Tag: ARYnews urdu

  • عمران خان سیاست میں نئے ہیں انہیں اخلاقیات کا علم نہیں، سعد رفیق

    عمران خان سیاست میں نئے ہیں انہیں اخلاقیات کا علم نہیں، سعد رفیق

    کوہاٹ: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاست دشمنی کا نہیں اختلاف رائے کا نام ہے، جو سیاست میں دشمنی پالتا ہے وہ سیاسی کارکن نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہاٹ سے راولپنڈی تک ٹرین سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست میں نئے آئے ہیں انہیں اخلاقیات کا نہیں معلوم، اگر وہ سیاست میں رہے تو انہیں پتہ لگ جائے گا۔

    سعد رفیق نے کہا کہ جو وعدے کئے وہ پورے کرنے کی کوشش کی، پہلے 16، 16 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی اب بہتر ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت بناسکتے تھے لیکن پی ٹی آئی کو موقع دیا، وقت آگیا ہے کہ دھرنوں اور جلسوں کی سیاست سے آگے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ گالی کا جواب گالی سے دینا بہادری نہیں، شیخ رشید اور عمران خان جو باتیں کرتے ہیں وہ ہم نے نہیں کرنی، ن لیگ کے جیالے ہیں ہم کسی کو گالی نہیں دیتے۔

    سعد رفیق نے خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں ایک ارب درخت لگائے، وہ درخت کہاں ہیں؟

    انہوں نے کہا کہ 70 سال بعد بھی بنیادی مسائل کو حل نہیں کرسکے، لوگ ووٹ اس لئے دیتے ہیں کہ مشکلات کا ازالہ کیا جائے، چین ہمارے دو سال بعد آزاد ہوا اور آسمانوں پر جاپہنچا، غربت ہمارا مقدر نہیں ہمیں بھی آگے بڑھنا ہے۔

    یہ پڑھیں: سیاسی جماعتوں کو مصنوعی موت نہیں مارا جاسکتا، سعد رفیق


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی، رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 13 ملزمان گرفتار

    کراچی، رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 13 ملزمان گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز کی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 13 ملزمان گرفتار، ملزمان میں کالعدم تنظیم اور لیاری گینگ وار کے کارندے بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے بریگیڈ اور ڈاکس سے کالعدم تنظیم کے 2 کارندے گرفتار کرلئے، ملزمان میں مجاہد علی، محمد فرحان عرف حارث عرف ہنی شامل ہیں، ملزمان ٹارگٹ کلنگ، ڈکیتی اور سہولت کاری میں ملوث ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق گزری سے لیاری گینگ وار کے 6 ملزمان گرفتار کئے گئے ملزمان میں صابر بروہی عرف شاکر عرف شاکا، ارسلان عرف بابن، آکاش عرف وکی عرف سیون سی، آصف عرف پٹنی، جابر، عبید عرف چھوٹو عرف تیرہ ڈی شامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق عذیر بلوچ اور زاہد لاڈلہ گروپ سے ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اسلحہ کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہیں۔

    ادھر عوامی کالونی سے بھتہ خور فرمان اللہ مروت عرف مینگو گرفتار کیا گیا، جبکہ بلال کالونی سے تین جرائم پیشہ افراد گرفتار کئے گئے، ملزمان لینڈ گریبنگ میں ملوث ہیں، ملزمان میں امین، فیصل عرف لکھ پتی اور عظیم مری شامل ہیں۔

    یہ پڑھیں: کراچی، رینجرز کی کارروائی، 7 خطرناک ملزمان گرفتار

    ترجمان رینجرز کے مطابق گزری سے منشیات فروش نظار علی کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • سیاسی جماعتوں کو مصنوعی موت نہیں مارا جاسکتا، سعد رفیق

    سیاسی جماعتوں کو مصنوعی موت نہیں مارا جاسکتا، سعد رفیق

    اوکاڑہ: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو مصنوعی موت نہیں مارا جاسکتا، عام انتخابات میں چند ماہ رہ گئے ہیں، مخالفین صبر کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سعد رفیق نے کہا کہ استعفیٰ مانگنے والے اسعتفی دیکر چلے گئے، لکھ لیں شیخ رشید 31 جنوری سے پہلے استعفیٰ نہیں دیں گے، شیخ رشید کو پتہ ہے کہ اگر 31 جنوری سے پہلے استعفیٰ دیا تو ضمنی انتخاب ہوجائے گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ جو گالی دیتے ہیں ان کا احتساب عوام خود کرلیں گے، لعنتی کہنا یا گالی دینا ن لیگ کا شیوہ نہیں، ملک نازک دور سے گزر رہا ہے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف کو مصنوعی طریقے سے سیاست کو دور نہیں کیا جاسکتا، نااہلی کے فیصلے نے سن لیگ کے جلسے کی رونق اور بڑھادی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھٹو کو پھانسی ہوئی لیکن پیپلزپارٹی ختم نہیں ہوئی، بھٹو قبر سے بھی سیاسی میدان جیتتا رہا، بھلا ہو زرداری کا جنہوں نے پیپلزپارٹی کو ختم کردیا۔

