Tag: ARY

  • دیا مرزا کے جذباتی پیغام سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

    دیا مرزا کے جذباتی پیغام سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

    ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ دیا مرزا نے جذباتی پیغام جاری کرکے اپنے چاہنے والوں کو تشویش میں مبتلا کردیا۔

    دیا مرزا نے اپنے آفیشل انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک پیغام تحریر کیا کہ ”احسان جتا کر کسی کا قتل نہ کرو، بلکہ نرم دلی اور مہربانی سے اس کا دل جیتو“۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Dia Mirza Rekhi (@diamirzaofficial)

    بالی ووڈ اداکارہ کی جانب سے پیغام سامنے آنے کے بعد ان کے چاہنے والوں کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    اس سے قبل ایک انسٹاگرام پوسٹ میں دیا مرزا نے بھتیجی تانیا کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی۔ دراصل وہ تانیا کو اپنا ’پہلے بچہ‘ کہتی ہیں۔ کچھ روز قبل اداکارہ کی بھتیجی کار حادثے میں ہلاک ہوئی تھی۔

    اداکارہ نے تصویر کے ساتھ جذباتی پیغام میں لکھا: ’مجھے گھر کے صحن میں‘دیا ماسی‘ کی آوازیں اب بھی یاد ہیں جب تانیا مجھ سے ملنے آئی تھی۔ وہ اپنے ساتھ معصومیت لائی تھی جو کبھی فراموش نہیں ہو سکتی تھی‘۔

    دیا مرزا نے لکھا کہ ’تانیا میرے پہلے بچے کی طرح تھی، وہ ہمیشہ میرے پاس تھی اور مجھے یقین تھا کہ وہ یہ جانتی ہوگی۔ تانیا کی بات سننا، اس کی رہنمائی کرنا اور اسے ڈانٹنا یہ سب خوشیاں تھیں جو اس نے مجھے دیں۔ میں اس کی بہت شکر گزار ہوں‘۔

  • یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے بھارت کی رکنیت کو معطل کردیا

    یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ نے بھارت کی رکنیت کو معطل کردیا

    ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے انتخابات نہ کروانے پر یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ (یو ڈبلیو ڈبلیو) نے بھارت کی رکنیت کو معطل کردیا۔

    یو ڈبلیو ڈبلیو کی جانب سے رکنیت معطل ہونے کے بعد بھارتی ریسلرز آئندہ چیمپئن شپ میں ملک کی نمائندگی نہیں کر پائیں گے۔

    بھارتی ریسلرز 16 ستمبر سے شروع ہونے والی اولمپکس کوالیفائنگ ورلڈ چیمپئن شپ میں بطور’نیوٹرل ایتھلیٹس’ شریک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں خواتین ریسلرز کی جانب سے اس وقت کے فیڈریشن چیف برج بھوشن پر جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد جون میں طے شدہ انتخابات نہیں کروائے گئے تھے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ خواتین ریسلرز نے برج بھوشن کے خلاف زبردست مظاہرے بھی کئے اور دیگر حلقوں نے بھی ان کے خلاف آواز اُٹھائی، جس کے بعد برج بھوشن جنسی ہراسانی کے مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔

  • ایران نے مقامی طور پر تیار کیے گئے جدید ڈرون مہاجر 10 کی رونمائی کر دی

    ایران نے مقامی طور پر تیار کیے گئے جدید ڈرون مہاجر 10 کی رونمائی کر دی

    ایران نے مقامی طور پر تیار کئے گئے خرمشہر اور حاج قاسم میزائلوں کے ساتھ مہاجر 10 ڈرون کی رونمائی کردی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا رونمائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جارحیت میں ملوث ہاتھ کاٹ دیئے جائیں گے۔

    جدید ڈرون 2 ہزار کلومیٹر آپریشنل رینج کے ساتھ، 24 گھنٹے تک پرواز کی خاص صلاحیت کے ساتھ تیز ترین رفتار کا حامل ہے۔

