Tag: ARYnews urdu

  • جمہوریت کو نواز شریف سے خطرہ ہے، بلاول بھٹو

    جمہوریت کو نواز شریف سے خطرہ ہے، بلاول بھٹو

    لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت کو نواز شریف سے خطرہ ہے، پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف ہر سازش میں نواز شریف پیش پیش ہوتے تھے، میاں صاحب صرف اپنا فائدہ دیکھتے ہیں انہیں جمہوریت کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا نواز شریف سے ملاقات کا کوئی موڈ نہیں، سابق وزیر اعظم ہمیشہ موقع پرست ثابت ہوئے ہیں، ان کو نظریے کے بارے میں علم ہی نہیں، وہ اس کے مطلب سے لاعلم ہیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں بشمول پی ٹی آئی نواز لیگ اور دیگرمتفق ہیں کہ ملک میں جمہوریت چلتی رہے، جمہوریت کے استحکام کے لیے تمام سیاستدانوں کو کردار ادا کرنا ہوگا، پیپلزپارٹی ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہی اور کھڑی رہے گی۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ سویلین بالادستی سے متعلق پیپلزپارٹی کا آج بھی وہی موقف ہے، نواز شریف بھی سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی طرح عدالتی دل سے فیصلہ تسلیم کریں۔


    یہ پڑھیں: میاں صاحب پہلے اپنا ماضی دیکھیں پھر ہم سے گلہ کریں، بلاول بھٹو


     انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امریکا اور بھارت کے بجائے پاکستان کے لیے سوچنا چاہئے اور اس کے لیے ہم عمران خان، نواز شریف سب کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نواز شریف بھی جمہوریت کی قدر کریں گے۔

    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیسبک وال پر شیئر کریں۔

  • آئی سی سی ایونٹس میں بھارت پاکستان سے کھیل سکتا ہے تو سیریز کیوں نہیں؟ نجم سیٹھی

    آئی سی سی ایونٹس میں بھارت پاکستان سے کھیل سکتا ہے تو سیریز کیوں نہیں؟ نجم سیٹھی

    لاہور: پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ایونٹس میں بھارت پاکستان سے کھیل سکتا ہے تو سیریز کیوں نہیں؟ پی ایس ایل ٹو کی آڈٹ آخری مرحلے میں ہے۔

    گورننگ بورڈ کے اجلاس کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ بی سی سی آئی نے سیریز کے لیے اپنی حکومت سے اجازت مانگ لی ہے، بی سی سی آئی نے ہمیں نہیں بتایا میڈیا میں خبریں چل رہی ہیں، خیال ہے بھارتی کرکٹ بورڈ کو پاکستان سے سیریز کی اجازت مل جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ٹو آڈٹ کے لیے چار رکنی آڈٹ کمیٹی قائم کردی ہے، پی ایس ایل ٹو کی آڈٹ آخری مرحلے میں ہے، غیر ملکی ٹیمیں مہمان بنیں، مصروف تھے آڈٹ میں معمولی تاخیر ہے۔

    چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ طویل المدت منصوبے کے لیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کردئیے گئے ہیں، کوشش ہوگی پی ایس ایل کے لیے اور فرنچائز بنائی جائیں۔

    یہ پڑھیں: پاک ویسٹ انڈیز ٹیمیں اگلے پانچ سال ٹی ٹوئنٹی سیریزکھیلیں گے، نجم سیٹھی

    نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل تھری کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں نے لاہور آنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے، دو سال کے اندر پی ایس ایل پاکستان میں آجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہوں گے تو ہمیں اسٹیڈیم بھی بڑھانا ہوں گے، اٹھ سے دس روز میں پی ایس ایل تھری کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ملک کی معاشی حالت بہتر نہیں ہے، یوسف رضا گیلانی

    ملک کی معاشی حالت بہتر نہیں ہے، یوسف رضا گیلانی

    ملتان: سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی حالت بہتر نہیں ہے، معاشی حالات تب بہتر ہوں گے جب سیاسی حالات بہتر ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے مشکل حالات میں ملک کو سنبھالا تھا، آج جو لولی لنگڑی جمہوریت ہے وہ بھی بی بی کی وجہ سے ہے۔

    سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پی پی کی یوتھ نے بہت قربانیاں دی ہیں، 1997 میں میاں صاحب نے ہمارے ملازمین کو نکال دیا، نوکریاں دینا جرم ہے تو ہم یہ جرم کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بے شک اسمبلی میں ہار گئے لیکن اپنا حق ادا کردیا، کل ڈبل سے بھی زیادہ ووٹ لیے، بہت لوگ بے نقاب ہوئے۔

    یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ڈکٹیٹر سے ملک کی جان چھڑائی، معاشی حالات تب بہتر ہوں گے جب سیاسی حالات بہتر ہوں گے۔

