Tag: asia cup

  • ایشیا کپ کے لیے فول پروف ٹریفک انتظامات

    ایشیا کپ کے لیے فول پروف ٹریفک انتظامات

    لاہور: ٹریفک پولیس نے ایشیا کپ کے لیے فول پروف ٹریفک انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور نے کہا ہے کہ شائقین کرکٹ اور شہریوں کو ایشیا کپ کے دوران ٹریفک کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔

    سی ٹی او مستنصر فیروز کے مطابق ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے ہوٹل تک ٹیموں کو زیرو روٹ دیا جائے گا، اور ٹیموں کی موومنٹس کے دوران سڑکوں کو کم سے کم وقت کے لیے بند کیا جائے گا۔

    گورنمنٹ کالج فار بوائز، لبرٹی پارکنگ ایریا، ایل ڈی اے سن فورٹ ہوٹل پارکنگ کے لیے مختص کیے گے ہیں، میچز کے دوران مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے گی۔

    سی ٹی او لاہور کے مطابق فیروزپور روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ روڈ پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہوگی، مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے، جب کہ غلط پارکنگ کے خاتمے کے لیے 20 فورک لفٹرز اور 3 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہوں گے۔

  • ایشیا کپ سے قبل بنگلا دیش کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی باہر

    ایشیا کپ سے قبل بنگلا دیش کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی باہر

    کولمبو: ایشیا کپ سے قبل بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا، ٹیم کے اہم کھلاڑی پہلے میچ سے باہر ہوگئے۔

    بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کے  وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس وائرل بخار کی وجہ ایشیا کپ کے پہلے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس وائرل بخار سے چھٹکارا نہ پا سکے جس کے بعد اسکواڈ میں ان کی جگہ انعام الحق کو شامل کر لیا گیا۔

    ایشیا کپ سے قبل بھارتی ٹیم کو دھچکا، اہم کھلاڑی باہر

    انعام الحق آج سری لنکا میں اسکواڈ کو جوائن کریں گے، ایشیا کپ میں بنگلا دیش سری لنکا کا میچ 31 اگست کو شیڈولڈ ہے۔

    لٹن داس پچھلے کچھ سالوں سے بنگلہ دیش کے اہم بلے بازوں میں شامل ہیں، ان کی کمی بلاشبہ بنگال ٹائیگرز کو ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں محسوس ہو گی۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان ایشیا کپ کا پہلا میچ کل ملتان میں کھیلا جائے گا۔

  • ایشیا کپ کے لیے ٹکٹس کی آن لائن فروخت کا آغاز

    ایشیا کپ کے لیے ٹکٹس کی آن لائن فروخت کا آغاز

    لاہور: پاکستان میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے لیے ٹکٹس کی آن لائن فروخت کا آغاز ہو گیا ہے۔

    پاکستان میں ایشیا کپ کے چار میچز کھیلے جائیں گے، ابتدائی طورپر صرف پاکستان میں کھیلے جانے والے میچز کے ٹکٹ دسیتاب ہیں، افتتاحی میچ 30 اگست کو ملتان اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    بک می ڈاٹ پی کے پر آن لائن ٹکٹس فروخت کے لیے پیش کر دیے گئے ہیں، سری لنکا، بنگلا دیش اور افغانستان کے درمیان میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    پی سی بی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ٹکٹس 14 اگست کو بھی عوام کو دستیاب ہوں گے، مہنگا ترین ٹکٹ 10 ہزار روپے کا رکھا گیا ہے، جب کہ 8500، 7000، 6000، 5000، 4000، 2500 اور 1500 روپے میں بھی ٹکٹس کی بکنگ کروائی جا سکتی ہے۔

    دوسری جانب چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ دنوں ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا ہے، جس میں دو سال بعد فہیم اشرف کی شمولیت ہوئی ہے اور عماد وسیم، شان مسعود کو ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ کرکٹ شائقین سوال کر رہے ہیں کہ فہیم اشرف کو کون سی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور عماد وسیم، شان مسعود کو ڈراپ کرنے کی وجہ کیا ہے؟

    واضح رہے کہ فہیم اشرف دو سال ون ڈے ٹیم سے دور رہے، اپریل میں ٹی 20 سیریز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے، پانچ میچوں میں صرف ایک وکٹ لی اور بیٹنگ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تھے۔

