Tag: ARY

  • اسکول پرنسپل نے زیادتی میں ناکامی پر 6 سالہ بچی کی جان لے لی

    اسکول پرنسپل نے زیادتی میں ناکامی پر 6 سالہ بچی کی جان لے لی

    حیدرآباد: بھارتی ریاست گجرات میں ایک اور دل دہلانے دینے والا واقعہ رونما ہوا، اسکول پرنسپل نے زیادتی میں ناکامی پر 6 سالہ بچی کو قتل کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سرکاری پرائمری اسکول کے پیچھے سے 6 سالہ بچی کی نعش برآمد ہوئی، پولیس نے اسکول پرنسپل گووند ناٹ کو قتل کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

    پولیس کے مطابق اسکول پرنسپل نے معصوم بچی کا گلا گھونٹ دیا کیونکہ پرنسپل نے لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی جس پر لڑکی نے مزاحمت کی۔ مقتول لڑکی اول جماعت کی طالبہ بتائی گئی ہے۔

    پولیس کے مطابق 6 سالہ طالبہ جمعرات سے اسکول سے لاپتہ تھی، تحقیقات کے دوران اسکول پرنسپل نے اقبال جرم کرلیا۔ پرنسپل نے مبینہ طور پر نعش کو اسکول کی چھٹی ہونے کے بعد اسکول کے پیچھے پھینک دیا تھا۔

    سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ لڑکی کو آخری بار اسکول کے پرنسپل کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ لڑکی کی ماں جو گاؤں کی رہنے والی بتائی گئی ہے اس نے پرنسپل سے کہا تھا کہ وہ بچی کو اسکول چھوڑ دے، کیونکہ پرنسپل بھی اسکول جارہا تھا۔

    پرنسپل نے راستے میں معصوم بچی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم بچی نے اس دوران چیخ پکار شروع کردی جس پر پرنسپل نے گلا گھونٹ کر لڑکی کو جان سے مار دیا۔

    راجدیپ سنگھ جالا نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں پرنسپل نے تحقیقاتی عہدیداروں کو بھی گمراہ کرنے کی کوشش کی تھی، مگر بعد میں اس نے لڑکی کے قتل کا اعتراف کیا۔

    بھارت میں 13 سالہ دلت بچی کے ساتھ اجتماعی زیادتی

    بچی کے قتل کے بعد پرنسپل نے دن بھر لڑکی کی نعش کو کار میں چھپائے رکھا، اس کے بعد نعش کو اپنی کار سے نکال کر اسکول کے پیچھے پھینک دیا۔ بچی کا بیگ بھی کلاس میں ہی چھوڑ دیا تھا تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہوجائے۔

  • حزب اللہ اسرائیل کشیدگی، پاسداران انقلاب کا اہم اقدام

    حزب اللہ اسرائیل کشیدگی، پاسداران انقلاب کا اہم اقدام

    ایران میں پاسداران انقلاب نے حزب اللہ کے مواصلاتی آلات پر اسرائیلی حملوں کے بعد تمام اراکین کو مواصلاتی آلات کے استعمال سے روک دیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ کے مواصلاتی آلات پرحملوں کے بعد ایران محتاط ہوگیا ہے۔

    ایران میں موجود تمام آلات کا معائنہ جاری ہے، جبکہ جوہری اور میزائل تنصیبات کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

    ایک سیکورٹی اہلکار کے مطابق صرف مواصلاتی آلات ہی نہیں بلکہ تمام آلات کا معائنہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔

    دوسری جانب لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں شدت آ گئی، اسرائیلی فوج نے لبنان پر طاقت ور بموں سے حملے شروع کر دیے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان پر حملے تیز کر دیے ہیں، اسرائیل کے طاقت ور بم حملوں کے نتیجے میں لبنان میں خوف ناک دھماکے ہوئے ہیں، حملوں میں مشرقی اور جنوبی لبنان کے قصبوں کو نشانہ بنایا گیا۔

    اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کی بیکا وادی پر شدید بم باری کی، جب کہ ثور اور نبطیہ کے علاقوں میں بھی زور دار دھماکے ہوئے ہیں، اسرائیل کی جانب سے حزب اللّٰہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے، جب کہ بم باری کے بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان نے لبنانی عوام کو حزب اللّٰہ کی پوسٹوں سے دور رہنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