    یہ پڑھیں: سال2018 میں پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی، یوسف رضا گیلانی

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 15 دسمبر کو پیپلزپارٹی کے جلسے سے بلاول بھٹو خطاب کریں گے، جلسے سے قبل اہم شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل ہورہی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی اسمبلی تحلیل کرسکتے ہیں لیکن سینیٹ الیکشن سے پہلے وہ ایسا نہیں کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم پاکستان حلوہ نہیں لوہے کے چنے ہیں، فاروق ستار

    ایم کیو ایم پاکستان حلوہ نہیں لوہے کے چنے ہیں، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان حلوہ نہیں لوہے کے چنے ہیں، ہمیں خیرات نہیں اپنا حق چاہئے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں اور کراچی میں ہمیں کم شمار کیا گیا، ڈیڑھ کروڑ تو بہنوں کی آبادی ہے ہمارے بھائیوں کو بھی گنا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ پانچ فیصد مردم شماری کا آڈٹ تھرڈ پارٹی سے دوبارہ ہوگا، پانچ نومبر جلسے سے مردم شماری کے پانچ فیصد آڈٹ کا اعلان ہوگیا، مسائل حل کرانے کے لیے بینکوں سے قرض لینا پڑا تو لیں گے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری ٹھیک ہوئی تو وزیر اعلیٰ سندھ کی کرسی بھی خالی ہوگی، اپنا حق اور ٹیکس 2018 کے بعد سود کے ساتھ واپس لیں گے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ سندھ کی سیاست کا کچرا بھی 2018 میں صاف ہوجائے گا، مل کر کام کریں گے تو عوام کے مسائل حل ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آج کچرا اٹھانے کی مشینیں لگائی ہیں، ہم مشینیں لگارہے ہیں وہ پیسہ بنارہے ہیں، چند ارب کی خیرات دے کر ہمیں ہرانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، وسائل صوبائی حکومت کے پاس ہیں۔

    یہ پڑھیں: قبل ازوقت انتخابات دھاندلی ہے، مردم شماری ہمارے موقف کی تائید بڑی فتح ہے، فاروق ستار


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • پی سی بی نے محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن درست کرانے کی ذمہ داری اٹھالی

    پی سی بی نے محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن درست کرانے کی ذمہ داری اٹھالی

    لاہور: پی سی بی نے محمد حفیظ کا غیر قانونی بالنگ ایکشن درست کرانے کے لیے ذمہ داری ادا کرنے کا فیصلہ کرلیا، چار رکنی ریویو کمیٹی قائم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن درست کرانے کے لیے پی سی بی نے احسن رضا، علی ضیا، سلیم جعفر، سجاد اکبر پر مشتمل چار رکنی ریویو کمیٹی قائم کردی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ کا غیر قانونی بالنگ ایکشن درست کرانے کے لیے انہیں نیشنل اکیڈمی طلب کرلیا جہاں محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن پر کام کیا جائے گا۔

    پی سی بی کے مطابق کمیٹی محمد حفیظ کا بالنگ ایکشن درست کرنے کے لیے طریقے کار طے کرے گی، تربیت کے ہر دس دن بعد آف اسپنر کا بائیو مکینک ٹیسٹ ہوگا اور ایکشن میں درستگی آنے پر آئی سی سی سے دوبارہ ٹیسٹ کے لیے باضابطہ درخواست کی جائے گی۔


    مزید پڑھیں: محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن غیر قانونی قرار


     خیال رہے کہ یکم نومبر کو انگلینڈ میں بالنگ ٹیسٹ کے دوران محمد حفیظ کی 80 فیصد گیندیں 11 سے 17 ڈگری تک پائی گئی تھیں۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق بولنگ ایکشن میں کہنی کا خم پندرہ ڈگری کے اندر ہونا چاہیے۔

      یاد رہے کہ محمد حفیظ نے بالنگ ایکشن خراب آنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ آئی سی سی کے فیصلے پر دکھ ہوا، شکست تسلیم نہیں کروں گا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • ختم نبوت سے متعلق تحفظات پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا، پیر نظام الدین جامی

    ختم نبوت سے متعلق تحفظات پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا، پیر نظام الدین جامی

    اسلام آباد: سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر نظام الدین جامی نے کہا ہے کہ ختم نبوت سے متعلق تحفظات پر سمجھوتا نہیں ہوسکتا، اسلام آباد کے شہریوں کو جلد خوشخبری ملے گی۔

