Tag: ARY

  • ندا فردوس نے اپنی زندگی سے جڑی یادیں شیئر کردیں

    ندا فردوس نے اپنی زندگی سے جڑی یادیں شیئر کردیں

    شوبز انڈسٹری کی نامور ماڈل و اداکارہ ندا فردوس نے اپنی شادی کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ندا فردوس نے اپنی شادی کی چند تصاویر کیں جس میں وہ عروسی لباس زیب تن کئے ہوئے ہیں۔

    ندا فردوس کا تصاویر کے کیپشن میں کہنا تھا کہ ”بہت ہی عجیب مگر زندگی کے خوشگوار دن کی تصاویر یہ ہیں‘۔

    ندا فردوس نے گزشتہ روز یہ تصاویر شیئر کی تھیں، اب تک ان کے ہزاروں چاہنے والے یہ تصاویر دیکھ چکے اور تعریفی کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ندا فردوس نے اے آر وائی زندگی کے پروگرام ’دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں‘ میں شرکت کی تھی اور تماشہ ٹو میں شرکت سے متعلق اظہار خیال کیا۔

    اداکارہ نے کہا تھا کہ تماشہ ٹو میں ہمارا پہلا ٹاسک تھا جس میں کھانا نہیں مل رہا تھا، سو نہیں سکتے تھے، میں ہر روز کسی سے لڑ نہیں سکتی اس لیے دو دن لڑائی کے بعد خاموش ہوگئی تھی۔

    ندا فردوس نے کہا کہ ’اگر آپ انسان اچھے نہیں ہیں تو کامیابی کسی کام کی نہیں ہے۔‘

    انہوں نے کہا کہ رئیلٹی شو تماشہ ٹو میں بہت زیادہ لڑائیاں ہورہی تھیں، گھر کا ماحول کافی بدل گیا تھا اور مجھے اس طرح لڑائی جھگڑے کی عادت نہیں ہے۔‘

  • ’خالدہ ضیاء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا‘

    ’خالدہ ضیاء کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا‘

    سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو بنگلادیشی حکومت نے علاج کیلئے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیشی حکومت نے اپوزیشن کی سب سے اہم رہنما اور دو مرتبہ وزارت عظمیٰ پر فائز رہنے والی خالدہ ضیاء کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی۔

    حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے خالدہ ضیاء کی بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کے وکیل قیصر کمال نے کہا کہ 78 سالہ سابق وزیراعظم کو بیرون ملک جانے سے روکنا سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

    خالدہ ضیاء کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اگست کے اوائل سے خالدہ ضیاء جگر کی بیماری، سانس لینے میں دشواری اور ذیابیطس کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں، اس کے علاوہ انہیں دیگر بیماریاں بھی لاحق ہیں۔

    سابق وزیر اعظم کے اہل خانہ کی جانب سے گزشتہ ماہ حکومت خط لکھا گیا تھا کہ خالدہ ضیاء کو علاج کے لئے بیرون جانے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کا تسلی بخش علاج ہوسکے۔ تاہم حکومت کی جانب سے ان کی درخواست مسترد کردی گئی۔

    یاد رہے کہ بنگلادیش کی عدالت کی جانب سے 2008 میں خالدہ ضیاء کو بدعنوانی کے الزام میں 17 سال قید کی سزا سنائی گئی اور پھر انہیں گھر میں نظر بند رہنے سے قبل دو سال کیلئے جیل روانہ کردیا گیا تھا۔

  • میرے خلاف مقدمہ انتخابی مداخلت ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

    میرے خلاف مقدمہ انتخابی مداخلت ہے، ٹرمپ کا دعویٰ

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میرے خلاف مقدمہ انتخابی مداخلت ہے۔ میری وائٹ ہاؤس میں واپسی کو ناکام بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فراڈ کیس کی پہلی سماعت کے موقع پر سابق صدر عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ڈیمو کریٹ میری وائٹ ہاؤس میں واپسی کو ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    سابق امریکی صدر نے کہا کہ ہم نے ایک عظیم کمپنی بنائی ہے، ہماری کمپنی کے پاس دنیا کی بڑی جائیدادیں ہیں۔میرے خلاف دائر کیا گیا مقدمہ انتخابی مداخلت ہے۔

    نیویارک کی اٹارنی جنرل نے عدالت سے ٹرمپ پر کم از کم دو سو پچاس ملین ڈالر جرمانے اور ٹرمپ اور ان کے بیٹوں کے نیویارک میں کاروبار پر مستقل پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب امریکا میں گن کنٹرول کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے تاہم ایسے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ گن اسٹور پہنچ گئے۔

