Tag: ARY

  • نیتن یاہو کا آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے بیان پر ردعمل

    نیتن یاہو کا آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے بیان پر ردعمل

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کے ویڈیو پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کے ساتھ ہمارے مشترکا دشمنوں کو شکست دینے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔ اپنے یرغمالیوں کو رہا کرائیں گے اور امن کا دائرہ بڑھائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میری، اسرائیل اور یہودی عوام کی حمایت پر میں صدر ٹرمپ کا بہت شکر گزار ہوں۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نے اپنے پیغام کے ساتھ اپنی اور امریکی صدر کی گرم جوشی سے ہاتھ ملاتے ہوئے ایک تصویر بھی شیئر کی۔

    اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیل کو بچانے کیلیے جنگ میں کودا مگر کچھ حاصل نہیں کر سکا۔

    اپنے پہلے ویڈیو پیغام اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، ایران نے اسرائیل اور اس کے تمام دعوؤں کو کچل کررکھ دیا، 9 کروڑ ایرانیوں نے متحد ہوکر فوج کا ساتھ دیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ہماری جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، ایرانی فوج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایرانی عوام تمام اختلافات بھلا کر متحد ہو کر کھڑی ہوئی، ایرانی عوام نے دنیا کو پیغام دے دیا کہ ہم ایک ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران نے امریکا کے منہ پر زوردار طمانچہ مارا ہے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے ایرانی عوام کو سرنڈر کرنیکی دھمکی دی، ایرانی عوام نے کبھی سرنڈر نہیں کیا اور نہ کرے گی جبکہ تاریخ گواہ ہے کہ ایرانیوں نے کبھی سرنڈر نہیں کیا، اللہ کے فضل سے ایرانی عوام متحد ہوکر کھڑی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت براہ راست جنگ میں داخل ہوئی کیونکہ اسے لگتا تھا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو صیہونی حکومت مکمل طور پر تباہ ہو جائے گی، صیہونی حکومت تقریباً گر چکی ہے، امریکا اسرائیلی حکومت کو بچانے کی کوشش میں جنگ میں داخل ہوا لیکن کچھ حاصل نہیں ہوا۔

  • شیخ حسینہ کی مشکلات میں اضافہ، اپنوں نے ہی دھوکا دیدیا

    شیخ حسینہ کی مشکلات میں اضافہ، اپنوں نے ہی دھوکا دیدیا

    بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا، حکومت کا تختہ اُلٹنے کے بعد جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور شیخ حسینہ کے سب سے بھروسے مند ساتھیوں نے ہی ان کے خلاف گواہی دے دی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پیل باغان میں ہوئے خوفناک قتل عام کی تحقیقات شروع ہوچکی ہیں، نیشنل انڈیپنڈنٹ انویسٹی گیشن کمیشن نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سنسنی خیز دعوے کیے۔ ان میں سب سے اہم یہ کہ خود عوامی لیگ کے 2 سینئر رہنماؤں نے اس قتل عام سے متعلق بذریعہ ای میل گواہی دی۔

    رپورٹس کے مطابق سابق بی ڈی آر اور موجودہ تحقیقاتی کمیشن کے صدر میجر جنرل (ریٹائرڈ) اے ایل ایم فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عوامی لیگ کے جہانگیر کبیر نانک اور پارٹی آرگنائزنگ سکریٹری و سابق وزیر مرزا اعظم نے اپنی گواہی بذریعہ ای میل دی ہے۔

    یہ دونوں لیڈران ابھی ملک سے فرار بتائے جا رہے ہیں۔ تحقیقاتی کمیشن نے اب تک 8 بڑے سیاسی چہروں کی گواہی لی ہے۔ ان میں سے 3 لیڈران سے جیل میں پوچھ تاچھ ہوئی، 3 نے ذاتی طور پر بیان دیے اور بقیہ 2 نے بذریعہ ای میل اپنی بات رکھی۔

