Tag: ARYNews

  • کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 7افراد لقمہ اجل ہوگئے

    کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 7افراد لقمہ اجل ہوگئے

    کراچی: شہر میں موت کا رقص جاری، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں سات افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے، شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کی کاروائیاں جاری ہے جن میں گینگ وار اور کلعدم تنظیموں کے اہم ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہرِ قائد کوصبح ہوتے ہی فائرنگ کے واقعات نے اپنی گرفت میں لے لیا۔ بلدیہ کے علاقے عبداللہ گوٹھ سے تین افرادکی لاشیں ملیں ہیں۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر کے واقع کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

    ادھر قائد آباد مرغی خانہ اسٹاپ پر فائرنگ سے ایک شخص لقمہ اجل ہو گیا جبکہ ایک اور فرد زخمی ہوگیا۔ قتل اور زخمی ہو نے والوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاکہ مزید پولیس کاروائی کی جاسکے۔

    دوسری جانب کورنگی ڈھائی نمبر سے ایک شخص کی لاش ملی جسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ ادھر گلستان جوہر بلاک سات میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

    رینجرز نے مدینہ اور اسلامیہ کالونی میں سرچ آپریشن کے بعد چھ ملزمان کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ادھر بلدیہ چار نمبر میں رینجرز نے چھاپہ مار کاروائی کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

  • عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کم ہوگئی

    عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کم ہوگئی

    اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی منڈیوں میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں خاطر خواہ کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے جہاں بیرونی ادائیگیوں کے بوجھ میں کمی آئے گی وہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے صارفین بھی سکھ کا سانس لیں گے۔

    گزشتہ ایک ماہ کے دوران عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت گیارہ فیصد کمی کے بعد اوسط پچاسی ڈالر فی بیرل کے قریب رہی ہے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے عالمی منڈی میں ہو نے والی اس کمی کو صارفین تک منتقل کئے جانے امید بڑھتی جارہی ہے۔

    اعداوشمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی ہائی اوکٹین کی قیمت میں پانچ روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے تک کی کمی متوقع ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں گراوٹ کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے یہ اثرات زائل ہونے کا خدشہ ہے۔

  • محرم الحرام میں صوبے کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہوگی، آئی جی سندھ

    محرم الحرام میں صوبے کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہوگی، آئی جی سندھ

    کراچی: ملک بھرکی طرح کراچی میں بھی محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ فوج کو اسٹینڈ بائی پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوج فوری حرکت میں آجائے گی۔ سندھ کی سیکیورٹی کے حوالے سے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کہتے ہیں محرم الحرام میں صوبےکی سیکورٹی اولین ترجیح ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق محرم الحرام میں دہشت گردی اورفرقہ وارانہ کشیدگی کے خطرے کے پیش نظرملک بھرمیں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ اسلام آباد میں پولیس اور رینجرزسیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور فوج اسٹینڈ بائی ہے۔ فوج کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں فوراً حرکت میں آجائے گی۔

    ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ محرم الحرام میں سندھ بھر کی سیکیورٹی کے حوالے سے آئی جی سندھ غلا حیدر جمالی کا کہنا ہے کہ محرم الحرام میں صوبے کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہوگی۔ آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ نو اور دس محرم کو بائیس ہزار پولیس اہلکار تعینات کیئے جائینگے۔

    آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ذمہ دار لگا دی گئی ہے کہ وہ اہم مقامات کی سوئپنگ اورسرچنگ بھی کرے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جلوسوں کے روٹس پراہم عمارتوں پر ماہر نشانہ باز بٹھائے جائیں گے۔

    محرم الحرام میں سیکیورٹی کے پیش نظر نو اور دس محرم کو کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی لگانے اورموبائل فون سروس بند کرنے پربھی غور کیا جا رہا ہے۔

