Tag: asif ali

  • آصف علی قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پر عزم

    آصف علی قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پر عزم

    قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے چیمپئنز کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں واپسی کا عزم کرلیا۔

    نجی چینل سے بات کرتے ہوئے جارح مزاج بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرنے کی مکمل تیاری کے ساتھ یہ سوچ کر آئے ہیں کہ یہاں اچھا پرفارم کریں اور دوبارہ قومی ٹیم میں واپس آئیں۔

    اپنی بیٹنگ پوزیشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں۔

    آصف علی نے کہا کہ 2018 میں ڈیبیو سے پہلے چوتھے نمبر پر اچھی کارکردگی دکھا کر آیا تھا، انہوں نے کہا کہ جب نمبر چار سے نمبر چھ پر جاتے ہیں تو کافی کچھ تبدیل کرنا پڑتا ہے۔

    بلے باز نے کہا کہ جب ڈومیسٹک میں اوپر کے نمبر پر کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل میں نیچے کے نمبر پر کھیلتے ہیں تو چیلنجز سامنے آتے ہیں جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر کھلاڑی کو اپنے مخصوص بیٹنگ نمبر کے مطابق ٹریننگ کرنا ہوتی ہے۔

    افغانستان نے پہلی بار جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

    اُنہوں نے کہا کہ چیمپئنز کپ میں کھلاڑیوں کو اس پوزیشن پر ہی کھلایا جا رہا ہے جہاں انٹرنیشنل میں ان سے کھیلنا ممکن ہوسکتا ہے۔

  • آصف علی پر قسمت مہربان، بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

    آصف علی پر قسمت مہربان، بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

    دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز آصف علی نے آئی سی سی کے پلئیر آف دی منتھ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے اکتوبر کے لئے پلئیر آف دی منتھ کے خوش نصیب کھلاڑی کا اعلان کردیا ہے، پلئیر آف دی منتھ کی نامزدگی میں آصف علی کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور نمیبیا کے ڈیوڈویزے شامل تھے۔

    تاہم آصف علی نے بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے کو شکست دیتے ہوئے آئی سی سی کے پلئیر آف دی منتھ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے لوئر آرڈر پر بلے بازی کرنے والے آصف علی کو نیوزی لینڈ کے خلاف 12 گیندوں پر برق رفتار 27 رنز اور افغانستان کے خلاف 19 ویں اوور میں چار چھکوں کی شاندار کارکردگی کے باعث نامزد کیا گیا تھا۔

    آئی سی سی کے مطابق نمیبیا کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویز ے نے اپنی ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جس کےباعث ان کی نامزدگی عمل میں لائی گئی تھی۔

    آئی سی سی کے پلیئر آف دی منتھ کی فہرست میں بنگلہ دیش کے آل راؤنڈ شکیب الحسن اور نمیبیا کے آل راؤنڈر ڈیوڈ ویزے کو بھی شامل کیا گیا ہے، شکیب الحسن نے گو کہ انجری کے باعث ورلڈ کپ کے بقیہ میچز سے باہر ہوئے تھے۔

  • یہ کیا لیول ہے بھائی آصف علی؟ علی ظفر بھی گرویدہ ہوگئے

    یہ کیا لیول ہے بھائی آصف علی؟ علی ظفر بھی گرویدہ ہوگئے

    لاہور : ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2021 میں افغانستان کیخلاف شاندار کامیابی اور ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح کے بعد ہر پاکستانی خوشی سے سرشار ہے اور آصف علی کی کارکردگی پر ان کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔

    اسی جذبے سے سرشار پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے ٹیم پاکستان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خصوصاً آصف علی کی کارکردگی کو سراہا۔

    پاکستان کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے مبارک بادوں کا تانتا بندھ گیا۔

    آصف علی نے پاور ہٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کو مبارکباد دی، اس کے علاوہ گلوکار و اداکار علی ظفر بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آصف علی کی تعریف میں ایک آڈیو پیغام ٹوئٹر پر جاری کیا۔

