Tag: ARY

  • ایران نیوکلیئر ڈیل، امریکا اور اتحادیوں نے اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کردی

    ایران نیوکلیئر ڈیل، امریکا اور اتحادیوں نے اگست کی ڈیڈ لائن مقرر کردی

    ایران سے نیوکلیئر ڈیل کے لیے امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے برطانیہ، فرانس اور جرمن ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر حتمی سمجھوتے کے لیے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈ لائن دی جائے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ ممالک ڈیل نہ ہونے کی صورت میں ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وہ تمام پابندیاں پھر سے عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو سن 2015 میں ایران نیوکلیئر ڈیل کے موقع پر اٹھالی گئی تھیں۔

    دوسری جانب ایران نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکہ نے جوہری مذاکرات کو یورینیم افزودگی کے خاتمے سے مشروط کیا تو مذاکرات نہیں ہوں گے۔

    واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق کئی روز سے بات چیت جاری تھی لیکن اسرائیل کے اچانک حملوں کے باعث یہ عمل رک گیا، ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 دن جنگ رہی۔

    دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خاتمے کے بعد امریکہ اور ایران بات چیت کی بحالی کا عندیہ دیا گیا لیکن ایران نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔ اور نہ ہی ایسے کسی مذاکراتی عمل کا حصہ بنے گا۔

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی ولایتی نے سرکاری نیوز ایجنسی ایرنا کو بتایا کہ اگر مذاکرات کی شرط افزودگی کا خاتمہ ہے تو یہ مذاکرات کبھی نہیں ہوں گے۔

    حماس کا اسرائیلی فوجیوں پر اچانک کاری وار، نیتن یاہو پر پیر کی رات بھاری گزری

    ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی کہا کہ امریکہ سے بات چیت کے لیے ابھی تک کوئی تاریخ طے نہیں کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تاحال ایران کے اعلیٰ سفارت کار عباس عراقچی اور امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے درمیان ملاقات کے لیے بھی کوئی وقت یا مقام مقرر نہیں کیا گیا ہے۔

  • زیادتی کیس، بھارتی کرکٹر یش دیال کی گرفتاری پر حکم امتناع جاری

    زیادتی کیس، بھارتی کرکٹر یش دیال کی گرفتاری پر حکم امتناع جاری

    بھارت کے الہ آباد کی ہائی کورٹ نے جنسی استحصال کے کیس میں بھارتی کرکٹر یش دیال کی گرفتاری پر حکم امتناع جاری کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے اگلی سماعت تک پولیس کو یش دیال گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔

    الہ آباد ہائی کورٹ کا دوران سماعت کہنا تھا کہ آپ ایک دو دن تک بے وقوف بنا سکتے ہیں، کوئی کسی کو کیسے 5 سال تک بیوقوف بنا سکتا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق غازی آباد میں یش کے خلاف 6 جولائی کو ایف آئی آر کا اندراج ہوا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے فاسٹ بولر یش دیال کے خلاف ایک خاتون سے زیادتی کا کیس رجسٹرڈ کیا گیا تھا۔

    فاسٹ بولر پر ایک خاتون نے جنسی استحصال کا الزام لگایا تھا، غازی آباد کی خاتون نے فاسٹ بولر پر جنسی استحصال کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔

    جس کے بعد خاتون سے زیادتی کے کیس میں بھارتی کرکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

    بھارتی کرکٹر محمد سراج پر آئی سی سی نے بھاری جرمانہ عائد کردیا

    رپورٹس کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ 5 سالہ تعلق کے دوران یش نے جسمانی اور ذہنی تشدد کیا۔ خاتون نے شادی کا وعدہ کر کے مالی طور بھی استحصال کرنے کا الزام لگایا تھا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق الزامات ثابت ہونے پر بھارتی کرکٹر کو 10 برس قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • آج کل اداکاری نہیں بلکہ دکھاوے کا دور ہے، توقیر ناصر

    آج کل اداکاری نہیں بلکہ دکھاوے کا دور ہے، توقیر ناصر

    کراچی 12 جولائی 2025: پاکستان کے سینئر اداکار توقیر ناصر نے موجودہ شوبز انڈسٹری کے رجحانات پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے ڈراموں میں خلوص، سچائی اور جذبات کی بجائے ظاہری خوبصورتی اور دکھاوے کو زیادہ اہمیت حاصل ہے۔

