Tag: ARY

  • حماس کا اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق بڑا فیصلہ

    حماس کا اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق بڑا فیصلہ

    فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی کے ثالث مصر اور قطر سے بات چیت کے بعد ہفتے کے روز غزہ سے 3 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی منصوبے کے اگلے حصے میں جانے کے لیے یرغمالیوں کا تبادلہ کریں گے۔

    حماس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ اسرائیل غزہ میں داخل ہونے والی امداد، رہائشی خیمے اور بھاری مشینری کو محدود اجازت دے رہا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی حکومت کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ حماس کو غزہ میں جاری جنگ بندی کی شرائط کے تحت ہفتے کے روز تین زندہ قیدیوں کو رہا کرنا چاہیے ورنہ اسرائیل فلسطینی سرزمین پر دوبارہ جنگ شروع کر دے گا۔

    ترجمان ڈیوڈ مینسر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ جنگ بندی کا فریم ورک واضح کرتا ہے کہ حماس کے ہاتھوں تین زندہ یرغمالیوں کو ہفتے کے روز رہا کیا جانا چاہیے۔

    100 دفعہ دنیا تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    ترجمان نے کہا کہ اگر ان تینوں کو رہا نہیں کیا گیا اور ہفتے کی دوپہر تک ہمارے یرغمالیوں کو واپس نہیں کیا تو جنگ بندی ختم ہو جائے گی۔

  • مندر میں گوشت کس نے رکھا؟ ویڈیو میں اہم انکشاف

    مندر میں گوشت کس نے رکھا؟ ویڈیو میں اہم انکشاف

    بھارت میں حیدرآباد کے ٹپہ چبوترہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع مندر میں گوشت ملنے کے معاملے کی تحقیقات میں اہم انکشاف ہوا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ کسی انسانی مداخلت کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک بلی کی حرکت تھی جو گوشت کا ٹکڑا مندر میں لے کر پہنچی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ آج صبح پولیس کو اطلاع ملی کہ مدینہ ہوٹل، نٹراج نگر کے قریب واقع مندر کے احاطے میں گوشت کا ایک ٹکڑا کسی نے رکھا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی جبکہ اے سی پی، ایڈیشنل ڈی سی پی، اور ڈی سی پی سمیت سینئر افسران بھی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مندر پہنچ گئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات کے لئے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا۔

    تحقیقات کے دوران پولیس کو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل ہوئی، جس میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ مندر کے شمال کی جانب ایک بلی گوشت کا ٹکڑا اپنے منہ میں لے کر داخل ہو رہی ہے۔

    تحقیقات میں یہ ثابت ہو گیا کہ مندر میں گوشت رکھنے کی ذمہ دار یہی بلی تھی اور اس واقعے میں کسی قسم کی شرارت یا سازش کا کوئی پہلو شامل نہیں تھا۔

    انتہا پسند ہندوؤں نے مندر کے پجاری کو بھی نہ بخشا

    پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے میں افواہیں یا غلط معلومات پھیلانے سے گریز کریں اور کسی بھی غیر مصدقہ خبر پر یقین نہ کریں۔ پولیس کمشنر نے اس واقعہ کی فوری اور مؤثر تحقیقات کرنے والی پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

  • امریکی دھمکیاں، کینیڈا کے وزیراعظم نے ساتھیوں کو خبردار کردیا

    امریکی دھمکیاں، کینیڈا کے وزیراعظم نے ساتھیوں کو خبردار کردیا

    کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ساتھیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو ہتھیانے کی دھمکی حقیقت پر مبنی ہے اور اسکی وجہ یہ ہے کہ ٹرمپ کی نظریں کینیڈا کی انتہائی اہم معدنیات پر ہیں۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کینیڈین وزیراعظم نے جب یہ بات کہی اس سے پہلے مقامی میڈیا کو کمرے سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ تاہم ٹورانٹو اسٹار اور سی بی سی نے کینیڈین وزیراعظم کی آواز ریکارڈ کرلی تھی۔

    رپورٹس کے مطابق بزنس لیڈرز کو ٹورانٹو میں پس پردہ میٹنگ میں بتایا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا کے معدنی وسائل کے باعث اسے امریکا کی 51 ویں ریاست میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، کینیڈا کو اس خطرے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔

    جسٹن ٹروڈو نے مزید کہا کہ امریکا جانتا ہے کہ ہمارے وسائل کیا ہیں اور وہ ان سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تاہم ٹرمپ سمجھتے ہیں کہ آسان ترین طریقہ کینیڈا کو ضم کرنا ہے۔

