Tag: ASF

  • بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران بڑا ’چیٹنگ گینگ‘ بے نقاب ہو گیا، جدید آلات برآمد

    بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران بڑا ’چیٹنگ گینگ‘ بے نقاب ہو گیا، جدید آلات برآمد

    کراچی: اے ایس ایف نے بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران ایک بڑے ’چیٹنگ گینگ‘ کو بے نقاب کیا ہے، اور ملزمان سے جدید الیکٹرانک آلات برآمد کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کی ایوی ایشن انٹیلیجنس نے لاہور میں بروقت اور مؤثر کارروائی میں بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران نئی طرز کے ایک منظم اور ہائی ٹیک چیٹنگ گینگ کو بے نقاب کیا ہے۔

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ملک بھر میں اے ایس ایف ہر سال ملک کے مختلف ریکروٹمنٹ سینٹرز میں بھرتی کے تحریری امتحانات کے دوران نقل اور غیر قانونی ذرائع کے استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بناتی ہے۔چیٹنگ گینگ بھرتی کے تحریری امتحانات اے ایس ایف

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس سال 8 اپریل سے شروع ہونے والے بھرتی امتحان کے دوران اے ایس ایف کے عملے کی جسمانی/سامان کی تلاشی میں مثالی مہارت اور استعداد کی بدولت لاہور میں متعدد امیدواروں سے نقل میں استعمال کیے جانے والے جدید الیکٹرانک آلات برآمد کیے گئے۔


    امتحانات کا تیسرا روز، کس شفٹ میں‌ کس جماعت کا پرچہ ہے؟


    جس کے بعد اے ایس ایف انٹیلیجنس کی تفتیش سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں مقتدر اداروں کی مدد سے امیدواروں کو غیر قانونی امداد فراہم کرنے والے بڑے نیٹ ورک کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے امیدواروں کو غیر قانونی سہولیات فراہم کرنے کے عوض ڈھائی لاکھ سے 6 لاکھ روپے تک رقم وصول کرنے کا اعتراف کیا، نیٹ ورک کے سرغنہ سے برآمد ہونے والے کل 80 آلات میں سمارٹ ڈیوائسز، سم کارڈز، مدر بورڈز، ایل سی ڈیز، مائیکروفونز، سمارٹ واچز، بلوٹوتھ ڈیوائسز اور موبائل فونز شامل ہیں-

    گرفتار ملزمان اور ملوث امیدواروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • جدید ترین خطوط پر تیار کیا گیا باڈی سکینرز اے ایس ایف کے حوالے

    جدید ترین خطوط پر تیار کیا گیا باڈی سکینرز اے ایس ایف کے حوالے

    کراچی: پاکستان میں ایوی ایشن سکیورٹی کو مزید مستحکم بنانے کے لئے یو این او ڈی سی اور کینیڈا حکومت کی جانب سے پاکستان ایئرپورٹس سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو جدید ترین خطوط پر تیار کئے گئے -360 ڈگری باڈی سکینرز دئیے جا رہے ہیں، پہلا سکینر ایئرپورٹس سکیورٹی فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ سکینرز بڑے ایئرپورٹس پر لگائے جائیں گے جن کی بدولت مسافروں کی سکریننگ کی کارروائی میں بہتری آئے گی، جدید ٹیکنالوجی کے حامل اسریننگ سے، ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام ممکن ہو سکے گی اور سرحدی سلامتی مستحکم ہو گی۔

    اس سلسلے میں تقریب اے ایس ایف سنٹر کراچی میں منعقد ہوئی، ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد نے سکینر وصول کیا۔ سکیورٹی سرگرمیوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اس سکینر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

    یو این او ڈی سی کے کنٹری ریپریزنٹیٹو ٹروئلز ویسٹر نے اس اقدام کے دوررس اثرات پر اظہار خیال کرتے ہوئے یو این او ڈی سی اور کینیڈا حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ایوی ایشن سکیورٹی اور سرحدی انتظامی امور میں بہتری کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔

    اے ایس ایف کراچی کے عملے نے فرض شناسی کی مثال قائم کردی

    پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر، لیزلی سکینلون نے دونوں حکومتوں کے درمیان گہرے تعلقات اور مشترکہ سکیورٹی مشکلات سے نمٹنے کے لئے عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

  • اےایس ایف نے بچی سے ناروا سلوک پر سب انسپکٹر پر چارج شیٹ عائد کردی

    اےایس ایف نے بچی سے ناروا سلوک پر سب انسپکٹر پر چارج شیٹ عائد کردی

    کراچی ائیرپورٹ پر بچی سے ناروا سلوک کرنے والے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس(اے ایس ایف)  کے سب انسپکٹر محمد شعبان پر چارج شیٹ عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف کے سب انسپکٹر محمد شعبان کیخلاف آرمی ایکٹ، اے ایس ایف ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، سب انسپکٹر پر آرمی ایکٹ کی دفعہ 55 کے تحت فورس ڈسپلن خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیاہے۔