    توقیر ناصر کا نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماضی کے فنکار اپنے کرداروں سے جذباتی طور پر جُڑے ہوتے تھے اور ان کی اداکاری میں فطری انداز اور سچائی کی عکاسی ہوتی تھی، اس کے برعکس آج کل کی اداکاری میں اصل جذبات کی بجائے میک اپ اور سرجری سے بنائے گئے خدوخال نمایاں ہو رہے ہیں۔

    سینئر اداکار نے اداکاراؤں میں بڑھتے ہوئے پلاسٹک سرجری کے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی حسن نے ان کے چہروں کو مصنوعی جیسا بنا دیا ہے۔ جبکہ ماضی کی اداکارائیں سادگی پسند تھیں اور قدرتی طور پر خوبصورت ہوا کرتی تھیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ پہلے ڈائریکٹر سیٹ پر موجود رہتے تھے اور فنکاروں کی رہنمائی کرتے تھے کردار میں ڈھلنے میں اداکاروں کی رہنمائی کرتے تھے جبکہ اب زیادہ تر صرف مانیٹر پر نظر رکھتے ہیں جس سے اداکاری کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔

    اس سے قبل توقیر ناصر شوبز انڈسٹری کی نوجوان اداکاراؤں ہانیہ عامر اور سجل علی کے کام کی تعریف بھی کرچکے ہیں۔

    شاہ رخ خان نے میرے کردار کو ہُو بہُو نقل کیا، توقیر ناصر

    ماضی کے نامور اداکار نے ایک شو میں اپنے کریئر، تجربات اور شوبز میں آن والی تبدیلیوں سے متعلق کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرانے زمانے میں کام کرنے والے اسٹارز زیادہ بہتر تھے کیونکہ وہ اپنے کام کے حوالے سے بہت فکرمند رہتے تھے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی ہماری انڈسٹری میں کچھ اچھے اور باصلاحیت فنکار ہیں، ہانیہ عامر اور سجل علی بھی ان اداکاروں میں شامل ہیں جو باصلاحیت ہیں۔

  • کیا پیٹرول کے رنگ میں فرق غیر معیاری ہونے کی علامت ہے؟

    کیا پیٹرول کے رنگ میں فرق غیر معیاری ہونے کی علامت ہے؟

    سعودی عرب میں پیٹرول اسٹیشنز کی نگران کمیٹی ’وقود‘ کا اہم بیان سامنے آیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول کے رنگ میں معمولی فرق اس کے غیرمعیاری ہونے کی علامت نہیں ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی تھی جس میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ بعض پیٹرول اسٹیشنز پرفروخت کیا جانے والا 91 پٹرول کا رنگ گہرا نہیں جو غیرمعیاری ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پٹرول کی نگران کمیٹی کی جانب سے اس پر وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ پٹرول 91 اور 95 کو سبز اور سرخ رنگ دیا گیا ہے جو ان کو جدا کرنے کی علامت ہے۔ رنگ سے یہ ظاہر نہیں ہوتا کہ پٹرول غیرمعیاری ہے۔

    پٹرول کی نگران کمیٹی کے مطابق پٹرول کے معیار کو جانچنے کے لیے متعلقہ کمیٹی مستقل بنیادوں پر پٹرول پمپس سے نمونے حاصل کرکے ان کا لیبارٹری تجزیہ کرتی رہتی ہے تاکہ غیرمعیاری یا ملاوٹ شدہ پٹرول کی نشاندہی ممکن ہوسکے، رنگ کے گہرا اور ہلکے ہونے سے اس کے معیار پر فرق نہیں پڑتا۔

    یواےای میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان

    نگران کمیٹی کے مطابق پٹرول کے بارے میں شکایات کے لیے ٹول فری نمبر دستیاب ہیں، جن پر رابطہ کیا جاسکتا ہے علاوہ ازیں ’خدمہ الشرکا‘ ایپ کے ذریعے بھی شکایات درج کرائی جاسکتی ہیں۔

