Tag: Asia Cup 2025

  • ایشیا کپ میچز کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے

    ایشیا کپ میچز کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ایشیا کپ میچز کے اوقات کار تبدیل کردیے۔

    ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق میچز یو اے ای وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے جب کہ پاکستان وقت کے مطابق ساڑھے سات بجےشروع ہوں گے۔

    پندرہ ستمبر کو شیڈول ڈبل ہیڈر میں یو اے ای اور عمان کا میچ ابوظہبی میں چار بجے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ ساڑھے چھ بجے سری لنکا اور ہانگ کانگ کے درمیان دبئی میں ہوگا۔

    اے سی سی کا کہنا ہے کہ گرم موسم کے باعث میچز کے وقت کو تبدیل کیا گیا ہے۔

    یہ پڑھیں: ایشیا کپ ابھی دور ہے پہلے ٹرائی سیریز جیتنی ہے، حارث رؤف

    واضح رہے کہ ایشیا کپ کا 15 واں ایڈیشن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جس میں آٹھ ٹیمیں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، عمان، یو اے ای اور ہانگ کانگ کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    گروپ اے میں میزبان متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساتھ سخت حریف پاکستان اور بھارت جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔

    ایشیا کپ کے افتتاحی میچ میں افغانستان اور ہانگ کنگ کی ٹیمیں 9 ستمبر کو ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کھیلے گی۔

  • ایشیا کپ 2025، پاکستان اور بھارت میں سے کون فیورٹ؟ وسیم اکرم نے بتادیا

    ایشیا کپ 2025، پاکستان اور بھارت میں سے کون فیورٹ؟ وسیم اکرم نے بتادیا

    لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریفوں کے درمیان دبئی میں خاصی گرما گرمی ہوسکتی ہے، کھلاڑی اور تماشائی نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور اور حد پار کرنے سے گریز کریں۔

    عالمی شہرت یافتہ سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے خبردار کیا ہے کہ دبئی میں ایشیا کپ 2025 کے دوران فضا خاصی گرم ہوسکتی ہے تاہم انہوں نے زور دیا کہ نہ کھلاڑی اور نہ ہی شائقین حد سے تجاوز کریں۔

    سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ دنیا بھر کے کروڑوں لوگ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں، یہ مقابلے ہمیشہ دلچسپ ہوتے ہیں مگر ضروری ہے کہ کھلاڑی اور تماشائی نظم و ضبط قائم رکھیں اور حد پار نہ کریں۔

    وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے عوام اپنے اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں لیکن حب الوطنی کا مطلب یہ نہیں کہ کھیل کو کھیل کے دائرے سے باہر لے جایا جائے، اگر بھارتی عوام اپنی ٹیم کی حمایت کرتے ہیں تو پاکستانی شائقین بھی ایسا ہی کریں گے، یہ بالآخر کھیل ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔

    پاکستانی سابق سپر اسٹار فاسٹ بولر کی جانب سے 14 ستمبر کو دبئی میں شیڈول روایتی حریفوں کے مقابلے میں بھارت کو پاکستان کے مقابلے میں فیورٹ قرار دیا۔

    اُنہوں نے کہا کہ پاکستان گزشتہ برسوں میں بھارت کے خلاف مستقل کامیابیاں حاصل نہیں کرسکا تاہم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں گرین شرٹس کے پاس مواقع رہے ہیں، پاکستان نے 2021 کے ورلڈ کپ اور 2022 کے ایشیا کپ میں بھارت کو ہرایا تھا۔

    کپتانوں کی تبدیلی، پی سی بی کا اہم بیان سامنے آگیا

    سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی حالیہ عرصے کے دوران پرفارمنس بہترین رہی ہے اور فیورٹ کے طور پر میدان میں اترے گا، لیکن اصل فیصلہ اس دن ہوگا کہ کون سی ٹیم دباؤ کا بہتر طریقے سے سامنا کرنے میں کامیاب ہوتی ہے۔

  • ایشیا کپ 2025، بھارتی اسکواڈ کا اعلان

    ایشیا کپ 2025، بھارتی اسکواڈ کا اعلان

    ایشیا کپ 2025 کے سلسلے میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق ایشیا کپ 2025 کے بھارتی اسکواڈ میں شبمن گل کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں اکشر پٹیل کی جگہ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یشسوی جیسوال اور شریاس ایئر اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

    بھارتی اسکواڈ میں سوریا کمار یادیو (کپتان)، شبمن گل (نائب کپتان)، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، جیتیش شرما، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، کلدیپ یادیو، سنجوسامسن، ہرشیت رانا، رنکو سنگھ شامل ہیں۔

    دوسری جانب بھارت کے سابق کرکٹر کیدار جادھو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہوگا۔

