Tag: asad umar

  • پاکستان میں کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والوں کی تعداد  6 کروڑ سے تجاوزکرگئی

    پاکستان میں کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والوں کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوزکرگئی

    اسلام آباد : پاکستان میں کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والوں کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوزکرگئی جبکہ مکمل ویکسی نیشن والوں کی تعداد 3 کروڑسے زائد ہو جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ
    کم سے کم ایک ویکسین لگانے والوں کی تعداد 6 کروڑ سے تجاوزکرگئی، آج مکمل ویکسی نیشن والوں کی تعداد 3 کروڑسے زائد ہو جائے گی۔

    اسدعمر کا کہنا تھا کہ 31دسمبرتک7کروڑافرادکی ویکسی نیشن ہدف حاصل کیاجائےگا، ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی توآج ہی لگوائیں۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا صورتحال میں بہتری کے پیش نظر یکم اکتوبر سے بندشوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یکم اکتوبر سے مکمل ویکسین نہ لگوانےوالے افراد پر پابندی لگائی جارہی ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ جب تک ویکسینیشن کا ہدف پورا نہیں ہوگا بندشوں کا سامنارہےگا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکے۔

  • ‘کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی’

    ‘کراچی سرکلر ریلوے منصوبے میں دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی’

    کراچی : وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کے سی آر پر دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی پیداہورہی ہے ، انشااللہ اگلے سال آپ کو کے سی آرپر کام ہوتا نظر آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کی بنیاد رکھی گئی تھی ، وفاقی اور صوبائی حکومت کراچی کی بہتری کیلئےکام کررہی تھی ، دہائیوں سے رکے ہوئے منصوبے اب حقیقت بنتےجارہے ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اختلافات کے باوجود وفاق اورصوبائی حکومت نے ملکر فیصلے کئے، نومبر میں وزیراعظم کو گرین لائن کےافتتاح کی دعوت دیں گے۔

    کراچی میں نالوں کی صفائی کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ 11لاکھ ٹن کچرا 3بڑےنالوں سے نکالا گیا ہے ، ان نالوں پرمزیدکام جاری ہے، 54کلو میٹر روڈ ساتھ بنارہے ہیں۔

    کے فور منصوبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کے فور منصوبہ بھی ایک دہائی سے تعطل کا شکار تھا، اب کےفورمنصوبہ 14 اگست 2023 تک مکمل کرلیا جائے گا۔

    اسد عمر نے کہا جب کوروناآیا توسب کی رائے تھی کہ ملک بند کردو ، کوروناصورتحال میں جو اقدامات کئے اس کی دنیا نے تعریف کی ، ہمارے پاس وہ وسائل نہیں ہیں جس کی ملک کو ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر نے بتایا کہ کراچی کی ترقی کےلئے5بڑےمنصوبوں پر کام جاری ہے، کے سی آر پر دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی دلچسپی پیداہورہی ہے ، انشااللہ اگلے سال آپ کو کےسی آرپر کام ہوتا نظر آئے گا۔

  • سی پیک منصوبہ :پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

    سی پیک منصوبہ :پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ چیلنجز کے باوجود پاک چین قیادت نے سی پیک کو جاری رکھاہے ، سی پیک کےجنوبی زون سے کثیر غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری مشترکہ تعاون کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اسد عمر کی زیر صدارت شروع ہوا، جس میں چین کے وائس چیئرمین این ڈی آر سی اوردیگر ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شریک یوئے۔

    وفاقی وزرا ،وزرائے اعلیٰ ، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم ، پاکستان میں چین کے سفیر ،وزیراعظم کے معاون خصوصی سی پیک نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

    اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پاک چین قیادت نے سی پیک کو جاری رکھاہے، سی پیک کے پہلے مرحلے کی تکمیل اعتماد کا مظہر ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ سی پیک کےجنوبی زون سےکثیرغیرملکی سرمایہ کاری آئے گی ، سی پیک کےتحت ریلوےکاایم ایل ون سب سے بڑا منصوبہ ہے جبکہ بلوچستان میں بہت سے منصوبے جاری ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ز یادہ آبادی زراعت پر انحصار کرتی ہے، زراعت کے شعبے میں چین پاکستان کے ساتھ تعاون کررہاہے ، سائنس و ٹیکنالوجی میں پاک چین تعاون سے بہت زیادہ توقعات ہیں۔