    یہ پڑھیں: اداروں اور سیاسی جماعتوں‌ میں‌ موجود سازشی لوگ مہم جوئی سے باز رہیں، سعد رفیق

    وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ استعفےٰ مانگنے اور دینے کا رواج ختم ہوجانا چاہئے، سب لوگ صحت مند سیاسی مقابلے کیلئے تیار ہوجائیں۔

    سعد رفیق نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ بدحواسی میں پاگلوں کی طرح پاکستان کے خلاف بیان دے رہا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا، سراج الحق

    امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا، سراج الحق

    لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا، وقت آگیا ہے پاکستانی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی ہو۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے کیا، سراج الحق نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کڑا وقت پڑا امریکا نے ہمیں دھوکہ دیا۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ امریکا نے پاک بھارت جنگوں میں بھی پاکستان کو تنہا چھوڑا، امریکا افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

    سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ امریکا سے فوری طور پر لاتعلقی کا اعلان کیا جائے، امریکہ نے ہمیشہ بھارت کی سرپرستی کی ہے، امریکی اقدامات سے نقصان خود امریکا کا ہی ہوگا، وقت آگیا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی ہو۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، ہمیں کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ہے۔

    یہ پڑھیں: امریکہ کا رویہ مجرما نہ ہے، وہ دنیا کوانتشارکی طرف لےجا رہا ہے‘ سراج الحق

    سراج الحق نے کہا کہ امریکا سے دوستی کی پینگیں بڑھانے اور امریکی غلامی کا سبق پڑھانے والوں نے ملک و قوم کی عزت و وقار کو نیلام کیا۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امریکا کی شکست کو فتح میں تبدیل کردے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کرس گیل نے رنگپور رائیڈرز کو بی پی ایل چیمپئن بنوادیا

    کرس گیل نے رنگپور رائیڈرز کو بی پی ایل چیمپئن بنوادیا

    ڈھاکہ: کرس گیل کی دھواں دھار سنچری کی بدولت رنگپور رائیڈرز، ڈھاکہ ڈائنامائٹس کو 57 رنز سے شکست دے کر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی چیمپئن بن گئی۔
    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے فائنل میچ میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، رنگپور رائیڈرز نے مقررہ اوورز میں 206 رنز بنائے جواب میں ڈھاکہ ڈائنامائٹس مقررہ اوورز میں صرف 149 رنز بناسکی۔

    میچ کی خاص بات کرس گیل کی دھواں دھار ناقابل شکست سنچری تھی، گیل نے 69 گیندوں پر 18 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 146 رنز بنائے جبکہ برینڈن میکولم نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔

    ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی ٹیم پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور صرف 149رنز بناسکی، ڈھاکہ ڈائنامائٹس کی جانب سے صرف جہور الاسلام نصف سنچری اسکور کرسکے۔

    ڈھاکہ ڈائنامائٹس کے صرف چار بلے باز ڈبل فگر میں داخل ہوسکے، شاہد خان آفریدی صرف 8 رنز بناکر نظم الاسلام کی گیند پر روبیل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، جبکہ بالنگ میں آفریدی کوئی کمال نہ دکھاسکے اور چار اوورز میں 28 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔

    گیل کو فائنل میچ میں ناقابل شکست سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    کرس گیل نے شاندار سنچری کے ساتھ ہی بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں سب سے زیادہ اسکور 485 رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا، گیل نے ٹورنامنٹ میں دو سنچریاں بنائیں اور 47 بلند و بالا چھکے لگائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • وہ اداکارائیں جو کرکٹرز کو دل دے بیٹھیں

    وہ اداکارائیں جو کرکٹرز کو دل دے بیٹھیں

    ممبئی: بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شادی کے بندھن میں بندھ گئے، کیا آپ جانتے ہیں وہ کون سی اداکارائیں ہیں جنہوں نے نامور کرکٹرز سے شادی رچائی؟