    اس سے قبل امریکی عدالت نے یو ایس ایڈ کے ملازمین سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے پروگرام کو مکمل ختم کرنے سے روک دیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی جج نے صدر ٹرمپ کی جانب سے یو ایس ایڈ کے ہزاروں ملازمین کو جبری رخصت پر بھیجنے کے فیصلے کو عارضی طور پر روک دیا۔

    امریکی ریاست الاسکا سے لاپتہ طیارے کا ملبہ مل گیا، تمام مسافر ہلاک

    ٹرمپ کی جانب سے غیرملکی امداد روکنے کے احکامات کے بعد یو ایس ایڈ خاتمے کے قریب پہنچ گئی تھی۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ ٹرمپ نے بغیر کسی ثبوت کے اس پر بدعنوانی کے الزامات لگائے۔

  • بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ، 3 افراد جاں بحق، 9 زخمی

    بنوں میں تھانہ اتمانزئی کی حدود گربز میں امن کمیٹی کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ 9 زخمی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امن کمیٹی کے ممبران کی جوابی فائرنگ سے 8 حملہ آور زخمی ہوئے، زخمی افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    فتح خیل کے علاقے میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں پولیس چوکی پرشرپسندوں نے حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائرنگ سے2 اہلکارشہید، 2 زخمی ہوئے، دہشت گردوں کی تلاش کے لئے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر بنوں کا کہنا ہے کہ پولیومہم کے باعث ضلع بھرمیں 7 روز کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے گاڑیوں میں کالے شیشوں، ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پابندی ضلع بھرمیں شروع ہونے والی پولیو مہم کے باعث لگائی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سال 2024 کی آخری انسدادپولیو ذیلی مہم میں مقررہ ہدف 89 فیصد حاصل ہوسکا، ذرائع کا کہنا ہے دوران مہم 11 لاکھ 22 ہزار 537 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔

    سال 2024 کی آخری ذیلی قومی پولیو مہم 100 فیصد ہدف حاصل نہ کرسکی، ذرائع نے بتایا کہ ذیلی قومی انسداد پولیو مہم 98 فیصد ہدف حاصل کرسکی اور مہم میں 11 لاکھ 22 ہزار 537 بچے پولیو ویکسین سے محروم رہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیومہم کا ہدف 3 کروڑ 63 لاکھ 60 ہزار37 بچوں کی ویکسی نیشن تھا، پولیو مہم میں 3 کروڑ 57 لاکھ 12 ہزار 922 بچوں کی ویکسی نیشن ہو سکی جبکہ مہم میں 7 لاکھ 39 ہزار 201 بچے ویکسی نیشن کیلئے دستیاب نہیں تھے۔

    کراچی : ڈکیتی میں مزاحمت پر ایک اور نوجوان جان سے چلا گیا، ویڈیو

    ذرائع نے بتایا کہ ذیلی پولیومہم میں 71 ہزار330 والدین قطرے پلانے سے انکاری تھے، جس کے باعث 3 لاکھ 2 ہزار 6 بچے ویکسی نیشین سے محروم رہے۔

  • نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ:عالمی امیچر چیمپئن محمد آصف سیمی فائنل میں ہار گئے

    نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ:عالمی امیچر چیمپئن محمد آصف سیمی فائنل میں ہار گئے

    نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ میں عالمی امیچر چیمپئن محمد آصف کو سیمی فائنل میں شاہد آفتاب سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    رپورٹس کے مطابق دوسرے سیمی فائنل میں محمد سجاد نے نمبر دو سیڈ اور ایشین سکس ریڈ بال چیمپئن اویس منیر کو شکست دی دے دی۔

    واضح رہے کہ نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا۔

    اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کیوئسٹ محمد آصف کو 25 لاکھ انعام دیا تھا۔

    وزیراعظم شہباز شریف سے اسنوکر کے عالمی اور سارک چیمپئن محمد آصف نے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے انہیں سارک چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک پیش کیا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے اسنوکر کی دنیامیں ملک کانام روشن کیا ہے اور پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔

    شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستانی کھلاڑی اپنی صلاحیتوں سے دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں اور حکومت کھلاڑیوں کو سہولتوں کی فراہمی کیلیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔

    انہوں نے متعلق حکام کو محمد آصف کے ساتھ مل کر اسنوکر کھلاڑیوں کی تربیت کرنے کیی بھی ہدایت کی۔

    محمد آصف نے حال ہی میں تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ 025ء کے فائنل میں سری لنکا کے طحہٰ عشرت کو شکست دی تھی۔

    کولمبو میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل مقابلے میں آصف نے میچ بغیر کوئی فریم ڈراپ کیے جیتا۔ سارک اسنوکر چیمپئن شپ ان کے کیریئر کا مجموعی طور پر آٹھواں ٹائٹل ہے۔

