Tag: asiacup2023

  • سرفراز احمد کی رائے، پاک بھارت میچ میں کون سی ٹیم بہتر؟

    سرفراز احمد کی رائے، پاک بھارت میچ میں کون سی ٹیم بہتر؟

    کراچی: سابق کپتان سرفراز احمد نے سری لنکا کے پالی کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آج کے پاک بھارت میچ میں بہتر ٹیم کے بارے میں اپنی رائے ظاہر کی ہے۔

    قومی ٹیم کے بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے آج کے پاک بھارت میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا پاکستان ٹیم بھارت سے بہت بہتر ہے، انھوں نے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ ورلڈ کپ 2019 میں ہم بھارت سے ہارے تھے، اور بھارت کے ساتھ ہم ایک میچ جیتے اور ایک ہارتے ہیں، لیکن ابھی قومی ٹیم بہت بہتر ہے۔

    سرفراز احمد نے کہا ایشیا کپ میں آج ہائی وولٹیج میچ ہے، دنیا بھر کی پاک بھارت میچ پر نظریں مرکوز ہیں، تاہم پاکستان کے لیے ہر میچ اہمیت رکھتا ہے، اس لیے جس انداز سے بھارت کے خلاف کھیلیں گے ویسے ہی دیگر ٹیموں کے خلاف بھی کھیلنا ہوگا۔

    پاک بھارت ٹاکرا: بھارت کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    انھوں نے کہا ورلڈ نمبر ون ٹیم بننے سے پاکستان ٹیم کا حوصلہ بڑھا ہے، ایشیا کپ کے بعد ورلڈ کپ میں بھی اچھا پرفارم کریں گے، اور ہم افغانستان کے خلاف اچھی کرکٹ کھیل چکے ہیں۔

    سرفراز احمد نے کرکٹ ہی پر تبصرہ نہیں کیا بلکہ دیگر شہریوں کی مانند بجلی بل پر وہ بھی زبان کھولنے پر مجبور ہو گئے، سرفراز نے کہا بجلی کا بل بہت زیادہ آ رہا ہے، گزارش ہے ہم پر کچھ رحم کریں۔

  • بھارت کی ہٹ دھرمی  برقرار، پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار

    بھارت کی ہٹ دھرمی  برقرار، پاکستان میں ایشیا کپ کھیلنے سے انکار

    ممبئی: بھارت نے ہٹ دھرمی نہیں چھوڑی، اور پاکستان میں ایشا کپ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم 2023 کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جے شاہ نے بھارتی ٹیم کا پاکستان نہ جانے کا اعلان بھارتی کرکٹ بورڈ کی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد کیا، صدر ایشین کرکٹ کونسل نے کہا کہ ایونٹ نیوٹرل وینیو پر ہو سکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین کرکٹ کونسل کے اس فیصلے پر ابھی اپنا مؤقف دینے سے انکار کیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے کا انتظار کرے گی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت نے اے سی سی کے فورم کو نظر انداز کر کے خود فیصلے سنانے شروع کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، ون ڈے فارمیٹ کے ایشیا کپ اگلے برس 2023 میں ہونے کے امکان ہے۔