Tag: ARY

  • اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی، ترک صدر کا اہم بیان

    اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی، ترک صدر کا اہم بیان

    ترک صدر طیب اردوان نے غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے ایک سال مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی کی قیمت چکانی پڑے گی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک صدر طیب اردوان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی قاتل حکومت نے ہزاروں لوگوں کا قتل عام کیا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ اپنے پیاروں کو کھونے والے غزہ کے فلسطینیوں اور لبنان کے متاثرین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں نسل کشی کا محاسبہ نہ کیا گیا تو دنیا میں کبھی امن نہیں ہوگا، اسرائیل کی نسل کشی، قبضے اور جارحیت کی پالیسی اب ختم ہونی چاہیے۔

    دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ کا غزہ جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر اہم بیان آگیا ہے۔

    ایک ٹیلی ویژن بیان میں ترجمان نے کہا کہ گروپ نے 7 اکتوبر کو ”غزہ میں مزاحمت کے خلاف”اسرائیل کی طرف سے ”بڑے حملے”کی منصوبہ بندی کی اطلاعات پر ”پہلے حملہ”کیا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب مسجد اقصیٰ کے خلاف قابض کی جارحیت ایک غیر معمولی خطرناک مرحلے پر پہنچ گئی۔

    ابو عبیدہ نے کہا کہ اب ایک سال سے، جنگجو ایک مجرم دشمن کے ساتھ غیرمساوی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    جنوبی لبنان میں جھڑپیں، اسرائیل کا آپریشن وسیع کرنے کا اعلان، 12 فوجی ہلاک

    ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ گروپ ”طویل جنگ“ لڑتا رہے گا ہم نے جنگ میں طویل لڑائی جاری رکھنے کا انتخاب کیا جو کہ دشمن کے لیے تکلیف دہ اور مہنگی ہے۔

  • ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں سے متعلق ٹرمپ نے کیا کہا؟

    ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں سے متعلق ٹرمپ نے کیا کہا؟

    امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کر دینا چاہیے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے یہ بات صدارتی انتخابی مہم کے دوران شمالی کیرولینا میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    سابق صدر نے کہا کہ میرے خیال میں میزائل حملوں کے جواب میں اسرائیل کو ایران کی جوہری تنصیبات حملہ کردینا چاہئے، انہو ں نے کہا کہ یہی وہ جگہ ہے جہاں حملہ ہونا چاہیے۔

    سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے کہ ہمیں جس سب سے بڑے خطرے کا سامنا ہے وہ ایران کے جوہری ہتھیار ہیں۔

    اس سے قبل امریکا کے صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ابھی تک ایران پر جوابی حملے کی نوعیت سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ابھی تک یہ نتیجہ اخذ نہیں کیا کہ ایران کو کیسے جواب دیا جائے۔

    رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ اگر وہ اسرائیل کی جگہ ہوتے تو وہ ایرانی تیل کے ذخائر پر حملہ کرنے کے بجائے اس کے متبادل پر غور کرتے۔

    امریکا کی 6 ریاستوں میں سیلاب سے تباہی، 223 ہلاک، متعدد لاپتا

    بائیڈن نے کہا کہ ان کے خیال میں اسرائیل نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ ایران کے خلاف کس طرح کا ردعمل دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

  • امریکا کی 6 ریاستوں میں سیلاب سے تباہی، 223 ہلاک، متعدد لاپتا

    امریکا کی 6 ریاستوں میں سیلاب سے تباہی، 223 ہلاک، متعدد لاپتا

    امریکا کی 6 ریاستوں میں سیلاب نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 223 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سیکڑوں لاپتا ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ریاست شمالی کیرولائنا میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی جہاں 106 افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ 7 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کیرو لائنا میں سیلاب کے باعث سیکڑوں افراد لاپتا ہوچکے ہیں۔

    پولیس کے مطابق تقریباً 300 لاپتا افراد کی رپورٹوں پر کارروائی کی گئی ہے اور ان میں سے 270 افراد سلامت ہیں۔