    بچی سے ناروا سلوک : اے ایس ایف نے واقعے کی حقیقت بیان کردی

    چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے10 مارچ 2024 کو دوپہر12:50 پر کم عمر بچی کو کراچی ائیر پورٹ پر بالوں سے پکڑا اور دھکا دیا جس کی وجہ سے وہ گر گئی، ملزم پر یہ بھی الزام ہے کہ اس نے اپنی بدسلوکی کی اطلاع حکام بالا کو نہیں دی۔

    واضح رہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر 10 مارچ کو اے ایس ایف افسر کی جانب سے بچی سے ناروا سلوک کی ویڈیو وائرل ہوگئی تھی، اے ایس ایف افسر نے کم سن بچی کو بالوں سے پکڑ کر فرش پر پھینک دیا تھا۔

  • دبئی جانے والے مسافر سے 45 پاکستانی پاسپورٹ برآمد

    دبئی جانے والے مسافر سے 45 پاکستانی پاسپورٹ برآمد

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر سے 45 پاکستانی پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں۔

    اے ایس ایف نے آج پیر کو کراچی ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں دبئی جانے والے مسافر کے قبضے سے پینتالیس پاکستانی پاسپورٹ برآمد کیے ہیں۔

    محمد عدنان فلائی دبئی کی پرواز سے کراچی سے دبئی جا رہا تھا، جناح ٹرمینل پر سامان کی اسکیننگ کے دوران اے ایس ایف کے عملے نے پاسپورٹ برآمد کیے۔

    غیر متعلقہ افراد کے پاسپورٹس کی موجودگی کے حوالے سے مسافر کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا، مسافر عدنان مختلف شہریوں کے پاسپورٹس غیر قانونی طور پر ایران براستہ دبئی لے جا رہا تھا۔

    مسافر کو برآمد شدہ پاسپورٹس سمیت ایف آئی اے امیگریشن نے مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے پاسپورٹ سرکل منتقل کر دیا ہے۔

  • اے ایس ایف کراچی کے عملے نے فرض شناسی کی مثال قائم کردی

    اے ایس ایف کراچی کے عملے نے فرض شناسی کی مثال قائم کردی

    کراچی: ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے جناح ٹرمینل پرتعینات عملے نے فرض شناسی اور دیانت داری کی مثال قائم کردی۔

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے جناح ٹرمینل پرتعینات عملے نے فرض شناسی اور دیانت داری کی مثال قائم کرتے ہوئے مسافرکے گمشدہ 40 لاکھ روپے اور دیگر قیمتی سامان بشمول بیگ واپس کردیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ مسافر عبدالستار کراچی سے اسلام آباد سفر کر رہے تھے اور غلطی سے اپنا ہینڈ بیگ سرچ کاؤنٹر پر بھول گئے، تلاشی کاؤنٹر پر تعینات اے ایس ایف کی سب انسپکٹر فلک ناز کو 40,00,000/- روپے اور سیل فون پر مشتمل بیگ ملا۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ اے ایس ایف اہلکار نے اہل خانہ کا سراغ لگایا اور تمام قیمتی سامان کے ساتھ ہینڈ بیگ ان کے حوالے کر دیا۔

    مسافر عبدالستار نے اے ایس ایف اہلکار کی ایمانداری کو سراہتے  ہوئے نقد انعام دینے کی کوشش کی تاہم اس نے شائستگی سے انکار کردیا۔

    اے ایس ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں مسافر عبدالستار اور ان کے اہل خانہ نے اے ایس ایف کے عملے کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا،  مسافر عبدالستار نے سب انسپکٹر فلک ناز کے لیے تعریفی نوٹ بھی چھوڑا۔

    ترجمان اے ایس ایف کا بتانا ڈی جی اے ایس ایف نے سب انسپکٹر فلک ناز کو اس کی ایمانداری اور دیانت داری کے اعتراف میں  تعریفی سند کے ساتھ ساتھ نقد انعام سے نوازا۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ سے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوششں ناکام

    اسلام آباد ایئر پورٹ سے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوششں ناکام

    اسلام آباد : اے ایس ایف کے عملے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے اسلام آباد ائر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ابوظبی جانے والے مسافر سے 2.350 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی

    مسافر لالدار خان نے ہیروئن بیگ کی تہہ میں کالے رنگ کی ٹیپ میں لپیٹ کر مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی۔

    ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعدبرآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ آنے والی گاڑی سے اسلحہ برآمد