    حال ہی میں اداکارہ ساگاریکا گھاٹکے نے بھارتی فاسٹ بالر ظہیر خان سے شادی کی ان دنوں یہ جوڑا شادی کے یادگار لمحات مالدیپ میں گزار رہا ہے۔

    اپنی جارحانہ بلے بازی سے مشہور بھارتی آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے بھی اداکارہ ہیزل کیچ سے 30 نومبر 2018ء کو شادی کی اور انسٹا گرام کے ذریعے مداحوں کو شادی سے متعلق آگاہ کیا۔

    اپنی گھومتی گیندوں سے مخالف کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے ہربھبجن سنگھ، اداکارہ گیتا بسرا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے، ہربھجن اور گیتا بسرا کی شادی 2015ء میں انجام پائی، ان کی شادی میں مہمان خصوصی طور پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے شرکت کی۔

    اداکارہ سنگیتا بجلانی نے اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر مسلمان کرکٹر اور سابق بھارتی کپتان اظہر الدین کی گھر گھرستی سنبھالنے کا فیصلہ کیا اس مشہور جوڑے کی شادی 1996ء کو انجام پائی۔

    بھارتی کرکٹرز کا بھارتی اداکاراؤں سے معاشقہ اور شادی تو عام بات تھی تاہم بالی وڈ میں کہرام اس وقت مچا جب سابق پاکستانی اوپنر محسن خان نے دورہ بھارت کے دوران جہاں لمبی اننگز کھیلیں وہیں رینا رائے کو اپنی دلہن بنانے کا فیصلہ کرلیا، تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں نے کچھ عرصے بعد علیحدگی اختیار کرلی۔

    ماضی میں دیکھا جائے تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کرکٹرز کی فلمی اداکاراؤں سے شادی کا آغاز بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اداکار سیف علی خان کے والد منصور علی خان پٹودی نے کیا انہوں نے ماضی کی مشہور اداکارہ شرمیلا ٹیگور کو جیون ساتھی چُنا، ان کی شادی 27 دسمبر 1969ء میں ہوئی۔

    یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا بلکہ پاکستانی بلے باز شعیب ملک بھارتی ٹینس اسٹار کو دل دے بیٹھے اور کرکٹ کے میدان اور ٹینس کورٹ کے درمیان محبت کا یہ سلسلہ بالآخر شادی کو پہنچ کر ختم ہوا، یہ اپنی تاریخ کی دلچسپ ترین اور منفرد واقعہ تھا جو اب بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

    محسن حسن خان کے بعد کئی بھارتی اداکاراؤں نے مشہور پاکستانی کپتان عمران خان سے قربتوں کے سلسلے بڑھانے کے لیے کئی جتن کئے لیکن عمران خان نے زینت امان جیسی خوبصورت اداکارہ کو بھی خاطر میں نہیں لائے اور محبت کا یہ سلسلہ یکطرفہ ہی رہا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • طاہر القادری کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے، جہانگیر ترین

    طاہر القادری کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے، جہانگیر ترین

    کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ نجفی کمیشن رپورٹ کے بعد شہباز شریف، رانا ثناء اللہ مستعفی ہوں، ماڈل ٹاؤن متاثرین کے لیے طاہر القادری کے ساتھ مل کر تحریک چلائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جہانگیر ترین نے کہا کہ حکومت ناکام ہوگئی ہے قبل از وقت انتخابات ہونے چاہئیں۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ حکومتی فیصلے نواز شریف کررہے ہیں، حکومت کو فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔

    جہانگیر ترین نے کہا کہ پاکستان میں صرف چہرے تبدیل ہوتے ہیں، ملک کی آخری امید عمران خان ہیں، عمران خان وزیر اعظم بن کر ملک سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں صلاحیتوں کو استعمال نہیں کیا جاتا، بلوچستان میں لوگ پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں، پی ٹی آئی بلوچستان میں منظم ہوگئی ہے، بلوچستان میں پارٹی منظم کرنے میں سردار یار محمد نے کردار ادا کیا، بلوچستان میں آئندہ حکومت ہم بنائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین نے کہا کہ سب کچھ ہوسکتا ہے مگر جے یو آئی ف سے اتحاد نہیں ہوسکتا۔

    یہ پڑھین: شہباز شریف و رانا ثناء کا جرم ثابت ہوگیا، کارکنان کال کے لیے تیاررہیں، طاہر القادری


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • دشمن حملہ آور ہے اور وزیر قوم کی تقسیم میں لگے ہوئے ہیں، فواد چوہدری