    جنوبی کیرولائنا کے انتخابی سفر کے دوران پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے اُس گن اسٹور کے دورے کے لیے کچھ وقت نکالا، جس نے فلوریڈا کے شہر جیکسن ویل کے نسل پرست شوٹر کو بڑے پیمانے پر ہتھیار فروخت کیے تھے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق میڈیا کی زیادہ تر توجہ اس بات پر رہی کہ آیا ٹرمپ نے گن خریدی ہے یا نہیں، تاہم اس بات پر کم توجہ دی گئی کہ ٹرمپ نے پالمیٹو اسٹیٹ آرمری ہی کا دورہ کیوں کیا؟

    امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے گن اسٹور پر پہنچ کر خریداری بھی کی، جس پر ڈیموکریٹس کی جانب سے سابق صدر پر کڑی تنقید کی گئی ہے، جس کے بعد ٹرمپ کی انتخابی مہم نے اسلحہ خریداری کی تردید کر دی۔

    واضح رہے کہ رواں سال امریکا میں فائرنگ کے 519 واقعات پیش آ چکے ہیں، کانگریس میں ڈیموکریٹس گن کنٹرول کے لیے قانون سازی کے لیے متحرک ہیں، جب کہ ریپبلکنز مخالفت کر رہے ہیں۔

  • وارم اپ میچ میں پاکستان کی شکست، بھارتی صحافی نے سوال اُٹھا دیا

    وارم اپ میچ میں پاکستان کی شکست، بھارتی صحافی نے سوال اُٹھا دیا

    آئی سی سی ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی شکست پر نامور بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے پاکستان کی ناقص فیلڈنگ اور بالنگ پر سوال اٹھادیا۔

    نامور بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اسی فیلڈنگ/کیچنگ اور اسپن اٹیک سے اچھی ٹیموں کے خلاف بڑے مقابلے میں جیت کیلئے بہت جدوجہد کرے گا۔

    نامور بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ابتدائی 10 اوورز میں نئی گیند کے ساتھ اپنے فاسٹ بولرز پر انحصار کرنا پڑے گا، ورنہ وہ بیک فٹ پر چلے جائیں گے، پاکستان کی موجودہ ٹیم میں کوئی بھی حریف دباؤ ڈالتا ہے تو یہ دفاعی انداز میں چلے جاتے ہیں۔

    بھارتی صحافی نے کہا کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں میچز کے دوران اسپنرز کا بہت بڑا کردار ہوگا، ہوسکتا ہے کہ آپ اکتوبر میں دیگر مقامات پر کھیلیں تو اوس کی وجہ سے کنڈیشنز میں تبدیلی آئے لیکن پاکستان کو بالنگ اور فیلڈنگ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

    وکرانت گپتا نے کہا کہ پاکستان کا موجودہ اسپن اٹیک انکی کمزوری ہے، انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شاداب خان نے اوورز کیوں نہیں کروائے مجھے سمجھ نہیں آیا۔

  • شادی کی تقریب میں خوفناک آتشزدگی، 113 سے زائد جاں بحق

    شادی کی تقریب میں خوفناک آتشزدگی، 113 سے زائد جاں بحق

    عراق کے صوبے نینوا میں افسوسناک واقعہ رونما ہوا جب شادی کی تقریب کے دوران ہال میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں 113سے زائد افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 150 سے زائد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقی شہر ہمدانیہ میں شادی تقریب کے دوران ہال میں آتشزدگی کے وقت ایک ہزار سے زائد افراد تقریب میں موجود تھے۔

    عراقی وزارت شہری دفاع کے مطابق حادثے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ آتش بازی کے سامان سے لگی، حادثے سے متعلق مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقامی ڈپٹی گورنر نے حادثے میں 113 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے، ریسکیو کا عملہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

  • پرینیتی چوپڑا نے شادی کی تصاویر شیئر کردیں

    پرینیتی چوپڑا نے شادی کی تصاویر شیئر کردیں

    بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاستدان راگھو چڈھا کی شادی کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں۔

    پرینیتی چوپڑا اور بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا کی شادی کی تقریب میں بھارت کے نامور سیاستدانوں سمیت کئی معروف اداکار بھی شریک ہوئے اور شادی کی تقریب کو چار چاند لگائیے۔

    فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے مشترکہ طور پر اپنی شادی کی تقریب کی خوبصورت تصاویر شیئر کیں۔

    اداکارہ کی جانب سے اپنی شادی کے موقع پر گولڈ اور آف وائٹ رنگ کے عروسی جوڑے کا انتخاب کیا گیا جبکہ ان کے دلہا نے آف وائٹ رنگ کی شیروانی زیب تن کی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اداکارہ کا شادی کا لباس معروف سلیبریٹی ڈیزائنر منیش ملہوترا نے تیار کیا، جو خود بھی شادی میں شریک تھے۔