    اسلام آباد ایئرپورٹ آنے والی گاڑی سے اسلحہ برآمد

    اسلام آباد : ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اسلام آباد ایئرپورٹ کی حدود میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک مشبتہ کار کی تلاشی لی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں نے کارروائی کی جس میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق اے ایس ایف اہلکاروں نے ائیر پورٹ کے داخلی دروازے پر چیکنگ کے دوران گاڑی سے اسلحہ برآمد کیا۔اے ایس ایف کے مطابق گاڑی سے ایک تیس بور پستول،20گولیاں اورتین میگزین برآمد کی گئیں ہیں۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق مذکورہ گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اے ایس ایف نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی۔

  • 2021: پاکستانی ایئر پورٹس پر اربوں مالیت کی منشیات، سونا، غیر ملکی کرنسی پکڑی گئی

    2021: پاکستانی ایئر پورٹس پر اربوں مالیت کی منشیات، سونا، غیر ملکی کرنسی پکڑی گئی

    کراچی: رواں سال پاکستانی ایئر پورٹس پر منشیات اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کی گئیں، جن میں اربوں روپے مالیت کی اشیا اور کرنسی ضبط کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس کی جانب سے سال 2021 میں مختلف ایئر پورٹس پر کی گئی کارروائیوں کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

    ترجمان اے ایس ایف کا کہنا ہے کہ رواں سال کے دوران پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس پر فورس کی کارروائیوں میں اربوں روپے مالیت کی منشیات، سونا اور اور غیر ملکی کرنسی ضبط کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق دو ہزار اکیس میں منی لانڈرنگ کی درجنوں وارداتیں ناکام بنائی گئیں، اور درجنوں ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    اس دوران 26.68 کلو گرام سونا بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی گئی، ضبط کیے گئے سونے کی مالیت ساڑھے 25 کروڑ سے زائد ہے، جب کہ ضبط کی گئی 57 ملین سے زائد کی غیر ملکی کرنسی میں ڈالرز، برطانوی پاؤنڈز، یورو سعودی ریال اور دیگر کرنسیاں شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران 95 کلو گرام ہیروئن اور 54 کلو گرام سے زائد آئس ضبط کی گئی، ہیروئین، آئس اور دیگر منشیات مختلف ممالک کو اسمگل کی جا رہی تھی۔

    ان کارروائیوں کے دوران مختلف برانڈز کی غیر ملکی شراب کی 265 بوتلیں بھی ضبط کی گئیں۔

  • پشاور سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    پشاور سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اسمگل کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    پشاور : اے ایس ایف نے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگل کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافرکو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن بیرون ملک اسمگل کی کوشش ناکام بنادی۔

    اے ایس ایف کا کہنا تھا کہ مسافر گلف ایئر کی پروازجی ایف785کے ذریعے بحرین جانا چاہتا تھا، اے ایس ایف نے سی اے اے کے جوائنٹ سرچ بیگجز کاونٹر پر مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو اس میں سے 2کلو 394گرام اعلیٰ کوالٹی کی آئس ہیروئن برآمد ہوئی ۔

    حکام کے مطابق مسافر نے ہیروئن ٹرالی بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپا رکھی تھی، جس کے بعد اے ایس ا یف نے مسافر کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا ہے کہ مزید قانونی کارروائی کیلئے مسافر کو اے این ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔

  • اے ایس ایف پہلی بار یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کرے گی

    اے ایس ایف پہلی بار یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کرے گی

    کراچی: ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) پہلی بار 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ میں شرکت کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایئر پورٹ کی اہم سرحدوں کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی فورس بھی اب یوم پاکستان پریڈ میں پیشہ ورانہ جوہر دکھائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل ظفر الحق بھی پریڈ میں شریک ہوں گے، جب کہ اے ایس ایف کے 200 سے زائد جوان و افسران پریڈ کی ریہرسل میں مصروف ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے یومِ پاکستان کی مناسبت سے نیا پرومو جاری کر دیا ہے، پرومو میں قائد کی پاکستان حاصل کرنے کے لیے دی جانے والی قربانیوں کا پیغام دیا گیا ہے اور پاکستانی قوم کے عزم اور حوصلے کو بیان کیا گیا ہے، پرومو میں دکھایا گیا ہے کہ متحد ہو کر پاکستانیوں نے ہر چیلنج کا مقابلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ یوم پاکستان، پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے، اس دن قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی، اور 7 برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی، وہ مطالبہ جو اسلامی جمہوریۂ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔

    یوم پاکستان: آئی ایس پی آر کا نیا پرومو جاری

    یوم پاکستان منانے کے لیے ہر سال 23 مارچ کو خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں پاکستان مسلح افواج پریڈ بھی کرتے ہیں۔