Tag: Aryan Khan

  • آریان خان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار

    آریان خان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان جیل میں ذہنی الجھنوں اور بے آرامی کا شکار ہوگئے، ان کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔

    بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کے صاحبزادے آریان خان جیل میں بے آرام اور پریشان دکھائی دیتے ہیں جبکہ وہ ذہنی الجھن کا شکار بھی ہیں۔

    جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات کیس میں ممبئی کی آرتھر جیل میں موجود آریان خان اور دیگر ملزمان کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جیل کی الگ الگ بیرکس میں رکھا گیا ہے۔

    ممبئی کی خصوصی عدالت میں گزشتہ روز بھی آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی جس میں جج نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    جج نے کہا ہے کہ فیصلہ 20 اکتوبر کو سنایاجائے گا تب تک آریان خان جیل میں رہیں گے۔

    آریان خان 3 اکتوبر سے پولیس کی حراست میں ہیں،ان پر ممبئی کے کروز شپ تک ممنوعہ منشیات لے جانے کا الزام لگایا گیا ہے۔

    اس مقدمے میں 20 کے قریب افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان پر منشیات سے متعلق سنگین الزامات لگائے ہیں۔

  • کنگ خان کے بیٹے کو قیدی نمبر الاٹ

    کنگ خان کے بیٹے کو قیدی نمبر الاٹ

    ممبئی: کروز شپ منشیات کیس میں گرفتار معروف ہالی ووڈ اداکار شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کو قیدی نمبر الاٹ کردیا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کی عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد انہیں ممبئی کے آرتھر جیل منتقل کیا گیا، جہاں جیل حکام نے آریان خان کو قیدی نمبر الاٹ کردیا۔

    تین اکتوبر کروز شپ منشیات کیس میں حراست میں لیے گئے آریان خان کو قیدی نمبر N956 دیا گیا، یہ تازہ ترین کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی ہے جب ممبئی کی مقامی عدالت نے آریان خان کی ضمانت سے متعلق فیصلہ بیس اکتوبر تک محفوظ کیا۔

    دوسری جانب آریان خان کی فیملی نے اُن کے لیےساڑھے چار ہزار روپے بھجوائے ہیں جو جیل حکام کو مل گئے ہیں، فیملی نے یہ رقم آریان خان کے کینٹین اخراجات کے لیے بھجوائی ہے، جیل قواعد کے مطابق ایک قیدی کو ہر ماہ ساڑھے 4 ہزار روپے ہی بھجوائے جاسکتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: منشیات کیس: آریان خان کی ضمانت کا معاملہ طول پکڑ گیا

    واضح رہے کہ آج عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد آریان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ بیس اکتوبر تک محفوظ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ این سی بی نے گزشتہ دنوں کروز شپ پر ایک پارٹی کے دوران چھاپہ مارکر آریان سمیت 18 افراد کو حراست میں لیا تھا۔

    این سی بی کا دعویٰ تھا کہ چھاپے کے دوران 13گرام کوکین،21 گرام چرس، ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں، ایم ڈی 5 گرام اور ایک لاکھ 33 ہزار روپے کی نقد رقم تحویل میں لی گئی تھی۔

  • منشیات کیس: آریان خان کی ضمانت کا معاملہ طول پکڑ گیا

    منشیات کیس: آریان خان کی ضمانت کا معاملہ طول پکڑ گیا

    ممبئی: کروز شپ منشیات کیس میں گرفتار کنگ خان کے بیٹے کی ضمانت کا معاملہ مزید طویل ہوگیا، عدالت نے دوبارہ آریان خان کو جیل بھیج دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مبئی کی سیشن کورٹ میں منشیات کیس میں گرفتار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے وکیل انیل سنگھ نے عدالت کو بتایا کہ یہ حقیقت ہے کہ آریان خان کے پاس سے منشیات برآمد نہیں ہوئی لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ انہیں ضمانت ملنی چاہئے۔

    انیل سنگھ نے آریان خان کے کیس کا موازنہ اداکارہ ریحا چکربورتی کے بھائی شویک چکربورتی سے کرتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس سے بھی منشیات برآمد نہیں ہوئی تھی لیکن اس وقت بھی عدالت نے کہا تھا کہ معاملے کی تحقیقات جارہی ہیں۔