    پولیس کے مطابق پولیس ایف بی آئی اور ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشنز کی مدد سے 75 لاپتا افراد کے معاملے پر کام کر رہی ہے۔

    اس سے قبل نائیجیریا میں گنجائش سے زیادہ افراد بٹھانے پر کشتی سمندر میں ڈوب گئی، کشتی میں سوار 300 افراد میں سے 100 لاپتہ ہوگئے، جنہیں تلاش کیا جارہا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کشتی نائیجیریا کے ضلع موقوا کے مقام پر دریائے نائیجر میں ڈوبی جس کے ریسکیو کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کشتی مقامی طور پر لکڑی سے تیار کی گئی تھی جس میں 100 افراد کے سفر کرنے کی گنجائش تھی، مگر کشتی کی روانگی کے وقت اس میں 300 افراد سوار ہوگئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

    امریکی جنرل نے روس کی برتری کا اعتراف کر لیا

    حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد مقامی حکام کی جانب سے 150 افراد کو بحفاظت سمندر سے باہر نکال لیا گیا مگر 100افراد کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

  • حوثیوں کا تل ابیب کے نواحی شہر میں کامیاب ڈرون حملے کا دعویٰ

    حوثیوں کا تل ابیب کے نواحی شہر میں کامیاب ڈرون حملے کا دعویٰ

    یمن کے حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے نواحی شہر ‘یافا’ کے ایک کلیدی ہدف پر حملے کا دعویٰ سامنے آرہا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حوثیوں کے ترجمان یحییٰ السیری کا ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ یافا میں ایک کلیدی ہدف کو ڈرون طیاروں کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے۔

    یحییٰ السیری کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل اسرائیل حملے کا سدّباب کرتا ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا یا گیا ہے۔ جب تک اسرائیل، غزّہ اور لبنان پر، حملے کرنا بند نہیں کر دیتا ہماری کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا”۔

    واضح رہے کہ اسرائیل کی طرف سے اس حملے سے متعلق تا حال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر بمباری کی گئی ہے، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ بیروت میں حملے کا نشانہ حزب اللّٰہ کے سینئر رہنما ہاشم صفی الدین تھے۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ کے لیے ہتھیار تیار کرنیوالے رہنما محمد یوسف انیسی کو بھی شہید کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ہاشم صفی الدین حزب اللّٰہ کے متوقع سیکریڑی جنرل تھے، ایسی اطلاعات تھیں کہ حزب اللّٰہ کے شہید سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد انکے قریبی عزیز ہاشم صفی الدین کو یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔

    ایران نے معطل پروازیں بحال کر دیں

    حزب اللّٰہ کی جانب سے تاحال اسرائیلی دعویٰ کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی، تاہم ایئرپورٹ کے قریب دھماکے سنے گئے اور دھوئیں کے بادل میلوں دور تک دکھائی دیے۔

  • دوران خریداری نوجوان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت، ویڈیو وائرل

    دوران خریداری نوجوان کی دل کا دورہ پڑنے سے موت، ویڈیو وائرل

    بھارت کے شہر حیدرآباد میں ایک کپڑوں کے شو روم میں خریداری کے دوران ایک نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کے کوکٹ پلی ہاوزنگ بورڈ کالونی کے پرگتی نگر کے قریب ایک دکان میں کپڑے خریدنے کے دوران کلال پروین گوڑ نامی نوجوان کو دل کا دورہ پڑا، جس کے باعث وہ زمین پر گر پڑا۔

    افسوسناک واقعے کی ویڈیو سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی، نوجوان کوفوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    اس سے قبل ایک افسوسناک واقعہ مدھیہ پردیش کے علاقے گوالیار میں پیش آیا جہاں غیر مسلم لڑکے کی خاطر مذہب اور خاندان کو چھوڑ کر آنے والی لڑکی موت کے منہ میں چلی گئی۔

    متوفیہ کا نام پروین ہے اور اہل خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سنجے گرجر نامی شخص نے اسے قتل کیا ہے۔