    چینی ورکرز کی سیکیورٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سی پیک پر کام کرنیوالے چینی ورکرز کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، پاکستان میں کام کرنیوالے چینی ورکرز کو بہترین سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سوال، اسدعمر جواب نہ دے سکے

    پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر سوال، اسدعمر جواب نہ دے سکے

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اسد عمر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرسوال کا جواب نہ دے سکے اور کہا آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کا آخری نکتہ ایکس چینج ریٹ مینجمنٹ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر سے میڈیا گفتگو کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات قیمتیں بڑھیں تو وزیر نہیں رہوں گا، جس پر اسد عمر نے کہا میں نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔

    ڈالر کی قیمت کم کرنے کےلیےاسٹیٹ بینک کی مداخلت کے سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کا آخری نکتہ ایکس چینج ریٹ مینجمنٹ تھا، معاہدے کے تحت ڈالر کی قدر میں مارکیٹ کے مطابق اتار چڑھاؤ آنا چاہیے۔

    اسد عمر نے بتایا کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ تھا ایکس چینج ریٹ کو فری فلوٹ ہونا چاہیے، جس پر ہم نےکہا تھا پاکستان جیسےملک میں اسپن ٹریڈ اور مارکیٹ مینوپلیشن ہو سکتی ہے، فنڈامینٹل کی بنیاد پر کرنسی کمزور ہوتی ہے تواسٹیٹ بینک کو مداخلت کرنی چاہیے، اسٹیٹ بنک کی جانب سےمداخلت کی ویلیو کی معلومات میرے پاس نہیں۔

    سلیم مانڈوی والا نے کہا کہا جا رہا ہے کہ گوادر میں خواتین کے لیےاسپتال قائم کیا جائے، گوادر میں اسپتال تک نہیں جہاں خواتین بچوں کوجنم دے سکیں۔

    معاون خصوصی سی پیک خالد منصور کا کہنا تھا کہ سکھرٹو حیدرآبادمنصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ سےطے ہوگا، انفراسٹرکچر پر1103 بلین کا منصوبہ ہےجس میں گوادر ائیرپورٹ شامل ہے۔

    خالد منصور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سی پیک اور دوسرے منصوبوں پر135 کمپنیاں کام کر رہی ہیں، ہم نے سب سے پہلے سی پیک پر کام پرکرنےوالی کمپنیوں کا اعتماد بحال کرنا ہے۔

  • ویکسین نہ لگوانے والوں پر 30 ستمبر سے کون سی  پابندیاں عائد ہوگی ، اسد عمر نے بتا دیا

    ویکسین نہ لگوانے والوں پر 30 ستمبر سے کون سی پابندیاں عائد ہوگی ، اسد عمر نے بتا دیا

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کورونا صورتحال میں بہتری پر ملک کے 18اضلاع میں پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ویکسین نہ لگوانے والوں پر 30 ستمبر سےنئی پابندیاں عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہ کورونا کی چوتھی لہر میں اسپتالوں میں مریضوں میں اضافہ ہوا، ہم نے 24اضلاع کے مزید بندشیں لگائی تھیں، ان 24اضلاع میں وبا کی شرح زیادہ اوراسپتالوں پر دباؤ تھا، اب 24میں سے 18اضلاع میں بہتری نظرآرہی ہیں۔

    اسد عمر نے کورونا پابندیوں میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 24 میں سے اب صرف 6اضلاع میں وبا کے پیش نظر بندشیں برقراررہیں گی، 6اضلاع میں لاہور،فیصل آباد، ملتان، سرگودھا،گجرات ، بنوں شامل ہیں، ان 6اضلاع میں اونچی سطح پر بندشیں 22ستمبر تک برقراررہیں گی۔

    این سی او سی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 18اضلاع میں 50 فیصد ٹرانسپورٹ اور اسکولز کھولنے سمیت آؤٹ ڈورریسٹورنٹس میں12بجے تک اجازت ہوگی تاہم انڈورڈائننگ بند رہے گی۔

    انھوں نے واضح کیا کہ جوشخص 30ستمبر تک مکمل ویکسینیٹڈ نہ ہووہ 5بڑی چیزیں نہیں کرسکےگا ، مکمل ویکسینیشن نہ ہونے پر تعلیمی اداروں سے منسلک لوگوں پرکام کی پابندی ہوگی ، ہوائی سفرکی اجازت نہیں ہوگی، شاپنگ سینٹرز میں داخلہ ، ہوٹلز، گیسٹ ہاؤس میں بکنگ پر پابندی ہوگی جبکہ ریسٹورنٹس ، شادی تقریبات میں جانے پر پابندی ہوگی.

