Tag: ARY

  • ہماری تنصیبات کو نشانہ بنایا تو۔۔ امریکا کی ایران کو دھمکی

    ہماری تنصیبات کو نشانہ بنایا تو۔۔ امریکا کی ایران کو دھمکی

    امریکا کا سلامتی کونسل میں اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ اپنے دفاع کے لیے ضروری ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی شہریوں، اڈوں یا دیگر بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔

    امریکا کا سلامتی کونسل میں بیان میں کہنا تھا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرسکے اس کے لیے کوششوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    ایرانی قیادت کا اس وقت مذاکرات کرنا دانشمندانہ ہوگا، امریکا کو اسرائیلی حملوں کی اطلاع پہلے دے دی گئی تھی، لیکن امریکا حملوں میں ملوث نہیں۔

    دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران توقع کرتا ہے کہ یورپی یونین اسرائیلی مجرمانہ حملوں کی مذمت کرے گی۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق جمعہ کے روز اپنے اطالوی ہم منصب انتونیو تاجانی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے عباس عراقچی نے ایران کے جوہری ڈھانچے اور شہری اضلاع پر ٹارگٹڈ حملوں کی مذمت کی۔ انھوں نے ان کارروائیوں کو مجرمانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران توقع کرتا ہے کہ یورپی یونین ایک واضح طور پر سرکشی کے اقدام کی مذمت میں قطعی مؤقف اختیار کرے گی۔

    ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی قوم اور اس کی حکومت بین الاقوامی برادری خصوصاً یورپی یونین سے اس سنگین فعل کے خلاف واضح مذمت کی توقع رکھتی ہے۔ اٹلی کے وزیر خارجہ انتونیو تاجانی نے کہا کہ انھوں نے اسرائیلی حکام سے بات چیت کی ہے تاکہ اس حملے کی سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا جا سکے۔ تاجانی نے زور دے کر کہا کہ ایسی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں اور انھیں فوری طور پر روکا جانا چاہیے۔

    ایران کی اسرائیل کا دفاع کرنے والے ممالک کو دھمکی

    وزیر خارجہ اٹلی نے دونوں اطراف سے تحمل کے مظاہرے پر زور دیا، اور کہا کہ امن اور علاقائی استحکام کے حصول میں نئے سرے سے مذاکرات کے لیے اٹلی سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

  • انتونیو گوتریس کی اسرائیل اور ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

    انتونیو گوتریس کی اسرائیل اور ایران سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل

    اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور ایران سے زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں تازہ کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل اور ایران دونوں پر زور دیا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    اُنہوں نے مشرق وسطیٰ میں کسی بھی قسم کی فوجی کشیدگی کی شدید مذمت کی ہے۔

    سربراہ اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں پر تشویش ہے جو کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری ایٹمی مذاکرات کے دوران کیے گئے۔

    بیان کے مطابق سیکریٹری جنرل دونوں فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہر قیمت پر شدید تصادم سے گریز کریں، خطہ مزید تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

    دوسری جانب قطر اور متحدہ عرب امارات نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے کہا ہے کہ علاقائی سلامتی پرگہری تشویش ہے۔

    متحدہ عرب امارات کے وزارت خارجہ نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، خطے میں مزید تنازعات روکنے کیلئے بین الاقوامی برادری اقدام کرے۔

    سعودی عرب نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملے کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

    قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران پر اسرائیل کا حملہ اس کی خود مختاری اور سلامتی کے خلاف ہے۔

    وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے فضائی حملوں میں جوہری تنصیبات اور 6 فوجی ادون کو نشانہ بنایا گیا۔

    اسرائیل کا ایران پر حملہ، فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا

    اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران کے درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں۔ ایرانی میڈیا نے دارالحکومت تہران کے شمالی، مغربی اور وسطی علاقوں پر حملیکی تصدیق کر دی۔