  • شہادتِ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعلیٰ عنہ

    شہادتِ حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعلیٰ عنہ

    تحریر :محمد قیصر کامران صدیقی

    خلافت راشدہ کے دوسر ے تاجدار اسلامی تاریخ کی اولوالعزم، عبقری شخصیت ،خُسر رسول ۖ داماد علی المرتضیٰ ، رسالت کے انتہائی قریبی رفیق ، خلافت اسلامیہ کے تاجدار ثانی حضرت عمر بن خطابؓ  وہ خلیفہ ہیں جنہیں اپنی مرضی سے نہ بولنے والے پیغمبر خداۖ نے غلاف کعبہ پکڑ کر دُعا مانگی تھی اے اللہ مجھے عمر بن خطاب عطا فرما دے یا عمرو بن ہشام، دعائے رسول کے بعد عمر بن خطاب تلوار گردن میں لٹکائے ہاتھ بندھے سیدھے دروازہ رسولﷺ پر پہنچے صحابہ کرام نے جب یہ آنے کی کیفیت دیکھی تو بارگاہ رسالت میں دست بستہ عرض کی یا رسول اللہ ۖ عمر اس حالت میں آ رہے ہیں تو آپ نے فرمایا انہیں آنے دو ۔نیّت اچھی تو بہتر ورنہ اسی تلوار سے اس کا سر قلم کردیا جائے گا۔

    جب بارگاہ رسالت میں عمر بن خطاب حاضر ہوئے دست رسول ۖ پر بیعت کر کے کلمہ طیبہ پڑھا تو فلک شگاف نعروں سے نعرہ تکبیر کی صدائیں بلند ہوئیں تو ہر طرف بخِِ بخِِ کی صدائیں گونجیں جس عمر بن خطاب کے آنے پر اتنی خوشیاں منائی گئیں جس کے رُعب اور دب دبہ سے دشمنان اسلام اس قدر حواس باختہ ہوتے تھے کہ بے شک یہ مرد قلندر کھلے آسمان تلے تن تنہا تلوار اور کوڑا لٹکا کر آرام کر رہا ہوتا تھا مگر کسی کو یہ جرأ ت نہ ہوتی تھی کہ عمر بن خطاب کا کوڑا یا تلوار اُٹھاتا ۔

    حضرت عمر فاروقؓ دوسرے خلیفہ راشد ہیں ، نبی اکرم ﷺ اور حضرت ابوبکر صدیقؓ کے بعد آپؓ کا رتبہ سب سے بلند ہے، آپؓ کے بارے میں رسول اکرم ﷺ نے فرمایا:میرے بعد اگر کوئی نبی ہوتا تو عمر ہوتا(ترمذی ) ‘عمر کی زبان پر خدا نے حق جاری کر دیا ہے (بیہقی)، جس راستے سے عمر گزرتا ہے شیطان وہ راستہ چھوڑدیتا ہے (بخاری ومسلم)‘میرے بعد ابوبکر وعمر کی اقتداء کرنا( مشکٰوۃ)‘۔ آپؓ نے ہجرت نبوی کے کچھ عرصہ بعد بیس افراد کے ساتھ علانیہ مدینہ کو ہجرت کی ، آپؓ نے تمام غزوات میں حصہ لیا۔634ء میں خلافت کے منصب پہ فائزکیے گئے۔644ء تک اس عہدہ پر کام کیا۔

    آپ کے دور خلافت میں اسلامی سلطنت کی حدود 22لاکھ مربع میل تک پھیلی ہوئی تھیں آپ کے اندازِحکمرانی کودیکھ کر ایک غیر مسلم یہ کہنے پہ مجبور ہوگیاکہ اگر عمر کو 10سال خلافت کے اور ملتے تو دنیا سے کفر کانام ونشان مٹ جاتا۔ حضرت عمر کازمانہ خلافت اسلامی فتوحات کا دور تھا۔اس میں دو بڑی طاقتوں ایران وروم کو شکست دے کرایران عراق اور شام کو اسلامی سلطنتوں میں شامل کیا۔بیت المقدس کی فتح کے بعدآپ خودوہاں تشریف لے گئے۔

