Tag: AsiaCup2018

  • قومی ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی: سرفراز احمد

    قومی ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی: سرفراز احمد

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم نے کسی شعبے میں اچھی کارکردگی نہیں دکھائی، بطور کپتان میری کارکردگی بھی اچھی نہیں رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 2018 سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 37 رنز سے باآسانی شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

    ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی پرفارمنس بہت بری رہی، میچ کے دوران ہماری بیٹنگ لائن لرکھڑا گئی تھی۔

    ایشیا کپ 2018: پاکستان کو شکست دے کر بنگلہ دیش کی فائنل تک رسائی

    خیال رہے کہ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا چھٹا میچ دراصل سیمی فائنل تھا کیونکہ میچ کی فاتح ٹیم کو فائنل میں بھارت سے ٹکرانا ہے۔

    آج کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا اعلان کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگال ٹائیگرز نے 48.5 اوورز میں 239 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف دیا۔

    واضح رہے کہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ مایوس کن رہی اور صرف 18 کے مجموعی اسکور پر کپتان سرفراز سمیت تین کھلاڑی پویلین روانہ ہوئے، امام الحق 85 ، آصف علی 31 اور شعیب ملک 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

    ایشیا کپ کا فائنل میچ بنگلادیش اور بھارت کے درمیان 28 اپریل کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

  • ایشیاکپ: بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے دی

    ایشیاکپ: بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دے دی

    دبئی: ایشیاکپ 2018 کے آج کھیلے جانے والے میچ میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین رنز سے ہرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو تین رنز سے شکست دی، بنگلہ دیش کے محمود اللہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

    ابوظہبی میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے سات وکٹ پر 249 رنز بنائے، محمود اللہ چوہتر، امرالقیس باہتر اور لٹن داس اکتالیس رنز بناکر نمایاں رہے۔

    جواب میں مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر 246 رنز بنائے یوں تین رنز کی کمی سے افغان ٹیم میچ نہ جیت سکی، حشمت اللہ نے اکہتر اور محمد شہزاد نے تریپن رنز بنائے۔

    ایشیا کپ:‌ دھون اور شرما کی سنچریاں، بھارت نے پاکستان کو 9 وکٹوں‌سے شکست دے دی

    افغانستان کو آخری اوور میں جیت کے لیے سات رنز درکار تھے تاہم مستفیض الرحمان نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف چار رنز دے کر اپنی ٹیم کو تین رنز سے فتح دلائی۔

    علاوہ ازیں آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں بھارت نے شیکھر دھون اور روہت شرما کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کو باآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی۔

    خیال رہے کہ ایشیا کپ کے سب سے اہم ٹاکرے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بنائے اور بھارت کو 238 مجموعے کا ہدف دیا جسے بھارتی ٹیم نے باآسانی حاصل کرلیا۔

  • امید کرتا ہوں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی: شاہد آفریدی

    امید کرتا ہوں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی: شاہد آفریدی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ امید کرتا ہوں پاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی، ہم ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کیا، خیال رہے کہ آج ایشیاکپ کے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے۔

    شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم کی امیدیں اب بھی باقی ہیں، ہم سب پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں۔

    اگر فائنل کھیلنا ہے تو بڑی ٹیم کو ہرانا ہوگا، سرفراز احمد

    واضح رہے کہ بھارت پاکستان کو شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکا ہے، جبکہ پاکستان ٹیم اپنا سپر فور مرحلے کا آخری میچ 26 ستمبر کو کھیلے گا۔

    ایشیا کپ میں قومی ٹیم کسی بھی بڑی ٹیم کے خلاف کامیابی حاصل نہیں کرسکی ہے، قومی ٹیم نے ایونٹ میں ہانک کانگ اور افغانستان کو شکست دی ہے جبکہ بھارت کے خلاف ہوئے دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔

    دوسری جانب قومی ٹیم کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کیچز نہیں پکڑیں گے تو بڑے ہدف کا دفاع بھی ممکن نہیں، اگر فائنل کھیلنا ہے تو بڑی ٹیم کو ہرانا ہوگا۔

