Tag: ARY

  • غزہ میں اسرائیلی ظلم و ستم کا سلسلہ جاری، مزید 240 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیلی ظلم و ستم کا سلسلہ جاری، مزید 240 فلسطینی شہید

    اسرائیلی فوج نے غزہ کے رہائشی علاقوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد حملے کرکے مزید 240 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔

    عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے ہلال احمر ہیڈ کوارٹرز میں بھی متعدد شہادتوں کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں جبکہ خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہ فلسطینی ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر پر بھی بمباری کی گئی۔

    اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی مزاحمت کاروں کے جوابی وار بھی جاری ہیں، اسرائیلی فوج نے مزید 2 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

    مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں مزید 8 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ فلسطینی سیاست دان خالدہ جرار سمیت 55 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    غزہ میں انٹرنیٹ اور مواصلاتی سروسز پھر سے معطل کردی گئیں جبکہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔

    مقبوضہ مغربی کنارے میں نورالشمس پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ڈرون حملے میں 6 سے زائد فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے۔ اسپتالوں میں سہولیات ناپید ہوچکی ہیں۔

    دوسری جانب روس کا کہنا ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین کے مشرق میں ماریانکا پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے، تاہم کیف کی فوج نے ماسکو کے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین کے فوجی اب بھی تباہ شدہ قصبے کی حدود میں موجود ہیں۔

    وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک ملاقات میں بتایا ”ہمارے حملہ آور یونٹس نے آج ماریانکا کی بستی کو مکمل طور پر آزاد کر دیا ہے۔“

    بھارت میں اسرائیلی سفارتخانے کے قریب دھماکا

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کر دی گئی ہے، جس میں شوئیگو اور پیوٹن کے درمیان گفتگو کو سنا جا سکتا ہے، پیوٹن کا کہنا تھا کہ اس قصبے کے کنٹرول کی وجہ سے اب روسی افواج کے لیے دشمن فوج کو ڈونیٹسک سے دور ہٹنے پر مجبور کرنا ممکن ہو سکے گا۔

  • غزہ، اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 55 فلسطینی شہید

    غزہ، اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 55 فلسطینی شہید

    غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے، شہداء کی تعداد 21 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صیہونی حملوں میں اب تک 20 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، شہدا میں 8 ہزاربچے، 6200 خواتین شامل، 6700 افراد لاپتہ ہیں۔

    وزارت صحت کے مطابق مظالم کی انتہاء یہ ہے کہ 11 نہتے فلسطینیوں کو اہلخانہ کے ساتھ شہید کردیا گیا، اسرائیلی فضائیہ کی بمباری سے رفع اورخان یونس میں 55 افرادشہید ہوگئے۔

    غزہ اور خان یونس میں رہائشی عمارتوں، مہاجر کیمپس اور اسپتالوں پرمسلسل حملے کئے جارہے ہیں، غزہ میں جاری جھڑپوں میں مزید 3 اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوچکے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ شمالی غزہ میں کوئی بھی اسپتال فعال نہیں ہے، غزہ میں پانی کی شدید قلت کے باعث اموات اوربیماریوں میں اضافہ ہورہاہے۔

    دوسری جانب حماس نے اسرائیل کے ہاتھوں مارے گئے تین یرغمالیوں کی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

    حماس نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں تین اسرائیلی اسیران کو دکھایا گیا ہے جو کہ اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔

    مختصر ویڈیو کے آغاز میں کہا گیا ہے کہ”ہم نے انہیں زندہ رکھنے کی کوشش کی، لیکن نیتن یاہو نے انہیں مارنے پر اصرار کیا“۔

    ویڈیو میں تینوں افراد کو دکھایا گیا ہے جب وہ زندہ تھے، مسکرا رہے تھے اور اپنے نام اور شناختی نمبر کے ساتھ سفید کاغذ پکڑے ہوئے تھے۔