    ایرانی سرکاری میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایرانی ڈرون مہاجر-10 تین سو کلوگرام تک پے لوڈ لے جانے کی اہلیت بھی رکھتا ہے۔

    تقریب رونمائی میں وزیر دفاع اور مسلح افواج کے کمانڈربھی شریک ہوئے، صدر رئیسی کا افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہم سب کی کوششوں سے ملک کے وقار، عزت اور طاقت میں اضافہ ہوگا۔

    ایرانی صدر رئیسی نے ”یا حسین” کوڈ کے ساتھ خرمشہر اور حاج قاسم اسٹریٹجک میزائلوں سپاہ پاسدران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس میں شامل کرنے کا حکم جاری کیا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کی جانب سے ایران پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ یوکرین کے خلاف جنگ میں ایران کی جانب سے روس کو بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں کے علاوہ مہاجر-6 ڈرونز بھی فراہم کیے گئے تھے تاہم ایران کی جانب سے امریکا کی طرف سے لگائے الزامات کو مسترد کردیا گیا تھا۔

  • مریضوں کے لیے سستی جنرک  دوائیں تجویز نہ کرنے پر ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    مریضوں کے لیے سستی جنرک دوائیں تجویز نہ کرنے پر ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    دہلی: بھارت میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت میں اضافے کے تناظر میں مرکزی حکومت نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مریضوں کو سستی جنرک دوائیں تجویز کریں۔ بصورت دیگر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ضرورت پڑی تو ڈاکٹروں کا لائسنس بھی معطل کردیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2002 میں انڈین میڈیکل کونسل (آئی ایم سی) کے جاری کردہ قواعد میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایات ہیں کہ ملک میں ہر ڈاکٹر کو جنرک دوائیں لکھنی چاہئیں۔ مگر اس میں ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا ذکر نہیں کیا گیا۔

    حال ہی میں نیشنل میڈیکل کمیشن کا اعلان سامنے آیا ہے کہ ان ضوابط کی جگہ NMCRMP ضابطے 2023 نافذ ہو گئے ہیں۔ اس میں قواعد پر عمل نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کا بھی ذکر ہے۔

    قواعد کی بار بار خلاف ورزی کی صورت میں ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا، قواعد کے مطابق ”غیر ضروری ادویات، غیر معقول مقررہ خوراک، امتزاج کی گولیاں تجویز نہیں کی جانی چاہئیں۔ اگر کوئی ان قواعد کی خلاف ورزی کرتا ہے تو متعلقہ ڈاکٹر کو وارننگ دی جائے گی اور ورکشاپس میں شرکت کا حکم دیا جائے گا۔

    نیشنل میڈیکل کمیشن کے قواعد کے مطابق ڈاکٹروں کی طرف سے لکھی گئی ادویات کی پرچی میں ادویات کے نام بڑے حروف میں لکھے جائیں۔ موجودہ حالات میں ہر شخص کو اپنی آمدنی کا بڑا حصہ صحت کی دیکھ بھال کے لیے خرچ کرنا پڑتا ہے۔

    واضح رہے کہ جنرک ادویات کی قیمتیں برانڈڈ ادویات کے مقابلے میں 30 سے 80 فیصد تک کم ہوتی ہیں، تبھی ڈاکٹروں کو جنرک ادویات تجویز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ طبی اخراجات کم ہوسکیں، صحت کی دیکھ بھال سب کو فراہم کی جاسکے اور مہنگی ادویات خریدنے کی سکت نہ رکھنے والے بھی ادویات تک رسائی حاصل کرسکیں۔