    لڑکی کے بھائی کا کہنا ہے کہ سنجے نے پروین کو بلایا اور اس پر تشدد کیا اور زہر دے کر مار ڈالا۔ مقتولہ کی سنجے کو کی گئی کال کی ریکارڈنگ پولیس کو مل گئی ہے اور کیس کی تفتیش جاری ہے۔

    بھارت، حیدرآباد میں دو خواتین کا انتہائی بے دردی سے قتل

    پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں جے اے ایچ اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کی موت ہو گئی۔سنجے شادی شدہ تھا اور اس نے لڑکی سے شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

  • ملالہ یوسفزئی کا غزہ متاثرین کیلئے بڑا اقدام

    ملالہ یوسفزئی کا غزہ متاثرین کیلئے بڑا اقدام

    نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے ہنگامی امدادی فنڈز کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    ملالہ یوسفزئی کا سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہنا تھا کہ وہ غزہ متاثرین کے لیے مزید 3 لاکھ ڈالر کی رقم جاری کررہی ہیں، جسے فلطسینی بچوں کے بحالی کے لیے کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں کو دیا جائے گا۔

    ملالہ کا کہنا تھا کہ دیئے جانے والے فنڈ سے غزہ کے بچوں کے لیے خوراک، صاف پانی اور طبی امداد سمیت دیگر ضروریات کا انتظام کیا جائے گا۔ اُنہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔

    ملالہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ غزہ کے ان فلسطینی بچوں کے بارے میں روز سوچتی ہیں جن پر اسرائیل کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ان کے گھروں اور اسکولوں کو تباہ کردیا گیا ہے جبکہ وہ اپنے پیاروں کو کھو چکے ہیں۔

    فلسطینی صحافی اسماء حریش کو اسرائیل نے رہا کردیا

    یاد رہے کہ ملالہ فنڈ کی جانب سے اکتوبر 2023 میں بھی انسانی حقوق تنظیموں کے لیے 3 لاکھ ڈالر جاری کئے جاچکے ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات کا لبنان کیلئے 100 ملین ڈالر کا امدادی پیکیج

    متحدہ عرب امارات کا لبنان کیلئے 100 ملین ڈالر کا امدادی پیکیج

    متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے لبنانی عوام کیلئے فوری طور پر 100 ملین امریکی ڈالر کا امدادی پیکج فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

    متحدہ عرب امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام لبنانی عوام کی مدد کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ کی طرز پر اب لبنان میں بھی فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائی شروع کردی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 136 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    لبنانی حکام کے مطابق بیروت کے جنوب میں واقع عین الدلب میں کم از کم 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں لبنان میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 136 تک پہنچ گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کے تین اراکین بھی شامل ہیں جو بیروت کے علاقے کولا میں مارے گئے، جہاں اسرائیل نے جنوبی مضافات کے علاوہ پہلی بار دارالحکومت پر حملہ کیا۔

    ایمریٹس اور فلائی دبئی کا لبنان کیلیے پروازوں سے متعلق اہم اعلان

    حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ حزب اللہ اسرائیلی زمینی حملے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کردیا

    پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کردیا

    روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے اگر ایسے روایتی ہتھیار بھی استعمال کیے جن سے روس یا بیلا روس کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا تو ان ممالک کے خلاف روس نیوکلیئر ہتھیار استعمال کرنے میں دیر نہیں کرے گا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر پیوٹن نے یہ بات سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جس میں نیوکلیئر ہتھیار استعمال کرنے سے متعلق ریاستی پالیسی کے بنیادی اصولوں کی وضاحت کی گئی۔

    روسی صدر نے کہا کہ اگر روس پر ایسی ریاست نے جارحیت کی جس کے حملے میں ایٹمی ریاست شریک یا معاون ہوئی تو اسے روس کیخلاف مشترکہ حملہ تصور کریں گے۔

    اُنہوں نے کہا کہ ساتھ ہی ان خطرات کی فہرست میں بھی اضافہ کیا جارہا ہے جن سے نمٹنے کے لیے یہ اقدامات کیے جائیں گے۔

