Tag: ARYNews

  • مہنگائی، بیروزگاری نواز شریف کا تحفہ ہیں، سراج الحق

    مہنگائی، بیروزگاری نواز شریف کا تحفہ ہیں، سراج الحق

    وہاڑی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت نے عقیدہ ختم نبوتﷺ پر شب خون مارا، مہنگائی اور بیروزگاری نواز شریف کا تحفہ ہیں۔

    وہاڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ختم نبوت ﷺ میں ترمیم والے کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے، جماعت اسلامی کے نوٹس لینے پر حکومت نے ترمیم واپس لی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف لاہور میں ایسا کوئی اسپتال بناتے تو اہلیہ کو لندن لے کر نہ جاتے، نواز شریف کو عدالت نے نہیں اللہ نے سزا دی ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ سے اس حکومت کو ختم کرے، موجودہ حکومت ہماری نظریاتی سرحدوں کی حفاظت نہیں کرسکی، اسٹیٹس کو ختم کرنے اور انقلاب کا وقت آگیا ہے۔؎

    نوازشریف ختم نبوت میں تبدیلی کےذمہ داروں کوپارٹی سےنکالیں، سراج الحق

    سراج الحق نے صدر ممنون حسین کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 480 بلین قرضہ لیا لیکن ایک بڑا ڈیم اور اسپتال نہ بناسکے، 780 بلین قرضہ کہاں گیا، حکمرانوں نے ملک کو لوٹا ہے اور اب جواب نہیں دے رہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں غربت مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے، حکمرانوں کی مثال اس مرغی کی ہے جو دانا کہیں کھاتی ہے اور انڈہ کہیں دیتی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نوجوان کھلاڑی بہترین کھیل پیش کررہے ہیں، مصباح الحق

    نوجوان کھلاڑی بہترین کھیل پیش کررہے ہیں، مصباح الحق

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ نوجوان کھلاڑی بہترین کھیل پیش کررہے ہیں، ایک آدھ شکست سے پریشان نہیں ہونا چاہئے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی ون ڈے کی کارکردگی بہترین ہے، ٹیم میں تبدیلیوں سے پرفارمنس میں فرق پڑتا ہے۔

    مصباح الحق نے بلے باز امام الحق کو پہلے ہی ون ڈے میچ میں سنچری اسکور کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امام الحق میں کافی ٹیلنٹ ہے۔

    سابق کپتان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں سری لنکن ٹیم کی آمد بہترین قدم ہے۔

    مصباح الحق نے کہا کہ قومی ون ڈے ٹیم کی کارکردگی دن بہ دن بہترین کی طرف جارہی ہے، نوجوان پلیئرز اچھی کارکردگی پیش کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ محمد حفیظ کی باؤلنگ قومی ٹیم کے لیے اضافی سہولت ہے، تاہم ان کے باؤلنگ ایکشن پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

    یہ پڑھیں: محمد حفیظ مشکل میں، باؤلنگ ایکشن تیسری بار مشکوک

    واضح رہے کہ سری لنکن ٹیم 29 اکتوبر کو لاہور میں تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

    یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں ان دنوں دبئی میں ون ڈے سیریز کھیلنے میں مصروف ہیں، پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں شکست دے دی ہے جبکہ ابھی دو ون ڈے میچز باقی ہے۔

    مزید پڑھیں: تیسرا ون ڈے: پاکستان نے سری لنکا کوشکست دے کرسیریز جیت لی


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اندر سے جیالی‘ باہر سے پولیس والی ہوں

    اندر سے جیالی‘ باہر سے پولیس والی ہوں

    حیدر آباد: پیپلز پارٹی کے جلسے میں تعینات خاتون پولیس اہلکار نے دلچسپ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندر سے جیالی ہوں، باہر سے پولیس والی ہوں۔

    حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی سیکیورٹی پر تعینات خاتون پولیس اہلکار نے نمائندہ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندر سے جیالی ہوں، باہر سے پولیس والی ہوں، ہم اپنی وردی کے آگے مجبور ہیں نہ ان کے نام کا نعرہ لگا سکتے ہیں، ہم پیپلزپارٹی کے تو نہیں ہیں لیکن جیالے ہم ہیں۔