    سابق بھارتی کرکٹر کیدار جادھو نے کہا کہ بھارت کے پاس پاکستان سمیت کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت موجود ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ میچ نہیں ہونا چاہیے اور میں اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں کہ بھارت نہیں کھیلے گا۔

    پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں بھارتی ٹیم کو پاکستان سے نہیں کھیلنا چاہیے، بھارتی ٹیم جہاں بھی کھیلے گی وہ ہمیشہ جیتے گی۔

    واضح رہے کہ کیدار جادھو کا تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی ٹورنامنٹ میں بھارت کے پاکستان سے کھیلنے کے بائیکاٹ کا کہا ہے۔

  • ٹرائی سیریز اور ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان، بابر اور رضوان آؤٹ

    ٹرائی سیریز اور ایشیا کپ کیلیے اسکواڈ کا اعلان، بابر اور رضوان آؤٹ

    لاہور(17 اگست 2025): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ یو اے ای ٹی ٹوئنٹی سہ فریقی سیریز اور ایشیا کپ 2025 کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان، افغانستان اور یو اے ای کی ٹرائی نیشن سیریز اور ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان سلیکٹر اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس میں کیا۔

    سلمان علی آغا کو 17 رکنی اسکواڈ کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، اس کے علاوہ اسکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خُوشدل شاہ، حسین طلعت شامل ہیں۔

    اسکواڈ میں محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث ، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز،صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم بھی شامل ہیں۔

    سہ فریقی سیریز میں پاکستان، افغانستان اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں یہ سیریز 29 اگست سے 7 ستمبر تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد ایشیا کپ 2025 ابوظہبی اور دبئی میں 9 سے 28 ستمبر تک ہونا ہے۔

    بابر اور رضوان سے متعلق عاقب جاوید نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان اس سے پہلے تین سیریز میں نہیں تھے، بابر اور رضوان دیگر کی طرح کھیلیں گے تو ضرور ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گے، ان کے ساتھ کسی کو پرابلم نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس آپشنز اچھے ہیں۔ صائم ، فخر اور صاحبزادہ فرحان ہی ٹاپ آرڈر میں تھے۔ کسی کھلاڑی کو دو تین میچز کی بنیاد پر زیر غور نہ لانے والی بات درست نہیں، ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ اب ہم بابر اور رضوان کو زیر غور کبھی نہیں لائیں گے۔

  • ایشیا کپ کے وینیوز کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا دبئی اسٹیڈیم میں ہوگا

    ایشیا کپ کے وینیوز کا اعلان، پاک بھارت ٹاکرا دبئی اسٹیڈیم میں ہوگا

    ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے وینیوز کا اعلان کردیا۔

    ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ 14 ستمبر بروز اتوار کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

    ایشیا کپ کے میچز ابوظبی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے تینوں میچز دبئی میں شیڈول ہیں۔

    میگا ایونٹ کا فائنل بھی 28 ستمبر کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو ابوظبی میں کھیلا جائے گا، پہلے میچ میں افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔

    پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان سے کھیلے گی، پاکستان کا آخری گروپ میچ 17 ستمبر کو یو اے ای سے ہوگا۔

    Image

    Image

  • ایشیا کپ میں بھارت پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں؟

    ایشیا کپ میں بھارت پاکستان سے کھیلے گا یا نہیں؟

    ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے پر بھارتی حکومت نے گیند بی سی سی آئی کے کورٹ میں ڈال دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان سے کھیلنے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے۔

    وزارت کھیل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک بی سی سی آئی وزارت کھیل کے ماتحت نہیں ہے، اب جو فیصلہ ہوگا وہ بی سی سی آئی کا ہوگا۔

    ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جو اس سال ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

    گزشتہ دنوں سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے کہا تھا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں، لیکن کھیلوں کا سلسلہ نہیں رکنا چاہیے۔ کھیل کو جاری رہنا چاہیے۔

    سابق بھارتی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کا ایک ہی گروپ میں ہونا ٹھیک ہے اور مجھے انڈیا کے ایشیا کپ میں پاکستان سے کھیلنے پر کوئی مسئلہ نظر نہیں آتا۔

    واضح رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹیم انڈیا کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔

  • شاداب خان کے ایشیا کپ سے باہر ہونے کا امکان

    شاداب خان کے ایشیا کپ سے باہر ہونے کا امکان

    قومی کرکٹر شاداب خان کے ایشیا کپ سے باہر ہونے کا امکان ہے۔

    اے اسپورٹس کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ آل راؤنڈر کندھے کی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوسکے، شاداب خان نے رواں ماہ کے اوائل مٰں برطانیہ میں سرجری کروائی تھی۔