    ایک اور کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ تینوں افراد ایک میز پر بیٹھے ہوئے ہیں جو ایک زیر زمین بنکر کی طرح لگتا ہے۔

    ان کی شناخت ایلیا ٹولیڈانو کے نام سے ہوئی، جو ایک اسرائیلی-فرانسیسی شہری ہے۔ نک بیزر؛ اور رون شرمین، ایک اسرائیلی-ارجنٹینی ہے۔

  • پاکستانی ریپ گلوکارہ ایوا بی کے ساتھ رکشے میں کیا ہوا؟ ویڈیو شیئرکردی

    پاکستانی ریپ گلوکارہ ایوا بی کے ساتھ رکشے میں کیا ہوا؟ ویڈیو شیئرکردی

    پاکستانی ریپ گلوکارہ ایوا بی کے ساتھ رکشے میں سفر کے دوران ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جسے انہو ں نے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کیا۔

    پاکستانی ریپ گلوکارہ ایوا بی نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ایک رکشے میں سوار ہیں اور رکشہ ڈرائیور ان کا گایا ہوا گانا ”کنا یاری“ سن رہا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Eva B (@iamevaab)

    رکشے میں بیٹھی گلوکارہ ایوا بی برقعے میں ملبوس ہیں اور اپنے گانے سے لطف اندوز ہورہی ہیں، ساتھ ہی ویڈیو بھی بنا رہی ہیں، مگر رکشہ والے کو کیا معلوم کہ وہ جو گانا سن رہا ہے، اسے گانے والی پیچھے بیٹھی ہوئی ہے۔

    ’سکس پیک رکھنے سے کوئی اچھا اسٹار نہیں بن سکتا‘

    اپنی شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں ایوا بی نے لکھا کہ ’اب میں رکشے والے کو کیسے بتاؤں کہ یہ ہمارا گانا ہے۔‘ انسٹاگرام پر ایوا کی یہ ریل کافی وائرل ہوچکی ہے اور اسے 2 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

  • کیا آپ کا گوگل کروم اپ ڈیٹ نہیں ہوا؟ خطرات جان لیں

    کیا آپ کا گوگل کروم اپ ڈیٹ نہیں ہوا؟ خطرات جان لیں

    براؤزنگ کے لیے دنیا بھر میں 50 سے 60 فیصد انٹرنیٹ صارفین گوگل کروم کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، اسی وجہ سے اس میں سیکیورٹی کا خطرہ بہت بڑا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے۔تو اسے آپ فوری طور پر اپ ڈیٹ کرلیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گوگل نے ایک بڑی خامی کو دور کرنے کے لیے دنیا کے مقبول ترین ویب براؤزر (گوگل گروم)کو اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔

    اسکیا اوپن سورس 2D گرافکس لائبریری میں سیکیورٹی کے اس خطرے کو دریافت کیا گیا تھا اور اس لیے اسے براؤزر کی فوری اپ ڈیٹ کی ضرورت ہے۔

    حال ہی میں گوگل کے تھریٹ اینالیسس گروپ (TAG) کے ساتھ کام کرنے والے دو ماہرین نے اس سیکیورٹی خطرے کو دریافت کیا۔

    گوگل کی جانب سے سیکیورٹی کے اس خطرے سے متعلق بہت سی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم گوگل کا کہنا تھا کہ CVE-2023-6345 نامی سیکیورٹی بگ صارفین کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

    گوگل نے 2023 کے دوران 6 ایسی بڑی سیکیورٹی کمزوریوں کو دریافت کیا جنہیں براؤزر کو اپ ڈیٹ کرکے روکا گیا۔

