Tag: Asad Qaisar

  • سیلاب کے باوجود وفاقی حکومت کی غفلت سمجھ سے بالاتر ہے، اسد قیصر

    سیلاب کے باوجود وفاقی حکومت کی غفلت سمجھ سے بالاتر ہے، اسد قیصر

    صوابی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ سمجھ نہیں آتا کے پی میں اتنی تباہی کے باوجود وفاقی حکومت اتنی غفلت کیوں برت رہی ہے؟

    صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب میں نقصانات اٹھانے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

    اسد قیصر نے کہا کہ صوبائی حکومت سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کا کام احسن طریقے سے کررہی ہے، جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز درپیش ہیں جس کے باعث مسلسل آفات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ ورلڈ بینک نے کلاؤ ڈبرسٹ کے پیش نظر موسمی ریڈارز کیلئے فنڈز فراہم کیے تھے، 3سال سے موسمی ریڈارز کے ٹینڈرز ہی مکمل نہیں ہوسکے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ سمجھ نہیں آتا وفاقی حکومت اتنی غفلت کیوں برت رہی ہے، اس معاملے پر اسمبلی میں سوال اٹھاؤں گا اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کروں گا۔

    ہمارے صوبے کو دہشت گردی کا بھی سامناہے، یہاں کے لوگ معاشی بدحالی کا شکار ہورہے ہیں، کاروبار بند ہورہے ہیں، بیروزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ وفاق صوبے کو نیٹ ہائیڈل منافع اور بقایاجات فوری ادا کرے، فاٹا انضمام پر این ایف سی میں3فیصد شیئر کا وعدہ اب تک پورا نہیں ہوا۔

    ان کا کہنا تھا کہ فاٹا فنڈز نہ ملنے سے صوبہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے، واجب الادا بقایا جات فوری طور پر ریلیز کیے جائیں۔

    اسد قیصر نے مزید کہا کہ سیلاب کے بعد بحالی کے کام مکمل کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکتا ہے، ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر قومی ایجنڈے پر متحد ہونا ہوگا۔

  • پوری قوم عمران خان کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی، اسد قیصر

    پوری قوم عمران خان کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی، اسد قیصر

    پشاور : تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے پوری قوم عمران خان کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

    یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت اصولوں کی جنگ لڑ رہی ہے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی موجودہ جدوجہد کا مقصد پاکستان کو آزاد ریاست بنانا ہے، پاکستانی قوم عمران خان کے ہر فیصلے کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم چوں چوں کا مربہ بن چکی ہے،ملک بھر کی 13سیاسی جماعتیں عمران خان کے مقابلے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف عمل ہے، ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے انتخابات کا انعقاد بہت ضروری ہے۔

    اسد قیصر نے مزید کہا کہ ملک میں اس وقت پاکستان تحریک انصاف ہی واحد وفاقی پارٹی ہے، جس کی چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نمائندگی موجود ہے۔

  • سینیٹ الیکشن: اسپیکر قومی اسمبلی نے اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی

    سینیٹ الیکشن: اسپیکر قومی اسمبلی نے اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی

    اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی اوپن بیلٹ کی حمایت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اوپن بیلٹ سے سینیٹ الیکشن کرانے کے صدارتی ریفرنس کی حمایت کر دی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنا تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ انتخابات شفاف ہونے چاہیئں، سینیٹ انتخابات کی شفافیت اوپن بیلٹ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

    انھوں نے اپنے جواب میں کہا کہ آئین سازی یا آئین میں ترمیم پارلیمنٹ کا کام ہے اور آئین کی تشریح کرنا سپریم کورٹ کا استحقاق ہے، عدالت جو بھی فیصلہ کرے اسمبلی اس کی حمایت کرے گی۔

    جواب میں ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نے سپریم کورٹ سے آرٹیکل 226 کی تشریح کا ہی کہا ہے، سینیٹ انتخابات کے شفاف انعقاد سے ہارس ٹریڈنگ ختم ہوگی، افسوس کی بات ہے ماضی میں ووٹوں کی خرید و فروخت کے الزامات سامنے آئے۔

    سندھ حکومت نے سینیٹ الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کرنے کی مخالفت کر دی

    یاد رہے کہ پنجاب، خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی حکومت نے اوپن بیلٹ کے ذریعے سینیٹ الیکشن کرانے کی حمایت کی ہے، تاہم سندھ حکومت کی جانب سے اس کی مخالفت کی گئی ہے۔

