Tag: Asad Shafiq

  • ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کو پی سی بی میں اہم عہدے کی پیشکش

    ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کو پی سی بی میں اہم عہدے کی پیشکش

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق کو اہم عہدے کی پیشکش کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے اسد شفیق کو اہم عہدے کی پیشکش ہوئی ہے، آفر ملنے کے بعد اسد شفیق نے ریٹائرمنٹ پر غور شروع کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد شفیق نے فیملی سمیت قریبی دوستوں سے مشاورت بھی شروع کر دی ہے۔

    قومی کرکٹر اسد شفیق نے 77 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، 2020 کے بعد سے اسد شفیق ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ نہیں بنا سکے، وہ 60 ون ڈے، 10 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

  • شعیب اختر تنقید سے پہلے میرا ریکارڈ چیک کریں، اسد شفیق

    شعیب اختر تنقید سے پہلے میرا ریکارڈ چیک کریں، اسد شفیق

    کراچی : قومی ٹیسٹ ٹیم کے بلے باز اسد شفیق نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ختم ہوجائے تو کھلاڑیوں کو ڈبل محنت کرنا پڑے گی، شعیب اختر کا میرے لیے دلیر نہ ہونے کا الزام لگانا درست نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صحافیوں سے ویڈیو کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کیریئر میں اپنے مکمل اہداف حاصل نہیں کرسکا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ تر چھٹی پوزیشن پر کھیلنے کا موقع ملا، ایسی پوزیشن پر کھیلنے سے بڑی اننگز بنانا مشکل ہوجاتا ہے۔

    اسد شفیق کا کہنا تھا کہ ابتدائی پوزیشن پر کھیلنے سے پرفارمنس اچھی رہی، مانتا ہوں نصف سنچری کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرسکا ہوں، مصباح اور یونس بھائی کی وجہ سے انڈو شیڈو نہیں رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میرے لیے دلیر نہ ہونے کا الزام لگانا درست نہیں، شعیب اختر کئی مرتبہ میرے لیے ایسے الفاظ استعمال کرچکے ہیں، انہیں چاہئے کہ میرے کرکٹ ریکارڈ ضرور دیکھیں، اگر دلیر کھلاڑی نہ ہوتا تو آسٹریلیا، انگلیںڈ اور جنوبی افریقہ میں سنچری اسکور نہ کرپاتا۔

    اسد شفیق کا کہنا تھا کہ چھوٹے قد کی وجہ سے مشکلات ہوتی تو ٹنڈولکر زائد سنچریاں نہ بناتے، سچن ٹنڈولکر اور محمد یوسف میرے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال میں خاموشی سے مدد کررہا ہوں، ایسے کئی امپائرز اور اسکورر ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کماتے ہیں، رمضان کرکٹ کو اس مرتبہ کافی حد تک مس کیا جائے گا۔

  • پریکٹس میچ، اسد شفیق کا بلا رنز اگلنے لگا، آسٹریلوی بولرز بے بس

    پریکٹس میچ، اسد شفیق کا بلا رنز اگلنے لگا، آسٹریلوی بولرز بے بس

    پرتھ: پاکستان اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کے درمیان پرتھ میں جاری دوسرے پریکٹس میچ کے پہلے روز اسد شفیق نے شاندار سنچری بنا ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق پرتھ میں جاری دوسرے پریکٹس میچ کے پہلے روز پاکستان نے آسٹریلیا الیون کے خلاف 7 وکٹوں پر 386 رنز بنالیے، اسد شفیق نے 101 رنز کی ناقابل شکست شاندار اننگز کھیلی۔

    کاشف بھٹی 55 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شان مسعود 76 اور بابر اعظم 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، امام الحق 44 رنز بنا کر نمایاں رہے، عابد علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

    حارث سہیل 2، محمد رضوان 22 اور افتخار احمد 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    آسٹریلوی لیگ اسپنر لائیڈ پوپ نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، گرانٹ اور اوکلے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

    ٹیسٹ کپتان اظہر علی بخار اور گلے میں انفیکشن کے باعث پریکٹس میچ کا حصہ نہیں بن سکے ان کی جگہ اسد شفیق نے کپتانی کے فرائض انجام دئیے۔

