لیول خطرناک حد تک گرگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کو پینے کا پانی فراہم کرنے والے خانپور ڈیم میں پانی کی سطح گرگئی ہے، ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہونے کے بعد جڑواں شہروں کو پینے کے پانی کی سپلائی معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    ڈیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خان پور ڈیم میں پانی کا لیول کم ہو کر 1928 فٹ رہ گیا ہے جب کہ ڈیڈ لیول 1910 فٹ ہے، جڑواں شہروں کو چند دن مزید پانی دے سکتے ہیں، اور اگر یہی صورتحال رہی تو کسی بھی وقت اسلام آباد اور راولپنڈی کوپینے کے پانی کی سپلائی معطل ہو سکتی ہے۔

    دوسری جانب ڈیم میں پانی کی آمد 84 کیوسک جب کہ اخراج 194 کیوسک ہے، خشک سالی کے باعث خان پور ڈیم پر سیاحوں کی آمد میں بھی کمی ہوئی ہے، جب کہ خان پور ڈیم پر چلنے والی کشتیاں بھی کنارے لگا دی گئی ہیں۔

  • "پاکستان کے لئے ہمیں بہت کچھ کرنا ہے، نوجوان خود کو تیار رکھیں”

    "پاکستان کے لئے ہمیں بہت کچھ کرنا ہے، نوجوان خود کو تیار رکھیں”

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانی تاریخ کی سب سےبڑی درخت لگانےکی مہم کیلئےتیار ہوجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم نے کہا چاہتا ہوں کہ تمام پاکستانی نوجوانوں ملک تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کے لیے تیار ہو جائیں، ملک کو سرسبز بنانے کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنا ہے، پاکستان کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کیلئے عوام بالخصوص نوجوان خود کو تیار رکھیں۔

    ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں بتایا گیا ہے کہ کینیڈا میں فی فرد 10 ہزار 163 درخت، گرین لینڈ میں 4 ہزار 964، آسٹریلیا میں 3 ہزار 266، امریکا میں فی فرد 699، فرانس میں203 ،اتھوپیا میں143، چین میں فی فرد130،برطانیہ میں 47 اور بھارت میں 28درخت ہیں، جب کہ پاکستان میں فی فرد صرف 5 درخت ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت رواں سال اگست تک ایک ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کررکھا ہے، موجودہ حکومت اب تک 70 کروڑ پودے پہلے ہی لگا چکی ہے، شجر کاری مہم میں 35 کروڑپودے فروری سے اگست تک لگائے جائیں گے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کو بڑا صدمہ، اہم شخصیت کا انتقال

    وزیراعلیٰ سندھ کو بڑا صدمہ، اہم شخصیت کا انتقال

    کراچی: جگر کے کینسر کےعارضے میں مبتلا وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی نسیمہ بلوچ انتقال کرگئیں ۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ نسیمہ بلوچ انتقال کرگئیں، جگر کے کینسر کے عارضے میں مبتلا نسیمہ بلوچ طبیعت ناسازی کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر ان کا علاج جاری تھا تاہم آج وہ دار فانی سے کوچ کرگئیں۔

    صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن و صوبائی وزیر سعید غنی نے وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی نسیمہ بلوچ کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    اہل خانہ کے نام اپنے تعزیتی بیان میں سعید غنی نے کہا کہ نسیمہ بلوچ نا صرف ایک بہترین سیاسی کارکن بلکہ ایک باہمت و دلیر خاتون تھیں، نسیمہ بلوچ کی پاکستان پیپلزپارٹی اور بالخصوص لیاری کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، اللّٰہ رب العزت مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

    چند روز قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج نسیمہ بلوچ کی عیادت کی تھی اور جلد ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی تھی۔

  • "حکومت پیٹرول بحران کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرے”

    "حکومت پیٹرول بحران کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرے”

    لاہور: عدالت عالیہ نے گذشتہ سال پیدا ہونے والے پیٹرول بحران کے ذمے داران کے خلاف بڑا فیصلہ سنادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں اظہر صدیق اور سردار فرحت منظور چانڈیو نے ملک میں پٹرولیم بحران کے خلاف درخواست دائر کی تھی، جس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ قاسم خان نےفیصلہ سنادیا ہے۔

