Tag: ARY

  • امریکا نے یوکرین کو ٹیکٹیکل میزائل فراہم کردیئے

    امریکا نے یوکرین کو ٹیکٹیکل میزائل فراہم کردیئے

    روس کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا ہے کہ امریکا نے ٹیکٹیکل میزائل یوکرین کو فراہم کردیئے ہیں۔

    روسی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنیوالے ٹیکٹیکل ہتھیار اسی ماہ یوکرین کو فراہم کئے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی امریکا نے اسرائیل، یوکرین اور تائیوان کے لیے 95 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دے دی ہے، جو امریکی صدر کی توثیق کے بعد جاری کردیا جائے گا۔

    ڈیموکریٹکس سینیٹر چک شمر کے مطابق امریکا نے پیکیج کی منظوری سے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ ہم اپنے اتحادیوں کو تنہا نہیں چھوڑتے۔

    دوسری جانب امریکا کی کئی جامعات میں طلبا غزہ کے مظلوموں کیلئے سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے امریکا کی جانب سے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی فوری بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    مظاہرین نے پر زور مطالبہ کیا کہ امریکا اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی فوری بند کرے، ٹیکساس یونیورسٹی آسٹن کے طلباء کے احتجاج کے دوران پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

    امریکا کا طالبان رجیم کو تسلیم کرنے سے صاف انکار

    اس دوران پولیس نے 3 مظاہرین کو گرفتار کرلیا جبکہ یونیورسٹی احاطے میں سخت کشیدگی پھیل گئی، ہر جانب فلسطین کی آزادی کے نعرے گونج اُٹھے۔

  • لیبیا میں صحرائی سرخ ریت کا طوفان، نظام زندگی درہم برہم

    لیبیا میں صحرائی سرخ ریت کا طوفان، نظام زندگی درہم برہم

    لیبیا کے مشرقی علاقوں میں کالی آندھی کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، ریت کے طوفان کے باعث دن میں بھی تاریکی چھا گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صحرائی سرخ ریت اڑانے والی آندھی سے ماحول سرخ ہوگیا، پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ نظام زندگی بھی شدید متاثر ہوا۔

    حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہوگئی جس کے باعث رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا۔

    سمندر کے دوسری طرف یونان میں بھی اس سے ملتی جلتی کیفیت دیکھی گئی جہاں صحرائے کبریٰ کی سرخ ریت سے ماحول سرخ ہوگیا۔

    دوسری جانب چین کے جنوبی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا جبکہ چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

    رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹریفک اور ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے، تیز ہواؤں سے متعدد گھروں کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔

  • سعودی عرب میں آج چاند نظر آئے گا یا نہیں؟ ماہرین فلکیات نے بتادیا

    سعودی عرب میں آج چاند نظر آئے گا یا نہیں؟ ماہرین فلکیات نے بتادیا

    سعودی عرب میں ماہرین فلکیات نے آج شوال کا چاند نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی ماہرین فلکیات کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مملکت میں عید الفطر بدھ کو ہونیکا امکان ہے، ماہرین فلکیات کہتے ہیں کہ سعودی عرب میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ مملکت میں شوال کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج ہوگا جس کیلئے شہریوں سے آج 8 اپریل کو شوال کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی چاند دیکھنے والی کمیٹی نے تمام مسلمانوں سے پیر کی شام 29 رمضان المبارک 1445 ہجری کو شوال المکرم کا چاند دیکھنے کی اپیل کی ہے۔

    گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے درخواست کی ہے جو کوئی بھی چاند دیکھے وہ 026921166 پر رابطہ کرے تاکہ گواہی ریکارڈ کرانے کے لیے قریبی عدالت سے رجوع کیا جائے۔

    بین الاقوامی فلکیاتی مرکز نے پیش گوئی کی ہے کہ اس سال رمضان تیس دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

  • برطانیہ میں ییلو وارننگ جاری کردی گئی

    برطانیہ میں ییلو وارننگ جاری کردی گئی

    برطانیہ میں اس ہفتے کے اختتام تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی ییلو وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان کیتھرین ہفتہ کو برطانوی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا، جس کے باعث جانی نقصان کا بھی اندیشہ ہے۔

    میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ویلز، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ ہفتہ کو طوفان سے متاثر ہوں گے۔

    اسکاٹ لینڈ میں جمعہ کی صبح میں برفباری ہوسکتی ہے، جبکہ ملک کے مغربی حصوں میں تیز ہوائیں چلیں گی جنکی رفتار 60 سے 70 میل فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہیں۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں عسیر کے میئر عبد اللہ الجالی کی جانب سے شمالی نشیبی علاقوں کے رہنے والوں کو سیلاب کے خطرے سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق میئر عبد اللہ الجالی نے بتایا کہ تیز بارشوں کے باعث عسیر کے 19 ڈیم بھر چکے ہیں جبکہ وادیوں میں پانی کا بہاؤ شدت کے ساتھ جاری ہے۔

    متعلقہ ادارے نے پانی کی سطح بلند ہوجانے پر وادیوں کے رہائشیوں کو مکانات خالی کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ ڈیموں کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔

    عسیر کے میئر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ڈیموں کو بچانے کے لیے تمام دروازوں کو کھول دیا گیا ہے، عسیر کا سب سے بڑا ڈیم غالبہ ہے جس میں انتہائی حد 217 مکعب میٹر پانی بھر چکا ہے اور یہی حال باقی ڈیموں کا بھی ہے۔

  • بائیڈن کا اسرائیلی ہتھیاروں کی ترسیل معطل کرنے پرغور

    بائیڈن کا اسرائیلی ہتھیاروں کی ترسیل معطل کرنے پرغور

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، اسرائیلی نے غزہ کو دنیا کے سب سے بڑے قبرستان میں تبدیل کردیا ہے۔ ایسے میں امریکی صدر اسرائیل نواز پالیسیوں پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔

    خبرایجنسی کے مطابق شدید تنقید کے بعد وائٹ ہاؤس نے اسرائیل کوفراہم ہتھیاروں کی فہرست طلب کرلی ہے، وائٹ ہاؤس نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور پینٹاگون کو فہرست دینے کی ہدایت کردی ہے۔

    خبرایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے مستقبل میں اسرائیلی ہتھیاروں کی ترسیل کو معطل یامشروط کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ مذکورہ فیصلہ بائیڈن کواسرائیل کی پشت پناہی پر کڑی تنقید کے بعد لیا گیا ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کی اسرائیل کی حمایت میں بنائی گئی پالیسی سے اختلاف پرامریکی محکمہ خارجہ کی انسانی حقوق کے لیے مقرر کردہ آفیسر اینیل شیلین اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اینیل شیلین نے گزشتہ روز 27 مارچ کو واشنگٹن پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

    اینیل شیلین کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کی انتظامیہ اسرائیل کو مسلح کرنے کا سلسلہ جاری رکھ کر امریکی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی وکالت کرنے کی کوشش کرنا اب میرے لیے محض ناممکن ہو گیا ہے اور میں ایسی صورتحال میں اپنا کام کرنے کے قابل نہیں تھی۔

    اینیل شیلین کا کہنا تھا کہ امریکہ اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ثبوت موجود ہونے کے باوجود بھی خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اچانک بڑی فوجی مشق کا آغاز کردیا

    اینیل شیلین کا کہنا تھا کہ میری ایک بیٹی ہے جو ابھی چھوٹی ہے لیکن اگر مستقبل میں کسی دن اسے یہ سب کچھ پتہ چلے گا کہ میں محکمہ خارجہ میں تھی تو مجھ سے سوال کرے گی اور میں اس وقت اپنی بیٹی کے سامنے شرمندہ نہیں ہونا چاہتی۔