  • سگریٹ سیکٹر پر عائد بھاری ٹیکسز، ایف بی آر اہداف حاصل نہ کر سکا

    سگریٹ سیکٹر پر عائد بھاری ٹیکسز، ایف بی آر اہداف حاصل نہ کر سکا

    اسلام آباد: حکومت کی جانب سے سگریٹ سیکٹر پر عائد بھاری ٹیکسز کے باوجود اہداف حاصل نہ ہوسکے، گزشتہ مالی سال 23-2022 میں سگریٹ سے حاصل ہونے والے متوقع 240 ارب روپے کے ٹیکس ریونیو ہدف کے مقابلے ٹیکس ریونیو میں 65 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس ریونیو میں کمی کی بڑی اصل وجہ ٹیکسز میں کیا گیا بھاری اضافہ ہے، جبکہ آئندہ مالی سال اسمگل شدہ اور غیرقانونی سگریٹ کی فروخت کی مارکیٹ 50 فیصد سے بڑھ جانے کی توقع ہے۔

    پاکستان ٹوبیکو کمپنی کا میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریاں غیر قانونی طور پر تمباکو کی خریداری کے عمل میں ملوث ہیں۔

    کمپنی کے ایکسٹرنل امور کے سربراہ کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیکس چوری میں ملوث سگریٹ فیکٹریوں کی تمباکو خریداری کے عمل کو قانون کے مطابق بنایا جائے۔

    علاوہ ازیں ملک میں تمباکو کی قیمتوں میں واضح اضافہ ہوا ہے جس کے باعث تمباکو کی بر آمدات میں سامنے آرہی ہے، گزشتہ سال کی اگر بات کی جائے تو برآمدی ہدف 42 ملین گرام جس کا حجم 10کروڑ ڈالر بنتا ہے کہ مقابلے میں بہت کم تمباکو برآمد کیا گیا۔

  • بھارت میں مسلم جوڑے کا پڑوسیوں کے ہاتھوں بے رحمانہ قتل

    بھارت میں مسلم جوڑے کا پڑوسیوں کے ہاتھوں بے رحمانہ قتل

    اترپردیش: مودی کے ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ جاری ہے، ریاست اترپردیش میں مسلمان جوڑے کو ان کے پڑوسیوں نے بے رحمی سے قتل کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مسلمان نوجوان کی جانب سے ہندو لڑکی کو بھگانے پر لڑکی کے والدین نے انتہائی قدم اُٹھاتے ہوئے لڑکے کے والدین کو تشدد کرکے قتل کردیا۔

    اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ پڑوسی حملہ آوروں نے مسلمان جوڑے کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے باعث 50برس کے عباس علی اور 48 برس کی قمر النساء نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ ان کی بیٹی یاسمین علی نے بھاگ کر اپنی زندگی بچائی۔

    مقتول عباس علی کے بیٹے شوکت کا مخالف فریق کی لڑکی سے معاشقہ چل رہا تھا، شوکت 2020 میں ان کی نابالغ لڑکی کو لے کر فرار ہوگیا تھا، پولیس کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے شوکت کو حراست میں لے لیا گیا تھا اور لڑکی کے گھر والوں نے اس کی شادی کرادی تھی۔

    گزشتہ ماہ شوکت کو رہائی ملی، جس کے بعد وہ لڑکی کو لے کر دوبارہ فرار ہوگیا، جس پر لڑکی کے گھر والوں نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے لڑکے کے والدین کو بے رحمی سے قتل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے مقدمے 3افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ 2 کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

  • سعودی ولی عہد کا بڑا اعلان

    سعودی ولی عہد کا بڑا اعلان

    سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مملکت میں سرمایہ کاری کے لئے بڑا اعلان کر دیا گیا، سعودی ولی عہد نے مقامی اور بین الاقوامی ہائی ٹیک کمپنیوں میں ابتدائی سرمایہ کاری کیلیے 750 ملین ریال کا فنڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئی حکمت عملی کا مقصد ریسرچ اور سائنس کی منافع بخش ایجادات میں تبدیلی ہے، اس کے تحت ریسرچ، تجدید اور اختراع سے انسانی صحت ماحولیاتی پائیداری، تجدد پذیر توانائی اور فیوچر اکانومی جیسی قومی ترجیحات پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

    علاوہ ازیں پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ شراکت بڑھائی جائے گی تاکہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول میں مدد ملے، منافع بخش ملکی اور بین الاقوامی شراکت کو مستحکم کیا جائے گا۔