    این سی بی کے انیل سنگھ نےعدالت میں آریان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں پیش کیے جانے والے ریکارڈوشواہد سے پتہ چلتا ہے کہ آریان خان گزشتہ چند برسوں سے باقاعدہ منشیات کے عادی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: آریان خان کی گرفتاری، وکیل کا حیران کُن انکشاف

    آریان خان کے ساتھ گرفتار ہونے والے ارباز مرچنٹ کے پاس سے جو منشیات برآمد ہوئی وہ ان دونوں کے استعمال کے لیے تھی۔

    دوسری جانب آریان خان کے وکیل امت دیسائی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ آریان خان کیس سے متعلق عدالت سے ہر ممکن تعاون کرینگے، انہیں ضمانت ملنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ آج کل کے بچوں کی انگلش زبان ہم سے بہت مختلف ہے، ان کی بات چیت کو ایجنسی شکوک کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    آریان خان کے وکیل امیت دیسائی نے کہا کہ میں کسی کو بری کرنا کا نہیں بلکہ ضمانت کا کہہ رہا ہوں، بعد ازاں عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ بیس اکتوبر تک محفوظ کرلیا۔

  • آریان کی گرفتاری : شاہ رخ خان کیلئے کیا کیا مشکلات لے آئی؟؟

    آریان کی گرفتاری : شاہ رخ خان کیلئے کیا کیا مشکلات لے آئی؟؟

    ممبئی : بالی ووڈ کے کنگ خان اپنے صاحبزادے آریان کی گرفتاری کے بعد مالی مشکلات سے بھی دوچار ہوگئے، اطلاعات کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی بھی ان کیخلاف کھل کر سامنے آچکی ہے۔

    اس حوالے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ تعلیم کے فروغ کیلیے کام کرنے والی ٹیکنالوجی کمپنی بائجوز نے آریان خان کی ایک منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد شاہ رخ خان سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان بہت ساری ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کے لیے اشتہارات میں کام کرتے ہیں۔

    "بائجوز” نے آریان خان کی منشیات کیس میں گرفتاری کے بعد اپنی کمپنی کے تمام اشتہارات جن میں شاہ رخ خان نے کام کیا تھا وہ میڈیا پر چلنے سے روک دیے ہیں تاہم کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر شاہ رخ خان سے کو اپنے برانڈ سے علیحدہ کرنے کا اعلان نہیں کیا۔

    واضح رہے کہ آریان خان کو گذشتہ ہفتے کی شب سینٹرل ایجنسی نے ممبئی سے ایک جہاز پر چھاپہ مارنے کے بعد گرفتار کیا تھا اور کہا تھا کہ ان سے منشیات برآمد ہوئی ہیں۔

    بعد ازاں جمعے کو آریان خان کی ضمانت کی درخواست ممبئی کی ایک عدالت نے مسترد کردیا تھا۔ ٹوئٹر پر اس وقت شاہ رخ خان سے منسلک مصنوعات کے بائیکاٹ کے حوالے سے ایک ٹرینڈ بھی چل رہا ہے۔

    انڈین صحافی مکیش کمار نے اپنی ایک ٹویٹ میں "بائجوز” کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ میں ان تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کررہا ہوں جس کی شاہ رخ خان تائید کرتے ہیں۔

    انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جننتا پارٹی (بے جے پی) سے ہمدردی رکھنے والے سادھو یوگی دیوناتھ نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ’شاہ رخ خان کی ہر فلم کا بائیکاٹ کریں۔‘

    سوشل میڈیا پر اس ٹرینڈ کا باغور جائزہ لیا جائے تو گمان ہوتا ہے کہ اس مہم کو چلانے کے پیچھے بی جے پی کے اراکین یا ان کے حامیوں کا کردار نظر آتا ہے۔

    انڈین ریاست ہریانہ میں بے جے پی کے آئی ٹی سیل کے انچارج ارن یادیو نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’میں ان تمام مصنوعات جن کے اشتہارات میں شاہ رخ خان موجود ہیں ان کا بائیکاٹ کررہا ہوں۔‘