     حضرت عمر فاروقؓ کا مشہور قول ہے کہ اگر دریائے فرات کے کنارے ایک کُتا بھی پیاسا مر گیا تو عمر سے پوچھا جائے گا اس قدر خوف خدا رکھنے والا راتوں کو جاگ کر رعایا کی خدمت اور جس کی زبان سے نکلے ہوئے الفاظ کی تائید میں سورئہ نور کی آیات مبارکہ کا نازل ہونا جس نے اپنی آمد پر مدینہ کی گلیوں میں اعلان کیا، کوئی ہے جس نے بچوں کو یتیم کرانا ہو ، بیوی کو بیوہ کرانا ہو ، ماں باپ کی کمر جھکانا ہو ، آنکھوں کا نورگُم کرانا ہو ،آئے عمر نے محمد رسول اللہ ۖ کی غلامی کا دعویٰ کر لیا ہے آج سے اعلانیہ اذان اور نماز ہوا کرے گی ۔

    حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سب سے پہلے امیرالمومنین کہہ کر پکارے گئے آپؓ نے بیت المال کا شعبہ فعال کیا اسلامی مملکت کو صوبوں اور ضلعوں میں تقسیم کیا عشرہ خراج کا نظام نافذ کیا مردم شماری کی بنیاد ڈالی قاضیوں کےلئے خطیر تنخواہیں متعین کیں، احداث یعنی پولیس کا محکمہ قائم کیا جیل خانہ وضع کیااو رجلاوطنی کی سزا متعارف کی سن ہجری جاری کیا زراعت کے فروغ کےلئے نہریں کھدوائیں۔

    اسلام کے اس عظیم سپوت کی فتوحات سے اہل باطل اتنے گھبرائے کے سازشوں کا جال بچھا دیا اور ایک ایرانی بد بخت مجوسی ابو لولو فیروز نے یکم محرم الحرام 23 ہجری کو امام عدل و حریت ، خلیفہ راشد، امیر المومنین ، فاتح عرب وعجم پر حملہ کر کے مدینہ منوّرہ میں شہید کر دیا ۔آپ روضہ رسول ۖ میں انحضرت ۖ کے پہلو مبارک میں مدفن ہیں۔

    وہ عمر جس کے ا عداء پہ شیدا سقر
    اس خدا دوست حضرت پہ لاکھو ں سلام

  • پی ٹی آئی کے دھرنوں میں گانے اور ترانے نہیں ہونگے، شاہ محمود قریشی

    پی ٹی آئی کے دھرنوں میں گانے اور ترانے نہیں ہونگے، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ محرم میں بھی آزادی دھرنا جاری رہے گا تاہم احتراماً ترانے اور گانے نہیں ہوں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ عاشور کے بعد نو نومبر کوتحریک انصاف رحیم یارخان میں جلسہ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ محرم میں بھی آزادی دھرنا جاری رہےگا تاہم ترانے اور گانے نہیں ہونگے۔

    شاہ مھمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دھرنوں میں پندرہ نومبرکو ساہیوال اورتیس نومبرکو اسلام آباد میں لاکھوں افراد کا اجتماع ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ بہت بڑی تعداد میں عوام تحریک انصاف میں شامل ہونا چاہتے ہیں اور مقاصد کے حصول تک دھرنا جاری رہے گا۔

  • سندھ دھرتی تقسیم کرنے کی بات سے انتشار پھیلے گا، عبدالقادر پٹیل

    سندھ دھرتی تقسیم کرنے کی بات سے انتشار پھیلے گا، عبدالقادر پٹیل

    کراچی: پیپلزپارٹی کراچی کے صدرعبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے سندھ کی تقسیم کی بات سے انتشار پھیلے گا۔ ایم کیوایم سےمعاملہ خیرسگالی سےحل کرنا چاہتےہیں اور تنازعےکوبڑھاناٹھیک نہیں۔ انھوں نے کہا کہ خورشیدشاہ کی معافی مانگنےکےباوجود بیان کوایشو بنایاجارہاہے۔