    روسی صدر نے کہا کہ یہ بات بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو سے طے کی جا چکی ہے، نیوکلیئر ڈیٹرنس سے متعلق بیلا روس کے ساتھ دیگر ممالک اور فوجی اتحادوں کو بھی اس فہرست میں شامل کرنے کی تجویز پر غور ہورہا ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ نیوکلیئر ہتھیار استعمال کرنے پر غور اسی لمحے کیا جائے گا جب دشمن روس پر میزائلوں اور اسپیس اٹیک ہتھیاروں سے بڑا حملہ کرے گا اور یہ ہتھیار روس کی سرحدوں کو پار کریں گے۔

    روسی صدر نے کہا کہ ان خدشات میں اسٹریٹیجک یا ٹیکٹیکل ایئرکرافٹ، کروز میزائل، ڈرون، ہائپر سونک یا دیگر طیارے شامل ہیں۔

    سلامتی کونسل کا اجلاس، ایران کا بڑا بیان

    اُنہوں نے کہا کہ نیوکلیئر ہتھیار ہی روس اور اسکے عوام کے تحفظ کی سب سے اہم ضمانت ہیں۔ نئی پالیسی میں وہ شرائط واضح کردی گئی ہیں کہ جن میں روس ایٹمی ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔

  • مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سج گیا

    مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سج گیا

    اسرائیل کی جانب سے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی بدترین حملوں کا سلسلہ جاری ہے، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے دارالحکومت تہران کی شاہراہوں پر فوجی سازوسامان سجا دیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹس کے مطابق نمائش کا مقصد اسرائیل کو خبردار کرناہے کہ ایران حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی کے لیے تیار ہے۔

    مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران تہران کی شاہراہوں پر بھاری فوجی سازوسامان کے ساتھ بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں، جن پر تحریر ہے کہ ہم بدلہ لیں گے، ساتھ ہی اسماعیل ہنیہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے پوسٹرز بھی لگادیئے گئے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کھل کر اعتراف کیا ہے کہ تاریخ میں پہلی بار حزب اللہ کا فائر کیا گیا میزائل تل ابیب تک پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ لبنانی گروپ حزب اللہ کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل پہلی بار تل ابیب کے علاقے تک پہنچا۔

    اسرائیل لبنان میں زمینی راستوں سے حملے کی تیاری کرنے لگا

    اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ حزب اللہ کا میزائل تل ابیب کے علاقے تک پہنچ گیا، تاہم آئی ڈی ایف کے فضائی دفاعی نظام (آئرن ڈوم) نے اسے روک لیا۔

  • موسلا دھار بارشوں کا امکان، تعلیمی اداروں میں تعطیل کا فیصلہ

    موسلا دھار بارشوں کا امکان، تعلیمی اداروں میں تعطیل کا فیصلہ

    بھارت کے شہر ممبئی میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی بری طری متاثر ہوگیا ہے۔

    بین خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ شام ہونے والی بارش کے باعث کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ کچھ پروازوں کا رُخ بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔

    بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی ممبئی اور دیگر علاقوں میں بارش موسلادھار کا امکان ہے جس کی وجہ سے آج اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک خاتون اندھیری کے علاقے میں کھلے مین ہول میں گر کر جان کی بازی ہار گئی، جس کی لاش نکال لی گئی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بارش کے امکان کے باعث آج بھی کچھ فلائٹس کا شیڈول متاثر ہونے کا امکان ہے۔

    اس سے قبل نیپال میں مون سون اسپیل نے تباہی مچا دی، مختلف واقعات میں 47 افرد ہلاک ہو گئے۔

    دارالحکومت کھٹمندو سمیت نیپال کے دیگر شہروں میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈ نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا۔

    عمان میں کب سے بارشیں ہوں گی؟

    وزارت داخلہ کے ریکارڈ کے مطابق بارش کا موسم شروع ہونے کے بعد سے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں نیپال میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کم از کم سنتالیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