    لبنان کی سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی (این این اے) نے اطلاع دی ہے کہ مشرقی اور جنوبی لبنان کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملوں کی نئی لہر میں کم از کم ایک شہری ہلاک جب کہ ایک چرواہا اور اس کے خاندان کے دو افراد زخمی ہو گئے۔ دشمن کے جنگی طیاروں نے آدھے گھنٹے میں 80 سے زیادہ فضائی حملے کیے، جس میں جنوبی لبنان کے ضلع نبطیہ اور طائر کو نشانہ بنایا گیا۔

    لبنان پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے، 274 افراد جاں بحق

    اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ لبنانی شہریوں سے ہم کہتے ہیں کہ وہ حزب اللہ کے زیر استعمال عمارتوں اور علاقوں سے نکل جائیں، یہ ان کی حفاظت کے لیے ہے۔

  • اگر صدارتی الیکشن ہار گیا تو؟۔۔ ٹرمپ کا اہم اعلان

    اگر صدارتی الیکشن ہار گیا تو؟۔۔ ٹرمپ کا اہم اعلان

    امریکی ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر وہ نومبر میں صدارتی الیکشن ہار گئے تو وہ دوبارہ الیکشن نہیں لڑیں گے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق صدر اپنی پارٹی کی جانب سے مسلسل تیسری مرتبہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ان کا آخری الیکشن ہوگا۔

    سابق صدر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر وہ کاملا ہیرس سے ہار گئے تو یہ ان کے آخری انتخابات ہوں گے تاہم انھیں امید ہے کہ وہ کامیاب ہو جائیں گے۔

    دوسری جانب امریکا میں رواں سال نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن کے لیے کاملا ہیرس دوسرے مباحثے کے لیے تیار ہیں تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلسل انکار کیا جارہا ہے۔

    امریکا میں چار سالہ مدت کے لیے صدارتی الیکشن کا رواں سال نومبر میں انعقاد ہوگا۔ اس مقابلے میں ڈیموکریٹ کی جانب سے موجودہ امریکی نائب صدر کاملا ہیرس میدان میں ہیں جب کہ ری پبلیکنز کی جانب سے سابق صدر بھی الیکشن کے لیے تیار ہیں۔

    انورا کمارا سری لنکا کے نئے صدر منتخب ہوگئے

    وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ الیکشن مہم میں تیزی اور گرمی بڑھتی جا رہی ہے۔ سیاسی مخالفین اپنا جھنڈا اونچا رکھنے کے لیے ایک دوسرے پر الزامات کی برسات بھی کر رہے ہیں جب کہ حال ہی میں ہونے والے روایتی صدارتی مباحثے میں امریکی میڈیا کے مطابق کاملا نے ٹرمپ کو دن میں تارے دکھا دیے۔

  • اروشی نے رشبھ پنت کے ساتھ تعلقات پر خاموشی توڑ دی

    اروشی نے رشبھ پنت کے ساتھ تعلقات پر خاموشی توڑ دی

    بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل اروشی روٹیلا کا شمار بالی وڈ کی ان خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا ہے، جن کی سوشل میڈیا پر اچھی گرفت ہے۔

    اداکارہ کی ذاتی زندگی اس وقت خبروں کی زینت بن گئی جب ان کے بارے میں بھارتی کرکٹر رشبھ پنت سے ڈیٹنگ کی افواہیں گردش کرنے لگیں، جس پر حال ہی میں ایک انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے لب کشائی کی۔

    اپنے پرانے انٹرویوز میں اداکارہ نے کئی بار آر پی کا ذکر کیا جس سے سوشل میڈیا صارفین کو یقین ہو گیا کہ آر پی کا تعلق اصل میں کرکٹر رشبھ پنت سے ہے۔

    تاہم ایک نئے انٹرویو میں انہوں نے ان تمام تر افواہوں کی تردید کی اور انہوں نے بتایا کہ میمز جعلی معلومات پر مبنی ہیں، جس سے ان کی روز مرہ کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔

    اروشی روٹیلا نے دوران انٹرویو کہنا تھا کہ میرا تعلق آر پی (رشبھ پنت) کے ساتھ جوڑنے والی افواہوں کے حوالے سے میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ یہ میمز اور افواہیں بے بنیاد ہیں، میں اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتی ہوں اور میری توجہ اپنے کیریئر اور اس کام پر رہتی ہے جس کے بارے میں میں پر عزم ہوں۔