    وزیراعظم مودی ہی کی جماعت کے ایک اور رکن نریندر کمار چاولہ نے لکھا کہ میں بحیثیت قوم پرست اس ٹرینڈ کی حمایت کرتا ہوں۔

    بی جے پی کے ایک ترجمان گورو گویل نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’ایس آر کے نے ایک بار کہا تھا کہ انڈیا میں عدم برداشت بڑھتی جارہی ہے۔ ہاں، وہ درست تھے انڈیا منشیات کو لے کر عدم برداشت کا شکار ہے۔‘

    جہاں انڈیا کی حکمران جماعت سے منسلک افراد بالی ووڈ اداکار کے خلام مہم چلا رہے ہیں، وہیں شاہ رخ خان کے دفاع کے لیے ان کے پرستار بھی سوشل میڈیا کے میدان میں لڑتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    ٹوئٹر پر اس وقت ایک اور ٹرینڈ چل رہا ہے جس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ’مودی کو بھی شاہ رخ خان برانڈ کی ضرورت ہے۔

    ایک صارف نے انڈین وزیراعظم کی ایک ٹوئیٹ کا سکرین شاٹ پوسٹ کیا جس میں وہ شاہ رخ خان سے کہہ رہے تھے ’ڈئیر شاہ رخ خان، آئیں 18 سے 24 سالہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں ووٹ ڈالنے کے لیے۔

    صارف نے اس اسکرین شاٹ کیساتھ لکھا ’جب گجرات کے ایک سیاستدان کو سب سے بڑے برانڈ کی ضرورت تھی ووٹرز کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے۔

    ڈیمن نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’شاہ رخ خان کی وجہ سے انڈیا دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔

    آریان خان کے خلاف مقدمے اور اس کے بعد چلائی جانے والی مہم پر شاہ رخ خان یا ان کی اہلیہ فلم پروڈیوسر گوری خان کا اب تک کوئی براہ راست بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

  • شاہ رخ خان کا بیٹا جیل میں کیسی زندگی گزارے گا؟

    شاہ رخ خان کا بیٹا جیل میں کیسی زندگی گزارے گا؟

    بھارتی عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد کنگ خان کے بیٹے آریان خان کو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ممبئی کے آرتھر جیل منتقل کردیا گیا، وہ وہاں مزید 13 دن عدالتی ریمانڈ پر جیل میں رہیں گے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد انہیں ساتھیوں سمیت ممبئی کی آرتھر روڈ جیل منتقل کیا گیا ہے۔

    انڈین میڈیا رپورٹ کے مطابق سونے کا چلچہ منہ میں لے کر پیدا ہونے والے آریان خان کو ممبئی کی جیل میں دیگر عام قیدیوں کی طرح رہنا پڑے گا۔

    خیال رہے کہ پولیس حراست میں ملزم کے لیے گھر یا باہر سے کھانا منگوایا جا سکتا ہے جبکہ عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل کیے جانے کے بعد قانون کے تحت ملزم دیگر قیدیوں کے ساتھ معمولات گزارتا ہے۔

    شاہ رخ خان کے بیٹے اور ان کے ساتھ گرفتار دیگر پانچ ملزمان کو ممبئی کی جیل کی پہلی منزل کی اسپیشل قرنطینہ بیرک میں منتقل کیا گیا جہاں وہ پانچ دن گزاریں گے۔

    آریان خان اور ان کے ساتھی ملزمان کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی تھیں تاہم ان کو جیل میں دیگر قیدیوں سے میل ملاپ سے قبل قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ آریان خان کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں بھی لگوا چکے ہیں۔

    جیل میں آریان خان کو دیگر قیدیوں کے ساتھ صبح 6 بجے جاگنا ہوگا جس کے بعد 7 بجے ناشتہ دیا جائے گا۔ قیدیوں کے لیے ممبئی کی جیل میں دن کا کھانا 11 بجے ہوتا ہے جبکہ رات کے کھانے کا وقت شام 6 بجے مقرر ہے۔