    عدالت نے فیصلے میں کہا کہ حکومت ان کے خلاف سخت کاررواٸی کرے جنہوں نے مصنوعی بحران پیدا کیا ، ملزمان سے ریکوری کی جائے کیونکہ ان کمپنیوں نے بحران کے دنوں میں عوام سے اربوں روپے لوٹے۔

    چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ مستقبل میں ایسے بحران سے بچنے کے لیے اسٹوریج بہتر کرے اور اسٹوریج کی کم سے کم مقدار کو برقرار رکھنے کی حکومت پابند ہوگی۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں ہدایت دی کہ پیٹرول بحران پر قاٸم کمیشن نے جو سفارشات دیں ان پر من و عن عمل درآمد کیا جائے اور کمیشن کی سفارشات وفاقی کابینہ کے سامنے رکھی جاٸیں جو ان کی روشنی میں اقدامات کرے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اوگرا کو برقرار رکھنے یا تحلیل کرنے کے بارے میں کمیشن کی سفارش پر وفاقی حکومت کمیٹی تشکیل دے جو اس پر فیصلہ کرے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ تین ماہ میں عدالتی احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش کی جائے۔

  • شریف خاندان کی مشکلات میں مزید اضافہ

    شریف خاندان کی مشکلات میں مزید اضافہ

    اسلام آباد: شریف خاندان کے لئے مزید مشکلات، اسلام آبادہائیکورٹ نے مریم نواز ،کیپٹن(ر) صفدر  کے خلاف نیب اپیلیں سماعت کیلئےمقرر کردیں۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج کرتے ‏ہوئے سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا، تاہم آج عدالت نے نےمریم نواز ،کیپٹن(ر)صفدر کے خلاف نیب اپیلیں سماعت کیلئےمقرر کردیں۔

    اس سلسلے میں عدالتی حکم نامہ بھی جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ آئندہ سماعت پر مریم نواز ،کیپٹن (ر)صفدر اپنے کیسز میں پیش ہوں، عدالتی حکم نامے میں تشریح بھی کی گئی ہے کہ مریم نواز کی کرمنل اپیل نمبر 122 سماعت کیلئے مقرر کی گئی جبکہ کیپٹن(ر) صفدرکی کرمنل اپیل نمبر 123 کو بھی سماعت کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی اپیلیں خارج، سزا برقرار

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ نیب کی کرمنل اپیل نمبر 2/2019 کو سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے جس میں نیب نے نواز شریف کی سزا بڑھانےکی استدعا کی ہے، اسی طرح کرمنل اپیل نمبر 3 /2019 کو بھی سماعت کیلئے مقرر کیا گیا، نیب کی اپیل نمبر 3فلیگ شپ میں نواز شریف کی بریت کے خلاف ہے۔

    گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج کرتے ‏ہوئے سزا برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا،ہائیکورٹ نے فیصلے میں احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف کو دی گئیں سزائیں برقرار رکھی ‏گئیں۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 10سال اور العزیزیہ ریفرنس میں ‏‏7سال سزا سنائی تھی۔

  • اپوزیشن کا شور شرابا بے سود، سندھ کا بجٹ منظور

    اپوزیشن کا شور شرابا بے سود، سندھ کا بجٹ منظور

    کراچی: اپوزیشن اراکین نعرے لگاتے رہے ، شور مچاتے رہے، سندھ اسمبلی نے آئندہ مالی سال کیلئے ایک سو چھپن مطالبات زر کی ایک منٹ میں منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بطور صوبائی وزیر خزانہ بجٹ کے مطالبات زرپیش کیے۔

    اپوزیشن کے شور شرابے اور ہلڑبازی کا جواب دینے کی حکمت عملی کے تحت حکومتی اراکین وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے گرد حصار بنایا اور بجٹ تجاویز منظوری کیلئے پیش کیں جن کو ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا۔اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے سوائے احتجاج کے کچھ نہیں کیا گیا، اپوزیشن نے نہ تو بجٹ بحث میں حصہ لیا اور نہ ہی کٹوتی کی تحاریک پیش کیں، یہی وجہ تھی کہ سندھ اسمبلی نے آئندہ مالی سال کیلئے ایک سو چھپن مطالبات زر کی ایک منٹ میں منظوری دے دی۔