    ویڈیو لیک، اروشی روٹیلا نے خاموشی توڑ دی

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو شفاف طریقے سے حل کرنا چاہتی ہیں اور لوگوں سے درخواست کی کہ وہ غیر تصدیق شدہ حقائق کے بجائے سچائی پر توجہ دیں۔

  • مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی، مختلف ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ

    مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی، مختلف ایئر لائنز کی پروازیں منسوخ

    اسرائیل کی جانب سے لبنان میں کئے گئے حالیہ حملوں کے بعد مغربی ایشیا میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے، مختلف ایئر لائنز نے اس تناظر میں اپنے طیاروں کی پروازیں منسوخ کردی ہیں، تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے محفوظ رہا جاسکے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایئر الجزائر نے لبنان کے لیے اپنی پروازوں کو منسوخ کردیا ہے اور یہ خدمات اگلے حکم تک معطل رہیں گی۔

    کے ایل ایم نے تل ابیب کے لیے پروازیں 26 اکتوبر تک منسوخ کردی ہیں، جبکہ ٹرانسویہ ایئر لائن نے 31 مارچ 2025 تک تل ابیب کی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں، ایئر فرانس نے 17 ستمبر سے بیروت اور تل ابیب کے لیے پروازیں منسوخ کر دیں۔

    مغربی ایشیا میں صورتحال مزید کشیدہ ہونے کے بعد امریکی ایئر لائن ڈیلٹا نے نیو یارک سے تل ابیب کے درمیان پروازیں 31 دسمبر تک منسوخ کر دی ہیں۔ ہندوستانی ایئر لائنز ایئر انڈیا نے بھی تل ابیب کے لیے پروازیں منسوخ کر رکھی ہیں۔

    برطانوی بجٹ ایئر لائن ایزی جیٹ نے تل ابیب کی تمام پروازیں اپریل میں منسوخ کی تھیں، جو 30 مارچ 2025 کو دوبارہ شروع ہوں گی۔ ہانگ کانگ کی کیتھے پیسیفک ایئر لائن نے تل ابیب کے لیے 27 مارچ 2025 تک تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

    جرمنی کی ایئر لائن لفتھانزا نے بھی تل ابیب اور تہران کے لیے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ بیروت کے لیے پروازیں 30 ستمبر تک بند رہیں گی۔ لاطویا کی ایئر لائن ایئر بالٹک نے بھی تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں معطل کر رکھی ہیں۔

    اسرائیل کی جنوبی لبنان کے 70 مقامات پر بمباری

    برطانوی حکومت نے اپنی ایئر لائنز کو لبنان کے فضائی حدود میں داخل نہ ہونے کی ایڈوائزری جاری کی ہے، جو 8 اگست سے 4 نومبر تک نافذ رہے گی۔یورپ کی بجٹ ایئر لائن رینیر، جرمنی کی سنڈیر ایئر لائن، اور شکاگو کی یونائیٹڈ ایئر لائن نے بھی تل ابیب کی پروازیں منسوخ کی ہیں۔

  • کلاس میں لڑائی کا ڈرامہ، طلبہ کا ٹیچر کو انوکھا سرپرائز، ویڈیو وائرل

    کلاس میں لڑائی کا ڈرامہ، طلبہ کا ٹیچر کو انوکھا سرپرائز، ویڈیو وائرل

    حیدرآباد: بھارت کے مہاراشٹر کے ایک اسکول کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے، جس میں اسکول کے طالب علم ’ٹیچرز ڈے‘ پر اپنی ٹیچر کو انوکھے انداز میں سرپرائز دے رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق طلبہ نے ٹیچرز ڈے کے موقع پر آپس میں لڑائی کا ڈرامہ کیا، لڑائی کی آواز سن کر خاتون ٹیچر نے کلاس کی طرف دوڑ لگادی، ٹیچر کے کلاس میں پہنچنے پر تمام طلبہ نے اپنی ٹیچر کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے انہیں سرپرائز دیا، اس دوران انہیں گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

