Tag: ASF

  • جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

    جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عملی مظاہرہ

    کراچی : جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے میں پی آئی اے ،سی اے اے ،اے ایس ایف سمیت ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔

    پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ہفتے کے روز جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مشق (فل اسکیل ائیرپورٹ ایمرجنسی ایکسرسائز)انجام دی۔

    اس مشق کا مقصد ہوائی اڈے پر مصروفِ کار تمام متعلقہ اداروں کی کسی بھی ممکنہ حادثے یا ناخوش گوار واقعے کی صورت میں باہمی اشتراک عمل کے ساتھ بروقت کارروائی کی استعدادکی جانچ پڑتال تھا۔

    قومی ائیرلائن پی آئی اے کے ایک طیارے کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا ۔ اس مشق میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی, ائیرپورٹ سیکورٹی فورس، پی آئی اے اور دیگر ملکی ائیر لائنزکے ساتھ ساتھ ، ایدھی اور چھیپا کی ایمبولینسز نے بھی فعال کردار ادا کیا۔

    اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کے ائیرپورٹ منیجر عمران خان نے بتایا کہ یہ مشق ہوابازی کی عالمی انجمن (ایکائو) کے معیار کے مطابق ہردوسال بعد کی جاتی ہے اور اس کا مقصد ہنگامی حالات میں بچائو اور آتشزدگی پر قابوپانے والے کارکنوں کی عملی صلاحیت اور بروقت کارروائی کا جائزہ لینا ہوتا ہے۔

    انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عام طور پر ایسے ہنگامی حالات میں دو منٹ کے اندر بروقت کارروائی کی توقع کی جاتی ہے تاہم آج کی مشق میں ہمارے کارکنوں نے ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں بروقت کارروائی کا آغاز کردیا تھا جو ان کی مستعدی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے اسسٹنٹ چیف سیکورٹی آفیسر عباس میمن نے بھی اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشق کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    ہنگامی حالات سے نمٹنے کی بھرپور مشق صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی ائیرپورٹ پر شروع ہوئی ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی آگ بجھانے والی گاڑیاں آتشزدگی کے مقام پر صرف ایک منٹ سترہ سیکنڈ میں پہنچیں اور بروقت آگ بجھانے کا مظاہرہ کیا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بچائو کارکنان (ریسکیو ورکرز)، ایدھی ، چھیپا کی ایمبولینسز ، ڈاکٹرز اور نیم طبی عملے سمیت تمام متعلق افراد نے تیزی سے آتش زدہ طیارے پر پہنچ کر پیشہ ورانہ انداز میں مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے کا مظاہرہ کیا ۔

  • یوم دفاع : سانحہ کراچی ایئرپورٹ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

    یوم دفاع : سانحہ کراچی ایئرپورٹ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

    کراچی : یوم دفاع کے موقع پر سانحہ کراچی ایئرپورٹ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل ظفر الحق کی ہدایت پر کراچی ایئرپورٹ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم دفاع یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا گیا، جس کا مقصد وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے ساتھ ساتھ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا ہے۔

    اس سلسلے میں سانحہ کراچی ایئرپورٹ کے شہید سب انسپکٹر سرور کی قبر پر لاہور کے سی ایس او لیفٹیننٹ کرنل ٹیپو علی خان نے حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    اس کے علاوہ اے ایس ایف لاہور کے سی ایس او کرنل ٹیپو علی خان نے شہید سب انسپکٹر سرور کے اہل خانہ سے ملاقات کی، اس موقع پر شہید سب انسپکٹر کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

    سی ایس او لاہور لیفٹیننٹ کرنل ٹیپو علی خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے۔ یاد رہے کہ آٹھ جون2014 کو کراچی ایئرپورٹ پر بہادری اور جواں مردی کے ساتھ اپنے فرائض نبھاتے ہوئے سب انسپکٹر سرور شہید نے جام شہادت نوش کیا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے سعودی عرب جانے والے مسافر سے 10 کلو 632 گرام مائع آئس ہیروئن برآمد کرلی۔

    اے ایس ایف حکام کے مطابق شزاد نامی ملزم نا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقے بہاولنگر سے ہے، ملزم غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے حج کی غرض سے سعودی عرب جا رہا تھا۔

    ترجمان اے ایس ایف کے مطابق ملزم کے پاس سے ایک مشروب کی بوتلیں برآمد ہوئیں جن میں مائع آئس ہیروئن اسمگل کی جا رہی تھی مشروبات کی 12 بوتلوں میں 10 کلو 632 گرام مائع آئس ہیروئن برآمد ہوئی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز نے ملزم کو گرفتار کرکے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے حوالے کردیا گیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    یاد رہے کہ دو روز قبل نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