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے اسپتالوں میں آکسیجن میں فراہمی میں کمی نہ آئے ، ملک کے باقی حصوں میں جو پابندیاں ہیں انھیں30ستمبر تک توسیع دی ہے، ملک میں وبا میں کمی آرہی ہے،چوتھی لہر نیچے آرہی ہے، آئندہ 15دنوں میں وبامیں مزید کمی کی توقع ہے۔

    ویکسین لگانے کے عمل کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں کوروناکی ویکسین لگانے کا عمل بھی جاری ہے، بڑے شہروں میں تقریباً40فیصد آبادی کی مکمل ویکسینیشن کاہدف پوراکرناہے، جب بھی کورونا کی لہر آتی ہے تو اسپتالوں پر دباؤ نظرآتاہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کی بندشوں کی طرف نہیں جائیں گے، جو شخص ویکسین نہیں لگائے گا اس پر بندش کی طرف جائیں گے، ویکسین نہ لگانےوالوں کیلئے بندشیں آہستہ آہستہ بڑھاتےجائیں گے۔

    ویکسینیشن سےمتعلق اس عمر نے کہا کہ کینسائنواورپاک ویک سنگل ڈوزویکسین ہے ، اسلام آبادمیں 15سال سےاوپرآبادی کا52فیصدمکمل ویکسی نیٹڈہوچکا، جن افرادکوپہلی ڈوز لگائے 28 دن سے زائد ہوگئے وہ فوری دوسری ڈوزلگوائیں، بحیثیت قوم ہم نےکوروناوباکامقابلہ کیا، قوم نےملکراس کی کامیابی کویقینی بنایاہے، اسی طرح اب ہم ملکرویکسی نیشن کےعمل کو ممکن بنائیں۔

  • سندھ حکومت کو کے الیکٹرک بلوں میں ٹیکس وصول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسد عمر

    سندھ حکومت کو کے الیکٹرک بلوں میں ٹیکس وصول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسد عمر

    کراچی : وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ حماد اظہرنےکہا کے الیکٹرک بلوں میں ٹیکس وصول کرنےکی اجازت نہیں دیں گے، وزیر اعلی سندھ نے وفاق سے بات چیت ہونے کہا ،اس میں سچ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کا نفرنس میں کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کراچی کےلیےگرین لائنز پہلا جدید ٹرانسپورٹ منصوبہ ہےجومکمل ہوچکاہے، منصوبےکےلیےبس ڈپومکمل ہوسکاہے،اس کے22اسٹیشن ہوں گے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی کےتمام ٹرانسپورٹ منصوبوں کےلیےکنٹرول سینٹرمکمل ہوچکاہے، بس کےٹرانسپورٹ سسٹم کےلیےآئی ٹی ایس نظام اکتوبرمیں مکمل ہوجائےگا سیکیورٹی کے لیے نظام وضع کیاجاچکاہے،9دن بعداہلکارتعیناہوجائیں گے۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ گرین لائن کےلیےڈرائیوروں کوبھرتی کیاجائےگا، آئندہ اتوار تک 40بسیں کراچی پہنچ جائیں گی ، جس کے بعد 6سےآٹھ ہفتےکےاندرگرین لائن کےآپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

    نالوں کی صفائی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 11لاکھ ٹن موادنالوں سےاٹھایاجائےگا، نالوں کےساتھ فٹ پاتھ ،سڑکیں اورانڈرپاس بنائےجارہےہیں، نالوں کےساتھ 55 سے 60 کلو میٹر کے سڑکیں بنائی جائیں گی، اس مقصدکےلیے34.5ارب کےفنڈمختص کیےگئےہیں ، اورنگی میں 97فیصدتجاورزات ہٹائی جاچکی ہیں، گجرنالےپرتجاوزات ہٹانےکا60فیصدکام ہوچکا ہے۔