    سعودی ولی عہد کا کہنا ہے کہ ’نئی حکمت عملی سے یونیورسٹی کا نیا عہد شروع ہوگا‘۔ کاوسٹ پوری دنیا میں ریسرچ یونیورسٹیوں میں سے ایک مثال بن چکی ہے‘۔ ’کاوسٹ اپنے قیام کے روز اول سے ریسرچ، ایجادات اور شاندار استعداد کے حوالے سے منفرد ہے۔

    نئی حکمت عملی کے تحت اقتصادی منفعت والی ایجادات تک رسائی دینے والی ریسرچ پر توجہ مرکوز ہوگی۔ یہ تین بڑے اقدامات پر مشتمل ہے۔

    تحقیق، ترقی،نیشنل ٹرانسفارمیشن انسٹی ٹیوٹ فار اپلائی ریسرچ (این ٹی آئی) کا قیام، اور اختراع کے لیے قومی ترجیحات کے مطابق یونیورسٹی میں ریسرچ اداروں کی تنظیم نو اور ڈیپ ٹیکنیکل انویشین فنڈ کا قیام شامل ہے۔

    نئی حکمت عملی کے تحت چینی شہر شین زن میں بڑی کمپنیوں کے ساتھ سٹراٹیجک تعاون کے معاہدے ہوں گے۔

    سو ہیکٹر کے رقبے پر بحیرہ احمر کے شوشہ جزیرے میں لاکھوں مونگوں کی بازآباد کاری اور پیداوار پر کام کیا جائے گا۔ اہم اقدامات میں نیوم کے ساتھ مونگوں کی بستیوں کے احیا سے متعلق کاوسٹ اقدام بھی ہے۔

    اس اقدام سے معیاری تکنیکی ملازمتیں نکالنے میں مدد ملے گی اور معاشی تنوع کو فروغ ملے گا۔ بجٹ کا تخمینہ 750 ملین ریال کا ہے۔ فنڈ کا مقصد آئی ٹی میں ماہر مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں میں ابتدائی سرمایہ کاری ہے۔

  • افتخار احمد کی ایلون مسک سے جعلی اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست

    افتخار احمد کی ایلون مسک سے جعلی اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز افتخار احمد نے ٹوئٹر کے بانی ایلون مسک سے جعلی اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست کر دی۔

    سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر نواز نامی ایک صارف نے افتخار احمد سے منسوب ایک بیان جاری کیا، جس میں اُس کا کہنا تھا کہ جب بھی ہمارا بھارت کے خلاف میچ ہوتا ہے، تو ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہم گلی کے بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

    ٹوئٹ کا لنک اور اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے افتخار احمد نے لکھا کہ مجھے اس بیان سے متعلق بتایا گیا ہے کہ جو میں نے کبھی دیا ہی نہیں، درحقیقت کوئی بھی پروفیشنل کرکٹر اس قسم کی بات نہیں کہہ سکتا۔

    قومی ٹیم کے جارحانہ بلے باز نے کہا کہ برائے مہربانی اس قسم کی غلط اور جھوٹی خبروں کو پھیلانے سے گریز کیا جائے، انہوں نے اپنے چاہنے والوں سے درخواست کی کہ وہ اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کریں۔

    ساتھ ہی افتخار احمد نے ایلون مسک کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے درخواست کی کہ برائے مہربانی اس اکاؤنٹ پر پابندی لگائی جائے کیونکہ یہ اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ، بلیو ٹک کا غلط استعمال کررہے ہیں۔

  • ادھیڑ عمری میں ڈپریشن سے کیسے بچا جائے؟

    ادھیڑ عمری میں ڈپریشن سے کیسے بچا جائے؟

    اکثر دیکھا گیا ہے کہ ادھیڑ عمری میں پہنچ کر لوگ ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں، جس کے سدباب کے لیے مختلف قسم کی ادویات کا سہارا لینا پڑتا ہے، مگر خشک میوہ جات سے بھی ڈپریشن سے محفوظ رہا جا سکتا ہے، جس سے ذہنی صحت میں بھی بہتری آئے گی۔