  • کراچی اور لاہور ایئر پورٹس پر مسافر کے ساتھ ایک وزیٹر کو جانے کی اجازت

    کراچی اور لاہور ایئر پورٹس پر مسافر کے ساتھ ایک وزیٹر کو جانے کی اجازت

    کراچی/ لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور اور جناح ٹرمنیل کراچی پر حج آپریشن کے دوران غیرمعمولی رش کے باعث مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے سیکیورٹی کے پیش نظر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور جناح ٹرمنیل کراچی پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے کیلئے آنے والوں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ آنے اور جانے والے مسافروں کو ایک مسافر پر ایک وزیٹر کو اجازت ہوگی۔ ایئر پورٹ کی حدود میں ایک سے زائد وزیٹر کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور ایئرپورٹ پر عازمین حج کو الوداع کہنے کیلئے لوگوں کی بڑی تعداد پہنچتی ہے جس کے باعث سیکیورٹی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

    ایک وزیٹرکی پابندی پر عملدرآمد کل سے شروع ہوجائے گا، اے ایس ایف ایئرپورٹ کے انٹری پوائنٹ پر ہی ایک سے زائد وزیٹرز کو داخلے کی اجازت نہیں دے گی۔

    علاوہ ازیں کراچی ایئرپورٹ منیجر نے اےایس ایف کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پرحج آپریشن سے رش میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے۔

    وفاق کی جانب سے ایک سے زائد وزیٹرکی پابندی پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے، کراچی ایئرپورٹ پر ایک سے زائد وزیٹر کو آنے کی اجازت نہیں ہے۔

    ذرائع ایئرپورٹ کا کہنا ہے کہ داخلی راستے پر ہی اے ایس ایف موجود ہوگی، وزیٹر کو شناختی کارڈ کی چیکنگ کے بعد اندر جانے کی اجازت ہوگی۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دوحا جانے والے مسافر کے سامان سے 824 گرام منشیات برآمد کرلی۔

    اے ایس ایف کے مطابق ملزم عنایت اللہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کا تعلق ہنگو سے ہے، منشیات سبز چائے میں چھپا رکھی تھی۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی، 1 کلو آئس ہیروئن برآمد

    اس سے قبل رواں ہفتے نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دوحا جانے والے مسافر کے سامان سے 1 کلو آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی‘ 2 افراد گرفتار

    یاد رہے کہ 24 مئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پراینٹی نارکوٹکس فورس نے مسافر کے قبضے سے1 کلو سے زائد آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اے این ایف حکام کے مطابق ملزم چائے کے پیکٹ میں آئس ہیروئن چھپا کراسمگل کرنا چاہتا تھا، ملزم ثاقب کے ہمراہ خاتون جمیل اختربھی سفرکرنا چاہتی تھی۔

  • پشاور ایئر پورٹ سے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

    پشاور ایئر پورٹ سے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

    کراچی : اے ایس ایف نے پشاور ایئر پورٹ پر اسمگلنگ کرنے کو شش ناکام بناتے ہوئے مسافر کے بیگ سے ہیروئن برآمد کرلی، ملزم کو اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشارو کے باچا خان انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے دبئی ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، مسافر سے نو کلو سے زائد ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔

    مسافر نے بیگ کے خفیہ خانوں میں ہیروئن چھپا رکھی تھی، اس حوالے سے ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے637 کے ذریعے دبئی جارہا تھا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی قائم کردہ جوائنٹ بیگج سرچ کاؤنٹر پر اے ایس ایف اہلکاروں نے مسافر کے سامان کی تلاشی لی تو اس کے بیگ کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی نو کلو ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    مزید تفتیش کیلئے مسافر کو اے این ایف کے حوالے کردیا گیا ہے، مذکورہ ہیروئن کی مالیت عالمی مارکیٹ میں کروڑوں روپے بتائی جارہی ہے، باچا خان ایئر پورٹ پر یہ رواں سال کی سب سے بڑی کاروائی ہے۔

  • اسلام آبادایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی‘ ملزم گرفتار

    اسلام آبادایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی‘ ملزم گرفتار

    راولپنڈی : اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بحرین جانے والے مسافر سے منشیات برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پراے ایس ایف نے بحرین جانے والے نعمان نامی مسافر کے قبضے سے منشیات برآمد کرلی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم نعمان نے جسم کے ساتھ منشیات چھپا رکھی تھی، مسافر بحرین جا رہا تھا۔