    پاکستان کے محمد آصف نے سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی

    واضح رہے کہ محمد آصف نے گزشتہ سال ورلڈ چیمپئن شپ بھی جیتی تھی۔ وہ 2019 اور 2012 کے ورلڈ چیمپئن بھی تھے۔ انہوں نے تین بار عالمی چیمپئن بن کر روایتی حریف بھارتی کیوئسٹ کا ریکارڈ بھی برابر کیا تھا۔

  • افسوسناک واقعہ، دو بہنیں ایک ہفتے تک ماں کی لاش کے ساتھ رہتی رہیں

    افسوسناک واقعہ، دو بہنیں ایک ہفتے تک ماں کی لاش کے ساتھ رہتی رہیں

    بھارت میں تلنگانہ کے سکندرآباد میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، دو بہنیں ایک ہفتہ تک ماں کی لاش کے ساتھ رہنے پر مجبور ہوگئیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تلنگانہ میں دونوجوان بہنوں کو ان کی مالی مشکلات کے باعث ایک ہفتے تک ماں کی لاش کے ساتھ رہنا پڑا، حکام نے مداخلت کرکے گھر سے خاتون کی لاش نکال کر آخری رسومات ادا کرائیں۔

    رپورٹس کے مطابق واراسی گوڈا کی رہنے والی ایک گھریلو خاتون گزشتہ ہفتے بیماری کے باعث چل بسی تھیں، ان کی بیٹیاں، 25 سالہ راولیکا، جو ایک ساڑھی کی دکان پر کام کرتی ہیں، اور 22 سالہ اشویتا، جو ایک ایونٹ پلانر ہیں، اپنی ماں کی آخری رسومات ادا کرنے کے قابل نہیں تھیں۔

    رپورٹس کے مطابق، والد نے 2020 میں تنازعات کے بعد علیحدگی اختیار کرلی تھی، ان کے پاس کوئی مالی مدد نہیں تھی، بہنیں الگ کمرے میں رہیں جبکہ کی والدہ کی لاش دوسرے کمرے میں موجود تھی۔

    صورتحال اس وقت سامنے آئی جب پڑوسیوں کو بدبو کا احساس ہوا اور پولیس کو اطلاع دی، اس کے بعد حکام نے جمعہ کو لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا۔

    پولیس کی جانب سے مداخلت سے قبل دونوں بہنوں نے اپنی والدہ کی آخری رسومات کے لیے ایک مقامی این جی او سے مدد طلب کی تھی، جس نے بودھن نگر پولیس اسٹیشن کو اطلاع دی۔ پولیس کی ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

    دھند کے باعث کار نہر میں جا گری، 10افراد لاپتہ

    رپورٹس سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ خاندان صرف دو ماہ قبل ہی اس جگہ منتقل ہوا تھا، دونوں بہنوں نے عنبرپیٹ میں ایک رشتہ دار سے مدد کے لیے بھی رابطہ کیا تھا، مگر انھوں نے ان کی کال کا جواب نہیں دیا تھا۔

  • کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہرمیں شمال مشرقی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوا چل رہی ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں ہوامیں نمی کا تناسب 47 فیصد ہے، ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 134 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ شہر قائد میں یخ بستہ ہوائیں تھمنے سے سردی کی شدت میں معمولی کمی آگئی تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہے گا۔

    بیان میں کہا گیا تھا کہ کم سے کم درجہ حرارت 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ شمال مشرق سے ہوا 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

    انجیر : موسم سرما میں یہ پھل سوچ سمجھ کر کھائیں ورنہ !!

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 12 ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے جبکہ فضائی معیار مضر صحت ہے، آلودہ زرات کی مقدار 190 پرٹیکولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی۔

  • مغرب سنجیدہ ہو تو جوہری مذاکرات کے لیے تیار ہیں: ایران

    مغرب سنجیدہ ہو تو جوہری مذاکرات کے لیے تیار ہیں: ایران

    ایرانی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اگر مغربی ممالک سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو ہم جوہری پروگرام پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران نے متعدد بار بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے لیکن صرف اس صورت میں جب مغربی ممالک بھی سنجیدگی دکھائیں۔

    ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے حوالے سے حقیقت پسندانہ رویہ اپنائیں گے۔

    نئی بات چیت کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پرترجمان ایرانی دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران کی پالیسی دیگر فریقین کے اقدامات پر منحصر ہو گی۔

    اُنہوں نے کہا کہ ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کی گئیں توایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی پاسداری نہیں کرسکتا۔