  • اجتماعی قبر سے ایک ہزار ڈھانچے دریافت، ماہرین دنگ رہ گئے

    اجتماعی قبر سے ایک ہزار ڈھانچے دریافت، ماہرین دنگ رہ گئے

    ماہرین آثار قدیمہ نے یورپ میں ممکنہ طور پر سب سے بڑی اجتماعی قبر کو دریافت کرلیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں انسانوں کے کم از کم 1 ہزار ڈھانچے دریافت کرنے کے بعد ماہرین آثار قدیمہ بھی حیران رہ گئے ہیں۔

    ماہرین آثار قدیمہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ یورپ میں اب تک دریافت ہونے والی سب سے بڑی اجتماعی قبر ہوسکتی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ حکام کی ایک ٹیم رہائشی عمارت کے تعمیراتی مقام کا سروے کر رہی تھی جب انہوں نے قبریں دریافت کیں۔ 8 اجتماعی قبروں میں سے 3 کی کھدائی کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے، جبکہ دیگر قبروں کے حوالے سے جانچ کی جارہی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اجتماعی قبروں کی کھدائی کے بعد ملنے والے ڈھانچوں کی تعداد 1500 تک پہنچ سکتی ہے جو کہ 15ویں صدی کے آخر اور 17ویں صدی کے اوائل کے درمیان کے ہیں۔

    نیورمبرگ کے محکمہ ثقافت کے حکام کے مطابق اس طرح کی دریافت پہلے کبھی نہیں ہوئی اور کسی نے کبھی ایسا نہیں سوچا تھا۔

    دبئی میں بھکاریوں کو لینے کے دینے پڑ گئے، 200 سے زائد گرفتار

    محکمہ ثقافت کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ مقام نیورمبرگ شہر کے لیے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے اور ہم تمام ممکنہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

  • کلہاڑی کے وار سے خاتون اور 4 بچوں کا قتل

    کلہاڑی کے وار سے خاتون اور 4 بچوں کا قتل

    بھارتی ریاست بہار کے موتیہاری میں ایک خاتون اور اس کے 4 بچوں کو بے رحمی سے قتل کردیا گیا، جس کے بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ خاتون کے شوہر نے اپنے چار بچوں اور بیوی کو کلہاڑی کے وار سے قتل کیا، متوفی خاتون کا شوہر کارروائی کے بعد سے مفرور ہے، پولیس کو شبہ ہے کہ اس واقعے کے پیچھے شوہر کا ہاتھ ہے۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندانی جھگڑے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، اگر ایسا ہے تو ملزم کوئی اور نہیں بلکہ خاتون کا شوہر اور بچوں کا باپ ہے۔ یہ افسوسناک واقعہ موتیہاری کے پہاڑ پور تھانہ علاقے کے باوریا گاؤں میں رونما ہوا ہے۔

    خاتون اور 5 بچوں کے بہیمانہ قتل کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا برقرار ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ فرانزک ٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

    دبئی میں بھکاریوں کو لینے کے دینے پڑ گئے، 200 سے زائد گرفتار

    ابتدائی طور پر یہ سارا معاملہ خاندانی تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ تمام شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کو تلاش کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔

  • اسرائیل نے رفح میں حملوں کی منصوبہ بندی کرلی

    اسرائیل نے رفح میں حملوں کی منصوبہ بندی کرلی

    غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد اسرائیل فوج نے رفح میں بھی قتل عام کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

    اسرائیلی اخبار کے مطابق اسرائیل نے رمضان کے فوری بعد رفح میں 6 ہفتوں تک حملوں کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

    دوسری جانب غزہ میں اب بھی اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 70 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

    خطے میں مسائل کی جڑ اسرائیل ہے، ایرانی صدر

    اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی قرارداد کا بھی نوٹس نہیں لیا اور کہا کہ حماس کو سمجھ جانا چاہیے کہ اسرائیل پر عالمی دباؤ کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

    نیتن یاہو کا ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں امریکی فیصلہ بہت برا اقدام تھا، اسرائیلی وفد کو امریکا نہ بھیجنے کا فیصلہ حماس کے لیے پیغام تھا کہ کوئی بھی عالمی دباؤ قبول نہیں ہوگا۔