    اے ایس ایف حکام نے منشیات برآمد ہونے کے بعد مسافرکو انسداد دہشت گردی فورس (اے این ایف) کے حوالے کردیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی ‘ ہیروئن برآمد


    یاد رہے کہ رواں ماہ 11 ستمبر کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے قطر جانے والے مسافر سے ہیروئن اور چرس برآمد کی تھی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم عرفان نے ہیروئن ہارمونیم میں چھپا رکھی تھی، مسافر دوحہ جا رہا تھا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرمسافر کے قبضے سے ہیروئن کے کیپسول برآمد


    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد ایئرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر کو گرفتار کرکے ہیروئن کے کیپسول برآمد کیے تھے۔

    اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزم رحمت اللہ غیرملکی ایئرلائن کی پروازکیو آر 633 سے دوحہ جا رہا تھا۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ : اے ایس ایف اہلکاروں کا قومی ٹین پن بولنگ ٹیم سے ناروا سلوک

    اسلام آباد ایئرپورٹ : اے ایس ایف اہلکاروں کا قومی ٹین پن بولنگ ٹیم سے ناروا سلوک

    اسلام آباد : اے ایس ایف اہلکاروں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر قومی ہیروز سے ناروا سلوک کرتے ہوئے انٹر نیشنل ایونٹ میں جانے والی10پن بولنگ ٹیم سے بالز قبضے میں لے لیں، کھلاڑیوں نے وزیر کھیل سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹین پن بولنگ ٹیم ورلڈ ٹوور چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے بنکاک جارہی تھی کہ اسلام آباد ائیرپورٹ عملے نے دوران چیکنگ بولنگ ٹیم سے ان کی بالز قبضے میں لے لیں۔

    کھلاڑی نے سیکیورٹی عملے سے سوال کیا کہ بغیر بالز کے چیمپئن شپ میں کیسے کھیلیں گے؟ بالز ہمارا ہتھیار ہےاس کے بغیر ایونٹ میں جانا بےمقصد ہے، جس پر اےایس ایف اہلکاروں کا جواب تھا کہ بالز لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    کھلاڑی ایئرپورٹ عملے کےسامنے بےبس ہوگئے، اب ان بالز کو کارگو سے بھجوانا پڑے گا، ایئرپورٹ عملے کی ہٹ دھرمی کے باعث ٹیم ممبر  اعجازالرحمان کی فلائٹ مس ہو گئی۔

    اعجازالرحمان نے کہا کہ ہم انٹر نیشنل ایونٹ میں شرکت کے لئےاین اوسی لے چکے ہیں، ہمارے ساتھ پیش آئے واقعے کا وزیرکھیل نوٹس لیں، یاد رہے کہ ورلڈ ٹوور چیمپئن شپ22سے 28ستمبر تک بنکاک میں کھیلی جائےگی۔

    ورلڈ ٹووربالنگ چیمپین شپ میں پاکستان کی آٹھ رکنی ٹیم  شرکت کرے گی،  کھلاڑیوں میں اعجاز الرحمن، علی سوریا، سکندر حیات، ثاقب شہزاد، افضل اختر اور علیم آغا شامل ہیں،۔

  • اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گناہ نہیں کیا، وارننگ دی جاسکتی تھی: ماریہ واسطی

    اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گناہ نہیں کیا، وارننگ دی جاسکتی تھی: ماریہ واسطی

    کراچی : معروف اداکارہ ماریہ واسطی اور اینکرپرسن ماریہ میمن نے اے ایس ایف کی خاتون اہلکار کو سزا ہونے پر کہا ہے کہ ’خاتون اہلکار سے کوتاہی ہوئی ہے جرم نہیں جس پر 2 برس کی سروس ضبط کی گئی، خاتون اہلکار کو  وارننگ دی جاسکتی تھی‘۔

    اداکارہ ماریہ واسطی نے اے آر وائی نیوز پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خاتون اہلکار کو دی جانے والی سزا بہت سخت ہے، اگر کسی قسم کا کوڈ آف کنڈکٹ ہے تو یہ اہلکاروں کو پہلے بتانا چاہیے یا پھر کنٹریٹ میں تحریر ہونا چاہیے۔

