Tag: ARY

  • لیبیا میں خوفناک سیلاب، لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری

    لیبیا میں خوفناک سیلاب، لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری

    لیبیا کے ساحلی شہر درنہ میں آنے والے خوفناک سیلاب نے ہزاروں افراد کو موت کی نیند سلادیا، ریسکیو ادارے ایک ہفتے بعد بھی ملبے تلے اور سمندر سے لاشیں نکالنے میں مصروف ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سیلاب میں ہزاروں افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوچکے ہیں، غمزدہ متاثرین کی مدد کے لیے اتوار کو بین الاقوامی امدادی کوششوں میں تیزی دیکھی گئی۔

    سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کے کارکنان چہرے کے ماسک اور حفاظتی لباس پہنے ہوئے زندہ بچ جانے والوں کی تلاش میں مصروف عمل ہیں، ریسکیو ٹیمیں کوششوں میں مصروف ہیں کہ شاید ملبے میں پھنسے کچھ لوگ ان کے انتظار ہوں اور وہ ان کی مدد کے لئے پہنچ جائیں۔

    اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ صدمے کے شکار رہائشیوں میں مختلف بیماریاں پھیلنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، متاثرین کو صاف پانی، خوراک، رہائش اور بنیادی سامان کی اشد ضرورت ہے۔ تنہا درنہ شہر میں 30 ہزار سے زائد افراد اپنے گھروں سے محروم ہوچکے ہیں۔

    روس، تیونس، فرانس، ایران، مالٹا، ترکی اور متحدہ عرب امارات سے ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور امدادی سامان کو لیبیا پہنچایا جاچکا ہے، جبکہ متعدد دیگر یورپی اور عرب ممالک سے بھی امدادی سامان اور ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں۔

    سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث ہزاروں افراد کے سمندر میں بہہ جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، مشرقی انتظامیہ کے وزیر صحت عثمان عبدالجلیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ درنہ میں 3,252 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ کمبلوں اور باڈی بیگز میں لپٹی لاشوں کا ڈھیر چوکوں اور گلیوں میں موجود ہے۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کشتی میں لیبیا کی ایک ریسکیو ٹیم کے اراکین آپس میں بات کر رہے ہیں کہ ”درنہ سے قریب 20 کلومیٹر مشرق کی طرف اُم البریکت سمندر کے ساحل سے تقریباً 600 لاشیں ملی ہیں۔“ اقوام متحدہ کی جانب سے 71 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد کی اپیل کی گئی ہے، تاکہ متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھا جاسکے۔

  • یوپی میں شدید بارشیں، 19 افراد جان سے گئے

    یوپی میں شدید بارشیں، 19 افراد جان سے گئے

    یوپی میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث نظام زندگی برہم ہوگیا ہے، جبکہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کے نتیجے میں 19 افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوپی میں شدید بارشوں کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، جبکہ 19 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق مختلف علاقے سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، جبکہ راجدھانی لکھنؤ سمیت کئی اضلاع میں اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

    ریلیف کمشنر کا کہنا ہے کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں سے متعلق واقعات میں 19 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

    امیٹھی، دیوریا، جالون، کانپور، اناؤ، سنبھل، رام پور اور مظفر نگر میں ایک ایک موت ہوئی جبکہ ہردوئی میں چار، بارہ بنکی میں تین، پرتاپ گڑھ اور قنوج میں دو دو افراد کے مرنے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو 20 سے زیادہ اموات کے بعد ہوش آیا، انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے عہدیداروں کو چاہئے کہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور کردار ادا کریں۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آفت سے متاثرہ لوگوں میں فوری طور پر جائز امدادی رقم تقسیم کی جائے، ڈی ایم کو چاہئے کہ وہ علاقے کا دورہ کریں اور امدادی کاموں پر نظر رکھیں۔

    فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگایا جائے اور حکومت کو رپورٹ فراہم کی جائے تاکہ متاثرہ کسانوں کو قواعد کے مطابق معاوضہ دیا جا سکے۔

