Tag: Ashura

  • کراچی میں شدید گرمی، عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر

    کراچی میں شدید گرمی، عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر

    کراچی: شہر قائد میں شدید گرمی کے باعث عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں شدید گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، ایسے میں عاشورہ جلوس کے متعدد شرکا کی حالت غیر ہو گئی، نمائش پر قائم جناح اسپتال کیمپ میں 200 کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر شاہد رسول کے مطابق دوپہر 1 بجے تک کیمپ میں دو سو کیسز رپورٹ ہوئے، متاثرہ تمام افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

    واضح رہے کہ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت آج 40 ڈگری تک پہنچا، اور گرمی کی شدت 52 ڈگری محسوس کی گئی، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 53 فی صد رہا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سمندری ہوائیں معطل ہیں، مرطوب موسم کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، اور شدید گرم اور مرطوب موسم کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورت حال ہے۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آج شام یا رات شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

  • کے الیکٹرک کی عاشورہ والی رات بھی شہر میں 2 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ

    کے الیکٹرک کی عاشورہ والی رات بھی شہر میں 2 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ

    کراچی: کے الیکٹرک نے عاشورہ والی رات بھی شہر میں 2 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری رکھی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے وفاقی حکومت کے احکامات ہوا میں اڑا دیے، شہر بھر میں عاشورہ والی رات بھی دو سے چارگھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی۔

    شدید حبس میں رات کے وقت بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان ہو گئے، مختلف علاقوں میں رات کے وقت بھی 2 بار دو سے 3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، مستثنیٰ علاقوں میں بھی ایک سے 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن گیا۔

    نشریات کی بندش کے باعث اے آر وائی نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    عاشورہ والی رات جن علاقوں میں بجلی غائب رہی ان میں نارتھ کراچی، شادمان ٹاؤن، سر سید ٹاؤن، خواجہ اجمیر نگری، لیاقت آباد، گلبہار، خاموش کالونی، پہاڑ گنج، حسرت موہانی کالونی، ایف بی ایریا، موسیٰ کالونی، غریب آباد، کریم آباد، عزیز آباد شامل ہیں۔

    گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی، پرانی سبزی منڈی، دھوراجی کالونی، کے ڈی اے اسکیم ون آفیسرز ہاؤسنگ سوسائٹی، اسکاٹ کالونی، ریلوے سٹی کینٹ کالونی، اعظم بستی محمود آباد، کشمیر کالونی، اختر کالونی، عباس ٹاؤن، رضویہ سوسائٹی، انچولی، لانڈھی، کورنگی میں بھی بجلی بند کی گئی۔

    اورنگی گلشن ظہور، بلدیہ اتحاد ٹاؤن، منگھو پیر، قصبہ، پاک کالونی، کیماڑی، مشرف کالونی، نصرت بھٹو کالونی، میٹروول سائٹ، گلشن حدید،گلشن معمار، احسن آباد، کوئٹہ ٹاؤن، صفورہ گوٹھ، بندھانی کالونی میں  بھی بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک 500 میگا واٹ بجلی کی کمی لوڈ شیڈنگ سے پوری کر رہی ہے۔

  • بھارتی فوج نے کشمیری عزاداروں پر بھی تشدد کیا: مشعال ملک

    بھارتی فوج نے کشمیری عزاداروں پر بھی تشدد کیا: مشعال ملک

    سرینگر: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نہ صرف عزاداروں پر تشدد کیا بلکہ اپنے کالے کرتوت چھپانے کے لیے صحافیوں پر بھی تشدد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عزاداروں پر بھارتی فوج نے تشدد کیا، دہشت گرد بھارتی فوج مذہبی رسومات میں بھی رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کا نظریہ مسلمان مخالف نظریہ ہے، کشمیری 73 سال سے باطل کے خلاف کھڑے ہیں۔ بھارتی فوج نے کالے کرتوت چھپانے کے لیے صحافیوں پر بھی تشدد کیا۔

    انہوں نے کہا کہ کربلا ہمیں ظلم اور جبر کے خلاف مذمت سکھاتی ہے، بھارتی حکومت نے کشمیر میں وردی میں دہشت گرد تعینات کر رکھے ہیں۔ بھارتی دہشت گرد فوج مذہبی تہوار میں بھی رکاوٹیں ڈالتی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے سنہ 1989 میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد کی، حق اور باطل کی لڑائی میں جیت ہمیشہ حق کی ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت باطل ہے اور باطل کی شکست کربلا سے لکھی جا چکی ہے، ظلم، جبر اور بربریت کے باوجود کشمیری اپنے محاذ پر ڈٹے ہیں۔

  • کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے: وزیر اعظم

    کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے۔ کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج حرمت والے مہینے محرم الحرام کی 10 تاریخ ہے، دنیا بھر کے مسلمان حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کرتے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ تاریخ اسلام میں یوم عاشور کی الگ اور خاص اہمیت ہے۔ یہ رفعت و بلندی امام عالی مقام کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔ کربلا کا معرکہ یاد دلاتا ہے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جاسکتا۔ بچوں جوان بیٹوں اور بھائیوں کو راہ خدا میں نچھاور کرنا سر بلندی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جذبہ شبیری ایمان و یقین، سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخشتا ہے۔ واقعہ کربلا اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی آبیاری کا سر چشمہ ہے۔ میرے نزدیک اسوہ حسینؓ کا پیغام ہر قلب سلیم کے لیے ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ انسان جان جان آفریں کے سپرد کر کے قرآن کے الفاظ کی عملی تصویر بن جائے، قرآن میں ہے کہ اے نفس مطمئنہ اپنے رب کی طرف لوٹ آ کہ تو اس سے راضی ہو۔ جذبے سے سرشار ہو کر ہی ہم اقوام عالم میں قابل ذکر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرِ پیکار عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنت امام حسینؓ کو زندہ رکھا۔ کربلا کی طرح کشمیر بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال ہے۔

  • کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی: بلاول بھٹو

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم عاشور کا درس ہے ظلم و جبر اور جھوٹ کے خلاف مزاحمت کرنی چاہیئے، مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی نئی لہر سے یوم عاشور کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ امام حسینؓ کی پیروی کر کے ناانصافی اور ظلم کے خلاف کامیابی سے ہمکنار ہوں گے، جبر کرنے والے انتہا پسند غلط تصورات کو مذہب سے جوڑتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو متعصب اور جنونیوں کے عزائم سے خبردار رہنا چاہیئے، جب ظلم کسی بھی شکل میں سر اٹھائے تو اسے جذبے سے مٹانا چاہیئے۔ آج کے دن ہم کربلا کے شہدا کو بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

    اس سے قبل انہوں نے گلگت میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مودی سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھے، خود ہی حقیقت سامنے آجائے گی۔ میں گجرات کے قسائی سے کہتا ہوں، اگر تم جہموری لیڈر ہو تو سرینگر سے کرفیو ہٹا کر دیکھو۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی تم لاکھوں مسلمانوں کے قاتل ہو، گرفتار کشمیریوں کو رہا کرو، احتجاج ان کا حق ہے۔ تاریخ تمہیں مودی قاتل کے نام سے ہی یاد رکھے گی۔

  • پنجاب حکومت کے بہترین اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا، عثمان بزدار

    پنجاب حکومت کے بہترین اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا، عثمان بزدار

    لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے انشاءاللہ یوم عاشور پرامن رہے گا، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹیریٹ میں محرم کے مرکزی کنٹرول روم کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہامن و امان برقرار رکھنے کیلئے پنجاب حکومت نے بہترین انتظامات کئے ہیں۔

    پولیس اور انتظامیہ وضع کردہ سیکورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کیلئے پوری فورس چوکس ہے۔

    عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ جلوسوں، مجالس کی نگرانی کیلئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے، جلوسوں کی ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے، پنجاب حکومت کے اقدامات سے انشاءاللہ یوم عاشور پرامن رہے گا۔

    واضح رہے کہ لاہور کا مرکزی جلوس نثارحویلی سے نکالا گیا جو مقرر کردہ راستوں پر گامزن ہے، عزاداران حسین نے جلوس کے راستے میں سینہ کوبی کی اور زنجرر زنی کی۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، جلوس کے تمام راستوں کو مکمل طور پر سیل کرتے ہوئے ہر داخل ہونے والے ہر شخص کی میٹیل ڈیٹیکٹو کے ذریعے جامہ تلاشی لی جا رہی ہے۔

  • یوم عاشور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: صدر پاکستان

    یوم عاشور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے: صدر پاکستان

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ یوم عاشور ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ آج کے دن ہمیں اسوہ حسینی کو یاد رکھنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ یوم عاشور ہمیں شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اعلیٰ مقاصد، استقامت اور حق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیئے۔ واقعہ کربلا ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے۔