    واٹس ایپ کا پرائیویسی سے متعلق فیچر تمام صارفین کیلیے متعارف

    گوگل کروم براؤزر کو اپ ڈیٹ کرنے کا طریقہ؟

    گوگل کروم عام طور پر خود بخود اپ ڈیٹ ہوجاتا ہے۔
    آپ کو اگر اس حوالے سے علم نہیں کہ براؤزر اپ ڈیٹ ہوا ہے یا نہیں تو تھری ڈاٹ مینو پر کلک کرکے سیٹنگز میں چلے جائیں۔
    وہاں جاکر اباؤٹ کروم پر کلک کریں جو صفحہ کے نیچے بائیں جانب پر نظر آرہا ہوگا۔
    اس کے بعد کروم آپ کو آگاہ کردے گا کہ آپ کا براؤزر اپ ٹو ڈیٹ ہے، اگر نہیں تو اپ ڈیٹ ہونا شروع ہو جائے گا۔

  • سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر انتقال کرگئے

    سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر انتقال کرگئے

    سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ نوبیل انعام یافتہ سفارتکار تھے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہنری کسنجر کا انتقال ریاست کنیکٹی کٹ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا۔ ان کا شمار امریکا کے انتہائی متنازع مگر قابل احترام سفارتکاروں میں ہوتا تھا۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ہنری کسنجر آخری وقت تک انتہائی فعال رہے، انہوں نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی میٹنگز میں اپنی شرکت کو بھی یقینی بنایا۔

    سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر نے سن 2023 میں بیجنگ کا غیر معمولی دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی تھی۔

    سابق وزیر خارجہ نے کئی کتابیں لکھیں جن میں سفارتکاری اور قیادت سے متعلق امور پر غیر معمولی امور زیر بحث لائے گئے تھے۔

    سابق امریکی وزیر خارجہ کی ہی بدولت امریکا اور روس کے درمیان ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے سے متعلق بات چیت ممکن ہوئی تھی اور اسرائیل کے عرب ممالک سے تعلقات میں بھی وہی پیش پیش تھے۔

    امریکا کا بھارتی شہری پر علیحدگی پسند سکھ رہنما کے قتل کی سازش کا الزام

    وہ صدر رچرڈ نکسن کے دور میں 1970 میں وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز تھے اور انہوں نے اس وقت چین کا دورہ کیا تھا جس کی وجہ سے امریکا اور چین کے تعلقات کی راہیں کھلی تھیں۔ پیرس امن معاہدے میں بھی انہوں نے انتہائی اہم کردار ادا کیا تھا۔

  • سعودیہ عرب: پاکستانی ملازمین کے لئے خوشخبری!

    سعودیہ عرب: پاکستانی ملازمین کے لئے خوشخبری!

    سعودی عرب سے پاکستانی ملازمین کے لئے خوشی کی خبر سامنے آگئی، سعودی عرب کی میگا پاور اور تعمیراتی کمپنی الفنار کے سی ای او صباح المطلق کا کہنا ہے کہ ہم اپنے آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نگراں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق جواد سہراب ملک سے ملاقات میں صباح المطلق کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور سعودی عرب میں ان کے تعاون سے بے حد متاثر ہیں۔

    وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی جواد سہراب ملک کمپنی کے ہیڈ کوارٹر پہنچے، اس موقع پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    الفانار تعمیراتی کمپنی کے سی ای او صباح المطلق کا کہنا تھا کہ ”ہم مستقبل کے منصوبوں کے لیے بھی مزید پاکستانی کارکنوں کو ملازمت دینے کے منتظر ہیں، ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور مملکت سعودی عرب کی معیشت میں ان کے تعاون سے بہت متاثر ہیں“۔

    جواد سہراب ملک نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی حکومت سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کیلیے باہمی طور پر فائدہ مند مواقع پیدا کرنے کیلیے انتہائی پرعزم ہے۔

    سعودی کابینہ سے پاکستانی حج وعمرہ زائرین کیلئے بڑی منظوری مل گئی

    اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انجینئرنگ، آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، مہمان نوازی سمیت مختلف شعبوں میں ہنر مند و تجربہ کار پیشہ ور افراد کی بڑی تعداد موجود ہے اور یہ افراد اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