    کراچی سرکلرریلوے منصوبے سے متعلق اسد عمر نے کہا کہ کراچی سرکلرریلوےکامنصوبہ میرےکےدل بہت قریب ہے، میں ماضی میں سرکلرریلوےکےذریعےاسکول جاتاتھا، بہت سے لوگ کہتےہیں کہ سرکلرریلوےکانظام نہیں چل سکتا، سرکلرریلوےکانظام43کلومیٹرپرمشتمل ہے،29کلومیٹرایلی ویٹڈہوگا، 22اسٹیشن سرکلرریلوےکاحصہ ہونگے،4لاکھ سے زائد مسافر فائدہ اٹھائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اپنی حدپرسرکلر نظام سے10لاکھ افرادمستفیدہوسکیں گے، سرکلرنظام چلانےکےلیے27ارب کاتخمینہ لگایاگیاہے، اس میں سے6ارب سندھ حکومت باقی وفاق دے گا، وزیراعظم 30ستمبرسےپہلےکراچی آکرسرکلرریلوےکےانفرااسٹرکچرتعمیرکاافتتاح کرٰیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ نظام پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کےتحت چلانےکاانتظام کیاجارہاہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ کاشکریہ انہوں نےکےسی آرپراہم فیصلے کیے، کراچی سرکلرریلوےکی کامیابی میں چیف جسٹس سپریم کورٹ کابھی حصہ ہوگا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اکتوبرمیں ٹریڈکوریڈورمنصوبےپرکام بھی شروع کردیں گے، اس کےلیےالگ سےایک ریلوےٹریک پیپری تک بچھایاجائےگا، منصوبے پرلگ بھگ 27ارب کی لاگت آئے گی۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں 4پانچ بڑےایسےکام کرنےہیں جس میں سرمایہ کاری سےگریزکیاجاتارہا، پاکستان کی نصف برآمدات کراچی سےبھیجی جاتی ہیں، وزیراعظم کراچی کے چیمپئن اوراس کے حق کے لیے لبیک کہنے والےہیں۔

    کے فور منصوبے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 26کروڑگیلن پانی کی اسکیم کے4سالوں سےتاخیرکاشکارتھی، اکتوبر2023تک کے4سےکراچی کوپانی ملنا شروع ہوجائےگا، کوشش کی جا رہی ہےکہ منصوبہ اگست2023تک مکمل ہوجائےگا، کے4بہت بڑامنصوبہ ہےلاگت کاتخمینہ ابھی نہیں دے سکتا۔

    اسد عمر نے مزید بتایا کہ کراچی میں چھوٹی اسکیموں کےلیے21ارب روپےمختص کیےگئےہیں، وفاق کافیصلہ ہےکہ کراچی کےلیےچھوٹےچھوٹےکام بھی کریں گے، کراچی میں 11لاکھ کچرااٹھانےکی ذمےداری وفاق نےلی ، حکومت سندھ کی مرضی سے یہ کچرااٹھائیں گے۔

    انھوں نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق نےگزشتہ سال سندھ کےلیے65ارب اورکراچی کو7ارب دیے جبکہ کراچی کیلئے10ارب روپے سے زائدکی ویکسین دےچکی ہے، کراچی کےشہریوں کو10ارب سےزائدکی کورونا ویکسین دی گئی، شہریوں کوحکومت سندھ ایک ٹیکہ بھی نہیں دے سکی، کراچی میں شہریوں کو25ارب سےزائدکی کوروناویکسین لگائی جائے گی۔

    مردم شماری کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کادیرینہ مطالبہ رہاہےکہ مردم شماری جائزنہیں ہوتی، مردم شماری ٹھیک نہ ہونےکامؤقف دیگر علاقوں کابھی ہے، پرویزمشرف وردی میں ہوتےہوئےبھی مردم شماری نہ کراسکے، ردم شماری کامعاملہ سی سی آئی میں لےکرگئےکہ اس پرسوالیہ نشان ہیں، مردم شماری کےنتائج مستردکرتےتوکراچی کی نشستیں98والی ہوتیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہم نےمردم شماری کےنتائج کوقبول کیااورکہا نئی مردم شماری کرائیں گے، ہم ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کواستعمال کرتےہوئےمردم شماری کرائیں گے، ہم مردم شماری میں دونمبری نہیں کرناچاہتے، امیدہےکہ کابینہ اپنی سفارشات سی سی آئی کوبھیج دےگی۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہےکہ 2023کاالیکشن نئی مردم شماری کی بنیادپرہو، عمران خان پہلی باردوسری مرتبہ مسلسل منتخب ہونے والے وزیراعظم ہوں گے۔

    سندھ حکومت کے بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی پر وفاقی وزیر نے کہا کہ میری حماد اظہر سےبات ہوئی ہے ، کے الیکٹرک کے بلوں میں کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگےگا، ہم کے الیکٹرک اور کے ایم سی کو اس اجازت بالکل نہیں دیں گے،وزیر اعلی سندھ نے وفاق سے بات چیت ہونے کہا ،اس میں سچ نہیں ۔