    فضائی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی، جوہری سائنسدان فریدون عباسی اور محمد مہدی، ختم الانبیاء ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد و دیگر شہید ہوگئے۔

  • متحدہ عرب امارات، عیدالاضحی پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم

    متحدہ عرب امارات، عیدالاضحی پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم

    متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں عیدالاضحی کے موقع پر سینکڑوں قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اصلاحی اداروں سے 963 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ ساتھ ہی قیدیوں پر عائد تمام مالی جرمانے بھی ادا کرنے کا اعلان کیا۔

    رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر کی جانب سے عیدالاضحی کے موقع پر دی جانے والی یہ معافی اُن اقدامات کا تسلسل ہے جو اماراتی مختلف مذہبی اور قومی مواقعوں پر جاری کرتے ہیں، اس کا مقصد قیدیوں کو نئی زندگی کا آغاز کرنے اور معاشرے میں عفو و درگزر اور ہمدردی کی اقدار کو فروغ دینا ہے۔

    اس کے علاوہ دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے بھی مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 985 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    دبئی کے اٹارنی جنرل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ دبئی کے حکمراں قیدیوں کے اہل خانہ کو خوشی فراہم کرنا چاہتے ہیں اور انہیں معاشرے میں دوبارہ فعال کردار ادا کرنے اور نئی زندگی شروع کرنے کا موقع دینا چاہتے ہیں۔

    دبئی پولیس کے تعاون سے دبئی پبلک پراسیکیوشن نے قیدیوں کی رہائی کے لیے درکار قانونی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

    راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی نے 411 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے درکار قانونی کارروائیاں فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    عجمان کے حکمران شیخ حمید بن راشد النعیمی نے 225 ایسے قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا جنہوں نے دورانِ سزا اچھے رویے کا مظاہرہ کیا۔

    متحدہ عرب امارات، بیرون ملک سے بھرتیوں کیلیے نئی ورک پرمٹ سروس شروع

    عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی رہائی کے لیے ضروری قانونی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی جائیں گی۔

  • سعودی عرب: عازمین حج کیلیے 24 گھنٹے مفت ہیلپ لائن کا آغاز

    سعودی عرب: عازمین حج کیلیے 24 گھنٹے مفت ہیلپ لائن کا آغاز

    سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور کی جانب سے عازمینِ حج کے استفسارات کا جواب دینے اور انھیں مذہبی رہنمائی فراہم کرنے کے لیے مفت ہیلپ لائن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے قائم کی گئی اس ٹول فری ہیلپ لائن کا نمبر (800 2451000) ہے اور یہ سروس، عازمینِ حج کے لیے ہفتے کے ساتوں دن اور 24 گھنٹے فعال رہے گی۔

    رپورٹس کے مطابق یہ سروس دس زبانوں میں رہنمائی فراہم کرے گی جن میں عربی، اردو، انگریزی، فرانسیسی، ترکی، بنگلہ، ہاؤسا، انڈونیشائی، امراہک (حبشہ کی زبان) اور ہندی زبان شامل ہیں۔

    عازمینِ حج کے لیے مفت ہیلپ لائن، وزارت کے ان انیشی ایٹیوز میں سے ایک ہے جن کا مقصد حج کے ارکان کی ادائیگی کے لیے اسلامی اصولوں کے مطابق سہولت پیدا کرنا ہے۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام میں عازمین کے لئے بڑی برقی گاڑیوں کی سہولت کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام میں یہ سہولت بزرگ اور معذور افراد کے علاوہ تمام عازمین کے مناسک کی ادائیگی کو آسان بنانے کے لیے ہے۔

    رپورٹس کے مطابق برقی گاڑیوں کی سہولت یکساں نقل و حمل پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جہاں طواف کے لیے برقی گاڑی 100 ریال میں دستیاب ہے اور اسی قیمت پر سعی کے لیے بھی جبکہ معذور افراد کے لیے یہ خدمت مفت فراہم کی جاتی ہے۔