    مذکورہ اسکول سے دسویں جماعت کے طالب علم سرگم کی جانب سے انسٹاگرام پر واقعے کی ویڈیو شیئر کی گئی، جسے اب تک 5 کروڑ سے زیادہ بار دیکھا جا چکا ہے۔

    سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کو کافی پسند کیا جارہا ہے، جبکہ صارفین اپنے تبصروں کے ذریعے استاد اور طالب علم دونوں کی ستائش کر رہے ہیں۔

    شہری کا موٹر سائیکل سے محبت کا منفرد انداز، ویڈیو وائرل

    ایک صارف نے کہا کہ لڑائی کی خبر سن کر ٹیچر جس طرح کلاس روم کی طرف بھاگی اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اسٹوڈنٹس کا بہت زیادہ خیال رکھتی ہیں، جو بہت اچھی بات ہے۔

  • اسرائیل کی جنوبی لبنان کے 70 مقامات پر بمباری

    اسرائیل کی جنوبی لبنان کے 70 مقامات پر بمباری

    اسرائیل فضائیہ کی جانب سے جنوبی لبنان کے 70 سے زائد مقامات پر بمباری کی اطلاعات ہیں۔

    خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے مس الجبل، طیبہ اور بلیدہ میں بمباری کی گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے وادی بقا میں 70 مقامات کو نشانہ بنایا ہے تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

    میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے حزب اللہ پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فضائی حملوں میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

    دوسری جانب لبنانی وزیرصحت نے کہا ہے کہ لبنان میں مواصلاتی آلات میں ہونے والے دھماکوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔

    لبنانی وزیرصحت کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں حملوں کی دو لہروں میں مجموعی طور پر 37 افراد جان کی بازی ہار گئے، حملوں میں زخمی ہونے والوں میں 287 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

    لبنانی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ لبنان کی خودمختاری، سلامتی پر حملہ خطرناک ہے جو وسیع جنگ کا اشارہ ہے، لبنان میں مسافروں کے طیارے میں پیجر اور واکی ٹاکی لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    لبنان میں مواصلاتی آلات میں دھماکوں کے بعد حزب اللہ نے جوابی کارروائی کی ہے، حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر میزائل داغے گئے، جس سے کم ازکم 8 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔

    کشیدہ صورتحال کے سبب لبنان سرحد پر ایک لاکھ 20 ہزار شہریوں نے اپنا گھر چھوڑدیا ہے، لبنان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل سے اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے اقدامات کی اپیل کی ہے۔

    جوبائیڈن کا اسرائیل حزب اللہ کشیدگی پر اہم بیان

    لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے ٹھوس مؤقف اختیار کرے، یہ معاملہ صرف لبنان کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا ہے۔

  • اسکول کے 3 طالب علم کل سے لاپتہ، مقدمہ درج

    اسکول کے 3 طالب علم کل سے لاپتہ، مقدمہ درج

    بھارت کے تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع کے دیوراکونڈا کے اقلیتی گروکل اسکول کے 3 طالب علم گزشتہ روز سے لاپتہ ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کل سے تین طلباء کے لاپتہ ہونے کے بعد سے والدین اور اسکول کا عملہ سخت پریشان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق لاپتہ ہونے والے 3بچوں کی شناخت توفیق عمر، عبدالرحمن اور مجیب کے ناموں سے ہوئی ہے، جو دسویں جماعت کے طالب علم بتائے گئے ہیں۔

    پولیس اسٹیشن میں شکایت اسکول پرنسپل نے درج کرائی ہے، جبکہ واقعے کے بعد سرپرستوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    دوسری جانب بھارت میں اسکول کے طلبہ و طالبات کو ’مڈ ڈے میل‘ کے نام پر زہریلا کھانا کھلانے کا سلسلہ جاری ہے، ایک واقعے میں بچوں کو چھپکلی ملا کھانا کھلا دیا گیا۔

    اسکول کے طلبہ و طالبات کو کھانا فراہم کرنے کے لیے ’مڈ ڈے میل‘ منصوبہ کے آغاز کیا گیا، لیکن اکثر اس کھانے میں سانپ، چھپکلی، مینڈک اور دیگر زہریلی اشیاء مردہ حالت میں پائی جاتی ہیں۔