    ممبئی کی جیل میں قیدیوں کو ناشتے میں شیرا پوہا جبکہ دن اور رات کے کھانے میں چپاتی، دال اور چاول دیے جاتے ہیں۔ گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت کے عدالتی حکم کے آنے تک بالی وڈ کنگ سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے کوعام قیدیوں کے ساتھ جیل کا کھانا لینا ہوگا تاہم ان کو جیل کی کینٹین سے کھانا لینے کی اجازت ہوگی جس کے لیے الگ سے قیمت ادا کی جاتی ہے۔

    انڈیا ٹوڈے کے مطابق جیل میں زیادہ تر قیدی رات کا کھانا 8 بجے کھاتے ہیں اور پلیٹ اپنے پاس ہی رکھتے ہیں۔ منشیات رکھنے کے مقدمے میں گرفتار آریان خان کے وکیل ستیش منشندے نے ضمانت کی درخواست پر دلائل میں کہا تھا کہ ان کے مؤکل کی عمر 23 برس ہے اور ان کا پہلے سے کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں۔

    وکیل کے مطابق ’آریان خان معزز خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والدین اور رشتے دار عدالت میں موجود ہیں۔ ان کے پاس انڈین پاسپورٹ ہے اور ان کی اس معاشرے میں جڑیں ہیں وہ فرار نہیں ہو سکتے۔

    آریان خان کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ ان کے مؤکل ضمانت پر رہائی کے بعد مقدمے کے شواہد میں تبدیلی کے لیے خطرہ نہیں۔ شواہد اور دیگر ملزمان پہلے سے ہی پولیس کی تحویل میں ہیں۔

    وکیل کے مطابق آریان خان سے کوئی ممنوعہ مواد برآمد نہیں کیا گیا اور ان کو صرف وی وی آئی  پی کا بیٹا ہونے کی وجہ سے اس سلوک کا سامنا ہے۔

  • مودی سرکار شاہ رخ خان کے بیٹے کو پھنسوا رہی ہے، کانگریس رہنما

    مودی سرکار شاہ رخ خان کے بیٹے کو پھنسوا رہی ہے، کانگریس رہنما

    ممبئی : بھارتی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو بھارتیہ جنتا پارٹی جھوٹے مقدمے میں پھنسوا رہی ہے۔

    بی این سی پارٹی کے کارکن نواب ملک نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے۔ بدھ کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی رہنما نواب ملک نے شواہد پیش کیے ۔

    پریس کانفرنس  میں انہوں نے الزام عائد کیا  ہے کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے اور این سی بی کے ذریعے مقدمے میں ہیرا پھیری کی جارہی ہے۔

    پریس کانفرنس کے دوران کابینہ کے وزیر اور نیشنلسٹ کا نگریس پارٹی کے چیف ترجمان نواب ملک نے کہا کہ دو اکتوبرکی رات جب بحری جہاز پر این سی بی نے چھاپہ مارا تھا اس وقت آریان خان اور ارباز مرچنٹ کو دو نامعلوم افراد کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان دونوں افراد کے بھارتیا جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر کارکنوں کے ساتھ روابط ہیں۔

    پریس کانفرنس کے دوران نواب ملک نے دو ویڈیوز میڈیا کے ساتھ شیئر کیں جن میں ایک شخص کو آریان کے ساتھ این سی بی کے آفس جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ دوسرا شخص ارباز مرچنٹ کے ساتھ موجود ہے اور جو شخص آریان کے ساتھ موجود تھا اس نے گرفتاری کے بعد آریان کے ساتھ سیلفی بھی لی تھی۔

    کانگریس کے ترجمان نواب ملک نے پریس کانفرنس کے دوران ایک پریزینٹیشن بھی پیش کی جس میں انہوں نے ان تمام شواہد کو دکھایا جو انہوں نے پیش کیے تھے۔

    نواب ملک نے کہا گرفتاری کے بعدایک نامعلوم شخص نے آریان کے ساتھ سیلفی لی تھی جو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

    این سی بی نے اس شخص کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا تعلق ایجنسی سے نہیں ہے۔ ہم نے اس شخص کا سراغ لگایا جس سے معلوم ہوا کہ اس شخص کا تعلق بی جے پی سے ہے اور یہ ایک پرائیویٹ جاسوس ہونے کا دعویدار ہے۔