    سعودی عرب: جعلی حج خدمات کی اشتہاری مہم چلانے پر 4 غیر ملکی گرفتار

    نئی گاڑیاں جدید طرز کے ڈیزائن کی حامل ہیں جو سلامتی اور راحت کو مدنظر رکھتی ہیں اور محفوظ و منظم نقل و حرکت کا ماحول فراہم کرتی ہیں جو مسجد الحرام میں حاجیوں کے تجربے کو مزید بہتر بناتی ہیں۔

  • اسرائیل کی غزہ میں خون کی ہولی، مزید 76 فلسطینی شہید

    اسرائیل کی غزہ میں خون کی ہولی، مزید 76 فلسطینی شہید

    غزہ میں اسرائیل کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، جمعے کی صبح سے اب تک کم از کم 76 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے شمالی علاقے میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملہ سب سے ہولناک ثابت ہوا جہاں ایک خاندان کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں تقریباً 50 افراد شہید یا لاپتہ ہو گئے۔

    عینی شاہدین نے الجزیرہ کو بتایا کہ ”اسرائیلی فوج شہریوں کو تفریحاً قتل کر رہی ہے۔” دنیا نے اس قتل عام پر مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

    واضح رہے کہ سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی تباہ کن کارروائیاں، ہلاکتیں اور تباہیاں ناقابل برداشت سطح پر ہیں۔

    اپنے ایک جاری بیان میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ غزہ کا 80 فیصد علاقہ فلسطینیوں کے لیے نو گو زون بن چکا ہے۔

    انتونیوگوتریس نے کہا کہ فلسطینی عوام اسرائیل کی ظالمانہ جنگ کے سب سے ظالم مرحلے سے گزر رہے ہیں، فلسطینیوں کو بھوکا رکھا جارہا ہے، بنیادی ضروریات سے محروم کیا جارہا ہے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ میں حیران ہوں کہ فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم کو دیکھ کر بھی دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کسی ایسی امدادی اسکیم کاحصہ نہیں بنے گا جوانسانی اصولوں پرنہ ہو، امداد کا محفوظ، تیز اور تسلسل سے داخلہ نہ ہوا تو مزید اموات ہوں گی۔

    نیتن یاہو نے غزہ میں عارضی جنگ بندی پر آمادگی ظاہر کردی

    غزہ میں خوراک، طبی امداد پہنچانے کی محدود کوشش جاری ہے، اشد ضرورت کے باوجود اسرائیل امداد پر غیرضروری پابندی لگارہا ہے۔

    سیکریٹری جنرل یواین انتونیو گوتریس کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں جس امداد کی اجازت دی گئی وہ آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

  • بھارتی خاتون کرکٹر کے فلیٹ سے قریبی دوست نے 25 لاکھ چرا لیے

    بھارتی خاتون کرکٹر کے فلیٹ سے قریبی دوست نے 25 لاکھ چرا لیے

    بھارتی خاتون کرکٹر اور یوپی پولیس کی ڈی ایس پی دیپتی شرما کو اس کے بہترین دوست نے لاکھوں کا چونا لگادیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی خاتون کرکٹر دیپتی شرما کی قریبی دوست نے اس کے فلیٹ سے 25 لاکھ کی بڑی رقم چرالی، حیران کُن طور پر اس کی دوست بھی کرکٹر ہے۔ سارا معاملہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔

    رپورٹس کے مطابق کرکٹر آروشی اپنی دوست دیپتی شرما کے فلیٹ پر پہنچی اور وہاں سے زیورات، نقدی اور غیر ملکی کرنسی چرا لی۔ اس سلسلے میں دیپتی شرما کے بھائی سمیت شرما نے پولیس میں شکایت درج کرادی ہے۔