  • ایشیاکپ 2018: بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    ایشیاکپ 2018: بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیاکپ کے آج کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیاکپ 2018 کے سپرفور مرحلے میں بھارت نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، بھارت نے بنگلادیش کا 174 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں حاصل کیا۔

    میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اور ٹیم کی جیت میں مرکزی اور اہم کردار ادا کیا۔

    دبئی میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیشی ٹیم آخری اوور میں 173 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، رویندر جدیجانے 4، بمراہ اور بھونیشور نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

    ایشیا کپ کا دوسرا بڑا اپ سیٹ، افغان ٹیم کے ہاتھوں‌ بنگلادیش کو عبرتناک شکست

    اس سے قبل ایشیا کپ 2018 کے چھٹے میچ میں افغانستان کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 136 رنز سے شکست دے کر دوسرا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ افغانستان کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے اور مخالف ٹیم کو جیت کے لیے 256 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات میں نظر آئی، شکیب الحسن 32 اور محمود اللہ 27 رنز بناسکے ، 255 رنز کے جواب میں بنگال ٹائیگرز 119 پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

  • ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کی نیوز کانفرنس

    ایشیا کپ ٹرافی کی رونمائی، کپتانوں کی نیوز کانفرنس

    دبئی: ایشیا کپ کا آغاز کل سے متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے، آج ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی اور ٹورنامنٹ میں شامل ٹیموں کے کپتانوں کی نیوز کانفرنس کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کا آغاز کل سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا، بھارت ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی، ایونٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، سری لنکا، ہانک کانگ اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

    سرفراز احمد

    قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اس وقت سب کا فوکس ایشیا کپ پر ہے، ہماری ٹیم متوازن ہے اچھے میچز ہوں گے، ہر میچ اہم ہے، ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے، ورلڈ کپ کے لیے ہمارا سفر جاری ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان ٹیم کیلئے اگلے سال کا شیڈول کافی مصروف ہے، بہتر کھیل کے لیے سیریز بائی سیر توجہ مرکوز رکھیں گے، چیمپئنز ٹرافی کے وقت ٹیم بہت ینگ تھی اب تجربہ کار ہوگئی ہے.

    روہت شرما

    بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہمیشہ کھیلنے کے لیے پرجوش ہوتے ہیں، پاکستان کے خلاف میچ کا انتظار کررہا ہوں ، ٹائٹل کا دفاع کرنے آئے ہیں، ایونٹ میں اچھا کھیل کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

    بھارتی کپتان نے کہا کہ ہر ٹیم ٹائٹل جیتنے کے لیے کھیلتی ہے، کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھتے، ایشیا کپ کا ہر مقابلہ سخت ہوگا۔

    اینجلو میتھیوز

    سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم کسی سے کم نہیں ہے، ہر میچ سوچ سمجھ کر کھیلنا ہے، تمام ٹیموں میں جیتنے کی صلاحیت ہے پیشگوئی نہیں کی جاسکتی ہے۔

    مشرفی مرتضیٰ

    بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ ایشیا کپ کا ہر میچ اہم ہوگا، ایونٹٓ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے، کسی ٹٰیم کو کمزور تصور نہیں کیا جاسکتا ہے۔

    کپتان ہانگ کانگ ٹیم

    کپتان ہانگ کانگ ٹیم نے کہا کہ ایشیاء کپ میں اچھی پرفارمنس دکھانے کی کوشش کریں گے، ایونٹ شرکت کے لیے کھلاڑی پرجوش ہیں، شائقین کو اچھے میچز دیکھنے کو ملیں گے۔

    کپتان افغانستان  ٹیم

    افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے اچھی تیاری کی ہے، ایونٹ میں اپ سیٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

    ایشیا کپ 2018 کا شیڈول

    متحدہ عرب امارات میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2018 کے شیڈول کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔

    اس اہم ٹورنامنٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 19 ستمبر کو ہوگا، کرکٹ کے دیوانوں کو اس میچ کا بےصبری سے انتظار ہے۔