    بلاول ہاوس کراچی میں پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں لفظ مہاجر کو تنازعہ بنا کر اس مسئلے کو حوا نہیں دی جائے پیپلزپارتی کے رہنما خورشید شاہ نے بروقت اس مسئلے پرمعذرت کرلی تھی ان کا مقصد مہاجروں کی تذلیل کرنا نہیں تھا۔

    عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ انتہا پسندی کا جواز بنا کر اپنی کھوئی ہوئی ساکھ کو بحال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کا جلسہ تاریخی جلسہ ہوا ہے اور موجودہ صورتحال اس جلسے کی کامیابی کا رد عمل ظاہر کرتی ہے۔

    عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کو عوام میں مقبولت کیلئے کسی کالے پیلے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں بلکہ عوام نے ان کے جلسے میں شرکت کرکے انہیں پسندیدگی کا سرٹیفکیٹ دیدیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنماوں نے مطالبہ کیا ہے کہ خیر سگالی کے تحت محرم میں اس مسئلے کو نہ اٹھایا جائے اور سندھ میں امن وا مان کی یقینی کیلئے اپنا بھرپور کرداراد کیا جائے۔

    پیپلزپارٹی کے رہنما عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ لفظ مہاجر پر سیاست سندھ میں مذہبی انتشار پھیلانے کا خدشہ ظاہر کرتی ہے اس پرپیپلزپارٹی کو تشویش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کی بات کرنے سے سندھ میں رہنے والے سندھیوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں اس موقع پر تاج حیدر ،این ڈی خان،شہلا رضا سمیت دیگر پی پی  رہنما بھی موجود تھے۔

  • سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے استعفے منظور کرلئے

    سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کے استعفے منظور کرلئے

    کراچی: حکومت سندھ کی جانب سےصوبائی حکومت میں شامل ایم کیو ایم مشیروں کے استعفے منظور کر کے  گورنر سندھ کو ارسال کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نےایم کیوایم کے عادل صدیقی، فیصل سبزواری، عبدالحسیب کے استعفے اتوار کے روز منظور کر تے ہو ئے ان کو گورنر سندھ کو ارسال کردیا ہے۔ ایم کیوایم سے تعلق رکھنے والے عادل صدیقی اورفیصل سبزواری سندھ حکومت  میں اہم مشیر تھے جبکہ عبدالحسیب وزیراعلیٰ کےخصوصی معاون کے طور پر کام کر رہے تھے۔

    ایم کیوایم نےپیپلزپارٹی رہنماؤں کےبیانات کے خلاف مستعفی ہونےکا فیصلہ کیاتھا جس کو حکومت سندھ کی جانب سے منظور کرلیا گیا ہے۔ ادھر سندھ کی سیاسی گرمہ گرمی  میں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم میں جاری رفاقت اب باضابطہ طور پر ایک مرتبہ پھر جدا ہوگئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ ہاوس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم کے دو مشیر اور ایک معاون خصوصی کااستعفیٰ منظور کرلیاگیاہے جبکہ وزراء کے استعفے منظوری کیلئے گورنر سندھ کو ارسال کردیئے گئے ہیں۔ جن دو مشیروں کے استعفے منظور کئے گئے ہیں ان میں فیصل سبزواری اور عادل صدیقی شامل ہیں ایک معاون خصوصی عبدالحسیب خان کا استعفیٰ بھی منظور کرلیا گیا جبکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت روف صدیقی کے استعفے منظور ہونا ابھی باقی ہیں جو کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کی منظوری کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے ایم کیو ایم کے مشیروں اور وزراء کے استعفے منظور کئے جس کے بعد دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت کی جو کوششیں جاری تھیں وہ دم توڑ گئیں۔