    خیال رہے کہ مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے پہلے پریکٹس میچ میں بھی ناقابل شکست 158 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکست اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 21 نومبر کو برسبین میں کھیلا جائے گا جس کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔

  • پریکٹس میچ، بابر اعظم اور اسد شفیق کی سنچریاں، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 336 رنز

    پریکٹس میچ، بابر اعظم اور اسد شفیق کی سنچریاں، پاکستان کے 3 وکٹوں پر 336 رنز

    سڈنی: پرتھ میں آسٹریلیا اے کے خلاف تین روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز بابر اعظم اور اسد شفیق کی عمدہ سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنالیے۔

    تفصیلات کے مطابق پرتھ میں کھیلے جانے والے تین روزہ پریکٹس میچ کے پہلے روز اسد شفیق اور بابر اعظم آسٹریلوی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے، پاکستان نے دن کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنالیے۔

    پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ٹاپ آرڈر نے جلد ہتھیار ڈال دئیے، کپتان اظہر علی 11، حارث سہیل 18 اور شان مسعود 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

    اسد شفیق اور بابر اعظم نے چوتھی وکٹ پر 276 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی اور پاکستان کا اسکور 336 رنز تک پہنچادیا، بابر اعظم 157 اور اسد شفیق 119 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ریلے میریڈتھ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ مائیکل نیسر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

    دوسری جانب اسد شفیق نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جلد وکٹیں گرنے کے بعد میرا پلان یہی تھا کہ ایک پارٹنر شپ قائم ہو اور اس میں ہم کامیاب بھی رہے، خراب بالز کا انتظار کیا اور اس پر باؤنڈری لگائی۔

    اسد شفیق نے کہا کہ جب میں کوئی غلط شاٹ کھیل رہا تھا تو بابر اعظم مجھے سمجھا رہے تھے اور جب بابر اعظم سے کوئی غلطی ہورہی تھی تو میں انہیں بتا رہا تھا۔

    اسد شفیق نے کہا کہ میں اور بابر اعظم ایک دوسرے کی مدد کررہے تھے جس سے فائدہ ہوا اور ایک اچھا ٹوٹل اسکور بورڈ پر لگادیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اسکور تو اچھا ہوگیا ہے اب کوشش کریں گے آسٹریلوی بلے بازوں کو جلد آؤٹ کریں۔

  • دبئی ٹیسٹ: سرفراز اور اسد کی نصف سنچریاں،پاکستان کے5وکٹوں پر198رنز

    دبئی ٹیسٹ: سرفراز اور اسد کی نصف سنچریاں،پاکستان کے5وکٹوں پر198رنز

    دبئی : پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانے والا دبئی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا، کپتان اور نائب کپتان کی نصف سنچریوں نے ٹیم کو سنبھالا دے دیا، کھیل کے آخری روز پاکستان کو جیت کیلئے119رنز درکار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا کی پوری ٹیم96رنز پر ہی پویلین سے باہر چلی گئی۔

    پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ حارث سہیل نے صرف ایک رن دے کر تین وکٹیں لیں جبکہ یاسر شاہ نے دو اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

    بعد ازاں پاکستان ٹیم نے اپنی اننگز کا آغازکیا تو صرف باون رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہوجانے کے بعد کپتان اور نائب کپتان نے ریسکیو ورک شروع کیا۔

    تین سو سترہ رنز کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز تباہ کن تھا، قومی ٹیم کے بلے باز سمیع اسلم، شان مسعود، بابراعظم اور اظہرعلی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔

    بابر اعظم نے تو اپنا کھاتہ کھولنے کی بھی زحمت گوارہ نہ کی، سرفراز اور اسدشفیق کی نصف سنچریوں نےپاکستان کو بچالیا۔

    چوتھے روز کے اختتتام پر قومی ٹیم نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنالیے ہیں، اس وقت کریز پر کپتان سرفراز احمد  57 اور اسد شفیق 86 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

    اسد شفیق نے پانچ چوکوں کی مدد سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 19  ویں نصف سینچری مکمل کی، پاکستان ٹیم کو اس میچ میں جیت کیلئے مزید 119 رنز درکار ہیں اور اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں، یاد رہے کہ پاکستان یواےای میں آج تک کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں ہارا۔