    انسٹا گرام پر کی گئی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا گیا کہ ‘ناشتے کی میز پر پہلی ہی گفتگو سے ہمارے دلوں کو پتہ چل گیا تھا، ہم ایک طویل عرصے سے اس دن کا انتظار کر رہے تھے۔

  • ابوظہبی: گرین بسوں سے متعلق اہم فیصلہ

    ابوظہبی: گرین بسوں سے متعلق اہم فیصلہ

    ابوظہبی میں محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ کے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر (آئی ٹی سی) نے گرین بسوں سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ابوظہبی میں محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ کے انٹیگریٹڈ ٹرانسپورٹ سینٹر (آئی ٹی سی) نے گرین بسوں کی صلاحیت بڑھانے کے پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔

    اس اختراعی پروگرام کے ذریعے اماراتی اہلیتوں کی خصوصی مہارتوں کو بڑھانے، آئی ٹی سی گرین بسوں میں صلاحیتوں کو فروغ دینے اور خصوصی تکنیکی اندرونی اور بیرونی تربیتی پروگراموں کی ایک سیریز کے ذریعے متحدہ عرب امارات کے نوجوان انجینئرز کی مہارتوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

    تربیتی پروگرام جنوبی کوریا اور عوامی جمہوریہ چین کی ہائیڈروجن ایندھن اور الیکٹرک بسوں میں سینٹر کے اہم شراکت داروں کے تعاون سے کئے جاتے ہیں۔

    اس پروگرام کا مقصد ابوظہبی میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کی ترقی کے لیے وقف کردہ جدید حل کی ترقی اور لوکلائزیشن کو بڑھانا ہے۔

    یہ پروگرام بین الاقوامی تکنیکی ماہرین کے ساتھ علم کے تبادلے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے جس کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کے ملازمین کو ہائیڈروجن ایندھن سے چلنے والی اور الیکٹرک بسوں اور ان کے بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی اور آپریشن کے طریقہ کار کی قیادت کرنے کا اہل بنائے گا۔

    اس پروگرام کے ذریعے مقامی آبادی کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بڑھایا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ ایک پائیدار معیشت کی بنیاد پر امارات کے اسٹریٹجک منصوبوں کی حمایت ہوتی ہے۔

    یہ پروگرام ایک مربوط اور پائیدار ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے لیے مرکز کی کوششوں کا حصہ ہے جو امارات ابوظہبی میں ترقیاتی عمل کو برقرار رکھتا ہے۔

  • ’پاکستان سے ملائشیا جانے والوں کو بڑی سہولت مل گئی‘

    ’پاکستان سے ملائشیا جانے والوں کو بڑی سہولت مل گئی‘

    ملائشیا کی باٹک ائیر لائن نے پاکستانیوں کو خوشخبری سنادی، ایئر لائن نے پاکستان میں اپنے نیٹ ورک کو وسعت دیتے ہوئے کراچی کے لیے بھی براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    ملائشیا کی باٹک ائیر لائن کراچی سے کوالالمپور کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں چلائے گی، جبکہ ائیر لائن آئندہ ماہ 31 اکتوبر سے کوالالمپور کراچی کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کررہی ہے۔

    ائیر لائن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملائشیا کی باٹک ائیر لائن کی پرواز او ڈی 135 کوالالمپور سے ہر منگل، جمعرات اور ہفتے کی رات پونے 8 بجے کراچی لینڈ کرے گی۔

    انہی تین دنوں کے دوران کراچی سے پرواز او ڈی 136 رات پونے 9 بجے ملائشیا کوالالمپور کے لیے روانہ ہو گی۔

    اس کے علاوہ ایئر لائن کی جانب سے طلباء اور بڑے گروپس کے لئے خصوصی رعایتی پیکیج دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

    دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی ایمریٹس نے اپنے مسافروں کیلیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے جس کے تحت انہیں دوران سفر پسند کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کی جانب سے یورپ اور دیگر ممالک کی پروازوں میں کھانے کے لیے پری آرڈر سروس کی سہولت میں توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عرب ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے قبل ایئرلائن کی جانب سے تجرباتی طور پر یہ سروس برطانیہ کی پروازوں میں شروع کی گئی تھی۔

    مسافروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملنے کے بعد اس میں توسیع کرتے ہوئے دیگر ممالک کے لیے بھی جاری کیا جا رہا ہے۔

    ترجمان ایمریٹس ایئر کا کہنا ہے کہ نئی سروس کو اب وارسا، وینس، روم، بولوگنا، پراگ، ویانا، ماسکو، استنبول، ڈبلن، ہیمبرگ، سینٹ پیٹرزبرگ، برسلز، میڈرڈ اور ماریشس کے لیے بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