    پانی جمع ہونے کی صورت میں نکاسی آب کے موثر انتظامات کئے جائیں۔ دریاؤں کے پانی کی سطح کو مانیٹر کیا جائے۔

  • ”کیفین“ آپ کی صحت کے لئے نقصان دہ تو نہیں؟

    ”کیفین“ آپ کی صحت کے لئے نقصان دہ تو نہیں؟

    دنیا بھر میں کروڑوں افراد روزانہ کی بنیاد پر ”کیفین“ کا استعمال کرتے ہیں تاکہ اپنے دماغ کو جگانے کے ساتھ ساتھ توانائی کو برقرار رکھ سکیں، آج ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ کیفین کی کتنی مقدار آپ کی صحت کے لئے نقصان دہ نہیں ہے؟

    ایک قدرتی محرک ”کیفین“ جو عام طور پر کافی، چائے اور کوکو کے پودوں میں پایا جاتا ہے، اسے مناسب مقدار میں استعمال کیا جائے تو اس کے آپ کی صحت پر مضر اثرات مرتب نہیں ہوتے، مگر اس کا زائد استعمال آپ کی صحت کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

    کیفین کا محرک دراصل دماغ کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے یہ نہ صرف دن کے اوقات میں آپ کی نیند کو بھگا کر چوکس بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے، بلکہ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے محققین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اس کے استعمال سے طویل مدتی یادداشت کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

    کیفین سے بھرپور کافی آپ کے دماغ کے ان خلیات کو محفوظ بناتی ہے جو ڈوپامائن پیدا کرتے ہیں یہ ہارمون آپ کو بہتر محسوس کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    کیفین کو اگر زیادہ استعمال کیا جائے تو اس کے آپ کے جسم پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں، یہ پیشاب آور محرک ہے، یعنی اس سے آپ کی حاجت بڑھ جاتی ہے، اس کا زیادہ استعمال پیٹ میں تیزاب کے اخراج میں اضافے کے ساتھ بلڈ پریشر کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

    سونے سے پہلے چھ گھنٹے کے اندر کیفین پینے سے نیند کے مسائل ہوسکتے ہیں، زیادہ کیفین استعمال کرنے سے بے چینی، سر درد، چکر آنا، پانی کی کمی، اضطراب اور دل کی دھڑکن میں تیزی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ان ضمنی اثرات سے بچنے کے لیے روزانہ 400 ملی گرام کیفین کی وہ خاص حد مقرر کی ہے جو اس طرح کے تمام مضر اثرات سے آپ کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔

  • کویت کا غیر ملکیوں سے واجبات وصولی کیلئے اہم اقدام

    کویت کا غیر ملکیوں سے واجبات وصولی کیلئے اہم اقدام

    کویت: غیر ملکیوں سے واجبات کی وصولی کے لئے مملکت کی جانب سے اہم قدم اُٹھا لیا گیا، اس ضمن میں مزید سرکاری اداروں اور فورسز کو شامل کو کرلیا گیا ہے، جو غیر ملکیوں سے واجبات وصول کریں گے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت انصاف اور ٹرانسپورٹیشن کی وزارت کی حالیہ شمولیت کے ساتھ، کویت سے روانہ ہونے والے غیر ملکیوں سے بقایا قرضوں کی وصولی کے ذمہ دار سرکاری اداروں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔

    کویت کے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الصباح کی قریبی نگرانی اور ہدایات کے تحت اس اقدام کو عملی جامہ پہنایا گیا، جو وزارتوں اور ریاستی اداروں کے اندر غیرملکیوں کے واجبات کو ختم کرنے کے لیے بہت زیادہ متحرک ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق نائب وزیراعظم کا مختلف سرکاری اداروں کو غیر ملکیوں کی طرف سے ریاست پر واجب الادا قرضوں کی وصولی میں منسلک کرنے کا فیصلہ متعلقہ وزارتوں، ایجنسیوں اور حکام کے ساتھ ہونے والی میٹنگز کا نتیجہ تھا۔

    بتایا گیا ہے کہ کویت میں مقیم غیر ملکیوں کے قرضوں جرمانے اور سروس فیس کی مد میں کل واجب الادا رقم تقریباً نصف بلین دینار ہوچکی ہے۔