    دشمن حملہ آور ہے اور وزیر قوم کی تقسیم میں لگے ہوئے ہیں، فواد چوہدری

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دشمن حملہ آور ہے اور وزیر قوم کی تقسیم میں لگے ہوئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے طلال چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، فواد چوہدری نے کہا کہ فیض آباد دھرنے تک طلال چوہدری غائب رہے، دھرنا ختم ہوتے ہی جعلی ٹارزن باہر نکل آئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ تو سب سے پہلے شہباز شریف نے کیا، پنجاب حکومت کے ترجمان تسلیم کرچکے الیکشن اصلاحات بل حکومت کا تھا، بل سے متعلق حزب اختلاف پر الزام دھرنا ممکن نہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ طلال چوہدری اور ان کی وزارت کی کارکردگی قوم نے دیکھی، وہ گمراہی پھیلانے کی کوشش نہ کریں، طلال چوہدری قوم کی تقسیم کے بجائے لواحقین سے اظہار یکجہتی کریں۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ بیانات داغنے سے پہلے حکومت اپنے موقف میں یکسوئی پیدا کرے، رنگ برنگی سیاسی شرارتیں عمران خان کا راستہ نہیں روک سکتیں۔

    فیض آباد دھرنا کے معاملے کو حکومت کو خود ہی حل کرنا چاہئے تھا، فواد چوہدری

    واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا تھا کہ دھرنا ون اور دھرنا ٹو میں صرف داڑھی کا فرق تھا، الیکشن اصلاحات بل کی ترمیم کے خلاف دو بڑے دھرنے اسلام آباد اور لاہور میں دئیے گئے، دونوں دھرنے والوں نے حکومت کو دھوکا دیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نئے ٹیلنٹ کی تلاش کراچی کنگز میرپورخاص پہنچ گئی

    نئے ٹیلنٹ کی تلاش کراچی کنگز میرپورخاص پہنچ گئی

    میرپورخاص: کراچی کنگز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ’کھلاڑی کی کھوج‘ کے دوسرے فیز کا میرپورخاص میں انعقاد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کھلاڑی کی کھوج کا حیدرآباد کے بعد میرپورخاص میں انعقاد کیا گیا، 16 سے 23 سالہ کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

    میرپورخاص میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز دو روز تک جاری رہیں گے جس کے بعد ایونٹ کا تیسرا فیز عمر کوٹ میں منعقد کیا جائے گا۔

    ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام سندھ کے مختلف شہروں نوابشاہ، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں بھی منعقد ہوگا جبکہ فائنل ٹرائل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 10 سے 13 دسمبر تک ہوں گے۔

    قبل ازیں نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں ہونے والے ٹرائلز کے دوسرے روز بھی باصلاحیت کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ رہا تھا، کوچز نے بھی کراچی کنگز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اہم پلیٹ فارم قرار دیا۔

    منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ملک کے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے مواقع میسر آٗئیں گے۔

    یہ پڑھیں: کراچی کنگز: حیدرآباد میں کھلاڑی کی کھوج کا پہلا مرحلہ مکمل

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

  • حیدرآباد، استاد کا طالب علم پر وحشیانہ تشدد

    حیدرآباد، استاد کا طالب علم پر وحشیانہ تشدد

    حیدرآباد: سبق یاد نہ کرنے پر حیدرآباد کے استاد نے دوسری جماعت طالب علم کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ بوائز اسکول کے استاد معین قریشی نے سبق یاد نہ کرنے پر دوسری جماعت کے طالب علم کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز زاہد کلہوڑو کے مطابق استاد نے بچے کو کہا کہ ’اگر گھر پر تشدد کے بارے میں کسی کو بتایا تو تمہاری دوبارہ اسی طرح پٹائی کروں گا‘۔

    استاد کی دھمکی پر بچہ خاموشی سے گھر پہنچا مگر والدین نے جب بچے کے کپڑے تبدیل کروائے تو انہیں تشدد کے واضح نشانات نظر آئے۔

    والدین نے بچے سے نشانات کے بارے میں دریافت کیا تو مذکورہ طالب علم نے بتایا کہ استاد معین قریشی نے سبق یاد نہ کرنے پر اسے مارا ہے۔

    والدین کا احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹیچر نے سابق یاد نہ کرنے پر بیٹے کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے جسم پر نشانات موجود ہیں۔

    والدین نے اعلیٰ حکام سی اپیل کی ہے کہ وہ واقعہ کی انکوائری کرواتے ہوئے ٹیچر کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دیں۔


    یہ پڑھیں: استاد کا سبق یاد نہ کرنے پر آٹھویں جماعت کے طالب علم پر وحشیانہ تشدد


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