    خاتون پولیس اہلکار نے انکار کے باوجود جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہوئے کہا کہ ہم بلاول کی سیکیورٹی کے لیے بھی آئے ہیں اور انہیں دیکھنے کے لیے بھی آئے ہیں۔ بلاول بھٹو ہمیں بہت اچھے لگتے ہیں‘ میں ان کی پرستار ہوں۔

    ایک اور لیڈی پولیس اہلکار سے جب یہ سوال کیا گیا کہ آپ جلسے میں ڈیوٹی کے دوران کیسا محسوس کررہی ہیں؟‘ تو جواب میں خاتون اہلکار نے کہا کہ ڈیوٹی کرنا بہت اچھا لگ رہا ہے، گرمی بہت زیادہ ہے لیکن کیا کریں ڈیوٹی تو کرنی ہے‘ بھٹو کے لیے!جئے بھٹو۔

  • پاک بھارت کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں، امریکی وزیر خارجہ

    پاک بھارت کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں، امریکی وزیر خارجہ

    واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار اہم ہے، پاک بھارت کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں۔

    امریکی پالیسی ساز ادارے سے خطاب کرتے ہوئے ریکس ٹلرسن نے کہا کہ مستحکم افغانستان میں سب سے زیادہ فائدہ پاکستان کا ہے، طالبان کے لیے واضح پیغام ہے امریکا افغانستان سے کہیں نہیں جارہا۔

    امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی سرحدوں پر اس وقت شدید کشیدگی ہے، پاک بھارت کشیدگی خطے کے مفاد میں نہیں، پاک بھارت سرحد کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کررہا ہے، امریکا بھارت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شانہ بشانہ کھڑا ہے، امید ہے پاکستان دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے گا۔

    یہ پڑھیں: مغویوں کی بازیابی پرحکومت پاکستان کےشکرگزارہیں‘ ریکس ٹلرسن

    ریکس ٹلرسن نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنا مہذب قوم کا انتخاب نہیں ذمہ داری ہے، امریکا بھارت کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے۔

    انہوں نے چین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی چین کے سمندروں میں چین کا اشتعال انگیز رویہ براہ راست بین الاقوامی قوانین کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے جس کے خلاف بھارت اور امریکا کا موقف ایک ہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • لاڑکانہ، جوا کھیلنے والے ملزمان کو اسکولوں میں جھاڑو لگانے کا حکم

    لاڑکانہ، جوا کھیلنے والے ملزمان کو اسکولوں میں جھاڑو لگانے کا حکم

    لاڑکانہ: عدالت نے جوا کھیلنے کا جرم ثابت ہونے پر انوکھا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو اسکولوں میں جھاڑو لگانے کی سزا دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کی عدالت کے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ احمد گبول نے جوا کھیلنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 ملزمان کو ایک ایک سال تک 3 اسکولوں میں جھاڑو لگانے کی انوکھی سزا سنادی۔

    دیکھیں ویڈیو:

    ملزمان میں عبدالستار، نورل شر، غضنفر، ارشاد اور عابد شامل ہیں، ملزمان لاڑکانہ شہر کے تین پرائمری اسکولوں میں صفائی کریں گے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ احمد گبول نے حکم دیا ہے کہ اسکول ہیڈ ماسٹر ہر ماہ ملزمان کی صفائی کی رپورٹ جمع کرائیں گے۔

    واضح رہے کہ لاڑکانہ پولیس نے ایک ماہ پہلے جوئے کے اڈے پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

    یہ پڑھیں: انوکھی عدالتی سزا: ملزم کو باجماعت نمازوں اور مسجد کی صفائی کا حکم

    یاد رہے کہ اس سے قبل دادو کی عدالت نے ملزم عامر پر منشیات رکھنے کا جرم ثابت ہونے پر ایک سال تک مسجد کی صفائی اور پانچ وقت باجماعت نماز ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    مزید پڑھیں: عدالت کی ملزم کو قائد اعظم ہاؤس پر پلے کارڈ اُٹھا کرکھڑے رہنے کی انوکھی سزا


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • ‘رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پرنام ہے ٹرپل ایچ’

    ‘رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پرنام ہے ٹرپل ایچ’

    ممبئی: ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف ریسلر ٹرپل ایچ نے امیتابھ بچن کا مشہور فلمی ڈائیلاگ رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پرنام ہے شہنشاہ بول کر سب کو حیران کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کی زبان سے ادا ہونے والا فلم شہنشاہ کا ڈائیلاگ آج بھی ہرزد عام ہے، بگ بی نے 29 سال قبل ایک جملہ ادا کیا جو ’رشتے میں تو ہم تمہارے باپ لگتے ہیں پر نام ہے شہنشاہ’ کے الفاظ پر محیط تھا۔

