Tag: as-pm

  • ہرہفتے بطور وزیراعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کے جواب دوں گا،عمران خان

    ہرہفتے بطور وزیراعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کے جواب دوں گا،عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہر ہفتے بطوروزیر اعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کے جوابات دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ فیصلے میرٹ پر اور  قوم کے مفاد کیلئے کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے عوام کے سامنے جواب دہ ہونے کا اعلان کیا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہرہفتے بطوروزیر اعظم ایک گھنٹہ عوام کے سوالات کا جواب دیں گے اور وزراکو بھی صحیح معنوں میں جواب دہ بنائیں گے۔

    پی ٹی آئی چیئرمین نے کامیاب ارکان اسمبلی کو تلقین کی آپ نے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھنا ہے، آپ نے قوم کا پیسہ بچانا ہے تاکہ عوام کی فلاح پر خرچ ہوسکے۔

    انھوں نے کہا کہ فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد کیلئے کروں گا ، میں آپ سےاس کا تقاضا کبھی نہیں کروں گا جس پر خود عمل نہ کروں۔


    مزید پڑھیں  : نہ پروٹوکول لوں گا نہ ہی شاہ خرچیاں کی جائیں گی، عمران خان 


    اس سے قبل اسلام آباد میں پارلیمانی پارٹی کےاجلاس سے خطاب مین چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بائیس سال اس دوسرے مرحلے کا انتظار کیا، آج عوام نے دوجماعتی نظام کوشکست دی، جدوجہد سے بھرپور زندگی اتار چڑھاؤ سے عبارت ہوتی ہے ہماری یہ جدوجہد پاکستان کا مستقبل بدل دے گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ہم سے روایتی طرزسیاست وحکومت کی امید نہیں رکھتے ،عمران خان روایتی طرز حکومت اپنایا تو عوام ہمیں غضب کا نشان بنائیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ بائیس سال کی جدوجہد کا پہلا مرحلہ آج مکمل ہوا، اپنی ذات کو مثال بناؤں گا، نہ پروٹوکول لوں گا نہ ہی شاہ خرچیاں کی جائیں گی۔

    یاد رہے  سادگی اور کفایت شعاری اپنانے کے اعلان بعد پی ٹی آئی چیئرمین وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے ، پروٹوکول نہ لینے اور   وفاقی کابینہ کو مختصر رکھنے  کے بڑے فیصلے کرچکے ہیں۔

  • عمران خان کو پاکستان کا آئندہ وزیراعظم نامزد کردیا گیا

    عمران خان کو پاکستان کا آئندہ وزیراعظم نامزد کردیا گیا

    اسلام آباد :پی ٹی آئی کی بائیس سالہ جدوجہد میں تاریخی دن آگیا، عام انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں نے عمران خان کو پاکستان کا آئندہ وزیراعظم نامزد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔

    تمام اراکین نے عمران خان کو متفقہ طورپر وزیراعظم نامزد کردیا، پی ٹی آئی کے کسی رکن نےعمران خان کووزیراعظم نامزد کرنے پر مخالفت نہیں کی۔

    اجلاس میں قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نامزدگی کا اعلان بھی متوقع ہے جبکہ عمران خان ارکان قومی اسمبلی کواہم فیصلوں پراعتماد میں لیں گے۔

    اجلاس میں شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری، عارف علوی ، عمران اسماعیل، شفقت محمود اور دیگر رہنما شریک ہیں جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی اجلاس میں موجود ہیں۔

    عمران خان متفقہ طور پر پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنما مقرر

    پارلیمانی پارٹی اجلاس میں عمران خان کو متفقہ طور پر پی ٹی آئی کا پارلیمانی رہنما بھی مقرر کیا گیا ، شاہ محمودقریشی کی جانب سے قرارداد پیش کی گئی۔

    تمام اراکین نے کھڑے ہوکرتالیاں بجائیں اورچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کومبارکبا دپیش کی۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کوقومی اسمبلی میں اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے، آزادارکان کی شمولیت سے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں تعداد ایک سو پچیس ہوگئی ہے۔

    اقلیتی و مخصوص نشستیں ملا کر پی ٹی آئی کو 174 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ تختِ لاہور پر راج کے لیے بھی تحریکِ انصاف کو 186 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔

    وزیراعظم کے انتخاب کے لئے ایم کیو ایم، ق لیگ، جی ڈی اے، بی اے پی، جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی اور شیخ رشید احمد کپتان کو ووٹ دیں گے۔

    خیال رہے عمران خان کی تقریب حلف برداری کی تقریب 13 اگست کو ہونے کا امکان ہے، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، جو قومی اسمبلی کی 116 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

    پی ٹی آئی ترجمان فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ عمران خان وزرائے اعلیٰ اور وزراء کے فیصلے 11تاریخ تک کرلیں گے۔