  • کابل میں دوسال بعد پہلی بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ

    کابل میں دوسال بعد پہلی بین الاقوامی پرواز کی لینڈنگ

    یو اے ای کی ایئرلائن فلائی دبئی کی پہلی پرواز دو سال بعد کابل ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی، اس طرح فلائی دبئی افغانستان سے امریکی اور اتحادی افواج کے انخلا کے بعد اپنی سروس بحال کرنے والی پہلی بین الاقوامی ایئرلائن بن گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں دو برس کی معطلی کے بعد ایئرلائن کی جانب سے کابل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    ایک بیان میں اقدام پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے طالبان کے نائب چیف منسٹر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فلائی دبئی کی پروازوں کی بحالی کو ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھا اور سراہا جاتا ہے۔

    بین الاقوامی ایئرلائنز نے افغانستان کے لیے اپنی پروازوں کا سلسلہ اگست 2021 میں سابق حکومت کے خاتمے کے بعد بند کر دیا تھا۔

    افغان میڈیا گروپ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس وقت دو مقامی ایئرلائنز اریانہ اور کام ایئر ملک میں کام کر رہی ہیں تاہم مسافروں کی جانب سے ان ایئر لائنز سے متعلق مختلف شکایات سامنے آتی رہتی ہیں، جن میں دبئی اور کابل کے درمیان ٹکٹ کی رقم میں بہت زیادہ اضافہ بھی شامل ہے۔

    آن لائن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کابل سے دبئی کے درمیان اکانومی کلاس ٹکٹ کی قیمت تقریباً 450 ڈالر ہے جو کہ دو سال قبل کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

    اسی طرح کابل اور اسلام آباد کے درمیان پروازوں کے ٹکٹس کی قیمت بھی بہت زیادہ ہے۔

  • ریلوے سے 440 روپے کی واپسی کیلئے شہری کی 5 سال جدوجہد !

    ریلوے سے 440 روپے کی واپسی کیلئے شہری کی 5 سال جدوجہد !

    آگرہ: ریلوے سے 440 روپے کی رقم حاصل کرنے کے لیے آگرہ کے ایک 63 سالہ شخص نے پانچ سال سے زیادہ عرصے تک عدالتی جنگ لڑی، اس دوران شہری 45 بار سماعتوں میں شریک ہوا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق 63 سالہ شخص نے اپنی طویل جدوجہد کے بعد بالآخر کامیابی حاصل کرلی، آگرہ ڈسٹرکٹ کنزیومر فورم کی عدالت نے مذکورہ شخض کے حق میں فیصلہ سنایا، ریلوے کو یہ رقم 7 سالانہ سود کے ساتھ حوالے کرنے کا حکم دیا۔

    عدالت کا حکم جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ادائیگی میں 45 دن سے زیادہ تاخیر ہوئی تو سود بڑھ کر 9 فیصد ہوجائے گا۔

    عدالتی حکم میں مزید کہا گیا کہ وہ شکایت کنندہ کو قانونی فیس کے ساتھ مالی اور ذہنی پریشانی پیدا کرنے کے لیے اضافی 8,000 روپے ادا کریں۔

    یہ معاملہ 2017میں اس وقت سامنے آیا جب منالال اگروال نے 1,570 روپے میں اتر پردیش سمپرک کرانتی ایکسپریس میں بندہ جنکشن سے آگرہ کینٹ اسٹیشن تک جانے کے لئے 2ndاے سی ٹکٹ خریدا۔

    تاہم، جب ٹرین پہنچی تو اس کے ساتھ کوئی 2nd اے سی کوچ منسلک نہیں تھا اور شہری کو بغیر اے سی کے سفر کرنا پڑا اور مشکلات جھیلنا پڑیں۔

  • یو اے ای: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی گئی

    یو اے ای: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی گئی

    متحدہ عرب امارات میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرنے والی کمیٹی نے ماہ نومبر 2023 کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیٹرول 0.39 درہم (29.37 روپے) جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 0.15 درہم (11.30 روپے) کی کمی کی گئی ہے۔