    سجادہ نشین گولڑہ شریف پیر نظام الدین جامی ودیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دھرنا منتظمین ہمارے ساتھ پریس کانفرنس میں موجود ہیں، ملکی سالمیت کو جو خطرات لاحق ہیں اس پر گفتگو ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک کے سربراہوں نے میری بات سے اتفاق کیا، اتفاق کیا گیا پاکستان ہمارا ملک ہے ہم نے اسے بچانا ہے، دھرنا منتظمین سے درخواست ہے آپ پر امن رہیں، اسلام آباد کے شہریوں کو جلد خوشخبری ملے گی۔

    پیر نظام الدین جامی نے کہا کہ پچاس سے زائد سجادہ نشینوں کو کہا ہے حکومت سے مذاکرات چل رہے ہیں، ہم جلد از جلد اور قائدین سے سمجھوتے کی کوشش کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کا دھرنے کے خلاف آپریشن یا ایکشن کا ارادہ ہے تو باز رہے، یہ سیاسی دھرنا نہیں، خالصتا مذہبی دھرنا ہے۔

    پیر افضل قادری نے کہا کہ زاہد حامد استعفیٰ دیں یا انہیں ہٹایا جائے، تمام تر معاملات وزیر قانون کی سرپرستی میں ہوئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ختمِ نبوت قانون میں تبدیلی، حکومت ذمہ دار کوسامنے لائے، وزیر قانون ملکی مفاد سے بڑھ کر نہیں، سراج الحق

    ختمِ نبوت قانون میں تبدیلی، حکومت ذمہ دار کوسامنے لائے، وزیر قانون ملکی مفاد سے بڑھ کر نہیں، سراج الحق

    کوئٹہ: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کو اسلامی انقلاب کی ضرورت ہے، موجودہ قیادت فیل ہوگئی ہے،ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کے ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے۔

    وہ کوئٹہ میں خواتین کے سمینار تقریب سے خطاب کررہے تھے، امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جو انقلاب لانا چاہتے ہیں وہ خواتین کی مدد کے بغیر ممکن نہیں، شیطانی قوتیں مایوس ہورہی ہیں جو پاکستان کو سیکولر اور لبرل بنانا چاہتی ہیں۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ختم نبوت قانون میں تبدیلی کے اصل ذمہ داروں کو سامنے لایا جائے اور اگر حکومت ایسا کرنے میں ناکام رہتی ہے تو یہ سمجھا جائے گا کہ حکومت بااثر افراد کو بچانا چاہتی ہے اور قبیح عمل میں شامل بھی ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیر قانون زاہد حامد پاکستان کے اجتماعی مفاد سے بڑھ کر نہیں ہیں چنانچہ اگر وہ ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کے مرتکب پائے گئے ہیں تو استعفیٰ کے ساتھ ساتھ سزا بھی ہونی چاہئے تاہم اس حوالے سے قائم کمیٹی کو 28 دن ہوگئے لیکن اب تک حکومت نے ذمہ داروں کے نام نہیں بتائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں سب سے پہلے میں سپریم کورٹ گیا تھا جس کے بعد نواز شریف کو سزا ہوئی لیکن پاناما لیکس میں آنے والے 436 افراد کے خلاف کارروائی ہونا ابھی باقی ہے جس کے لیے سپریم کورٹ سے کمیشن یا جے آئی ٹی بنانے کی درخواست ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 150 میگا اسکینڈل نیب کے پاس موجود ہیں جن میں عوام کے ٹیکسوں کے روپوں کو چرانے والوں کے نام شامل میں جس کی تحقیقات ہونا بے حد ضرورری ہے تاکہ بیس کروڑ عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والوں کو سزا ملے۔

    سراج الحق نے نواز شریف کے جلسے جلوسوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کوئی مرکزی حکومت نہیں ہے بلکہ یہ حکومت وینٹی لیٹر پر آخری سانسیں لے رہی ہے اور جلسے جلوس کر کے کنٹینر کے پیچھے چھپ کر اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اب یہ کنٹینرز حکومت کو نہیں بچا سکتے۔

    یہ پڑھیں: بلا تفریق احتساب کے عمل کو تیز تر کیا جائے، سراج الحق

    انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی خواتین سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہیں، جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین کو خوش آمدید کہتا ہوں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • باکسر محمد وسیم کا پاکستانی شہریت چھوڑنے پر غور

    باکسر محمد وسیم کا پاکستانی شہریت چھوڑنے پر غور

    کراچی: حکومتی سطح پر کسی قسم کی سپورٹ نہ ملنے پر باکسر محمد وسیم نے پاکستانی شہریت چھوڑنے پر غور شروع کردیا۔

    کراچی میں ویڈیو پیغام جارتے ہوئے باکسر محمد وسیم نے کہا کہ پندرہ سال سے پاکستان کے لیے کھیل رہا ہوں پاک فوج کے علاوہ کسی نے حوصلہ افزائی نہیں کی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر کسی قسم کی سپورٹ نہیں کی جارہی ہے، کوریا کی جانب سے کھیلنے کی پیشکش کی گئی تھی میں نے انکار کردیا۔