    اس اہم مالیاتی مسئلے کے جواب میں، پہلے نائب وزیر اعظم نے حکومتی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کا ایک طریقہ کار قائم کرنے کے لیے فوری کارروائی کی جس کا بنیادی مقصد عوامی فنڈز کی حفاظت کے لیے بقایا رقم کی وصولی میں تیزی لانا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے اس ضمن میں مستقبل قریب میں مزید اداروں کو اس میں شامل کیا جائے گا، جو بقایاجات کی وصول کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے، جیسے وزارت صحت، وزارت تجارت، ماحولیاتی پبلک اتھارٹی، کویت میونسپلٹی، اور دیگر ادارے بتدریج اس میں شمولیت اختیار کریں گے۔

    ان مباحثوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس سے قبل لاپرواہی اور ناکارہ طریقہ کار کے باعث غیر ملکیوں کے واجب الادا رقم اور قرضوں کی کافی رقم جمع نہیں کرائی جاسکی۔

  • سعودیہ، 11 پاکستانیوں کو قید اور ملک سے بے دخل کرنے کی سزا سنادی گئی

    سعودیہ، 11 پاکستانیوں کو قید اور ملک سے بے دخل کرنے کی سزا سنادی گئی

    ریاض: سعودی عدالت نے مالی غبن کے مرتکب 11 پاکستانیوں کو قید اور ملک سے بے دخل کرنے کی سزا سنادی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں مالی فراڈ کے الزام میں حراست میں لئے گئے 11 پاکستانیوں کو قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

    پبلک پراسیکیوشن کے مطابق 11 رکنی پاکستانی گروہ نے متعدد مرتبہ دھوکے سے بینک صارفین کے اکاؤنٹس سے رقوم نکلوائیں۔

    11پاکستانیوں کے خلاف مالیاتی فراڈ کرنے پر تفتیش مکمل کی گئی اور مجرمان نے اپنا جرم بھی قبول کرلیا، گرفتار کیا گیا گروہ شہریوں کو فون اور میسج کرکے تفصیلات طلب کرتا تھا اور پھر ان کے اکاؤنٹ سے پیسے نکال لئے جاتے تھے۔

    سعودی عدالت نے سخت ایکشن لیتے ہوئے مجرمان پر قید اور ملک سے بے دخل کرنے کی سزا سنادی ہے، ہر ملزم کو زیادہ سے زیادہ 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور سزا پوری ہونے کے بعد مجرمان کو ملک بدر کردیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سعودیہ عرب میں بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کے افراد روزگار کے حصول کے لئے موجود ہیں، جہاں وہ مختلف پیشوں سے منسلک ہیں۔

  • جی 20 اجلاس، عالمی سطح پر بھارت کا مصنوعی چہرہ بے نقاب

    جی 20 اجلاس، عالمی سطح پر بھارت کا مصنوعی چہرہ بے نقاب

    بھارت کی جانب سے جی 20 اجلاس کی میزبانی، عالمی سطح پر بھارت کا مصنوعی چہرہ کھل کر سا منے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی دہلی کے چاروں اطراف مودی سرکار کی جانب سے خوشامد زوروں پر ہے، منافقانہ طرز اپناتے ہوئے دہلی میں قائم کچی آبادیوں کو ڈھانپ دیا گیا اور وہاں کے رہائشیوں کے چہرے پر جی 20 کے پوسٹر لگا دیئے گئے ہیں۔

    دہلی میں قائم کچی آبادیوں کی نقل وحرکت بھی انتہائی محدود کردی گئی ہے، نقل و حرکت پر پابندیوں کیساتھ کنٹرول زون قائم کردیئے گئے ہیں، جبکہ وسطی دہلی میں تمام پبلک ٹرانسپورٹس اوردکانوں کو بڑے پیمانے پر بندش کا سامنا ہے۔