    پولیس کو سمیت شرما نے بتایا کہ اس کی بہن دیپتی کا کہرائی کے قریب فلیٹ ہے۔ دیپتی کی روہنی، نارتھ ویسٹ، دہلی کی رہنے والی آروشی گوئل سے قریبی دوستی ہے، جو ان کے ساتھ جونیئر ٹیم میں کھیل چکی ہیں۔ آروشی فی الحال آگرہ کینٹ ریلوے اسٹیشن پر جونیئر کلرک کے طور پر تعینات ہے۔

    ان کی دوستی کے باعث آروشی، اس کی ماں اور والد نے تقریباً 25 لاکھ روپے ان کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کیے تھے۔ جب بھی بہن دیپتی شرما پیسوں کا مطالبہ کرتی، آروشی بہانہ کرتی۔ اب آروشی اور اس کے خاندان والے نہ صرف بدتمیزی کر رہے ہیں بلکہ پیسے دینے سے بھی صاف منع کردیا ہے۔

    سمیت شرما نے بتایا کہ بہن دیپتی نے آروشی کو اپنے فلیٹ میں آنے سے منع کر دیا تھا۔ یہ 22 اپریل 2025 کا واقعہ ہے۔ جب آروشی چوری چھپے فلیٹ پر آئی۔ فلیٹ میں داخل ہونے کے بعد آروشی نے ڈھائی ہزار ڈالر، طلائی زیورات اور نقد رقم چرالی،یہ پورا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہو گیا۔ دیپتی اُس وقت بیرون ملک میں تھی۔

    ٹنڈولکر ’’چائے کے کپ‘‘ کے ساتھ ٹویٹ کر کے بڑی مشکل میں پھنس گئے

    سی سی ٹی وی چیک کیا گیا تو اس بات کی تصدیق ہوئی کہ آروشی پہلے آئی تھی اور اسی نے رقم چرائی، صدر پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • امریکا: پولیس کی سی آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر مشکوک گاڑی پر فائرنگ

    امریکا: پولیس کی سی آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر مشکوک گاڑی پر فائرنگ

    امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ہیڈ کوارٹر کے باہر سیکورٹی اہلکار کی جانب سے مشکوک گاڑی پر فائرنگ سے ایک خاتون شدید زخمی ہوگئیں۔

    امریکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ خاتون اپنی گاڑی لے کر داخلی دروازے تک پہنچیں اور سکیورٹی عملے کی جانب سے روکے جانے پر گاڑی نہیں روکی۔

    رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ زخم جان لیوا نہیں ہے۔

    واقعے کی سی آئی اے کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے ہیڈ کوارٹر کے باہر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر متحرک ہو گئے۔ مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی‘۔

    رپورٹس کے مطابق سی آئی اے کا ہیڈکوارٹر دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سے تقریباً نو میل دور ریاست ورجینیا کے علاقے لینگلی میں واقع ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیلی سفارتخانے کے اہلکاروں کو قتل کردیا گیا تھا، اہلکاروں پر یہودی میوزیم کے باہر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ میوزیم سے باہر آ رہے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سفارت کاروں کو قتل کرنے کے بعد قاتل نے ”فری فلسطین“ کے نعرے لگائے، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ڈی سی پولیس نے بتایا کہ مقتول سفارتی اہلکار ایک نوجوان جوڑا ہے، جو جیوش میوزیم میں ایک تقریب سے نکل رہے تھے، انھوں نے مزید کہا کہ واقعہ ٹارگٹڈ لگتا ہے۔ اہلکاروں پر فائرنگ ایک ایسے علاقے میں کی گئی ہے، جہاں متعدد سیاحتی مقامات، عجائب گھر اور سرکاری عمارتیں واقع ہیں، جن میں ایف بی آئی کا واشنگٹن فیلڈ آفس بھی شامل ہے۔

    پولیس نے حملہ آور کی شناخت جاری کر دی ہے، 30 سالہ حملہ آور ایلیاس روڈریگیز کا تعلق شکاگو سے ہے، میٹروپولیٹن پولیس ڈپارٹمنٹ کی سربراہ پامیلا اسمتھ نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ سے قبل روڈریگز کو میوزیم کے باہر گھومتے ہوئے دیکھا گیا تھا، فائرنگ کے بعد وہ میوزیم کے اندر گیا لیکن اسے سیکیورٹی نے روک دیا۔