  • قومی کرکٹ ٹیم کا کوچنگ اسٹاف کون ہوگا ؟ ناموں کا اعلان

    قومی کرکٹ ٹیم کا کوچنگ اسٹاف کون ہوگا ؟ ناموں کا اعلان

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے افغانستان اور ایشیا کپ کیلئے کوچنگ اسٹاف کا اعلان کردیا،

    پی سی بی حکام کے مطابق مکی آرتھر ٹیم کے ڈائریکٹر ہوں گے جبکہ بریڈ برن ٹیم کے ہیڈ کوچ برقرار رہیں گے۔

    اس کے علاوہ اینڈریو پیٹرک بیٹنگ کوچ، مورنی مورکل کو ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے اور آفتاب خان فیلڈنگ کوچ، ریحان الحق ٹیم منیجر ہوں گے۔

    عبد الرحمان اسسٹنٹ کوچ، سہیل سلیم ڈاکٹر، ڈریکوس سائمن سٹریتھ کوچ، کلف ڈیکن فزیو ہوں گے، احسن ناگی میڈیا منیجر، لیفٹیننٹ کرنل ( ر)عثمان انوری سیکیورٹی منیجر ہوں گے۔

    پی سی بی حکام کے مطابق عمار احسن ایشیا کپ کے لئے ڈیجیٹل کانٹینٹ پروڈیوسر، مقبول بابری سائیکالوجسٹ ہوں گے، طلحہ اعجاز اینالسٹ اورملنگ علی مساجر ہوں گے۔

    واضح رہے افغانستان کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز 22 سے 26 اگست تک سری لنکا میں کھیلی جائے گی۔

    علاوہ ازیں ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کا غیرملکی کوچنگ اسٹاف رواں ہفتے لاہور پہنچے گا، غیر ملکی کوچنگ اسٹاف دورہ سری لنکا کے اختتام پر چھٹیوں پر چلا گیا تھا۔

    قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پیوٹک آج جمعہ کو لاہور پہنچیں گے جبکہ فزیو کلف ڈیکن اور ٹرینر ڈریکس سائمن بھی رواں ہفتے کے آخر میں پہنچ رہے ہیں۔

  • پاک افغان سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    پاک افغان سیریز اور ایشیا کپ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    لاہور : پاک افغان سیریز اور ایشیا کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا۔ طیب طاہر، سعود شکیل اور فہیم اشرف اسکواڈ میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پاکستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی اور افغانستان کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے 18 رکنی قومی کرکٹ سکواڈ کا اعلان کردیا۔

    سعود شکیل کو افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ وہ ایشیا کپ کے17 رکنی اسکواڈ میں شامل نہیں ہیں۔

    قومی سلیکشن کمیٹی میں انضمام الحق کے علاوہ ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر اور ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں جنہوں نے کپتان بابراعظم کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کو حتمی شکل دی ہے۔

    ایشیا کپ کیلئے 17 رکنی پاکستانی ٹیم میں اوپنرز عبد اللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، مڈل آرڈر میں بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، وکٹ کیپرز محمد رضوان، محمد حارث اور طیب طاہر، اسپنرز شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، پیسرز میں حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں جبکہ سعود شکیل ایشیا کپ اسکواڈ کا حصہ نہیں۔

    افغانستان کیخلاف سیریز کیلئے 18 رکنی اسکواڈ میں اوپنرز عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، مڈل آرڈرز بابر اعظم (کپتان)، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر اور سعود شکیل، وکٹ کیپرز محمد رضوان، محمد حارث، اسپنرز شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، پیسرز حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ فہیم اشرف اچھا کھلاڑی ہے ٹیم کو اس کی ضرورت ہے، شان مسعود اچھا کھلاڑی ہے اور وہ ہماری نظر میں ہے، جو کھلاڑی پر فارم کرے گا تو ٹیم کا حصہ ضرور بنے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ قومی اسکواڈ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی، میدان میں فیصلے کپتان اور کوچ کریں گے،
    کپتانی کرنے سے آتی ہے، بابر اچھی کپتانی کر رہا ہے۔

    چیف سلیکٹر کا کہنا تھاکہ تینوں فارمیٹ کا ایک ہی کپتان ہو تو زیادہ بہتر ہوتا ہے، کپتان ہوگا کون نہیں یہ طے کرنا میرا کام نہیں، ٹیم میں اچھے آل راؤنڈر بھی ہونے چاہئیں، فہیم اشرف نے ماضی میں اچھا کھیل پیش کیا ہے۔