    باکسر محمد وسیم نے کہا کہ اپنے ملک کے لیے کھیلنا چاہتا ہوں لیکن سپورٹ نہیں کیا جارہا، برانڈ ایمبسڈر کے لیے رابطے کئے جارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں، فائٹ کی صورت میں مل جاتے ہیں، چاہتا ہوں پاکستان کے لیے آگے بھی کھیلوں بس حوصلہ افزائی کی جائے۔

    باکسر محمد وسیم نے کہا کہ میرے پاس جو ٹائٹل ہے ساؤتھ ایشیا میں کسی کے پاس نہیں، کوریا کے اسپانسرز مسلسل رابطے کررہے ہیں، ورلڈ ٹائٹل فائٹ کی تیاری کے لیے فنڈز نہیں ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی باکسرمحمد وسیم نے پاناما کے باکسر کو شکست دے دی

    واضح رہے کہ باکسر محمد وسیم نے 8 پروفیشنلز فائٹ کھیلی ہیں اور سب مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے، اب محمد وسیم ڈبلیو بی سی فلائی ویٹ کی ورلڈ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے امریکا روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ کولمبیا کے باکسر سے مقابلہ کریں گے۔

    یہ پڑھیں: پاکستانی باکسرمحمد وسیم دنیا کے نمبرون باکسرزمیں شامل


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پریانکا چوپڑا چلتی گاڑی سے گر گئیں، ویڈیو وائرل

    پریانکا چوپڑا چلتی گاڑی سے گر گئیں، ویڈیو وائرل

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا چلتی گاڑی سے گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پریانکا چوپڑا ان دنوں نیویارک میں موجود ہیں اور اپنے مقبول ترین سیریل ’کوانٹیکو‘ کے تیسرے سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

    سخت شیڈول کے باوجود پریانکا اپنے مداحوں کو یاد رکھتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے شو کوانٹیکو میں شامل ساتھی اداکار روشیل چلتی گاڑی میں ہنسی مذاق کرتے نظر آرہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پریانکا چلتی گاڑی کے دروازے پر لٹکی ہوئی ہیں اور روشیل انہیں پکڑ کر بچانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن وہ پریانکا کو بچانہیں پائے اور پریانکا چلتی گاڑی سے گر گئیں۔

     

    تاہم گھبرانے کی کوئی بات نہیں ہے اداکارہ پریانکا چوپڑا کی یہ ویڈیو ان کے سیریل ’کوانٹیکو‘ کا ایک سین ہے جس کی شوٹنگ جاری تھی اور پریانکا چوپڑا چلتی گاڑی میں نہیں بلکہ رکی ہوئی گاڑی میں کھڑی تھیں جبکہ پیچھے صرف اسکرین چل رہی تھی، جسے دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا جیسے گاڑی چل رہی ہو۔

    یہ پڑھیں: پریانکا چوپڑا دنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل

    واضح رہے کہ اس سے قبل پریانکا چوپڑا نے ایک اور اعزاز حاصل کیا تھا، پریانکا کو دنیا کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • تین فٹ کے پپو کی میٹرک کے امتحانات میں‌ کامیابی

    تین فٹ کے پپو کی میٹرک کے امتحانات میں‌ کامیابی

    گوجرانوالہ: پنجاب سے تعلق رکھنے والے چھوٹے قد کے پپو کے ہاتھ میں میٹرک امتحانات کا نتیجہ آیا تو دوستوں اور پڑوسیوں نے خوب جشن منایا اور مبارک باد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے چھوٹے قد کے شخص کو تعلیم حاصل کرنے کا اس قدر جنون ہے کہ اُس نے سال 2017-2016 میں میٹرک کے امتحانات میں بطور امیدوار شرکت کی۔

    عمر اور اپنے قد کی وجہ سے شرمائے بغیر پپو نے امتحانی مرکز پہنچ کر تمام پرچے دیے اور شدت سے میٹرک کے رزلٹ کا انتظار کرنے لگا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے میٹرک کے نتائج کا اعلان کیا گیا تو پپو کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا کیونکہ اُس نے 475 نمبر لے کر میٹرک کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی۔

    پپو کے ہاتھ میں امتحان کا نتیجہ آیا تو دوستوں، پڑوسیوں اور رشتے داروں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر خوشی منائی اور کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے ہار پہنائے۔

    محلے والوں کو اپنے ساتھ بھنگڑے ڈالتا دیکھ کر پپو بھی جذباتی ہوگیا اور اُس نے خوب رقص شروع کیا جس کے بعد دوستوں نے اُس کو کاندھے پر اٹھایا، اس موقع پر تمام افراد کو مٹھائی کھلائی گئی۔

    ویڈیو دیکھیں


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