    متحدہ عرب امارات میں ای پلس کیٹیگری کا پیٹرول 2.85 درہم (214.63 روپے) فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔ اکتوبر میں اس کی قیمت ڈی ایچ 3.26 فی لیٹر تھی، جبکہ ڈیزل کی قیمت اب ڈی ایچ 3.42 (257.56 روپے) فی لیٹر ہوگی۔

    یو اے ای میں سپر 98 پیٹرول کی قیمت 3.03 درہم (228.19 روپے) فی لیٹر ہوگی۔ اکتوبر میں قیمت 3.44 درہم فی لیٹر تھی جبکہ اسپیشل 95 کی قیمت 2.92 درہم (219.90 روپے) فی لیٹر ہوگی۔ گزشتہ ماہ یہ 3.33 درہم فی لیٹر تھا۔

    یاد رہے کہ پاکستان میں بھی آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 18 روپے کمی کا امکان ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ وفاقی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے ثمرات عوام تک منتقل کرتی ہے یا نہیں؟

  • گوشت اور مکھن میں موجود چکنائی کے حیرت انگیز فوائد

    گوشت اور مکھن میں موجود چکنائی کے حیرت انگیز فوائد

    لوگ عام طور پر گوشت اور مکھن کو توانائی کے حصول کے لئے استعمال کرتے ہیں، کیونکہ اس میں پروٹین پایا جاتا ہے، جبکہ ایک تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ مکھن، انڈے اور سرخ گوشت (جیسے گائے کا گوشت) میں پائی جانے والی چکنائی ڈیمنشیا کے خطرے کو ختم کرسکتی ہے۔

    اس حوالے سے جاننے کے لئے آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی میں ایک تحقیق کی گئی، جس میں آسٹریلیا، برطانیہ، امریکہ سے تعلق رکھنے والے 65 سال اور اس سے زیادہ عمر کے 86,000 سے زائد افراد کے ڈیٹا کو پرکھا گیا۔

    مطالعہ کے آغاز میں کسی میں ڈیمنشیا کی نشاندہی نہیں ہوئی لیکن اوسطاً 12.5 سال کے بعد 2,778 افراد میں اس بیماری کی تشخیص ہوئی۔

    تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ بڑی عمر کے بالغ افراد جن کے خون میں ٹرائگلیسرائیڈ کی سطح زیادہ ہوتی ہے ان میں اس جان لیوا حالت کا امکان 18 فیصد کم ہوتا ہے۔

    یونیورسٹی کے ڈاکٹر ژین ژو کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ٹرائگلیسرائیڈ کی زیادہ سطح بہتر صحت اور طرز زندگی کی عکاسی کر سکتی ہے جو ڈیمنشیا سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔

    ڈاکٹر ژین ژو کا نے بتایا کہ تحقیقی نتائج بتاتے ہیں کہ ٹرائگلیسرائیڈ کی سطح بڑی عمر کے بالغوں میں ڈیمنشیا اور ذہنی کارکردگی میں کمی کے خطرے کی پیش گوئی کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

    الزائمر اس حالت کی سب سے عام شکل ہے، ایک اندازے کے مطابق دماغ میں ٹاؤ اور امائلائیڈ جیسے پروٹین کے جمع ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق اس وقت اس بیماری سے لڑنے کا بہترین طریقہ اپنے طرز زندگی کو بہتر بنانا ہے، کیونکہ فی الحال اس بیماری کا کوئی علاج نہیں ہے، حالانکہ اس وقت تین دوائیاں آزمائی جا رہی ہیں جو اس کی شدت میں کمی لاسکتی ہیں۔

    ٹرائگلیسرائیڈ ایک چکنائی ہے جو کھانے کی اشیاء میں پائی جاتی ہے اور یہ جگر کے ذریعے بھی بنائی جاتی ہے۔ یہ زیادہ تر گوشت اور مکھن سے حاصل ہوتی ہے۔