  • ایشیا کپ: اہم ترین پاک بھارت میچ  کی تاریخ اور مقام سامنے آگیا

    ایشیا کپ: اہم ترین پاک بھارت میچ کی تاریخ اور مقام سامنے آگیا

    ایشیا کپ 2023 میں جس میچ کا سب کو شدت سے انتظار ہے، اس کی تاریخ سامنے آگئی، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے مابین 2 ستمبر کو کینڈی میں میچ شیڈول کیا گیا ہے۔

    ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 30 اگست سے شروع ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 2 ستمبر کو ٹکرائیں گی۔

    ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ملتان میں کھیلا جائے گا جس میں میزبان پاکستان اور نیپال مدمقابل آئیں گے جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کولمبو، سری لنکا میں ہی رکھا گیا ہے۔

    ایشیا کپ اس بار 50 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، لاہور 3، 5 اور 6 ستمبر کو ایشیا کپ کے تین میچزکی میزبانی کرے گا، اگر پاکستان اور بھارت سپر فور مرحلے میں آگے بڑھتے ہیں، تو وہ 10 ستمبر کو کینڈی میں دوبارہ کھیلیں گے۔

    ایشیا کپ ڈرافٹ کے تازہ ترین ورژن میں میچز کا جو شیڈول شامل کیا گیا ہے، ایشین کرکٹ کونسل کے حتمی اعلان سے قبل اس میں مزید تبدیلیاں ہونے کا بھی امکان موجود ہے۔

    واضح رہے کہ ایونٹ کا اصل ڈرافٹ میزبان بورڈ پی سی بی نے تیار کیا تھا، جس میں کئی تبدیلیاں ہو چکی ہیں، اے سی سی کے منظور کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت اب پاکستان اور سری لنکا میں چھ ملکی ٹورنامنٹ کے میچز کھیلے جانے ہیں۔

    ٹورنامنٹ میں کل 13 میچ کھیلے جائیں گے، تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوں گے، پاکستان کو گروپ اے میں بھارت اور نیپال کے ساتھ موجود ہے جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان شامل ہیں۔

  • بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی، آئی پی ایل چیئرمین نے تصدیق کر دی

    بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی، آئی پی ایل چیئرمین نے تصدیق کر دی

    ڈربن: آئی پی ایل چیئرمین ارون سنگھ دھومال نے تصدیق کر دی ہے کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل چیئرمین ارون دھومال نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی، سیکریٹری بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ بھی پاکستان نہیں جائیں گے۔

    ارون دھومال نے جے شاہ اور ذکا اشرف کی ڈربن میں ملاقات کی تصدیق بھی کر دی، انھوں نے کہا ایشیا کپ کے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ سری لنکا میں ہوگا۔

    واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے پہلے ہی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم پاکستان کا سفر نہیں کرے گی اور اس کی وجہ انھوں نے سیکیورٹی کا مسئلہ بتایا تھا۔

    دھومال آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز میٹ (سی ای سی) میں شرکت کے لیے ڈربن میں ہیں، انھوں نے تصدیق کی کہ جے شاہ نے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے جمعرات کو ہونے والی میٹنگ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ ذکا اشرف سے ملاقات کی۔

    انھوں نے کہا پاکستان میں لیگ مرحلے کے چار میچ ہوں گے، اس کے بعد سری لنکا میں 9 میچ ہوں گے، جس میں پاک بھارت مقابلہ شامل ہے۔ انھوں نے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے بارے میں رپورٹس کو مسترد کیا، جیسا کہ وزیر کھیل احسان مزاری نے دعویٰ کیا تھا۔

  • ایشیا کپ پر پاکستان کی جیت، ایشین کرکٹ کونسل نے ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا

    ایشیا کپ پر پاکستان کی جیت، ایشین کرکٹ کونسل نے ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا

    اسلام آباد: ایشیا کپ پر پاکستان کو جیت حاصل ہو گئی، ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ پر پی سی بی کا ہائبرڈ ماڈل منظور کر لیا ہے، پاکستان ایشیا کپ کے 4 یا 6 میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی سی بی کا کہنا ہے کہ باقی میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے، جس کا تعین اگلے ہفتے میٹنگ میں کیا جائے گا، پاکستان باقی میچز یو اے ای میں کرانا چاہتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی ایشیا کپ پر آخر کار اپنا مؤقف منوانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    ایشیا کپ، بھارت نے پاکستان کی تجویز مان لی