    صوبائی بجٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج اور صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعر ہ بازی کی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ بجٹ: سرکاری ملازمین کے لئے بڑی خوشخبری

    واضح رہے کہ رواں ماہ کی پندرہ تاریخ کو سندھ حکومت نے آئندہ مالی سال 22-2021 کیلئے 1477.903ارب روپے کا سندھ بجٹ پیش کیا تھا، بجٹ میں خسارے کا تخمینہ 25،738 ارب تھا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال کیلئے کل تخمینہ1452،168 ارب روپے ہے جبکہ صوبے کی اپنی وصولیاں 329،319 ارب روپے متوقع ہیں۔

     

  • کراچی: غلط پارکنگ پر ٹریفک پولیس کا ایکشن، سرکاری گاڑیاں لفٹ

    کراچی: غلط پارکنگ پر ٹریفک پولیس کا ایکشن، سرکاری گاڑیاں لفٹ

    کراچی میں ٹریفک کا اژدھام کنٹرول کرنے اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف ٹریفک پولیس نے فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

    ڈبل پارکنگ کرنے والے شہری ہوشیار، عام شہری ہو یا سرکاری افسر بشمول پولیس اہلکار غلط پارکنگ کرے گا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، یہ اعلان کراچی کی معروف و مصروف شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر کئے گئے۔

    ٹریفک پولیس کے یہ اعلانات محض رسمی کارروائی نہ رہی بلکہ انہوں نے اس پر عملی مظاہرہ بھی کیا اور شہر قائد کی مصروف شاہراہ ایم اے جناح روڈ پر ڈبل پارکنگ میں کھڑی چار پولیس موبائلز کو لفٹ کرلیا۔

    سینئر افسر میٹھادر ٹریفک سیکشن کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر اکثر غلط پارکنگ کے نتیجے میں بدترین ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوجاتی تھی جس سے نا صرف عوام بلکہ دکانداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو پارکنگ سے متعلق آگاہی فراہم کی جارہی ہے، دکانداروں اور عام شہریوں کو غلط پارکنگ سے روکا جا رہا ہے۔

    ٹریفک پولیس حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایم اے جناح روڈ پر اب صرف باکس پارکنگ کی اجازت ہوگی، غلط پارکنگ کرنے والا عام شہری ہو یا پولیس اہلکار گاڑی اٹھالی جائے گی۔

  • اسلام آباد: سرکاری اسکول میں بجلی کی عدم فراہمی، 25 بچے بے ہوش

    اسلام آباد: سرکاری اسکول میں بجلی کی عدم فراہمی، 25 بچے بے ہوش

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں اسکول میں بجلی کی بندش اور شدید گرمی کے باعث بیس سے زائد بچے بے ہوش ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ بارہ کہو کے علاقے ملپور میں پیش آیا، اسکول انتظامیہ کے مطابق صبح سے اسکول میں  بجلی غائب تھی، واپڈا کو اطلاع دی اس کے باوجود بجلی کی فراہمی نہ کی جاسکی۔

    اطلاعات کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی اور سخت گرمی کے باوجود اسکول میں پڑھائی کاسلسلہ جاری تھا، سخت گرمی اور بجلی کی عدم فراہمی کے باعث پچیس   بچے بے ہوش ہوئے ساتھ ہی ان کی نکسیر بھی آنا شروع ہوگئی۔

    واقعے کے بعد اسکول انتظامیہ نے متاثرہ بچوں کے سروں پر پانی ڈال کر نکسیر روکنے کی کوشش کی، بعد ازاں بچوں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا سخت گرمی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث سکول میں چھٹی دے دی گئی۔دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال چار ہزار میگاواٹ تک بڑھ گیا ہے، شہروں میں پانچ سے سات جبکہ دیہات میں 8 سے 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 23 ہزار 174 میگاواٹ ہے جبکہ بجلی کی پیدوار 22 ہزار 600 میگاواٹ ہے۔

    تربیلا میں پانی کے کم اخراج کے باعث 3 ہزارمیگا واٹ بجلی پیدا نہیں کی جا رہی، متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں پانی اخراج میں اضافے سے بجلی پیداوار بڑھ جائے گی، ملک میں سسٹم کی حفاظت کیلئے عارضی لوڈ مینجمنٹ کی جا رہی ہے۔

  • توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

    توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی سے متعلق عدالت کا بڑا فیصلہ

    لاہور: ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کو معاملے پر قانون سازی کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے فیصلہ درخواست گزار اور حکومتی موقف سننے کے بعد دیا گیا، لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں وکیل درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ توشہ خانہ کی چیزیں پبلک پراپرٹی ہیں، ایک سربراہ مملکت ایک ملین دے کر 34ملین کی چیزیں لے گئے، ٹیکس فراڈ بھی ہو رہا ہے،ود ہولڈنگ ٹیکس نہیں لیا گیا۔

    جس پر چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے استفسار کیا کہ اس پروسیجر کوکیا آئین سپورٹ کرتا ہے؟کیا اس میں پیپرا رولز پر عمل ہو جاتا ہے؟کیا پالیسی بنیادی حقوق اور پیپرا رولز کے خلاف جا سکتی ہے؟، جس پر کمرہ عدالت میں موجود ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ میں پالیسی بتا سکتا ہوں۔

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ دو ریاستوں کے اہم شخصیات کے مابین تحائف دیئے جاتے ہیں، جس پر چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے اہم ریمارکس دئیے کہ شخصیات کو نہیں بلکہ ریاست کا ریاست کو تحفہ ہوتا ہے،شخصیات ریاست پاکستان کے لیے گفٹ لیتی ہیں، اگر یہ عہدوں پر نہ ہوں تو کیا تحفہ لےسکتے ہیں؟۔

    بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کے سرکاری تحائف کی خفیہ نیلامی غیر آئینی قرار دے دی ، عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ حکومت اس پر قانون سازی کرے، ہمارے لیے وہ تمام قابل عزت ہیں جنہیں ریاست کے لیے تحائف ملتے ہیں، تشویش اس پرہے کہ کروڑوں کی چیز کوڑیوں کے بھاؤ کیوں بیچتے ہیں؟

    چیف جسٹس قاسم خان نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عوام کو بولی میں شامل نہ کرنا دھتکارنے کےمترادف ہے،پنجابی میں کہتے ہیں "تہاڈی اوقات نہیں ہے”،ان چیزوں کا عجائب گھر بنا دیں۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں بھی لاہور ہائی کورٹ نے توشہ خانے میں جمع ہونے والے سرکاری تحائف کی نیلامی روکنے کا حکم دیا تھا۔

  • "پاکستان منشیات فروشوں کے لیےجنت بنادیا گیا”

    "پاکستان منشیات فروشوں کے لیےجنت بنادیا گیا”

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے چرس اسمگلنگ کے ملزم کی سزا کےخلاف دائر اپیل خارج کرتے ہوئے اہم ریمارکس دئیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں پانچ کلوچرس اسمگلنگ کے ملزم ظفراللہ کی سزا کےخلاف دائر اپیل کی سماعت ہوئی، جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نےکیس کی سماعت کی۔

    سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ منشیات کے سیمپل کو ایس او پی کےتحت نہیں جانچا گیا جبکہ تمام گواہیاں سرکاری ملازمین کیجانب سےریکارڈ کروائی گئیں، کوئی غیر جانبدار گواہ عدالت میں پیش نہیں کیاگیا۔

    جس پر عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دئیے کہ وہ دور گیا جب ملزمان کو تکنیکی وجوہات کی بنیاد پر چھوڑدیاجاتاتھا، ملک میں نام نہاد شرفا گواہی دینےکو تیار نہیں ہوتے، ملزم کسی دوسرے ملک میں منیشات کیس میں گرفتارہوتا تو اسےلٹکادیاجاتا۔

    اس موقع پر بینچ میں شامل جسٹس قاضی محمدامین نے ریمارکس دئیے کہ پاکستان منشیات فروشوں کےلیےجنت بنادیا گیا ہے، جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ ملزم کےخلاف شہادتوں کی لڑی مکمل ہے۔

    واضح رہے کہ ملزم کو تیرہ دسمبر2013کو نواب شاہ کےعلاقےسےگرفتارکیاگیاتھا، ملزم کو ماتحت عدالتوں نےساڑھےسات سال قیدکی سزاسنائی تھی۔