    ویڈیو: اسرائیلی فوج کی بین الاقوامی سفارتکاروں پر فائرنگ

    پولیس کے مطابق حملہ آور کی فائرنگ کے وقت وہاں چار افراد کا گروپ جا رہا تھا، جن میں سے دو نشانہ بن گئے۔

  • جنگی طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ

    جنگی طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ

    مصری فضائیہ کا جنگی طیارہ بحیرہ روم میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے کا پائلٹ جاں بحق ہوگیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فوجی ترجمان کے مطابق مصری فضائیہ کا تربیتی جنگی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران فنی خرابی کاشکار ہوا۔

    فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ مصری فضائیہ کا طیارہ صوبہ دمیاط کے علاقہ راس البر میں ساحلی پٹی میں گر کر تباہ ہوگیا۔

    اس سے قبل یوکرین کی فضائیہ نے امریکی ساختہ جنگی طیارہ ایف 16 اچانک لاپتا ہونے کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی تھی۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ایف 16 کا یوکرین کی فضائیہ سے رابطہ اچانک منقطع ہوگیا تھا جس کے بعد طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی خبر سامنے آئی۔

    فضائیہ کے مطابق ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق طیارے میں ایک غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی، پائلٹ ایف 16 کو بستی سے دور لے گیا اور گرنے سے قبل خود کو فضا میں ہی بحفاظت باہر نکال لیا۔ترجمان نے بتایا کہ پائلٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ایف 16 کو پیش آیا حادثہ کسی روسی حملے کا نتیجہ معلوم نہیں ہوتا تاہم حادثے کا سبب معلوم کرنے کیلیے ایک تحقیقاتی کمیشن بنایا گیا ہے۔

    ’پاکستان کا بھارتی طیارہ گرانا، چینی ٹیکنالوجی کی ترقی کا ثبوت بن گیا‘

    یاد رہے کہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی انتظامیہ کی طرف سے منظور شدہ پروگرام کے تحت یوکرین کو گزشتہ سال امریکی اتحادیوں سے لڑاکا طیارے ملنے کے بعد یہ دوسرا حادثہ ہے۔

  • اسرائیلی فوج نے غزہ پر قیامت ڈھادی، ایک گھنٹے میں 30 فضائی حملے

    اسرائیلی فوج نے غزہ پر قیامت ڈھادی، ایک گھنٹے میں 30 فضائی حملے

    غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید شدت آگئی، ایک گھنٹے کے دوران 30 فضائی حملے، اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس کے النصر اسپتال پر بھی بمباری کی گئی، صبح سے اب تک 23 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے النصر اپستال کی فارماسیوٹیکل لیبارٹری اور اسپتال لائے جانے والے زخمیوں پر بھی بمباری کی۔ انڈونیشین اسپتال پر حملے اور محاصرہ، بُلڈوزر سے اسپتال کی دیوار گرا دی۔

    وزارت کے مطابق اب شمالی غزہ کے تمام سرکاری اسپتال غیر فعال ہوچکے ہیں۔ سات اکتوبر 2023 سے اب تک شہید ہونے والے صحافیوں کی تعداد 2019 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 430 سے زائد زخمی ہیں۔

    سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس نے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ جاری اجتماعی سزا کی مذمت کی۔

    دوسری جانب فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھانے والے اسرائیل نے غزہ میں وسیع پیمانے پر زمینی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    آپریشن میں فوج کی جنوبی کمان کی افواج شامل ہیں جو شمالی اور جنوبی غزہ دونوں میں زمین پر کام کر رہی ہیں۔

    زمینی افواج کو اسرائیل کی فضائیہ کی مدد حاصل ہے۔ غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملوں میں آج کم از کم 135 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