    دوسری طرف بی سی سی آئی سیکریٹری، اے سی سی صدر جے شاہ نے بھی ایشیا کپ کے معاملے پر پی سی بی کی تجویز مان لی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر ایشیا کپ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔

    ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایونٹ کے چار میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے، باقی تمام میچز نیوٹرل ویونیو پر ہوں گے۔ ایونٹ کے لیے یو اے ای یا سری لنکا نیوٹرل وینیو ہو سکتا ہے جب کہ نیوٹرل وینیو سے متعلق اعلان 27 مئی کو اے سی سی اجلاس کے بعد ہوگا۔

  • ایشیا کپ کے خلاف بھارتی سازش پر پی سی بی کا پلان بی کیا ہے؟

    ایشیا کپ کے خلاف بھارتی سازش پر پی سی بی کا پلان بی کیا ہے؟

    اسلام آباد: بھارت کی ایشیا کپ کے خلاف سازش سے نمٹنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پلان بی تیار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایشیا کپ کا میزبان ہے اور ایونٹ پاکستان ہی میں کرانے کا خواہش مند ہے، تاہم بھارت کی جانب سے کوششیں جاری ہیں کہ ایشا کپ پاکستان میں منعقد نہ ہو۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کی عدم دستیابی پر پی سی بی ہائبرڈ ماڈل بھی پیش کر چکا ہے، پی سی بی کا مؤقف ہے کہ کچھ بھی ہو جائے ایشیا کپ ہوگا تو پاکستان میں ہی ہوگا، ذرائع نے بتایا کہ کسی اور ملک میں ایشیا کپ انعقاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

     

    بھارت نے اگر 5 ملکی ٹورنامنٹ کرایا تو پاکستان نے بھی ٹرائی سیریز کرانے کا پلان بنا لیا ہے، ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کو میچز فراہم کرنے کے لیے پی سی بی نے رابطے تیز کر دیے ہیں۔

    پی سی بی مختلف ٹیموں کی مصروفیت کو مد نظر رکھ کر پلان ترتیب دے رہا ہے، پی سی بی نے مختلف کرکٹ بورڈز سے رابطے بھی شروع کر دیے۔

  • شاہین آفریدی کا سامنا کرنے کے لیے روہت شرما کی خصوصی تیاری

    شاہین آفریدی کا سامنا کرنے کے لیے روہت شرما کی خصوصی تیاری

    میلبرن: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے جمعہ کو شاہین شاہ آفریدی اور پاکستان کی پیس بیٹری کا سامنا کرنے کی خصوصی تیاری کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میلبرن میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم ترین میچ سے قبل پریکٹس کی، روہت، ویرا کوہلی اور دیگر کھلاڑی گزشتہ روز دوبارہ میدان میں اترے۔

    نیٹ پریکٹس میں روہت شرما کو شاہین آفریدی اور پاکستان کی پیس بیٹری کا سامنا کرنے کے لیے خصوصی تیاری کرتے دیکھا گیا۔

    بھارتی کپتان نے کچھ دیر تک تھرو ڈاؤن اسپیشلسٹس کے خلاف بیٹنگ کی، بھارتی کیمپ میں بائیں ہاتھ کے تھرو ڈاؤن اسپیشلسٹ اور دائیں ہاتھ کے تھرو ڈاؤن اسپیشلسٹ موجود ہیں، جو کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

    بعد ازاں روہت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آسٹریلیا پہلے آ کر اچھی پریکٹس اور تیاری کر لی ہے، میلبرن کے موسم کا اعتبار نہیں، صبح کھڑکی سے دیکھا تو بارش تھی، گراؤنڈ آئے تو دھوپ تھی۔

    صحافی نے جب سوال کیا کہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کو جانا چاہیے یا نہیں؟ تو روہت شرما نے کہا یہ فیصلہ بھارتی بورڈ کرے گا، ہمارا کل کے میچ پر فوکس ہے، پہلی بار ورلڈ کپ میں کپتانی کر رہا ہوں یہ اعزاز ہے۔

    واضح رہے کہ کل ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں میلبرن میں ٹکرائیں گی، جمعہ کو میلبرن میں صبح کے وقت بارش ہوئی تھی جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں نے انڈور پریکٹس کی، آسٹریلین محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ روز تک بارش وقفے وقفے سے جاری رہے گی۔