    ذرائع کے مطابق توقع ہے کہ شاداب کو کرکٹ میں واپس آنے کے لیے کم از کم تین ماہ درکار ہوں گے جس سے ستمبر کے ٹورنامنٹ کے لیے ان کی دستیابی مشکل میں پڑ گئی ہے۔

    شاداب کی عدم موجودگی پر پی سی بی کی جانب سے تاحال متبادل کھلاڑی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

    پی سی بی کی جانب سے شاداب خان کی ریکوری ٹائم لائن یا مستقبل میں دستیابی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔

    یہ وہی انجری ہے جس کے باعث وہ بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز اور دورہ ویسٹ انڈیز سے بھی باہر رہے تھے۔

    ایشیا کپ کا انعقاد 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا جو اس سال ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔

  • ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں شامل

    ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں شامل

    صدر ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی  نے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے شیڈول کا اعلان کیا ہے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور یو اے ای شامل ہیں۔

    بنگلادیش، سری لنکا، افغانستان، ہانگ کانگ گروپ بی میں شامل ہیں۔

    روایتی حریف پاکستان اور بھارت 14 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گے، ایشیا کپ کا پہلا میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا۔

    ایشیا کپ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

    Image

    Image

    یو اے ای میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جس میں پاکستان میزبان بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، یو اے ای ، ہانگ کانگ اور عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

    دوسری جانب دھمکیاں دینے والے بھارت کو ایک اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور اب وہ ایشیا کپ بھی کھیلنے کو تیار ہوگیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کو پاکستان کے خلاف میچ کے لیے بھی گرین سگنل مل گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایشیا کپ کھیلنے کے لیے حکومت سے اجازت مل گئی، پاکستان کے خلاف میچ کے لیے بھی گرین سگنل مل گیا۔

  • محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کی تاریخ اور مقام کا اعلان کردیا

    محسن نقوی نے ایشیا کپ 2025 کی تاریخ اور مقام کا اعلان کردیا

    لاہور(26 جولائی 2025): ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی نے بالآخر ایشیا کپ 2025 کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

    ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر بتایا کہ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا اور تفصیلی شیڈول کا اعلان جلد ہو گا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے اے سی سی ایشیا کپ کی تاریخوں کا اعلان کر کے خوشی ہو رہی ہے، ہم بہترین انداز میں ٹورنامنٹ کے انعقاد کے منتظر ہیں۔

    بھارتی ٹیم کو ایشیا کپ کھیلنے کی اجازت مل گئی

    واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے، لیگ میچ کے سپر فور مرحلے اور فائنل میں پہنچنے پر بھی پاک بھارت میچز ہوسکتے ہیں۔

    ایشیا کپ میں 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جس میں پاکستان میزبان بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، یو اے ای ، ہانگ کانگ اور عمان کی ٹیمیں شامل ہیں۔

    دوسری جانب دھمکیاں دینے والے بھارت کو ایک اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، اور اب وہ ایشیا کپ بھی کھیلنے کو تیار ہوگیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کو پاکستان کے خلاف میچ کے لیے بھی گرین سگنل مل گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایشیا کپ کھیلنے کے لیے حکومت سے اجازت مل گئی، پاکستان کے خلاف میچ کے لیے بھی گرین سگنل مل گیا۔

  • ایشیا کپ 2025 میں 6 کے بجائے 8 ٹیموں کی شرکت کا امکان

    ایشیا کپ 2025 میں 6 کے بجائے 8 ٹیموں کی شرکت کا امکان

    ڈھاکہ(24 جولائی 2025): ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں 6 ٹیموں کے بجائے آٹھ ٹیموں کو شامل کیا جائے گا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیئرمین اور ایشیا کونسل کے صدر محسن نقوی کی زیر صدارت ایشین کرکٹ کونسل کا ڈھاکا میں اجلاس ہوا۔

    اس اجلاس میں بھارت نے آن لائن شرکت کی، ذرائع کاکہنا ہے اجلاس میں ایشیاکپ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ ہونا تھا جو کہ بغیر کسی نتیجے کے ختم  ہوگیا۔

    تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں آٹھ ٹیموں کو شامل کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، اراکین کی نئے شیڈول اور وینیوز پر بھی مشاورت ہوئی، میگا ایونٹ 8سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ میچز دبئی اور ابوظبی میں کھیلے جائینگے، پاکستان، بھارت، سری لنکا، افغانستان بنگلادیش کے علاوہ یو اےای، عمان، اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔

    دوسری جانب اے سی سی کے صدر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ سے متعلق جلد فیصلہ ہوگا، ہم نے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کرکٹ کیلئے کام کرنا ہے۔

    اے سی سی کے صدر نے مزید کہا کہ اجلاس میں تمام 25 ارکان نے شرکت کی سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھیل میں سیاست نہیں چاہتے، بڑے اچھے ماحول میں میٹنگ ہوئی ہے۔