    دہلی کے مقامی لوگوں کو اس صورتحال کے باعث شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ اگلے 3 سے 4 روز تک انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    دوسری جانب جھوٹی نمود و نمائش کیلئے مودی سرکار نے جی 20 کے زائرین کیلئے تمام پمپ اینڈ شو، دھوم دھام اور چمک دمک کاانتظام کیے رکھا ہے۔

  • ویرات کوہلی نے اپنے فیورٹ کرکٹر کا نام بتادیا؟

    ویرات کوہلی نے اپنے فیورٹ کرکٹر کا نام بتادیا؟

    انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سپر اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کی نشاندہی کی ہے۔

    سابق بھارتی کپتان جو خود دنیا بھر میں کرکٹ شائقین کی پسندیدہ شخصیت ہیں، انہوں نے اپنے پسندیدہ کرکٹر کے حوالے سے نہ تو بابر اعظم کا نام لیا، نہ اسٹیو اسمتھ اور نہ ہی جوئے روٹ کا ذکر کیا۔

    ایشیا کپ میں بھارتی اسپورٹس چینل سے نیپال کے خلاف میچ کے دوران بات کرتے ہوئے سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ آج کے دور میں انگلینڈ کے بین اسٹوکس میرے پسندیدہ بلے باز ہیں۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو آج کے دور کا بہترین آل راؤنڈر تصور کیا جاتا ہے، بین اسٹوکس نے ماضی قریب میں انگلینڈ کے لئے بہت سے کارنامے سر انجام دیئے، اسی باعث انہوں نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے لیے گزشتہ سال لی گئی ریٹائرمنٹ کو بھی واپس لے لیا۔

    یاد رہے کہ ایشیا کپ کے پانچویں میچ میں بھارت نے نیپال کو دس وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

    کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ملنے والا 145 رنز کا ہدف باآسانی بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

    بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما اور شبھمن گل نے ناقابل شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔

    روہت شرما نے 6 چوکے 5 چھکے لگا کر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، شبھمن گل نے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 67 رنز بنائے۔

    نیپال کا کوئی بھی بھارتی بیٹرز کو آؤٹ نہ کرسکا۔

    بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، نیپال 48.2 اوورز میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور بھارت کو جیت کے لیے 231 رنز کا ہدف دیا تھا، بارش کے باعث بھارت کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 23 اوورز میں 145 رنز کا ہدف ملا تھا۔

    نیپال کے اوپنرز نے اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 65 رنز پر گری جب کوشل بھرتل 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آصف شیخ نے 58 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

  • سویڈن میں ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی، ہنگامہ آرائی پر دو افراد گرفتار

    سویڈن میں ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی، ہنگامہ آرائی پر دو افراد گرفتار

    سویڈن میں مقدس ترین کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے، جبکہ احتجاج کرنے پر دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عراقی پناہ گزین شخص مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کا مرتکب ہوا ہے، جبکہ مقدس ترین کتاب کے اوراق کو نذر آتش کیا گیا ہے۔

    سویڈش پولیس نے بے حرمتی کرنے والے شخص کو گرفتار کرنے کے بجائے مذکورہ عمل پر احتجاج کرنے والے دو افراد کو حراست میں لیا ہے۔

    عراقی پناہ گزین سلوان مومیکا کی جانب سے قرآن مجید کی بے حرمتی کی گئی ہے، ایک مرتبہ پھر عالم اسلام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور مذکورہ شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

    مقامی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کچھ عینی شاہدین نے مومیکا پر پتھراؤ کیا۔ جائے وقوعہ کی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ لوگ محاصرے کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن پولیس انہیں آگے نہیں بڑھنے دے رہی۔

    واضح رہے کہ عراقی مظاہرین کی جانب سے جولائی میں بغداد میں سویڈش سفارت خانے پر دو مرتبہ حملہ آور ہونے کی کوشش کی گئی تھی دوسرے موقع پرسفارتی کمپاؤنڈ میں آگ لگ گئی تھی۔اس کے علاوہ مشرق اوسط کے کئی ممالک میں سویڈن کے سفیروں کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا تھا۔