    معروف ریسلر ٹرپل ایچ گزشتہ دنوں بھارت کے دورے پر تھے جہاں انہیں ٹی وی شو میں انٹرویو کے لیے مدعو کیا گیا۔

    میزبان خاتون نے ٹرپل ایچ سے فرمائش کی کہ وہ ہندی فلم کا کوئی ڈائیلاگ بول کر دکھائیں، اینکر کا سوال سن کر ٹرپل ایچ مسکرائے اور پھر اگلے ہی لمحے اپنے مخصوص انداز میں امیتابھ کی فلم شہنشاہ کا ڈائیلاگ بول کر سب کو حیران کردیا۔

    ویڈیو دیکھیں

    واضح رہے کہ ان دنوں ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن بھارتی ریسلر جندر مہل ہیں، انتظامیہ ریسلنگ کے اس ایونٹ کو بھارت میں پروان چڑھانے کی خواہش مند ہے، جس کے لیے سب سے پہلا دورہ ٹٓرپل ایچ نے کیا۔

    یاد رہے کہ فلم شہنشاہ 1988ء میں ریلیز ہوئی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا اور فلم کے ڈائریکٹر کے فرائض بگ بی کے دیرینہ دوست ٹینو آنند نے انجام دئیے، گوکہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی مگر یہ ڈائیلاگ لوگوں کے ذہنوں میں آج بھی محفوظ ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی، رینجرز کی کارروائیاں، 11 ملزمان گرفتار

    کراچی، رینجرز کی کارروائیاں، 11 ملزمان گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 11 ملزمان گرفتار کر کے اُن کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ کے کارندے بھی شامل ہیں۔

    رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ عید گاہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے آصف عرف پکوڑے کو گرفتار کیا، ملزم ہوائی فائرنگ سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    یہ پڑھیں: کراچی: رینجرز کی کارروائیاں، 7 ملزمان گرفتار

    ترجمان رینجرز کے مطابق کلاکوٹ، درخشاں اور گڈاپ سے لیاری گینگ وار کے تین کارندوں جبکہ بغدادی، کلری اور کورنگی سے پانچ اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    واضح رہے کہ رینجرز نے چند روز قبل بھی مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کیا تھا جس میں لیاری گینگ وار کا کارندہ مدثر عرف مودی بھی شامل تھا۔

    ایم کیو ایم لندن کے دو خطرناک دہشت گرد گرفتار، ترجمان رینجرز

    یاد رہے کہ رینجرز کی جانب سے کراچی میں امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

  • آرمی چیف کو معیشت پر بیان دینے کا حق حاصل ہے، وزیر اعظم

    آرمی چیف کو معیشت پر بیان دینے کا حق حاصل ہے، وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سول ملٹری تناؤ نہیں، اختلاف رائے ہوسکتا ہے، آرمی چیف کو معیشت پر بیان دینے کا حق حاصل ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آرمی چیف نے معیشت پر اپنی رائے کا اظہار کیا، معاشی اشاریے بہتری کی طرف جارہے ہیں۔

    شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اختلاف رائے ہر گھر میں ہوتا ہے سب کا مقصد ایک ہے ملک ترقی کرے، اچھی بات ہے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پبلک فورم پر بات کی۔

    یہ پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر معیشت پر بیانات دینے سے گریز کریں، احسن اقبال

    انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر ان ہاؤس تبدیلی آسکتی ہے، پارلیمنٹ کا حسن اپوزیشن سے آتا ہے، ٹیکنو کریٹ یا قومی حکومت کے قیام سے بہتری نہیں آسکتی۔

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نااہلی فیصلے کو ہم نے مانا مگر پاکستانی عوام نے نہیں مانا، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ بھی تاریخ نے قبول نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اقامے پر نکالنے کی وجہ کسی کو سمجھ نہیں آئی، اقامہ رکھنا کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں تھی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پارٹی میں فارورڈ بلاک کا مجھے علم نہیں، ن لیگ واحد جماعت ہے جس کے ممبران معاملات پر کھلے عام اختلاف کرتے ہیں، سیاست آئین اور عوام کی خواہش کے مطابق ہونی چاہئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئر کریں۔