    ایران نے اپنے سب سے خطرناک ڈرون کو ’غزہ‘ کا نام دے دیا، ویڈیو جاری

    واضح رہے کہ این پی ٹی کے تحت دستخط کرنے والی ریاستیں اپنے جوہری ذخیروں کا اعلان کرنے اور انہیں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں رکھنے کی پابند ہیں۔

  • پی ٹی آئی کے اقدامات پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟ کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟ جاوید لطیف

    پی ٹی آئی کے اقدامات پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟ کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟ جاوید لطیف

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے جو اقدام کرتے ہیں اس پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟

    پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے  اےآر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو میں کہا کہ خوف میں مبتلا ہو کر دونوں کمیٹیاں بنی تھیں، خوف ختم نہیں ہوا اسی طرح ہے اور مذاکرات کرنیوالے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش نہیں کررہے وہ انجوائے کررہے تھے۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ اندر بیٹھے بندےکو پتہ ہے یہ چھوڑنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، اندر بیٹھے بندے کی کوشش ہے ان پر دباؤ بڑھے، کیا 9،10 مئی، 26 نومبر اور 190 ملین پاؤنڈحقیقت نہیں ہے؟، ایک ادارے کے اندر بغاوت کی منصوبہ بندی اور اکسانہ کیا حقیقت نہیں ہے؟

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے امید لگائے بیٹھے تھے کہ 20 جنوری کو ایک شخص آئے گا اور اڈیالہ جیل کا دروازہ کھول کر لے جائیگا۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ مذاکرات اور جیل میں بیٹھے بندے کو چھڑوانے کیلئے عالمی قوتوں کا دباؤ ہے، 2014  میں ان کو سڑکوں پر لایا گیا، کیا آج تک وہ چیزیں تھمنے کا نام لے رہی ہیں؟

    ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور سرکاری وسائل استعمال کرتا ہے، جب علی امین گنڈاپور ٹارگٹ حاصل نہیں کرسکتا ہے تو اسے ہٹا کر تازہ دم گھوڑا لے آتا ہے، یہ کیا طریقہ ہےکہ آج بھی بیک ڈور چینلز استعمال ہورہے ہیں، کہا جاتا ہے کہ سیاسی لوگوں سے بات ہونی چاہیے ہم سے نہیں ہونی چاہیے۔

    جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جو اقدام کرتے ہیں اس پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا؟ کیا ریاستی ادارے اتنے کمزور ہیں؟ نہ تو وہ مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں اور نہ ہی تحریک کیلئے سنجیدہ ہیں، جو آئین وقانون کی بالادستی کی جدوجہد کرتے ہوئے گرفتار ہوا ہو تو پہلے میں اس کیلئےآواز اٹھاتا، جس طرح اسے اقتدار میں لایاگیا تھا تو وہ اب بھی یہی چاہتا ہے دوبارہ اسی طرح نوکری پر رکھا جائے۔

  • چین نے بڑی پابندی عائد کردی

    چین نے بڑی پابندی عائد کردی

    چین نے مختلف ممالک سے مویشیوں اور دیگر لائیو اسٹاک مصنوعات کی درآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی کسٹم حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لائیو اسٹاک مصنوعات کی درآمدات پر پابندی جانوروں سے پھیلنے والی بیماریوں کے خدشات پر لگائی گئی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ منہ اور پاؤں کی بیماری پھیلنے کی وجہ سے چین نے افریقی، ایشیائی اور یورپی ممالک سے بھیڑ، بکری، مرغیوں اور دیگر مویشیوں کی درآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ چائنہ میں لگائی اس پابندی میں پراسس اور غیر پروسس شدہ مصنوعات بھی شامل ہیں۔

    عالمی ادارہ برائے حیوانات کی جانب سے مختلف ممالک میں جانوروں میں پھیلنے والی بیماریوں کے حوالے سے آگاہی دی گئی تھی۔

    دوسری جانب چین اور بھارت نے پانچ سال کے بعد براہ راست فضائی سروس دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے بیجنگ میں بھارتی سیکریٹری خارجہ وکرم مسری سے ملاقات کے دوران براہ راست فضائی سروس دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

    بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چائنہ اور بھارت کے درمیان دوبارہ سے براہ راست پروازیں شروع کرنے پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے، چینی بھارتی حکام میں پروازوں کی بحالی فریم ورک پر بات چیت کے لیے ملاقات جلد ہوگی۔

    برطانیہ: 4 پاکستانی نژاد اراکین پارلیمنٹ کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں

    واضح رہے کہ چائنہ بھارت متنازع سرحدی علاقے میں 2020 کی فوجی جھڑپوں کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں۔ گزشتہ روز امریکا اور چین کے وزرائے خارجہ کے درمیان پہلا ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