    علی ظفر نے کہا کہ "یہ کانفیڈنس کا کیا لیول ہے بھائی آصف علی” ایک بندہ کریز پر آتا ہے سنگل نہیں لیتا اور کہتا ہے کہ بھائی حاضر ہے اور پھر ٹھک ٹھک ٹھک چار چھکے مار کر میچ جتوا دیتا ہے کوئی ڈاؤٹ نہیں اس کے دماغ میں، یہ کیا لیول ہے بھائی۔‘

  • ’آصف علی کا نام یاد رکھیں‘ بین اسٹوکس کو اپنا درد یاد آگیا

    ’آصف علی کا نام یاد رکھیں‘ بین اسٹوکس کو اپنا درد یاد آگیا

    کراچی: قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹسمین آصف علی کی ہٹنگ نے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو بھی اپنا گرویدہ بنالیا۔

    تفصیلات کے مطابق انگلش ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آصف علی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’آصف علی کا نام یاد رکھیں۔‘

    افغانستان کے خلاف آصف علی نے 19ویں اوور میں چار چھکے لگا کر قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جارح مزاج بیٹر نے 7 گیندوں پر 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

    آصف علی کو شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہی ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویت نے بین اسٹوکس کو چار چھکے لگا کر میچ کا نقشہ بدل دیا تھا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    بین اسٹوکس نے آج ٹویٹ کیا کہ آصف علی کا نام یاد رکھئے گا، بین اسٹوکس کے ٹویٹس پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ آپ کو کارلوس بریتھ ویت کے چھکے یاد آگئے۔

    کارلوس بریتھ ویت نے ورلڈ کپ ٹی 20 فائنل میں بین اسٹوکس کو ایک اوور میں چار چھکے لگائے تھے اور ویسٹ انڈیز پہلی بار ٹی 20 کی عالمی چیمپئن بن گئی تھی۔

  • بی پی ایل، وہاب ریاض اورآصف علی نے دھوم مچادی

    بی پی ایل، وہاب ریاض اورآصف علی نے دھوم مچادی

    ڈھاکا: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) میں پاکستانی فاسٹ بولر وہاب ریاض اور پاور ہٹر آصف علی نے دھوم مچادی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں وہاب ریاض نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کھلنا پلاٹون کو کامیابی دلادی، آصف علی نے ناقابل شکست برق رفتار اننگز کھیلی۔

    بی پی ایل میں گزشتہ روز وہاب ریاض کی بولنگ کی بدولت مخالف ٹیم 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی، وہاب ریاض نے 3.4 اوورز میں 8 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جو ان کا کیریئر بیسٹ اسپیل ہے۔

    دوسری جانب آصف علی کے بلے نے بھی خوب رنز اگلے انہوں نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 55 رنز اسکور کیے۔

    آصف علی کی دھواں دھار اننگز کی بدولت ڈھاکا پلاٹون نے راج شاہی رائلز کو 74 رنز سے شکست دی۔

    واضح‌ رہے کہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں‌ قومی کرکٹ ٹیم کے متعدد کھلاڑی شرکت کررہے ہیں جن میں‌ وہاب ریاض، جنید خان، محمد عرفان، شعیب ملک، شاہد آفریدی، آصف علی ودیگر شامل ہیں.

    بی پی ایل میں‌ شاہد خان آفریدی نے گزشتہ دنوں‌ شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں‌ حاصل کی تھیں جبکہ ایک میچ میں‌ انہوں‌ نے صفر پر آوٹ ہوکر منفی ریکارڈ‌ بھی بنایا تھا.