  • امریکا نے ایرانی بینکنگ نیٹ ورک پر مزید پابندیاں لگادیں

    امریکا نے ایرانی بینکنگ نیٹ ورک پر مزید پابندیاں لگادیں

    امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے ایران کی بینکنگ نیٹ ورک پر مزید پابندیاں لگادی گئی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق متحدہ عرب امارات، ترکیہ، چین اور ہانگ کانگ کی کچھ کمپنیاں بلیک لسٹ کی گئی ہیں، ان کمپنیوں پر ایران کے میزائل پروگرامز کی مالی و تیکنیکی معاونت کرنے کے الزامات ہیں۔

    امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایرانی تیل کی خرید و فروخت سے کروڑوں ڈالرز کا ایران کو فائدہ دیا گیا ہے، ایران سے لین دین کرنے والوں پر بھی مزید پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

    امریکا نے ایران کی تیل تجارت پر نئی پابندیاں عائد کردیں:

    امریکا کی جانب سے ایران کی تیل تجارت اور حزب اللّٰہ سے وابستہ مالی ادارے پر نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    امریکی محکمہ خزانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عراقی۔برطانوی شہری سلیم احمد سعید کی زیر نگرانی کمپنیوں کا نیٹ ورک 2020 سے ایرانی تیل کو عراقی تیل کے طور پر ظاہر کرکے اربوں ڈالر کی اسمگلنگ میں ملوث ہے۔

    امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں میں سلیم احمد سعید کی یو اے ای میں قائم کمپنی وی ایس ٹینکرز اور متعدد بحری جہاز شامل ہیں جو ایرانی پاسداران انقلاب کی مدد کے لیے استعمال ہوئے۔

    ایران جوہری پروگرام جاری رکھنے سے خوفزدہ ہے، نیتن یاہو کا دعویٰ

    رپورٹس کے مطابق حزب اللّٰہ کے مالیاتی ادارے القرض الحسن سے منسلک کئی اعلیٰ عہدیداروں اور اداروں کو بھی پابندیوں کی زد میں لیا گیا ہے۔

    امریکی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی مالی رسائی کو روکنے اور اس کی غیر مستحکم سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے دباؤ میں اضافہ کیا جائے گا۔

  • ایران جوہری پروگرام جاری رکھنے سے خوفزدہ ہے، نیتن یاہو کا دعویٰ

    ایران جوہری پروگرام جاری رکھنے سے خوفزدہ ہے، نیتن یاہو کا دعویٰ

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایران جوہری پروگرام جاری رکھنے سے ‘خوفزدہ’ ہے، اسرائیل جانتا ہے کہ ایران نے انتہائی افزودہ یورینیم کہاں زیر زمین دفن کیا ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ایرانی سمجھتے ہیں کہ جو کچھ امریکا اور اسرائیل نے ایک بار کیا، وہ دو تین بار بھی کر سکتے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی معاہدہ جلد ہونے کا امکان بھی ظاہر کردیا۔

    اس سے قبل وائٹ ہاوس میں عشائیہ پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے نیویارک کیلئے نامزد مئیر ظہران ممدانی سے متعلق سوال کیا گیا تھا۔

    صحافی نے پوچھا ممدانی نے کہا ہے کہ اگر آپ نیویارک آئے تو گرفتار کر لئے جائیں گے، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ڈیموکریٹک میئر کے نامزد امیدوار ظہران ممدانی کی جانب سے گرفتاری کی دھمکی کو ”احمقانہ”قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

    اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں، صدر ٹرمپ فوری بولے میں ان کو باہر نکال لوں گا، نیتن یاہو نے کہا میں نیویارک صدرٹرمپ کیساتھ جاؤں گا پھر دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔

    صدر ٹرمپ بولے ظہران ممدانی ایک کمیونسٹ ہیں اور وہ یہودیوں کیلئے بری باتیں کرتے ہیں لیکن ابھی کوئی نہیں جانتا نیویارک کا مئیر کون ہوگا۔