    سیاسی جماعتوں میں پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی پاکستان نے اوپن بیلٹ کی مخالفت کی ہے، ادھر سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے لیے الیکشن کمیشن نے بھی صدارتی ریفرنس کی مخالفت کی ہے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں اپنا جواب جمع کراتے ہوئے کہا تھا کہ سینیٹ انتخابات آئین کے تحت ہی ہوتے ہیں، آئین کے آرٹیکلز 59، 219 اور 224 میں سینیٹ انتخابات کا ذکر ہے۔

    جواب میں کہا گیا کہ آرٹیکل 226 سے واضح ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے سوا الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہوں گے، آئین میں کل 15 انتخابات کا ذکر ہے، آئین پاکستان اوپن بیلٹ کی اجازت نہیں دیتا، آئین میں صرف وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے انتخابات کو ہی اوپن کیا گیا ہے۔

  • دونوں ن لیگی اراکین نے بتایا کہ "یہ استعفے جعلی ہیں” اسپیکر قومی اسمبلی

    دونوں ن لیگی اراکین نے بتایا کہ "یہ استعفے جعلی ہیں” اسپیکر قومی اسمبلی

    اسلام آباد : ن لیگ کے دو ارکان اسمبلی کی کی جانب سے استعفے دینے سے انکار کے بعد معاملہ سنگین صورت اختیار کرگیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کے آڈٹ کرانے کا عندیہ دے دیا۔

    مسلم لیگ ن کے اراکین کے استعفوں کی تصدیق سے انکار بعد ایک اور معاملہ سامنے آگیا، اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ن لیگ کے اراکین نے انکار کیا اور مجھے بتایا کہ یہ استعفے ہمارے نہیں ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسلم لیگ ن کے دو ارکان اسمبلی نے آج سیکرٹری اسمبلی سے مجھ سے ملاقات کی۔

    انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں اراکین نے استعفے دینبے سے انکار کیا اور بتایا کہ یہ استعفے ہمارے نہیں ہیں، دونوں ارکان نے بتایا کہ یہ استعفے جعلی ہیں، لہٰذا انہیں منظور نہ کیا جائے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں استعفوں کے آڈٹ کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ کل دونوں ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق رائے دوں گا۔

    ایک صحافیئ کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا ارکان اسمبلی کے استعفوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا جس پر اسد قیصر نے کہا کہ کل اس معاملے پر قانونی پہلوؤں کاجائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کرینگے۔

    اس سوال پر کہ اگر اپوزیشن اراکین کے مزید استعفے آتے ہیں تو کیا کارروائی کی جائیگی ؟ اسپیکراسد قیصر نے جواب دیا کہ ہر معاملے میں قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں : ن لیگ کے 2 ایم این ایزاسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے استعفوں سے مکر گئے

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی جماعت ن لیگ کے استعفے دینے والے2ایم این ایزاسپیکر قومی اسمبلی کے سامنے مکر گئے، ان کا کہنا ہے کہ ہمارے استعفے منظور نہ کئے جائیں۔

    ن لیگ کے ممبران قومی اسمبلی سجاد اعوان اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اس سلسلے میں تحریری درخواست دے دی۔

  • اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا، اسد قیصر

    اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا، اسد قیصر

    صوابی : اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا، مولانا صاحب کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، اپوزیشن ایس او پیز کا خیال رکھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے۔

    یہ بات انہوں نے صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، اسد قیصر نے کہا کہ پوری دنیا کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہے لوگ ایک بڑی مشکل میں پڑے ہیں، اس صورتحال میں جلسے جلوس کرنا مناسب نہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ایس او پیز کا خیال رکھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے، کورونا عالمی وبا ہے پوری دنیا کواس نے ہلا کے رکھ دیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کہتے ہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کیا جارہا ہے، جبکہ ایسا نہیں ہے یہ پہلی حکومت ہے جس نے کھل کر کہا کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا،پاکستان کا موقف کلیئر ہے، مولانا صاحب کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو سا منےلائیں۔

    انہوں نے کہا کہ انا اور ضد کو چھوڑا جائے اور حقیقت کو سامنے رکھ کر فیصلے کئے جائیں، جلسےجلوسوں سےحکومت کبھی نہیں جاتیں، جرگہ ہمارے کلچر کا بہت بڑا حسن ہیں۔

  • کرونا وائرس : اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ

    کرونا وائرس : اسپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر قومی اسمبلی اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ اپوزیشن نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ایوان کا اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر اسد قیصر کی ملاقات میں کیا گیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس نہ بلانے کا فیصلہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر کیا گیا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس بلانے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی۔

    ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں اجلاس کے بجائے خصوصی پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے گی، اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی کے لئے نام اسپیکر قومی اسمبلی کو دے گیا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی تھی، ملاقات میں کرونا وائرس پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا جو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکومتی اقدامات کاجائزہ لے اور کمیٹی کرونا وائرس پر کیے گئے اقدامات کو مزید مؤثربنانے کے لیے اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

  • اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے

    اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر جدہ پہنچ گئے

    جدہ : اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی مجلس شوریٰ چیئرمین کی دعوت پرجدہ پہنچ گئے، پاکستانی وفد خادم الحرامین الشریفین سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقاتیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، اُن کی غیر موجودگی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اسپیکر کے فرائض انجام دیں گے، اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    جدہ ایئرپورٹ پر اسد قیصر کا سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین شیخ عبداللہ نے پرتپاک استقبال کیا، دورہ سعودی عرب کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئیں گے، اس موقع پر مجلس شوریٰ اور پاکستانی پارلیمنٹ میں مختلف یاد داشتوں پردستخط بھی کئے جائیں گے۔

    اس کے علاوہ دورہ کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی وفد کے ہمراہ عمرہ بھی ادا کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پارلیمانی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سرمایہ کاری، تجارت اور معیشت کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    پارلیمانی وفد سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت، تجارتی برادری اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

  • مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو سے لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں، اسد قیصر

    مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو سے لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں، اسد قیصر

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو سے لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں، موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کی آواز ہر فورم پر اٹھائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں لیزر ارینا کے ایف نائن پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسد قیصر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا کی تاریخ میں نیا المناک باب رقم ہورہا ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں مسلسل کرفیو سے لوگ بنیادی حقوق سے محروم ہیں، امت مسلمہ کی ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں، مودی ہٹلر کے فلسفے پر چل رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت میں متنازعہ قانون سے مسلمانوں میں بےچینی ہے، بھارت میں کالا قانون پاس کیا گیا ہے، بھارت میں جتنا ظلم ہو رہا دنیا دیکھ رہی ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کی ہر فورم پر آواز اٹھائے گی، چیف الیکشن کمشنر کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، حکومت اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے، مسئلہ پارلیمنٹ میں حل کرے۔

    اُنہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، حکومت اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے کہ مسلہ پارلیمنٹ میں حل کرے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حیوانیت پر دنیا کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، اسد قیصر

    مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حیوانیت پر دنیا کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، اسد قیصر

    اسلام آباد : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو100دن مکمل ہوگئے، بھارتی حیوانیت پر دنیا کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، پاکستان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    یہ بات انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے سو روز مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہی، اسد قیصر نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارتی بربریت نے انسانیت کو شرمادیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو100دن مکمل ہوگئے، مقبوضہ وادی میں بھارتی حیوانیت پر دنیا کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کرفیو نے مقبوضہ وادی کے عوام کی زندگیوں کو اذیت ناک بنا دیا ہے، مقبوضہ وادی اوپن ایئر جیل کا منظر پیش کررہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں اسکول بند اور اشیائے خورد نوش سمیت ادویات ناپید ہیں۔

    دنیا مقبوضہ وادی میں بھارتی محاصرے کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے، پاکستان جدوجہد آزادی میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

  • الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی پر اپوزیشن سے مشاورت کریں گے، اسپیکر قومی اسمبلی

    الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی پر اپوزیشن سے مشاورت کریں گے، اسپیکر قومی اسمبلی

    اسلام آباد : اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کیلئے اپوزیشن سے مشاورت کی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی سے متعلق مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوراسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے علاوہ وزیرقانون بیرسٹر فروغ نسیم اور وزیرپارلیمانی امور اعظم سواتی بھی موجود تھے، اس کے علاوہ سیکرٹری قانون، سیکرٹری پارلیمانی امور اور قانونی ماہرین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکرقومی اسمبلی اسدقیصر نے کہا کہ ہم عدلیہ اور قانون کا احترام کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے مسئلہ کو قانون اور آئین کے مطابق حل کیا جائے گا۔

    اسپیکرقومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ اس معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت پر اتفاق کیا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے، اس سسلسلے میں اٹارنی جنرل اور قانونی ماہرین سے رائے بھی طلب کی گئی ہے۔