  • کپتان بنتے ہی بابر اعظم غصے میں آگئے، ویڈیو وائرل

    کپتان بنتے ہی بابر اعظم غصے میں آگئے، ویڈیو وائرل

    کینبرا: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ کے دوران کپتان بابر اعظم غصے میں آگئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کینبرا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں کپتان بابر اعظم کو اس وقت غصہ آگیا جب 12ویں اوور میں آصف علی غلط شاٹ کھیل کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

    کرکٹ آسٹریلیا کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آصف علی کے آؤٹ ہونے پر بابراعظم کس طرح اپنے غصے کا اظہار کررہے ہیں۔

    دوسرے ٹی ٹوینٹی میں پاکستانی ٹیم کی اننگز کے دوران جب اسکور 62 رنز تھا اور وکٹ پر پاور ہٹر آصف علی اور بابر اعظم موجود تھے تو بابر اعظم ایک اچھی پارٹنر شپ چاہتے تھے لیکن آصف علی نے اسپنر ایشٹن اگر کی گیند پر غلط شاٹ کھیل دیا جس کے نتیجے میں وہ کیچ آؤٹ ہوگئے جس پر بابر اعظم نے ناراضگی کا اظہار کیا۔

    آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ کے لیے قومی ٹیم پرتھ پہنچ گئی ہے، تیسرے میچ میں ناکام کھلاڑیوں کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو موقع دئیے جانے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی میچ بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا تھا جبکہ دوسرے ٹی ٹوینٹی میچ آسٹریلیا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا ٹی ٹوینٹی میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

  • اللہ نے میری بیٹی کے لیے جو کیا ، بہتر کیا: کرکٹر آصف علی

    اللہ نے میری بیٹی کے لیے جو کیا ، بہتر کیا: کرکٹر آصف علی

    پاکستانی کرکٹر آصف علی کا کہنا ہے کہ بیٹی کا غم اپنی جگہ لیکن وہ اپنی قومی ذمہ داری سے غافل نہیں ہیں، اللہ نے جو بھی کیا میری بیٹی کے لیے بہتر کیا۔

    بی بی سی کے سوال کے جواب میں ورلڈکپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے بلے باز آصف علی نے کہا کہ انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران بیٹی کی بیماری کا پتا چلا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل صورتحال میں اہل خانہ اور ان کے مینیجر طلحہ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا تھا۔ آصف علی نے بتایا کہ کہ ان کی اہلیہ بچی کو لے کر علاج کے لیے امریکہ بھی گئیں تاہم وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اللہ نے جو بھی کیا وہ ان کی بیٹی کی بہتری کے لیے کیا۔

    یاد رہے کہ آصف علی کے لیے پچھلے چند ماہ بہت تکلیف دہ تھے کیونکہ ان کی ڈیڑھ سالہ بیٹی کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں جو بعد میں انتقال کرگئیں۔

    آصف علی آج بھی اپنی بچی کا غم نہیں بھلا سکے ہیں لیکن ساتھ ہی وہ اپنی اس ذمہ داری سے بھی غافل نہیں ہوئے جو انھیں پاکستانی بیٹنگ کو مستحکم کرنے کی صورت میں ملی ہے۔

    ٹیم میں اپنے رول کے بارے میں آصف علی کہتے ہیں کہ انہیں ٹیم میں اسی لیے رکھا گیا ہے کہ وہ جارحانہ بیٹنگ کریں، اپنا نیچرل گیم کھیلیں اور ان کے رنز ٹیم کے کام آئیں۔

    وہ کہتے ہیں کہ ’میں پاکستان کی نمائندگی کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہتا کیونکہ ملک کی نمائندگی نصیب والوں کو ملتی ہے۔‘

    آصف علی کا کہنا ہے کہ انھیں انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں ایسی صورتحال میں بھی بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا جب کافی اوورز باقی تھے۔ انھوں نے اس سیریز میں دو نصف سنچریاں بنائیں۔

    آصف علی ورلڈ کپ کے پہلے اعلان کردہ سکواڈ میں شامل نہیں تھے لیکن انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو اچھی اننگز نے ان کی ورلڈ کپ کی ٹیم میں شمولیت یقینی بنا دی۔

    آصف علی کا کہنا ہے کہ وہ اس بارے میں زیادہ نہیں سوچ رہے تھے۔ انہیں یہ پتا تھا کہ اگر ورلڈ کپ ان کے نصیب میں لکھا ہوا ہے تو وہ اس میں ضرور کھیلیں گے۔