    صدر مملکت نے مزید کہا کہ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے، ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے اہل و عیال کی المناک شہادت کی یاد منائی جارہی ہے۔ ملک بھر میں مجالس و ماتمی محافل برپا کی جارہی ہیں جن کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

  • امام حسینؓ نے ثابت کیا باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا: وزیر اعظم

    امام حسینؓ نے ثابت کیا باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ واقعہ کربلا ثابت قدمی اور استقامت کی مثال ہے، امام حسینؓ نے ثابت کیا باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور پر قوم کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا یہ دن عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے دین کی خاطر عظیم قربانی پیش کی۔

    انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے، ثابت قدمی اور استقامت کی یہی مثال ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ امام حسینؓ نے ثابت کیا باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا۔

    اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہی وقت کی ضرورت ہے اور اسی میں ہم سب کی بقا ہے، ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ آج ہمیں متحد و منظم ہونے کی ضرورت ہے، خود کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے لیے پختہ عزم بھی کرنا ہے۔ ہمیں حق کی سر بلندی کے لیے ڈٹ جانے کا پیغام ملتا ہے۔ استقامت حق کے حصول کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے، آج کا دن ہمیں نواسہ رسولﷺ، جگر گوشہ بتول کے عظیم افکار و اعمال کی یاد دلاتا ہے۔ آج کے دن ہمیں اسوہ حسینی کو یاد رکھنا ہے۔

  • اہل بیت کی قربانی باطل سے ٹکرانے کا حوصلہ دیتی ہے، عمران خان

    اہل بیت کی قربانی باطل سے ٹکرانے کا حوصلہ دیتی ہے، عمران خان

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق کے لیے استقامت اور ثابت قدمی کی عظیم مثال ہے، یومِ عاشور اور اہل بیت کی قربانی باطل سے ٹکرانے کا حوصلہ دیتی ہے۔

    یوم عاشور کے موقع پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پیغام دیا کہ عاشور اور اہل بیت کی قربانی سے باطل سے ٹکرانے کا حوصلہ ملتا ہے کیونکہ واقعہ کربلا حق کے لیے استقامت اور ثابت قدمی کی عظیم مثال ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حق کی خاطر حضرت امام حسینؓ نے قربانی دے کر امت کو عظیم اور روشن راہ دکھائی، اللہ تعالیٰ ہمیں اسوہ شہدائے کربلا سے سبق حاصل کرنے کی توفیق عطاء فرمائے۔

    پڑھیں: یوم عاشوراسلامی تاریخ کی لازوال قربانی کی یاد دلاتا ہے‘ صدر،وزیراعظم

    یاد رہے کہ ملک بھر میں آج سانحہ کربلا کی یاد میں یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، اس ضمن میں مختلف علاقوں میں تعزیتی اور ماتمی جلوس نکالنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے، گورنر سندھ

    مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے، گورنر سندھ

    کراچی: گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں تمام مذاہب و مسالک کو آئین و قانون کے تحت مذہبی و مسالکی عبادات کی ادائیگی کی مکمل آزادی حاصل ہے مذہبی و مسالکی ایام میں پر امن عبادتوں کی ادائیگی کے لئے صوبہ میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چیف سیکریٹری سندھ محمد صدیق میمن،ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر،ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ ،انسپکٹر جنرل پولیس سندھ اے ڈی خواجہ ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے رابطہ کرکے ان سے محرم الحرام کی مجالس ،جلوسوں کی سکیورٹی اور صفائی ستھرائی کے حوالہ سے معلومات حاصل کیں ۔

    گورنر سندھ نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فول پروف سیکیورٹی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اس ضمن میں جلوسوں کے راستوں پر نگراں کیمروں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ آغاز سے اختتام تک تمام جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جاسکے۔

    انہوں نے ڈپٹی میئر ارشد وہرہ کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں ،مساجد اور مجالس کے مقامات کے باہر اور جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ صوبہ کے کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں سے صورتحال کے بارے میں مسلسل آگاہی حاصل کی جائے۔

    ڈاکٹر عشرت العباد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران مکمل چوکس رہے، صوبے میں امن و امان کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے جس کے لیے ادارے بہت اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

    انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تمام افراد قانون فافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص کی اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی سے کسی بھی خوش گوار واقعے سے محفوظ رہا جا سکے۔

    آپریشن ضرب عضب پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ ملک بھر میں جاری آپریشن سے امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہوئی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے مزید مستحکم کیا جائے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے شب و روز مصروفِ عمل ہیں۔