    بنگلہ دیش میں تحقیقاتی کمیشن کے صدر فضل الرحمان کے مطابق کمیشن نے اب تک 55 فوجی افسران سے بیان لیے ہیں۔ ان میں برّی، بحری اور فضائی شعبوں کے سابق سربراہان کے ساتھ ساتھ خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران بھی شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ 25 ایسے بی ڈی آر جوان، جنہیں اس معاملہ میں سزا سنائی گئی تھی، ان سے بھی تحقیقات ہوچکی ہیں، رہائی پا چکے 29 جوان کے بھی بیان درج کیے گئے ہیں۔

    شیخ حسینہ واجد بڑی مشکل میں پھنس گئیں، فرد جرم عائد

    ان سب کے علاوہ 20 عام شہریوں سے بھی تحقیقات کی گئی ہیں، جن میں صحافی، بیوروکریٹس اور سابق تحقیقاتی کمیٹی کے اراکین بھی شامل ہیں۔ یہاں تک کہ ٹیلی کام اور بزنس سیکٹر سے تعلق رکھنے والے 9 پیشہ ور افراد کے بھی بیان لیے گئے ہیں۔

    علاوہ ازیں تحقیقاتی کمیشن نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس پیل باغان قتل عام سے متعلق کوئی بھی معلومات ہو تو وہ ضرور شیئر کریں۔

  • ایرانی سپریم لیڈر کا صہیونی دشمن کو سخت سزا دینے کا اعادہ

    ایرانی سپریم لیڈر کا صہیونی دشمن کو سخت سزا دینے کا اعادہ

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کا ایران پر اسرائیلی حملوں میں امریکا کی شمولیت کے بعد پہلا بیان منظر عام پر آگیا ہے، صہیونی دشمن کو سخت سزا دینے کا اعادہ کرلیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایرانی سپریم لیڈر نے اپنے فارسی زبان کے اکاؤنٹس سے پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اسرائیل کو سخت سزا دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

    اُنہوں نے ’آپریشن مڈ نائٹ ہیمر‘ پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سزا جاری ہے۔

    آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ صہیونی دشمن نے سنگین غلطی کی ہے، ایک بڑا جرم کیا ہے۔ اسے سزا ملنی چاہیے اور اسے اب سزا دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی کا کہنا تھا کہ امریکی حملے کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی حملہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کے خلاف جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہوں، امریکا کی سیاسی تاریخ پر ایک بار پھر دھبہ لگ گیا، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکی خارجہ پالیسی کو ہائی جیک کرنے میں کامیاب ہوگئے۔

    ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ امریکا نے پھر نیتن یاہو کیلئے اپنی سیکیورٹی خطرے میں ڈال دی، ایران نے کئی بار امریکا کو اس جنگ سے دور رہنے کیلئے خبردار کیا تھا۔

    انہوں نے خبردار کیا کہ ہماری فورسز اسرائیلی اور اتحادیوں کی جارحیت کا بھرپور جواب دیں گی، پرامن ممالک تاریخ کے درست موڑ پر کھڑے ہیں، پرامن مقاصد کیلئے نیو کلیئر انرجی کے حصول سے روکا جارہا ہے۔

    امیر سعید ایروانی نے کہا کہ دنیا ایران کے خلاف طاقت استعمال دیکھ رہی ہے، اسرائیلی جارحیت سے پورا خطہ غیر محفوظ ہوچکا ہے، اسرائیل ایران کے شہریوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنارہا ہے۔

    ایرانی مندوب سعید ایراوانی کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکا کے تمام الزامات بے بنیاد اور سیاسی محرکات ہیں، ان کی کوئی قانونی بنیاد نہیں۔ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کو سیاسی ہتھیار میں تبدیل کر دیا گیا، اسے جارحیت اور غیر قانونی اقدام کے طور پر استعمال کیا گیا۔

    خلیجی ریاستیں ہائی الرٹ ہو گئیں، بحرین نے اہم قدم اٹھا لیا

    انہوں نے مزید کہا کہ امریکی اقدامات سے عالمی امن خطرے میں پڑچکا ہے، ایران کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے ذریعے نیتن یاہو کو بچانے کی کوشش گئی۔

  • باراتیوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل

    باراتیوں کی گاڑی کو خوفناک حادثہ، شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل

    بھارت کے مغربی بنگال کے پرولیا ضلع میں شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل ہوگئیں، شادی کی تقریب سے لوٹ رہے 9 افراد سڑک حادثے میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق باراتی جمعہ کی صبح

    جھارکھنڈ واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک خوفناک سڑک حادثے کا شکار ہوگئی جس میں 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق نیمڈیہ بلاک کے تلائی تاڑ گاؤں کے 9 افراد ایک گاڑی میں شادی کی بارات لے کر مغربی بنگال کے پرولیا ضلع کے بلرام پور میں واقع ادابنا گاؤں گئے تھے۔

    شادی کی تقریب ختم ہونے کے بعد یہ تمام لوگ جمعہ کی صبح جھارکھنڈ-مغربی بنگال سرحد پر نامشول کے پاس سے گزر رہے تھے۔ جہاں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ ٹریلر الٹ گیا اور بولیرو میں سوار تمام 9 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

    پولیس حادثے کی اطلاع ملتے ہی وقوعہ پر پہنچی اور تمام لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال روانہ کیا، مقامی انتظامیہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹریلر ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد نیمڈیہ لانے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں بیٹی کی منگنی سے واپس آنے والا خاندان خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا تھا، جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    واقعہ بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے ہبلی میں پیش آیا جہاں خوفناک ٹریفک حادثے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ کار اور بس کے درمیان تصادم کے باعث پیش آیا تھا، مرنے والوں میں تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں اور ان کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

  • ایران نے تل ابیب کے سائنس انسٹی ٹیوٹ کو ملیا میٹ کردیا

    ایران نے تل ابیب کے سائنس انسٹی ٹیوٹ کو ملیا میٹ کردیا

    ایران نے اسرائیلی حملوں میں اپنے سائنسدانوں کی شہادتوں کا بدلہ لیتے ہوئے اسرائیلی سائنس انسٹی ٹیوٹ پر حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں مذکورہ عمارت ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران نے اسرائیلی حدود میں دور حملہ کرتے ہوئے اس کے سائنسی ادارے وائیزمین انسٹی ٹیوٹ کو ملیا میٹ کردیا ہے۔

    وائیزمین انسٹی ٹیوٹ کا شمار اسرائیل کے بڑے اداروں کیا جاتا ہے، جہاں کئی دہایوں سے سائنس کے مختلف شعبوں میں تحقیق کا کام جاری ہے۔

    اسرائیلی حکام کی جانب سے سائنس انسٹیٹیوٹ کی تباہی کو جنگ میں اہم دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

    اسرائیلی سائنس دان پروفیسر اورن شولڈینر نے اس تباہی کو اسرائیلی سائنسی تحقیق کے گوہر نایاب پر حملہ قرار دیا ہے۔

    ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ اِی کا اہم بیان:

    سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ اِی کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا امریکا سے مدد مانگنا اس کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے، صہیونی حکومت کے امریکی دوست منظر میں داخل ہو چکے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ صہیونی حکومت کے امریکی دوست ایسی باتیں کہہ رہے ہیں جو صہیونی حکومت کی کمزوری اور نااہلی کو ظاہر کرتی ہیں۔

    ماجد خادمی پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس سروس کے نئے سربراہ مقرر:

    ایران کی جانب سے ماجد خادمی کو پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس سروس کا نیا سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

    ایرانی میڈیا نے ماجد خادمی کو پاسداران انقلاب کی انٹیلی جنس سروس کا نیا سربراہ بنائے جانے سے متعلق اطلاعات دی ہیں۔

    iran israel تمام خبریں

    ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنرل ماجد خادمی وزارتِ دفاع میں انٹیلی جنس پروٹیکشن آرگنائزیشن کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

  • بابر اعظم بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل، کتنا معاوضہ لیں گے؟

    بابر اعظم بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل، کتنا معاوضہ لیں گے؟

    پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ بلے باز بابر اعظم کی بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسرز سے معاہدے کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سڈنی بابراعظم کو سکسرز نے بیس پرائز سے زیادہ معاوضے کی پیشکش کرکے پری سائن کیا ہے جس کیلئے سڈنی سکسرز بابر کو تقریباً 10 کروڑ روپے معاوضہ ادا کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق بابر کو سڈنی سکسرز نے پلاٹینیم کیٹیگری میں پک کیا ہے، سڈنی سکسرز کی پلاٹینم کیٹیگری کی بیس پرائز تقریباً پونے8 کروڑ روپے ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Sydney Sixers (@sixersbbl)

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے ساتھ بابر بی بی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں کی صف میں کھڑے ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ بگ بیش لیگ 14 دسمبر سے آسٹریلیا میں شروع ہوگی جس میں قومی ٹیم کے سابق کپتان پہلی بار شرکت کررہے ہیں۔

    عاقب جاوید کا بابر اعظم سے متعلق بیان:

    نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے ڈائریکٹر عاقب جاوید کا بابر کے ٹی 20 کرکٹ میں مستقبل پر دوٹوک بیان آگیا۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عاقب جاوید نے واضح کیا کہ بابر سمیت تمام کرکٹرز کے لیے ٹیم کے دروازے کھلے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چاہے وہ بابر ہو یا کوئی اور کھلاڑی ٹیم میں سب کے لیے جگہ ہے، اگر بابر یا کوئی اچھی کارکردگی دکھاتا ہے تو وہ اپنا مقام حاصل کرلے گا اور کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی کے ذریعے آگے بڑھ سکتا ہے۔

    عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑی خود جانتے ہیں کہ کونسا فارمیٹ ان کے لیے بہترین ہے اور انہیں آگے کن چیلنجز کا سامنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کھلاڑی جانتے ہیں کہ وہ کس فارمیٹ میں فٹ ہوتے ہیں۔ ان کے لیے بہت سے چیلنجز ہیں اور انہیں ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

    آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے موجودہ دور میں پاکستان کی اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کرتے ہوئے، عاقب نے کہا کہ وہ اس بار پاکستان کے امکانات کے بارے میں پراعتماد ہیں۔

    بابر اعظم اور محمد رضوان ٹاپ ٹین ٹی 20 بیٹرز رینکنگ سے باہر

    انہوں نے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں پاکستان کے بہت اچھے امکانات ہیں۔ ہم پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں دیکھیں گے۔

  • بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، سری لنکا کا اسکواڈ کا اعلان

    بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز، سری لنکا کا اسکواڈ کا اعلان

    کولمبو: بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کے لیے سری لنکا نے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

    سری لنکا کی ٹیم کی قیادت دھننجیا ڈی سلوا کریں گے، سیریز کی خاص بات یہ ہے کہ یہ سینئر آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ ہوگا۔ 37 سالہ میتھیوز نے 2009 میں گال میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور اب وہ اپنا الوداعی میچ یادگار بنانے کی کوشش کریں گے۔

    میتھیوز سے قبل دیمتھ کرونارتنے بھی رواں سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف گال ٹیسٹ کے بعد ریٹائر ہو چکے ہیں۔

    سری لنکا کی قومی ٹیم میں تین نئے کھلاڑیوں پاسندو سوریابندارا، پوان رتھناایک اور ایسیٹھا وجے سندارا کو شامل کیا گیا ہے جو اس سیریز میں ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔لاہیرو ادارا اور سونل دنوشا کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ جبکہ لاہیرو کمارا بھی ٹیم کا حصہ ہیں تاہم وہ انجری کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

    یہ سیریز 2025-2027 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل کے آغاز کی حیثیت بھی رکھتی ہے۔پہلا ٹیسٹ 17 جون کو گال میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25 جون کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

    سری لنکن اسکواڈ:

    دھننجیا ڈی سلوا (کپتان)، پاتھم نسانکا، اوشادا فرنینڈو، اینجلو میتھیوز، کوسل مینڈس، کامندو مینڈس، لاہیرو ادارا، دنیش چندیمل، پاسندو سوریابندارا، سونل دنوشا، پوان رتھناایک، پرباتھ جیسوریا، تھارندو رتھناایک، اکیلا داننجیا، ملان رتھناایک، اسیتھا فرنینڈو، کسن راجیتھا، ایسیٹھا وجے سندارا۔

    دوسری جانب جنوبی افریقہ کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کے بعد سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور انکی آنکھیں خوشی سے چھلک پڑیں۔

    پروٹیز نے 1998 میں آخری بار آئی سی سی ناک آؤٹ ٹرافی جیتی تھی، بالآخر جنوبی افریقہ نے مسلسل 27 سال کے انتظار اور ناک آؤٹ مقابلوں میں ایک درجن سے زائد شکستوں کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا گرز (ٹرافی) اٹھانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

    جنوبی افریقہ کے قائد ٹمبا باووما بغیر کوئی میچ ہارے ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والے تاریخ کے پہلے کپتان بن گئے ہیں جس کے بعد ملک کے سابق کرکٹر اور فینز سب ہی بہت زیادہ خوش ہیں۔

    لیجنڈ بولر ڈیل اسٹین نے ایک آن لائن پوڈکاسٹ کے دوران اپنی ٹیم کے چیمپئن بننے کے حوالے سے کافی جذبات ہوگئے اس دوران کی آنکھوں میں آنسو تھے اور وہ کئی لمحوں تک کچھ بول ہی نہیں پائے۔

    پیٹ کمنز الیون ڈبلیو ٹی سی فائنل میں ‘چوکرز’ کی آوازیں لگاتے رہے، ٹیمبا باووما

    ڈیل اسٹین نے اپنی ٹیسٹ کیپ دکھاتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت گھر پر بیٹھا ہوں اس وقت میرے پاس جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ کیپ بھی موجود ہے اور میں بہت فخر محسوس کررہا ہوں۔

  • ایرانی حجاج کو محفوظ واپسی کے لیے عرعر منتقل کردیا گیا

    ایرانی حجاج کو محفوظ واپسی کے لیے عرعر منتقل کردیا گیا

    سعودی عرب میں ایرانی حجاج کی محفوظ واپسی کے لیے انہیں عرعر ایئرپورٹ پہنچا دیا گیا ہے جہاں سے وہ بری راستے سے ایران روانہ ہوجائیں گے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد حجاج کرام کی مناسک حج کی ادائیگی کے بعد واپسی کے سفر کو آسان بنانا ہے۔

    قابلِ ذکر ہے کہ نئی عرعر سرحدی گزرگاہ اہم ترین زمینی راستوں میں شمار ہوتی ہے جو حجاج اور معتمرین کی نقل و حرکت کو سہولت فراہم کرتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ گزرگاہ ہر سال مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے حجاج کے استقبال اور وداع کے لیے اعلیٰ درجے کی تیاریوں کی حامل ہوتی ہے۔

    عمرہ ویزا کیلئے پالیسی مزید سخت:

    سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے نئے عمرہ ویزا کیلئے اپنی پالیسی سخت کردی ہے جو نافذ العمل ہو چکا ہے۔

    وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ کے خواہشمند بین الاقوامی افراد کو صرف اس وقت ہی ویزا جاری کیا جائے گا جب ان کی رہائش کی بکنگ ”نسک مسار”ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر درج ہو گی۔

    عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکومت کی نئی ہپالیسی کے تحت تمام عمرہ سروس فراہم کنندگان، کمپنیوں اور بین الاقوامی ایجنٹس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ زائرین کے لیے صرف وزارت سیاحت سے لائسنس یافتہ ہوٹلوں میں رہائش کا انتظام کریں اور اس کی مکمل تفصیلات نسک مسار پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کریں۔

    وزارت حج و عمرہ نے واضح کیا کہ جو ادارے اس فیصلے پر عمل نہیں کریں گے، انہیں ویزہ تاخیر یا ریگولیٹری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یہ فیصلہ 10 جون 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔

    یہ پالیسی سعودی عرب کے ویژن 2030 کا حصہ ہے، جس کا مقصد مذہبی سیاحت کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کی خدمات کے ساتھ ترقی دینا ہے۔

    شاہ سلمان کا ایرانی عازمین حج سے متعلق بڑا اعلان

    نسک مسار پلیٹ فارم اب زائرین کے لیے عمرہ خدمات کا مرکزی ڈیجیٹل گیٹ وے بن چکا ہے، جہاں سے وہ نہ صرف ویزہ اور رہائش کی بکنگ کر سکتے ہیں بلکہ مختلف زبانوں میں تعلیمی رہنمائی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

  • سونیا گاندھی کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    سونیا گاندھی کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل

    بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی، جس کے سبب انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کو اتوار کو نئی دلی کے گنگارام اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    کانگریس پارٹی کے مطابق کانگریس کی چیئرپرسن کو معدے کے مسائل کا سامنا ہے۔ اب ان کی حالت مستحکم ہے اور ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ کانگریس کی چیئرپرسن رواں ماہ دوسری بار اسپتال میں داخل ہوئی ہیں۔

    اس سے قبل بھی رواں سال فروری میں بھارت کی سیاستدان اور اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما کی طبیعت بگڑ گئی تھی، جس کے باعث انہیں بھارت کے سر گنگا رام اسپتال میں داخل کرادیا گیا تھا۔

    دہلی مسلم کش فسادات، سونیا گاندھی کا وزیر داخلہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کی طبیعت اب بہتر ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں اور فی الحال کسی قسم کی تشویشناک صورتحال نہیں ہے۔

    کانگریس کی سینئر رہنما نے دسمبر 2024 میں اپنی 78ویں سالگرہ منائی تھی۔

  • اسرائیل کیلئے ایران تک راستہ صاف ہوگیا، اسرائیلی آرمی چیف

    اسرائیل کیلئے ایران تک راستہ صاف ہوگیا، اسرائیلی آرمی چیف

    ایران اور اسرائیل کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا ہے کہ اسرائیل کیلئے (تہران) ایران تک راستہ صاف ہوگیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ا بلاغ کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تہران میں اہداف پر حملے دوبارہ شروع کرنے کیلئے تیار ہیں، ایران کیخلاف مزید حملے آئندہ گھنٹوں میں متوقع ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ حملے تہران کی جانب سے جاری خطرات کے ردعمل میں کیے جارہے ہیں۔

    دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اسرائیل پر ایران کے جوابی حملے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پیغام دیا کہ صیہونیوں کیلئے زندگی ضرور تلخ ہوجائے گی۔

    عوام سے خطاب میں آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا صیہونی حکومت اپنے گھناؤنے جرم سے محفوظ نہیں رہے گی، ایرانی عوام ہمارے ساتھ ہیں، وہ مسلح افواج کی حمایت کرتے ہیں۔

    ایرانی سپریم کمانڈر کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خدا کی مرضی سے صیہونی حکومت پر فتح حاصل کرے گا، ایرانی قوم یقین رکھیں۔

    آیت اللہ خامنہ ای نے کمانڈرز، سائنسدانوں اور شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ایران کے جوابی وار پر قوم کو مبارک باد دی۔

    یاد رہے ایران کے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جوابی حملے جاری ہیں۔ رات سے اب تک ایران اسرائیل پر پانچ میزائل حملے کرچکا ہے۔

    آج صبح تل ابیب اورمقبوضہ بیت المقدس میں پھر دھماکے سنے گئے، حملوں میں 21 افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد اسرائیلی فوج نے شہریوں کو دوبارہ محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کردی۔

    ایران اسرائیل جنگ سے متعلق تمام خبریں

    گزشتہ رات ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کرتے ہوئے دوسو سے زیادہ میزائل فائر کئے تھے، جس میں چار اسرائیلی شہری ہلاک اور ساٹھ سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