    خشک میوہ جات کی اگر بات کی جائے تو اس میں اخروٹ، انجیر، بادام، پستہ، کاجو اس کے علاوہ دیگر ڈرائی فروٹس شامل ہیں۔

    ان کی افادیت کی اگر بات کی جائے تو ان میں وٹامنز، فائبر، پوٹاشیم، فیٹی ایسڈز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سمیت دیگر اجزا شامل ہوتے ہیں، یہ اجزا آپ کے جسم کو مطلوب غذائی مقدار فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

    برطانوی ماہرین کی جانب سے اس پر طویل تحقیق کی گئی، اس دوران 13ہزار سے رضاکاروں کی ذہنی صحت کو جانچا گیا۔

    رضاکاروں میں نصف خواتین شامل تھیں اور تمام رضاکاروں کی عمریں 55 سال سے زائد تھیں۔

    ماہرین کی جانب سے تمام رضاکاروں میں ڈپریشن کی سطح جاننے کے بعد انہیں 2013 سے 2020 تک مختلف اشیا کھانے کی تجویز دی گئی۔

    تحقیق کے دوران پتہ چلا کہ 9600 رضاکاروں نے خشک میوہ جات استعمال نہیں کئے جب کہ 2800 رضاکاروں نے اس کی کم مقدار استعمال کی اور ایک ہزار سے زائد رضاکاروں نے زیادہ ڈرائی فروٹ کا استعمال کئے۔

    نتائج سے پتہ چلا کہ جو رضاکار یومیہ 30 گرام تک خشک میوہ جات استعمال کرتے تھے ان کی ذہنی صحت دیگر کے مقابلے بہتر ہوئی اور ان میں ڈپریشن کی سطح 17 فیصد تک کم پائی گئی، ماہرین کا ماننا ہے کہ 17فیصد کی سطح ایک بڑا فرق ہے۔

    تحقیق کے بعد ماہرین نے مشورہ دیا کہ ادھیڑ عمری کے بعد خشک میوہ جات کا باقاعدہ استعمال صحت کے لئے انتہائی مفید ہے، اس سے نہ صرف ذہنی بلکہ جسمانی صحت میں واضح بہتری کے آثار پیدا ہوتے ہیں۔

  • علی سیٹھی نے شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

    علی سیٹھی نے شادی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

    نجم سیٹھی کے صاحبزادے علی سیٹھی نے شادی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

    سوشل میڈیا پر گزشتہ چند دنوں سے علی سیٹھی کی شادی سے متعلق افواہیں زیر گردش ہیں، مذکورہ معاملہ سامنے آیا تو علی سیٹھی کے چاہنے والوں کے ساتھ دیگر افراد کی جانب سے بھی شدید برہمی کا اظہار کیا جانے لگا اور ان پر شدید تنقید شروع ہو گئی۔

    آخرکار پاکستان کے ٹاپ گلوکاروں میں شمار کیے جانے والے گلوکار علی سیٹھی نے ان سب قیاس آرائیوں اور افواہوں کا خاتمہ کرتے ہوئے حقیقت بیان کر دی۔

    فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے گلوکار نے کہا ’میں نے شادی نہیں کی‘ انھوں نے لکھا ’میں نہیں جانتا کون میرے بارے میں یہ سب افواہیں پھیلا رہا ہے۔‘

    علی سیٹھی نے مزید لکھا ’لیکن ہو سکتا ہے کہ اس سے میرے نئے آنے والے گانے کو شہرت مل جائے۔‘ ساتھ ہی انھوں نے اپنے نئے گانے کا لنک بھی شیئر کیا۔

    یاد رہے کہ علی سیٹھی نے کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں کو چھوا ہے اور اب کا شمار ملک کے بڑے گلوکاروں میں ہونے لگا ہے، ان کے گانے ’پسوڑی‘ کو شائقین موسیقی کی جانب سے بہت زیادہ پسند کیا گیا۔