  • بالی وڈ اداکار قادر خان چلنے پھرنے سے قاصر، وہیل چیئر استعمال کرنے لگے

    بالی وڈ اداکار قادر خان چلنے پھرنے سے قاصر، وہیل چیئر استعمال کرنے لگے

    ممبئی: بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار قادر خان بڑھتی ہوئی عمر کے باعث چلنے پھرنے سے قاصر ہوگئے اور وہیل چیئر استعمال کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق دو دہائیوں سے بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار قادر خان بڑھتی عمر کے سبب چلنے پھرنے سے قاصر ہوگئے اور وہیل چیئر استعمال کرنے لگے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق قادر خان کو بولنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، سوشل میڈیا پر قادر خان کی بیٹے کے ساتھ تصویر سامنے آئی ہے جس میں وہ وہیل چیئر پر بیٹھے دکھائی دے رہے ہیں۔

    قادر خان ان دنوں اپنے بیٹے اور بہو کے ساتھ کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں، بڑھتی ہوئی عمر کے باعث ان کو صحت کے مختلف مسائل کا سامنا ہے۔

    قادر خان کے بیٹے سرفراز کا کہنا ہے کہ والد کو سہارا دے کر چلانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن چند قدم ہی چل پاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہیں وہیل چیئر پر واپس بٹھا دیا جائے۔

    سرفراز کے مطابق چند سال قبل والد قادر خان کے گھٹنوں کی سرجری ہوئی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ انہیں چلنے کی پریکٹس کرنی ہوگی لیکن انہوں نے چلنے سے انکار کردیا۔

    جب سرفراز سے یہ سوال کیا گیا کہ وہ اپنے پرانے بالی وڈ اداکار دوستوں گووندا، شکتی کپور، امیتابھ بچن وغیرہ کو پہچانتے ہیں تو انہوں نے کہا کہ جی ہاں والد صاحب سب کو پہچانتے ہیں اور انہیں سب کچھ یاد ہے۔

    یہ پڑھیں: دلیپ کمار روبہ صحت، اسپتال سے گھر منتقل، مداحوں کا والہانہ استقبال


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • آصف غفور صاحب پنڈی کاایک شخص آپ کا نمبرٹوترجمان بنا ہوا ہے،راناثنااللہ

    آصف غفور صاحب پنڈی کاایک شخص آپ کا نمبرٹوترجمان بنا ہوا ہے،راناثنااللہ

    لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پنڈی کا ایک شیطان ڈی جی آئی ایس پی آر کا ترجمان بنا ہوا ہے، اسے روکا جائے، بدکرداروں کا ایک ٹولہ ہے جو بنی گالہ میں بیٹھا ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلح افواج کے پیچھے قوم کھڑی ہے کسی ایک شخص کی ضرورت نہیں، پاک فوج کے جوان جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، جوانوں کے کامیاب آُپریشنز سے دنیا میں پاکستان کی عزت بڑھی۔

    انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے کامیاب آپریشن پر ٹرمپ کو بھی تعریف کرنی پڑی، حقانی نیٹ ورک کا غلط الزام پاکستان پر لگایا جارہا ہے، شہداء نے اپنے خون سے اس الزام کو بھی دھو دیا۔

    یہ پڑھیں: فوج میں قادیانیوں کی ملازمت کو رانا ثناء نے حقائق کے منافی قرار دے دیا

    رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کو گالم گلوچ بنادیا، سپریم کورٹ کے باہر ایک سال بار بار خطاب کی پریکٹس چلی، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے جمہوریت سے عزت کا جنازہ نکال دیا، 2018ء میں جمہوریت میں آنے والے گھس بیٹھے ان افراد کو نکال دیا جائے گا۔

    بدکرداروں کا ٹولہ بنی گالہ میں موجود ہے، رانا ثنا

    انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی کہتی ہے عمران خان بدکردار انسان ہے، بدکرداروں کا ٹولہ بنی گالہ میں ہے، خواتین کی عزت محفوظ نہیں۔

    صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان معاشی اور سیکیورٹی لحاظ سے آگے بڑھے گا، جمہوریت کے لیے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو کی پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا گیا ہے، پورے پاکستان کی پارٹی کو رولر سندھ کی پارٹی بنادیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