    گزشتہ ماہ ڈنمارک کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا کہ وہ قرآن مجید جلانے کی حرکت پر پابندی لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ڈنمارک میں بھی عوامی سطح پر اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر قرآن پاک کی بے حرمتی کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ اسلامی ممالک کی جانب سے ڈنمارک کے بیان کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔

  • کیا بسکٹ کھانا آپ کی صحت کے لئے مضر ہے؟

    کیا بسکٹ کھانا آپ کی صحت کے لئے مضر ہے؟

    بسکٹ ایک ایسی غذا ہے جسے ہم تقریباً روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتے ہیں، بچے ہوں یا بڑے سب ہی بسکٹ بہت شوق سے کھاتے ہیں، چاکلیٹ اور کریم والے بسکٹ عام طور بہت زیادہ پسند کئے جاتے ہیں، اس سے قطعہ نظر کہ بسکٹ ہماری صحت کیلئے نقصان دہ ہیں یا فائدہ مند؟

    بسکٹ کی تیاری میں میدے کا استعمال کیا جاتا ہے، مگر کچھ بسکٹ اناج سے بھی تیار کئے جاتے ہیں، ایسے بسکٹس جس میں چینی، کریم، چاکلیٹ کا استعمال کیا گیا ہو ان سے پرہیز کرنا زیادہ بہتر ہے، کیونکہ ان میں کیلوریز کی بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے، اس کے علاوہ سیچوریٹڈ چکنائی اور مکھن بھی بڑی مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے، جو صحت کے لئے مفید نہیں ہے۔

    بسکٹ کو تیار کرنے کے لئے مختلف اجزاء اور ذائقوں کا استعمال کیا جاتا ہے، جیسے جام، آئسنگ، چاکلیٹ، چینی، دار چینی، یا ادرک کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ چاکلیٹ کوٹڈ بسکٹ اور کریم والے بسکٹ بھی شامل ہیں۔

    یو ایس ڈی اے کا اپنی تحقیق میں کہنا ہے کہ ایک معیاری بسکٹ 45 گرام میں ہونا چاہئے۔جس کی کیلوریز: 166ہونی چاہئے، کاربوہائیڈریٹ: 19.3 گرام، آئرن: 1.2 ملی گرام، سیر شدہ چربی: 8.5 گرام، سوڈیم بائی کاربونیٹ: 441 ملی گرام، شوگر: 1.8 گرام، پروٹین: 3.2 گرام، فائبر: 1.1 گرام،فولیٹ: 54.4 ملی گرام،کیلشیم: 31.5 ملی گرام ہونا چاہئے۔

    بسکٹ میں اگر یہ غذائی اجراء شامل ہوں تو زیادہ بہتر ہے، اس فہرست سے ہمیں اندازا ہوجاتا ہے کہ بسکٹ بہت زیادہ کیلوریز فراہم کرتے ہیں، ان میں ریشے اور شکر کا استعمال زیادہ اور معدنیات کی قلیل مقدار ہوتی ہے۔

    بسکٹ میں 19.3 گرام کاربوہائیڈریٹ ہوتے ہیں۔ ان میں 3.2 گرام شکر کی مقدار بھی ہوسکتی ہے، یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ شکر بھی انتہائی پروسس شدہ کاربو ہائیڈریٹ ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ بسکٹ میں 20 گرام + کاربو ہائیڈریٹ شامل ہوتے ہیں، جبکہ صرف 3.2 گرام پروٹین۔ لہٰذا، بسکٹ کاربو ہائیڈریٹ ہیں، وہ پروٹین یا غیر صحت بخش چربی نہیں ہیں۔

    مگر ایسا نہیں ہے کہ تمام ہی بسکٹ آپ کی صحت کے لئے نقصان دہ ہیں، ہول گرین بسکٹ کی اگر بات کی جائے تو آپ کی صحت کے لئے مضر نہیں ہوتے، انہیں آپ کسی بھی وقت کھا سکتے ہیں، یہ آپ کی صحت کے لئے اچھے ہوتے ہیں۔