    ماریہ واسطی کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کوئی کوڈ آف کنڈکٹ موجود نہیں تو اسے وارننگ دی جاسکتی تھی، اس طرح سے خاتون اہلکار کا کریئر تباہ کرنا یا 2 سال کے لیے معطل کردینا بہت سخت سزا ہے۔

    اداکارہ کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے کنٹریکٹ میں شامل ہونا چاہیے کہ اہلکار مذکورہ امور انجام دے سکتے ہیں اور فلاں کام کی انجام دہی پر پابندی ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے معروف اینکر ماریہ میمن اے ایس ایف اقدامات تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا مذکورہ خاتون اہلکار نے اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرکے بہت بڑا گناہ کیا ہے جس پر اتنی بڑی سزا  دی گئی؟

    ماریہ میمن کا کہنا تھا کہ  اگر خاتون اہلکار  منشیات یا انسانی اسمگلروں کی سہولت کار ہوتی، رشوت خوری کرتی یا بدعنوانی کرتی تو شاید ادارہ اسے سپورٹ کرتا اور اس کے خلاف اس طرح سے کارروائی بھی نہیں ہوتی۔

    اینکر پرسن کا کہنا تھا کہ ’خاتون اہلکار سے یونیفارم میں گانا گنگناتے ہوئے ویڈیو شیئر کرکے کوتاہی ہوئی ہے جس پر اسے وارننگ دی جاسکتی تھی لیکن اس طرح سے  2 سال کی سروس ضبط کرنا انتہائی سخت سزا ہے‘۔

    نیوز اینکر کے سوال پر ماریہ میمن نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے جو قوانین موجود ہیں ان پر عمل ہونا اچھی بات ہے لیکن پھر جو بڑی بھیڑیں ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کریں، اس لڑکی سے تو صرف کوتاہی ہوئی ہے‘۔

    یاد رہے کہ اے ایس ایف کی خاتون اہلکار نے گذشتہ روز رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس کے بعد اے ایس ایف حکام نے خاتون اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 2 برس کی سروس ضبط کرلی۔

    ذرائع کے مطابق خاتون اہلکار کو 2 برس تک نہ ہی انکریمنٹ دیا جائے اور نہ دیگر مراعات ملیں گی، جبکہ خاتون اہلکار نے اپنی کوتاہی پر اے ایس ایف حکام سے معذرت کرتے ہوئے آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

    اے ایس ایف حکام کی جانب سے اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

    دوسری جانب اے ایس ایف کے ترجمان نے کہا ہے کہ خاتون کی ویڈیو ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے، خاتون اہلکار کے خلاف ڈیڑھ ماہ پہلے محکمہ جاتی کارروائی ہوچکی ہے۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ویڈیو کے ذریعے منفی پروپیگنڈے کا نوٹس لیا گیا ہے، تفتیش کر رہے ہیں جو ذمہ دار ہوگا اس کیخلاف کارروائی ہوگی۔

  • مشاہداللہ خان کی ایئرپورٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام، لیگیوں کا پولیس پر پھتراؤ

    مشاہداللہ خان کی ایئرپورٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام، لیگیوں کا پولیس پر پھتراؤ

    لاہور: ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز نے مسلم لیگ ن کے رہنما مشاہداللہ خان کی لاہور ایئرپورٹ میں گھسنے کی کوشش ناکام بنادی جبکہ لیگی رہنماؤں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کے لیے سینئر لیگی رہنما لاہور ایئرپورٹ پہنچے تاہم اے ایس ایف نے ان کی ایئرپورٹ کے اندر گھسنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ایئرپورٹ کے باہر لیگی کارکنان نے غنڈہ گردی کی انتہا کردی، موقع پر موجود پولیس اہلکاروں پر پھتراؤ بھی کیا، جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں جلاؤ گھراؤ اور املاک کو نقصان بھی پہنچایا۔


    مجرم نوازشریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کی بیرکوں میں منتقل کردیا گیا


    علاوہ ازیں لاہور ایئر پورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں سے دھکم پیل کا معاملہ بھی ہوا، اے ایس ایف اہلکاروں کو ن لیگی رہنما سعید اللہ آفریدی نے دھکے دیے، سعیداللہ آفریدی پی ایس 114 سے ن لیگ کا امیدوار ہے۔

    یاد رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نواز کو لاہور ایئرپورٹ پر طیارے سے حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گرفتاری کے وقت لاہور ایئرپورٹ کے رن وے پر لیگی کارکنوں کی رینجرز اہل کاروں سے ہاتھا پائی بھی ہوئی، رینجرز نے ہاتھا پائی کرنے والے ن لیگی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