    جھارکھنڈ کے دمکا ضلع کے اسکول میں ’مڈ ڈے میل‘ میں چھپکلی گرگئی اور یہی کھانا بچوں کا کھلا دیا گیا، مسلیا واقع پلس ٹو ہائی اسکول موہن پور کے تقریباً 47 بچوں کی مڈ ڈے میل کھانے سے طبیعت بگڑ گئی۔

    میلاد النبیؐ میں شرکت کیلئے جانے والی بس حادثے کا شکار، 26 بچے جاں بحق

    میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام بچوں کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے، بتایا جا رہا ہے کہ مڈ ڈے میل تیار کرتے وقت اس میں چھپکلی گر گئی جس سے پورے کھانا زہریلا ہو گیا تھا۔

  • میانمار میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 11 ہلاک

    میانمار میں شدید بارشوں اور سیلاب سے 11 ہلاک

    ایشیاء کے رواں سال کے سب سے طاقت ور سمندری طوفان یاگی کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے، 10 ستمبر سے شروع ہونے والی بارشوں کے باعث سیلاب آنے سے 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ویتنام میں موثر سمندری طوفان یاگی کے سبب میانمار میں شدید بارشیں ہوئیں۔

    میانمار کے فائر فائٹنگ کے شعبے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث سیلاب کی آفت سے 11 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    بیان کے مطابق سیلاب نے نقل و حمل کو بھی بری طرح متاثر کیا اور کچھ بستیوں تک گاڑیوں کے ذریعے رسائی ممکن نہیں رہی۔ لاکھوں افراد اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ متعدد علاقوں میں بستیاں زیر آب آچکی ہیں۔

    سعودی عرب: موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    سمندری طوفان سے جنوب مشرقی ایشیاء میں شدید بارشیں، خطرناک لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے پورے خطے میں لاکھوں افراد متاثر ہیں۔

  • برطانوی وزیراعظم کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات

    برطانوی وزیراعظم کی امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات

    برطانوی وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات ہوئی، اس دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں رہنماوں نے مصافحہ کیا تاہم صحافیوں کے زیادہ تر سوالوں کے جواب دینے سے گریز کیا۔

    امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ روس کے صدر ولادیمر پیوٹن یوکرین جنگ نہیں جیت سکیں گے، جبکہ میں پیوٹن کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتا۔

    برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ سے متعلق آئندہ چند ہفتے اور مہینے اہم ہوسکتے ہیں۔ جبکہ برطانیہ اور امریکا کا خصوصی تعلق مزید مضبوط کیا جائے گا۔

    دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک تقریب میں اپنے سخت ترین سیاسی حریف ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کی ٹوپی پہن کر لوگوں کو حیران کر دیا۔

    نائن الیون کی یاد میں منعقدہ تقریب کے شرکا اس وقت حیران رہ گئے جب امریکی صدر جو بائیڈن اپنے بدترین سیاسی مخالف اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام والی کیپ پہن کر شریک ہوئے۔

    وائرل ویڈیو میں جوبائیڈن کو ٹرمپ کے نام کی ٹوپی پہنے دیکھا جا سکتا ہے جو انہوں نے تقریب میں موجود افراد کی فرمائش پر تھوڑا ہچکچانے کے بعد پہنی جب کہ اس موقع پر ان کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک حامی سے دلچسپ گفتگو بھی ہوئی جس کو دیکھ کر صارفین بھی محظوظ ہو رہے ہیں۔

    جوبائیڈن نے اس تقریب میں شریک فائر فائٹرز کو اپنی انتخابی مہم والی کیپ دی اور کچھ دیر بات چیت بھی کی اور یہ دلچسپ مکالمہ وائرل ہو گیا۔

    مذکورہ فائر فائٹر نے بائیڈن کی جانب سے دی جانے والی کیپ پر ان کا آٹو گراف مانگا لیکن جب امریکی صدر دستخط کرنے لگے تو اس نے پوچھا کہ کیا آپ کو اپنا نام یاد ہے۔

    برطانیہ: نو عمر لڑکیوں سے زیادتی کے 7 ملزمان کو سزا سنادی گئی

    جس پر جوبائیڈن مسکرائے اور انھوں نے جواب دیا کہ ’نہیں مجھے اپنا نام نہیں یاد، میں بوڑھا ہوگیا ہوں۔