    جو لوگ مستقل بنیادوں پر ورزش کرتے ہیں، انہیں فوری توانائی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ورزش کا بہترین نتیجہ سامنے آسکے، ایسے میں اگر کچھ کھانے کے لئے موجود نہ ہو تو آپ ورزش سے قبل ایک یا دو بسکٹ کھا سکتے ہیں۔

    معالج عام طور پر کم فائبر والی غذا ؤں کا مشورہ دیتے ہیں، فائبر صحت کے لئے مفید ہیں، کیونکہ یہ آسانی سے ہضم ہوجاتا ہے، یہاں ایک اچھا آپشن بسکٹ ہے کیونکہ ان میں فائبر کا مواد کم استعمال ہوتا ہے اور یہ خوش ذائقہ بھی ہوتے ہیں۔

  • بخار کے بعد ہونٹوں پر چھالے کیوں نکلتے ہیں؟

    بخار کے بعد ہونٹوں پر چھالے کیوں نکلتے ہیں؟

    بخار کے بعد عموماً دیکھنے میں آیا ہے کہ ہونٹوں کے ارد گرد کی جگہ سرخ ہوجاتی ہے اور ہونٹوں پر باریک چھالے بھی بن جاتے ہیں، یہ چھالے کافی تکلیف کا باعث ہوتے ہیں۔

    ان چھالوں کو فیور بلسٹر یعنی بخار کے چھالے یا کولڈ سور یعنی سرد زخم کہا جاتا ہے۔ یہ تکلیف دہ سفید یا زرد چھالے ہونٹ، منہ کے اردگرد اور ناک کے پاس بنتے ہیں۔

    یہ چھالے ہونے کی ایک اہم وجہ بخار کے باعث ہونے والا انکفیکشن ہوتا ہے، جسے ہرپس سمپلیکس وائرس یا ایچ ایس وی 1 کا نام دیا گیا ہے، اس وائرس میں چھالوں کے علاوہ مختلف عام موسمی بیماریاں اور تھکاوٹ بھی شامل ہے۔

    بعض محرکات وائرس مزید بڑھا سکتے ہیں، جیسے کوئی بیماری یا بخار، سورج میں زیادہ وقت گزارنا، چوٹ لگنا، نزلہ و زکام اور اسٹریس وغیرہ، یہ وائرس عام طور پر اعصابی خلیوں میں رہتا ہے، یہی وائرس بار بار بخار کے چھالوں کا باعث بنتا ہے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق تقریباً 90 فیصد امریکی بالغ افراد اس وائرس کی زد میں آتے ہیں، جبکہ بعض افراد میں اس وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتی ہیں۔

    ایسے افراد جن کی ہرپس سورج کی روشنی سے متحرک ہوتے ہیں، انہیں چاہئے کہ سورج کی روشنی سے بچیں اور سن اسکرین لگانا ضرروی ہے تاکہ اس سے محفوظ رہنے میں مدد مل سکے۔

    اس وائرس کا تاحال کوئی علاج دریافت نہیں ہوا ہے، کوشش یہ کرنی چاہئے کہ جب یہ وائرس فعال ہونے لگے تو کھانے پینے کے برتن اور تولیہ کا اشتراک دوسرے فرد سے نہ کیا جائے۔

    وائرس کی 2عام اقسام:

    ہرپس سمپلیکس وائرس ٹائپ 1 (HSV-1) اکثر منہ کے انفیکشن سے منسلک ہوتا ہے۔ہرپس سمپلیکس وائرس ٹائپ 2 (HSV-2)۔ وائرس کی یہ قسم اکثر جینیاتی ہرپس کے انفیکشن سے جڑی ہوتی ہے، کوئی شخص اگر اس سے ایک بار متاثر ہوجائے تو وائرس ساری زندگی اس کا پیچھا نہیں چھوڑتا۔

    جب وائرس فعال نہیں ہوتا ہے، تو یہ اعصابی خلیوں کے ایک گروپ میں غیر متحرک رہتا ہے، کچھ لوگوں میں کبھی بھی وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوتی جبکہ دوسروں کو وقتاً فوقتاً اس کا انفیکشن ہوتا رہتا ہے۔ اس لئے اس وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کرنی چاہئیں۔