    ترجمان نواب ملک نے مزید کہا کہ جس شخص کو آریان کے ساتھ دیکھا گیا اس کا نام کے پی گوساوی ہے اور جو ارباز مرچنٹ کے ساتھ تھا وہ منیش بھانوشالی ہے اور یہ دونوں بی جے پی کے نمائندے ہیں۔ ان کے بی جے پی رہنماؤں اور نریندر مودی کے ساتھ تصاویر بھی موجود ہیں۔

    دوسری جانب نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے الزامات پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آریان اور ارباز کے ساتھ موجوددونوں افراد آزاد گواہ ہیں۔ اس کے علاوہ این سی بی نے اس معاملے میں مزید کوئی تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔

    واضح رہے کہ این سی بی نے 2 اکتوبر کی رات ممبئی کے ساحل پر موجود ایک بحری جہاز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر اچانک چھاپہ مارکر بھاری تعداد میں منشیات برآمد کی تھی۔اور منشیات استعمال کرنے کے جرم میں کئی لوگوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔ بحری جہاز پر شاہ رخ خان کا بیٹا آریان خان بھی موجود تھا۔

    تاہم آریان کو چھاپے کے دوسرے دن 3 اکتوبر کو اس کے خلاف جمع ہونے والے شواہد کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے آریان کو 7 اکتوبر تک این سی بی کی تحویل میں بھیج دیا تھا۔

  • آریان خان کی گرفتاری، شاہ رخ خان کو کمزور کرنے کی سازش؟

    آریان خان کی گرفتاری، شاہ رخ خان کو کمزور کرنے کی سازش؟

    بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کروز پر ‘ریو پارٹی‘ کے دوران منشیات استعمال کرنے کے اعتراف جرم کرچکے اور عدالت نے انہیں سات اکتوبر تک ریمانڈ پر دے رکھا ہے تاہم کیس میں اہم موڑ آگیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کا کہنا ہے کہ اس کے افسران کو آریان خان کے پاس سے منشیات نہیں ملی ہے،

    اس کیس کو انڈین میڈیا نے بھرپور کوریج دی جبکہ سوشل میڈیا پر شاہ رخ خان پر تنقید کا نشانہ بنتے رہے، تاہم اب لگتا ہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ کے پرستاروں نے ٹھان لی ہے کہ انہوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کو اس مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑنا۔

    سوشل میڈیا خصوصاً ٹوئٹر پر ’آئی اسٹینڈ ود ایس آر کے‘ ٹاپ ٹرینڈز میں سے ایک ہے جبکہ ممبئی میں شاہ رخ خان کی رہائش گاہ کے باہر فینز ان سے یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے جمع ہوئے اور ایک بینرز بھی گھر کے باہر چھوڑ گئے، اس بینر پر انگریزی میں لکھا تھا کہ ’دنیا کے ہر کونے سے آپ کے فینز آپ سے پیار کرتے ہیں اور یہ غیر مشروط ہے’، ’ہم امتحان کے اس وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘

    اس کیس کے حوالے سے ٹوئٹر پر کچھ لوگوں کی رائے ہیں کہ آریان خان کو صرف شاہ رخ خان کو کمزور کرنے کے لیے اس مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: منشیات کیس:‌ شاہ رخ‌ خان کے بیٹے نے اعتراف جرم کرلیا

    بالی وڈ کی ایک اور مشہور شخصیت کمال خان نے لکھا کہ ’اگر کوئی شاہ رخ خان کو جھوٹے الزامات لگا کر انہیں نیچے گرانا چاہتا ہے تو میں غیر مشروط طور پر ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔‘

    دبنگ فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والے سونو سود نے بھی ہندی زبان میں شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’سچ سامنے آنے میں وقت لگتا ہے، آپ خود خدا نہ بنیں۔‘

    آریان خان کے خلاف اس مقدمے پر اب تک شاہ رخ خان یا ان کی بیوی فلم پروڈیوسر گوری خان کا اب تک کوئی براہ راست بیان سامنے نہیں آیا ہے۔