    نیتن یاہو نے کہا ہے کہ نئے حملے کا مقصد حماس کو شکست دینا ہے اور اسرائیلی افواج غزہ میں ”داخل اور پھر باہر نہیں نکلیں گی”یہ تجویز کرتے ہوئے کہ ایک غیر معینہ مدت تک فوجی قبضے کی ضرورت ہے۔

    منصوبے کے تحت نیتن یاہو نے یہ بھی کہا ہے کہ غزہ کی آبادی کو ”اپنے تحفظ کے لیے منتقل کیا جائے گا”۔

    نامعلوم اسرائیلی حکام نے خبر رساں ایجنسیوں کو بتایا کہ اس منصوبے میں پوری غزہ کی پٹی کی ”فتح”شامل ہے۔

    امریکی سفارت خانے نے فلسطینیوں کو لیبیا منتقل کرنے کے منصوبے کی رپورٹ کی تردید کر دی

    اسرائیلی منصوبے میں جنوبی غزہ میں ایک نئے ”انسانی ہمدردی کے زون”کے قیام کا بھی تصور پیش کیا گیا ہے جو امداد کے لیے ایک اڈے کے طور پر کام کرے گا، جس کی نگرانی اب آزاد انسانی تنظیمیں نہیں کرے گی۔

  • امریکی باسکٹ بال کھلاڑی سنگین الزام میں گرفتار

    امریکی باسکٹ بال کھلاڑی سنگین الزام میں گرفتار

    انڈونیشیا میں امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کو غیر قانونی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق انڈونیشیا میں امریکی باسکٹ بال کھلاڑی کو منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے اور منشیات کے لیے انتہائی سخت قوانین والے ملک میں سزا یافتہ اسمگلروں کو بعض اوقات فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے موت کی سزا دے دی جاتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جکارتہ ائیرپورٹ پر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ جیرڈ ڈوین شا سے 869 گرام بھنگ برآمد ہوئی، اس موقع پر انہیں فوری گرفتار کرلیا گیا۔

    2022 سے امریکی کھلاڑی انڈونیشین باسکٹ بال لیگ میں شریک ہورہا ہے جبکہ گرفتاری کے بعد انڈونیشیا کی باسکٹ بال لیگ نے مذکورہ کھلاڑی پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔

    قبل ازیں انڈین پرییئر لیگ (آئی پی ایل) کی سابق چیمپئن ممبئی انڈینز کے سابق کرکٹر شیوالک شرما کو زیادتی کیس میں راجستھان پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 26 سالہ شیوالک کو راجستھان پولیس نے حراست میں لینے کے بعد عدالت میں پیش کیا جہاں انہیں پولیس کی کسٹڈی میں دے دیا گیا۔

    خاتون نے الزام عائد کیا کہ شیوالک نے شادی کے جھوٹے بہانے سے ان کے ساتھ تعلقات قائم کیے، دونوں کی ملاقات دو برس قبل ودورا میں ہوئی جس کے بعد فون پر گفتگو کا سلسلہ شروع ہوا۔

    خاتون نے مزید بتایا کہ اگست 2023 میں شرما کے والدین نے جودھ پور کا دورہ کیا، جہاں دونوں خاندانوں نے بات چیت کی اور زبانی طور پر رسمی منگنی پر رضامندی ظاہر کی۔

    تاہم شرما نے مبینہ طور پر بعد میں ان سے تعلق ختم کرلیا، خاتون نے دھوکا دہی اور ریپ کی شکایت درج کروائی۔

    ماؤنٹ ایورسٹ پر مہم جوئی کے دوران 2 کوہ پیما ہلاک

    شیوالک شرما کی خدمات گزشتہ ایڈیشن میں ممبئی انڈینز نے 20 لاکھ روپے میں حاصل کی تھیں مگر کسی میچ میں نہیں کھلایا، پھر میگا نیلامی سے قبل انھیں ریلیز کردیا۔