  • فلسطینیوں کیخلاف جارحیت بڑھائی جائے، اسرائیلی وزیر کا مطالبہ۔۔

    فلسطینیوں کیخلاف جارحیت بڑھائی جائے، اسرائیلی وزیر کا مطالبہ۔۔

    اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں اسرائیلی ممبر الموگ کوہن نے ڈھٹائی دکھاتے ہوئے نہتے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف جارحیت بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک انٹرویو میں اسرائیلی ممبر الموگ کوہن نے نتین یاہو کو زہر آلود مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو غزہ سے نکلانے کا یہ سنہرا موقع ہے، یہ روزے رکھ رہے ہیں، کمزور ہیں، کھانے پینے کو کچھ نہیں، یہ ہمارا مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔

    دوسری جانب امدادی سامان کے حصول کے لئے سمندر میں چھلانگ لگانے والے بارہ فلسطینی ڈوب گئے جبکہ خشکی پر گرنے والے امدادی سامان لینے کی کشمکش میں بھگدڑ سے چھ فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غزہ میڈیا دفتر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ کے شمالی ساحلی علاقے میں فضا سے گرائی جانے والی امداد کچھ سمندر اور کچھ خشکی پر گری۔

    بحیرہ روم میں گرنے والے امدادی پیکٹ لینے کیلئے سمندر میں چھلانگ لگانے والے 12 فلسطینی سمندر میں ڈوب کر شہید ہوگئے۔

    غزہ میڈیا دفتر کے مطابق خشکی میں گرنے والا امدادی سامان لینے کیلئے بھگدڑ مچنے سے 6 فلسطینی شہید ہوئے۔

    غزہ میڈیا دفتر کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں بدترین فاقہ کشی کی صورتحال ہے۔ قحط جیسی صورتحال میں فضا سے امداد گرانا بدسلوکی اور فضول ہے۔

    کراکس ہال حملہ، روسی صدر کا اہم بیان سامنے آگیا

    غزہ میڈیا دفتر نے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ میں امداد کی فراہمی کے لیے زمینی راستے فوری بحال کیے جائیں۔اگر فوری طور پر زمینی راستے بحال نہیں کئے گئے تو بہت بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔

  • امارات کے عمرہ زائرین کے لیے خاص ہدایات جاری

    امارات کے عمرہ زائرین کے لیے خاص ہدایات جاری

    متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے عمرہ اور حج پر جانے والوں کے لیے خاص ہدایات جاری کرتے ہوئے انفلوائنزا ویکسین کو لازمی قرار دے دیا ہے، جبکہ عمل درآمد منگل 26 مارچ 2024 سے کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اماراتی وزارت صحت اور کمیونٹی پروٹیکشن کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ یو اے ای سے عمرہ پر جانے والے تمام لوگوں کو ویکسینیشن کی تمام مطلوبہ بنیادی خوراکیں لازمی لینا ہوں گی۔

    وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل 26 مارچ 2024 سے عمرہ پر جانے والے تمام افراد کے لیے انفلوائنزا ویکسینیشن کارڈ پیش کرنا ضروری ہوگا۔

    وزارت کے مطابق عمرہ پرجانے کے خواہشمندوں کو چاہئے کہ وہ سفر سے کم از کم 10 روز قبل ویکسین لگوانے کا اہتمام کریں تاکہ فلو وائرس سے صحیح معنوں میں حفاظت ہوسکے۔

    محکمہ صحت عامہ اوراحتیاطی امور کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ندی المرزوقی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حفاظتی ویکسین لگانے والے مختلف قسم کے امراض سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔

    عمرہ اور حج کے مسافروں سے ڈاکٹر المزروقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ مناسک کی ادائیگی کے دوران صحت مسائل سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سفر کے دوران گرمی، تھکن اور جسمانی دباؤ سے بھی بچیں جس سے بعض اوقات بیماری اور صحت مسائل میں مبتلا ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    مسجد الحرام میں مطوفین کی تعداد بڑھادی گئی

    ضرورت اس بات کی ہے کہ عمرہ اور حج پر جانے والے خاص طور پر معمر، حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین پہلی فرصت میں ویکسین لگوانے کا اہتمام کریں۔