  • کویت میں گھریلو ملازمین کی بھرتی کس ملک سے کی جائیگی؟

    کویت میں گھریلو ملازمین کی بھرتی کس ملک سے کی جائیگی؟

    کویت میں گھریلو ملازمین کی بھرتی کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا، گھریلو مزدوری کے امور کے ماہر بصام الشمری کا کہنا ہے کہ آنے والا وقت بنگلہ دیش کی قیادت میں نئے مشرقی ایشیائی ممالک سے گھریلو ملازمین کی بھرتی کے لیے دروازے کھولنے کے اعلان کا مشاہدہ کرے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کویت کے نائب وزیر اعظم کی جانب سے نئے ممالک سے نجی اور گھریلو شعبوں میں غیر ملکی کارکنوں کو بھرتی کرنے کے لیے تعاون کے فریم ورک کھولنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جس کے باعث مارکیٹ میں خاص طور پر پیشہ ورانہ اور تکنیکی کارکنوں کی بڑی کمی کو پورا کیا جاسکے گا۔

    بصام الشمری نے اس حوالے سے وضاحت کی کہ سردیوں کی تعطیلات کے اختتام اور نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ساتھ، کویتی اور غیر ملکی خاندانوں کو گھریلو ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کی ضرورت بڑھ جاتی ہے تاہم، مارکیٹ میں موجودہ تعداد ان خاندانوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی نہیں ہے۔اس حوالے سے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ”کویتی خاندانوں کی طرف سے موجودہ نئے گھریلو ملازمین کے کم معیار خاص طور پر عربی زبان کی رکاوٹ اور مہارت کی کمی کے باعث شکایات سامنے آرہی ہیں۔

    الشمری کی جانب سے متعلقہ سرکاری اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ گھریلو ملازمین کی بھرتی کے لیے نئے ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے کی رفتار کو بڑھایا جائے تاکہ ملک میں فلپائنی گھریلو ملازمین کی موجودہ کمی کو پورا کیا جا سکے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی بھرتی کھولنے سے مارکیٹ میں توازن پیدا ہوتا ہے، مزدوروں کی قلت کے مسائل حل ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مملکت میں زیادہ تر غیر ملکی کارکن انگریزی زبان میں ہیں، جس سے عدم موافقت اور کام کرنے سے انکار کے امکانات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

  • عمان سے بھارت جانے والی پرواز کے100 سے زائد مسافر گرفتار!

    عمان سے بھارت جانے والی پرواز کے100 سے زائد مسافر گرفتار!

    مسقط: عمان سے ہندوستان کے شہر چنئی جانے والی پرواز میں سوار 100 سے زائد مسافروں کو چنئی کسٹمز نے بڑی مقدار میں سونا، آئی فونز، لیپ ٹاپ اسمگل کرنے کے الزام میں حراست میں لے لیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسقط سے چنئی جانے والی پرواز میں 113 مسافر بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کرنا چاہ رہے تھے، مگر کسٹم حکام نے ان کی کوشش ناکام بنادی۔

    ایک رپورٹ کے مطابق جب پرواز جمعرات کی صبح ایئرپورٹ پر پہنچی تو کسٹم حکام نے اسمگل شدہ سامان لے جانے کے شبہ میں 130 کے قریب مسافروں کو حراست میں لے لیا۔

    جمعرات کو پہنچنے والے 186 مسافروں میں سے 113 مسافروں کے پاس سے سونا، نئے آئی فونز اور گوگل فونز جیسی مہنگی اشیاء برآمد کی گئیں۔

    چنئی ایئرپورٹ کے کسٹم حکام کو یہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ چنئی ہوائی اڈے پر پہنچنے والی پرواز میں 100 سے زیادہ مسافر بھاری مقدار میں سونا، آئی فون، لیپ ٹاپ اور دیگر اشیاء اسمگل کر رہے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ یہ واضح نہیں تھا کہ ان میں سے کون کون اسمگلنگ میں ملوث تھا، اس لیے تمام مسافروں کو روک کر گھنٹوں پوچھ گچھ کی گئی۔ جن میں سے 73 افراد کے اسمگلنگ کے معاملات میں ملوث نہ ہونے کی تصدیق ہوئی۔

    اس کے بعد پولیس نے دیگر 113 مسافروں کی تلاشی لی۔ معلوم ہوا کہ مسافر سونے کے نگٹس اور سونے کے کنگن چھپا نے کی کوشش کررہے تھے، ان کے سوٹ کیس اور بیگ کی جانچ پڑتال پر کئی خفیہ خانوں کا انکشاف ہوا، جن میں 13 کلو سونا، 120 آئی فون، 84 اینڈ رائیڈ فون، غیر ملکی سگریٹ اور لیپ ٹاپ چھپائے گئے تھے۔

    ضبط شدہ اشیاء کی کل مالیت INR 14 کروڑ (OMR 647,697) سے زیادہ ہے۔کسٹم حکام نے 113 افراد کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے انہیں ضمانت پر رہا کر دیا۔