    امریکی صدر کی برازیل کو دھمکی

    واضح رہے ممدانی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا تھا۔

  • وادی نیلم میں سیاحوں کی کار دریا میں جاگری، 6 جاں بحق، بچہ لاپتہ

    وادی نیلم میں سیاحوں کی کار دریا میں جاگری، 6 جاں بحق، بچہ لاپتہ

    مظفرآباد: چلہانہ کے مقام پر وادی نیلم میں سیاحوں کی کار دریا میں جاگری، افسوسناک حادثے میں 5 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ بچہ لاپتہ ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ کا کہنا ہے کہ افسوسناک حادثے میں 5 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ بچہ لاپتہ ہوگیا ہے۔

    ڈی سی نیلم کے مطابق لاپتہ ہونے والے بچے کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، دشوار گزار راستے، کھائی کے باعث لاشیں نکالنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی وادی نیلم میں جیپ حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں درجن سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

    ایس ایس پی وادی نیلم خواجہ صدیق کا کہنا تھا کہ جیپ میں 23 افراد سوار تھے، چار افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

    ویڈیو: وادی نیلم میں نالہ عبور کرتے ہوئے باپ بیٹی پانی میں بہہ گئے

    حکام کے مطابق حادثے میں 3افراد زخمی ہوئے، مقامی افراد اور پاک فوج کی ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشیں نکال لیں۔

    آپریشن میں ماہرغوطہ خور، ریسکیواہلکار شریک رہے، تاہم دریا کے بہاؤ میں تیزی اور ٹھنڈے پانی کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

  • محمد شامی اہلیہ کو ہر ماہ کتنی رقم دیں گے؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا

    محمد شامی اہلیہ کو ہر ماہ کتنی رقم دیں گے؟ عدالت نے فیصلہ سنا دیا

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی محمد شامی کے لیے بری خبر سامنے آگئی، عدالت نے فاسٹ بولر کو ان کی اہلیہ حسین جہاں کو ہر ماہ 4 لاکھ روپے دینے کا حکم جاری کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد شامی کو کولکتہ ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ وہ اہلیہ حسین جہاں اور بیٹی کو ہر ماہ 4 لاکھ روپے گزارا بھتہ دینے کے پابند ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق عدالت نے شامی کو حکم دیا کہ وہ حسین جہاں کو ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ اور ان کی نابالغ بیٹی کے اخراجات کے لیے ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ دیں گے، یعنی شامی اپنی بیوی اور بیٹی کو کل 4 لاکھ روپے ماہانہ ادا کریں گے۔

    حسین جہاں نے 2018 میں ماہانہ الاؤنس کے لیے عدالت سے رابطہ کیا تھا، اہلیہ نے شامی سے 10 لاکھ روپے ماہانہ الاؤنس کا مطالبہ کیا تھا، جس میں سے 7 لاکھ روپے اپنے لیے اور 3 لاکھ روپے اپنے بیٹے کی تعلیم اور پرورش کے لیے تھے۔

    تاہم، علی پور کورٹ نے اگست 2018 میں شامی کو حکم جاری کیا تھا کہ وہ اپنی بیوی کو 50,000 روپے ماہانہ اور اپنی بیٹی کو 80,000 روپے ماہانہ ادا کرے۔

    علی پور کورٹ کے فیصلے کو شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے کلکتہ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ سال 2021 کے انکم ٹیکس ریٹرن (آئی ٹی آر) کے مطابق شامی کی سالانہ آمدنی 7.19 کروڑ روپے ہے۔ یعنی ہر ماہ 60 لاکھ روپے کی آمدنی۔ جبکہ میرے ماہانہ اخراجات 6 لاکھ روپے سے اوپر ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق کلکتہ ہائی کورٹ میں جسٹس اجے مکھرجی نے دیکھا کہ علی پور کورٹ کا حکم واضح نہیں ہے۔ شامی کی مالی حالت مستحکم ہے اور وہ مزید ماہانہ الاؤنس ادا کرنے کے قابل ہے۔ حسین نے دوسری شادی بھی نہیں کی اور وہ اپنی بیٹی کے ساتھ اکیلی زندگی بسر کررہی ہیں۔

    محمد شامی بھی بھارتی میڈیا کی فیک نیوز پر برس پڑے

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شامی اور حسین جہاں کے درمیان تاحال طلاق کا فیصلہ نہیں ہوپایا ہے، 23 جولائی 2022 کو شامی نے ‘طلاق الحسن’ کے تحت حسین کو طلاق کا نوٹس بھیجا تھا۔ طلاق کا مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔

  • امریکا نے ایران پر حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت جائز قرار دیدیا

    امریکا نے ایران پر حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت جائز قرار دیدیا

    امریکا کی جانب سے ایران پر حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت جائز قرار دے دیا گیا ہے۔

    بین ا لاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو لکھے خط میں امریکا نے ایران کے خلاف کارروائی کو اجتماعی دفاع قرار دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت ختم کرنا ہدف تھا، ایران کے ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے اور استعمال کے خطرے کو روکنا ضروری تھا۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے لیے پُرعزم ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکا نے 22 جون کو ایران کی 3 ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد امریکا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم کردیا گیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ فردو، نطنز اور اصفحان میں نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ کیا گیا ہے، فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی گئی۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے ایران کے فردو، نطنز اوراصفحان میں موجود جوہری تنصیبات پر حملہ کیا اور امریکی طیارے ایرانی فضائی حدود سے باہر آچکے ہیں۔

    قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ ایران کی ایٹمی تنصیبات پر دوبارہ حملے سے بالکل گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ غزہ میں آئندہ ہفتے تک جنگ بندی نافذ ہوجائے گی۔

    وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں غزہ میں آئندہ ہفتے تک جنگ بندی نافذ ہوجائے گی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں جانتا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کہاں چھپے ہیں میں نے ان کی جان بچائی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ میں نے اسرائیل اور امریکی افواج کو خامنہ ای کو ہدف بنانے سے روکا، میں نے حکم دیا کہ اسرائیلی طیارے تہران پر بڑے حملے سے پیچھے ہٹ جائیں۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کا سب سے بڑا حملہ ہوتا شدید تباہی آتی، ہزاروں ایرانی مارے جاتے۔

    ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر نے جنگ جیتنے کا جھوٹا دعویٰ کیا حالانکہ ان کے ملک کو تباہ کردیا گیا، ایران کی تین جوہری تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔

  • امریکا کی جانب سے ایران کی اقتصادی پابندیاں ختم کئے جانے کا امکان

    امریکا کی جانب سے ایران کی اقتصادی پابندیاں ختم کئے جانے کا امکان

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران امریکا مذاکرات میں واشنگٹن کی جانب سے ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیش کش کا امکان ہے۔

    امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران کو بیرونی بینکوں میں اسکے 6 ارب ڈالر استعمال کی اجازت دی جاسکتی ہے، تاہم مذاکرات میں اہم ترین شرط ایران کو یورینیم افزودگی کی اجازت نہ دینا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ایرانی سویلین نیوکلیئر پلانٹ کے لیے عربوں کے ذریعے سرمایہ کاری کی پیش کش کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے نیٹو اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ایران مذاکرات اگلے ہفتے ہوں گے، ایران سے جوہری معاہدہ ہوسکتا ہے۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران بڑی بہادری سے لڑا، جنگ کے بعد اسے اپنی معیشت سنبھالنی ہوگی اور پیسے چاہیے ہوں گے۔

    آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا اہم بیان:

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا۔

    اپنے پہلے ویڈیو پیغام اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ایران نے اسرائیل اور اس کے تمام دعوؤں کو کچل کررکھ دیا، 9 کروڑ ایرانیوں نے متحد ہوکر فوج کا ساتھ دیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، ایرانی فوج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایرانی عوام تمام اختلافات بھلا کر متحد ہو کر کھڑی ہوئی، ایرانی عوام نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ ہم ایک ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا ہے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے ایرانی عوام کو سرنڈر کرنیکی دھمکی دی، ایرانی عوام نے کبھی سرنڈر نہیں کیا اور نہ کرے گی جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ ایرانیوں نے کبھی سرنڈر نہیں کیا، اللہ کے فضل سے ایرانی عوام متحد ہوکر کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت براہ راست جنگ میں داخل ہوئی کیونکہ اسے لگتا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو صیہونی حکومت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی، صیہونی حکومت تقریباً گر چکی ہے، امریکا اسرائیلی حکومت کو بچانے کی کوشش میں جنگ میں داخل ہوا لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