  • خورشید شاہ کا بیان، سندھ بھر میں کاروبار زندگی معطل

    خورشید شاہ کا بیان، سندھ بھر میں کاروبار زندگی معطل

    کراچی/حیدرآباد/ٹنڈوآدم/ٹنڈوالہ یار/شہدادپور/سکھر: ایم کیو ایم کی جانب سے ملک بھر میں آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا ہے۔ ٹرانسپورٹ، کاروباری مراکز اور  پیٹرول پمپس مکمل بند ہے۔ سندھ کے کچھ شہروں میں جزوی طور پر بھی ٹرانسپورٹ معطل اور کاروبار بند ہے۔

    پیپلز پارٹی کے اہم رہنما خورشید شاہ کے بیان کے خلاف آج ایم کیو ایم کے یوم سیاہ پر کراچی سمیت سندھ بھر کے بیشتر شہروں میں زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی جبکہ ایم کیو ایم آج شام شاہرا قائدین پر ریلی بھی نکالے گی۔

    ایم کیوایم کی کال پراندرون سندھ یوم سیاہ پر تجارتی مراکزبند رہے جبکہ اندرون سندھ بیشتر شہروں میں معمولات زندگی معطل رہا،  چھوٹے بڑے تجارتی مراکزاور پٹرول پمپس بندرہے، بعض شہروں میں ٹائر جلاکر سڑکیں بھی بلاک کی گئیں۔

    ادھر حیدرآباد میں یوم سیاہ کے موقع پر شہر مکمل بند ہے جبکہ ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔ سکھر اور میر پورخاص میں بھی پٹرول پمپ سمیت تمام دکانیں بند اور بازار سنسان ہیں۔ کوٹ غلام محمد سانگھڑ، ٹنڈوآدم ٹنڈوالہ یاراور شہداد پور میں بھی ایم کیو ایم کی اپیل پر سیاہ منایا جا رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ کم ہونے کی وجہ سے اندرون شہر سے باہر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دکانوں، ہوٹلوں سمیت چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔

  • خیبر ایجنسی: باڑہ میں فضائی کاروائی، 18شدت پسند ہلاک

    خیبر ایجنسی: باڑہ میں فضائی کاروائی، 18شدت پسند ہلاک

    خیبرایجنسی: باڑہ میں پاکستان سیکیورٹی فورسسز کی فضائی کارروائی میں 18شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق حملے میں اہم شدت پسند کمانڈر سمیت بھی ہلاک ہوا ہے۔ حملے میں شدت پسندوں کا اسلحہ و گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے فضائی کارروائی کی گئی جس میں اہم شدت پسند کمانڈر سمیت اٹھارہ شدت پسند ہلاک کر دیئے گئے ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے دوران اٹھارہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

    کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے پانچ ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے اسلحے اور گولہ بارود کو بھی تباہ کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کیخلاف فضائی اورزمینی کارروائیاں جاری ہیں جس میں اب تک متعدد شدت پسند ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ جھڑپوں کے دوران فورسز کے کئی جوان بھی شہید اورزخمی ہوئے۔

  • حضرت عمرفاروقؓ کایوم شہادت آج منایاجارہاہے

    حضرت عمرفاروقؓ کایوم شہادت آج منایاجارہاہے

    کراچی: مسلمانوں کے خلیفہ دوئم اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا آج دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہی ہے اور اس سلسلے میں ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا سمیت پاکستان میں بھی آج خلیفہ سیدنا فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کایوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سےمنایاجارہاہے۔ یوم عمرکی مناسبت سےسمینارز اور کانفرنس کااہتمام کیا جائےگا۔

    ادھر دنیا بھر کے مسلمان آج سیدنا فاروق اعظم کا یوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سے منارہے ہیں۔ بائیس لاکھ مربع میل پر حکمرانی کرنے والے حضرت عمرفاروق عدل وانصاف کا ایک ایسا عملی نمونہ تھے جو مسلمانوں کےلیے مشعل راہ ہے ۔ ایک مجوسی نے آپ کو نماز فجر کے وقت خنجر کے وار کرکے زخمی کردیا تھا اور آپ نے یکم محرم الحرام کو شہادت کی منزل پائی۔

    حضرت عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کرکے ان کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