  • سال کے آخر تک7 کروڑ افراد کی ویکسینیشن : ‘ ہم جلد اپنے ہدف سے تجاوز کر جائیں گے’

    سال کے آخر تک7 کروڑ افراد کی ویکسینیشن : ‘ ہم جلد اپنے ہدف سے تجاوز کر جائیں گے’

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ سال کےآخرتک7کروڑافرادکوویکسین لگانےکاہدف رکھاگیاتھا ، ہم جلداپنے طے کردہ ہدف سے تجاوز کر جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سال کے آخر تک7 کروڑافرادکوویکسین لگانےکاہدف رکھاگیاتھا، جس میں سے 5کروڑسےزیادہ افرادکوویکسین کی پہلی خوراک لگ چکی ہے اور  2کروڑسےزیادہ افراد کو مکمل  ویکسین لگائی جاچکی ہے، ہم جلداپنےطےکردہ ہدف سے تجاوز کر جائیں گے۔

  • پاکستان میں بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کا تیزی سے پھیلاؤ، اسد عمر نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کردیا

    پاکستان میں بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کا تیزی سے پھیلاؤ، اسد عمر نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کردیا

    اسلام آباد : نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے خبر دار کیا ہے کہ پاکستان میں بھارتی ڈیلٹاویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، اسپتال اور انتہائی نگہداشت کےمریضوں کی تعداد کوویڈ کے آغاز سےسب سے زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر عالمی سطح کی طرح پاکستان میں بھی بھارتی ڈیلٹاویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، مریضوں کے اسپتالوں میں داخل ہونے کےامکانات بڑھ رہےہیں، ابھی اسپتال اور انتہائی نگہداشت کےمریضوں کی تعداد کوویڈ کے آغاز سےسب سےزیادہ ہے، برائے مہربانی ایس او پیز پر عمل کریں اور ویکسین لگائیں۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ایک دن میں 89 اموات ہوئیں اور 4 ہزار103 کورونا کیسز سامنے آئے، جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 26 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

    پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 6.65 فیصد رہی۔

  • پاکستان کے 20 بڑے شہروں نے  40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرلیا

    پاکستان کے 20 بڑے شہروں نے 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرلیا

    اسلام آباد : پاکستان کے 20 بڑے شہروں نے 18سال سے زائد 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف پورا کرلیا ، اسد عمر نے کہا پاکستان کی 35فیصداہل آبادی کوایک ڈوز لگائی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 24شہروں میں18سال سےزائد40فیصدآبادی کوویکسین لگانے کا ہدف تھا، اس ہدف کو 20بڑے شہروں نے پورا کرلیاہے، ہدف پورا نہ کرنے والے شہروں میں کوئٹہ،نوشہرہ،مردان،حیدرآباد ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی 35فیصداہل آبادی کوایک ڈوز لگائی گئی ہے ، اسلام آبادمیں 69فیصد،پنجاب میں 37فیصد ، آزادکشمیرمیں51،گلگت بلتستان کی39فیصد ، کے پی میں 35،سندھ میں32،بلوچستان کی12فیصد آبادی کوویکسین لگائی جاچکی ہے۔

  • ایک دن میں 15 لاکھ افراد کی ویکسینیشن ، پاکستان کا  نیا ریکارڈ

    ایک دن میں 15 لاکھ افراد کی ویکسینیشن ، پاکستان کا نیا ریکارڈ

    اسلام آباد : ملک میں ایک دن کے دوران کورونا ویکسی نیشن کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، گذشتہ روز ملک میں 15 لاکھ 90ہزار 309 کورونا ویکسین ڈوز لگائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا ویکسی نیشن بھرپور انداز میں جاری ہے ، این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ گذشتہ روز یومیہ ویکسینیشن کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ، 24 گھنٹے میں ملک میں 15 لاکھ 90ہزار309کوروناویکسین ڈوزلگائی گئیں ، اس دوران ایک ملین سے زائد پہلی اور 5لاکھ سے زائد سیکنڈ ڈوز لگائی گئیں ، ملک میں تاحال 5 کروڑ 67 لاکھ 8446 ویکسین ڈوز لگائی جا چکی ہیں۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے ، مسلسل دوسرے روز 100 سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں اور 3 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 6.63 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 5 ہزار 690 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