  • کوشش کرتا ہوں اننگز کے اختتام میں تیز رنز اسکور کروں، آصف علی

    کوشش کرتا ہوں اننگز کے اختتام میں تیز رنز اسکور کروں، آصف علی

    برسٹل : جارح مزاج پاکستانی بلے باز آصف علی کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ جو رول دے گی پورا کرنے کی کوشش کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز آصف علی ابتداء میں ورلڈ اسکواڈ کا حصّہ نہیں تھے تاہم انگلینڈ کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں آصف علی بہترین کارکردگی نے سیکٹرز کو ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کرنے پر مجبور کردیا۔

    آصف علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا کام ٹیم کے لیے اپنا بہترین کردار ادا کرنا ہے، ٹیم مینجمنٹ جورول دےگی پوراکرنےکی کوشش کروں گا۔

    ورلڈ کپ میں انفرادی ریکارڈ کے اسکور کرنے کے بجائے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر فوکس کرتا ہوں اور اجتماعی اسکور میں اپنا حصّہ شامل کرنے کو ترجیح دیتا ہوں۔

    واضح رہے کہ جارح مزاج بلے باز کو کرکٹر عابد علی کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

    کرکٹر آصف علی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کھلنے سے بہت فائدہ ملا، زیادہ اوورز کھیلنے سے شارٹ کھیلنا آسان ہوجاتا ہے، کوشش کرتا ہوں اننگز کے اختتام میں تیز رنز اسکور کروں۔

    کرکٹر کا کہنا تھا کہ پہلے بلے بازی کا موقع ملتا ہے کہ بیٹنگ کا انداز مختلف ہوتا ہے کہ وگرنہ میری بنیادی ذمہ داری ہٹنگ کرنا ہے۔

    آصف علی کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ کرکٹ کے عالمی کپ کے لیے اسکواڈ کا حصّہ بنو گا بس یہہ خیال تھا کہ جو قسمت میں ہوگا وہ ملے گا۔

    مزید پڑھیں : قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    یاد رہے قومی کرکٹر آصف علی کی بیٹی امریکا میں کینسر کے باعث انتقال کرگئیں تھیں، ننھی فاطمہ امریکا میں زیر علاج تھی، آصف علی اپنی بیٹی سے دور انگلینڈ میں تھے، جہاں انہیں بچی کےانتقال کی خبرملی تھی، جس کے بعد وہ پاکستان آگئے تھے۔

    قومی کرکٹر آصف علی کا کہنا تھا کہ دردناک سانحے میں اہل خانہ اور دوستوں نے بھرپور ساتھ دیا جس کے باعث ورلڈ کپ کے لیے اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرسکا۔

  • مشن ورلڈ کپ : قومی کرکٹر آصف علی  انگلینڈ روانہ

    مشن ورلڈ کپ : قومی کرکٹر آصف علی انگلینڈ روانہ

    لاہور : قومی کرکٹر آصف علی پاکستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے لئے انگلینڈ روانہ ہوگئے ، آ صف نے کہا مشکل وقت میں حوصلہ پر تمام دوستوں اور مداحوں کا شکر گزار ہوں، دعا فاطمہ میری طاقت اور میری قوت تھی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے لئے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی براستہ دبئی انگلینڈ روانہ ہوگئے۔آصف علی بیٹی کی تدفین کیلئے وطن واپس آئے تھے۔

    آ صف علی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا مشکل وقت میں حوصلہ پر تمام دوستوں اور مداحوں کا شکر گزار ہوں، دعا فاطمہ میری طاقت اور میری قوت تھی ، وہ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھاکر قوم کو خوشیاں دیں گے ، قوم سےدعاؤں اور سپورٹ کی درخواست ہے ۔

    یاد رہے قومی کرکٹر آصف علی کی بیٹی امریکا میں کینسر کے باعث انتقال کرگئیں تھیں، ننھی فاطمہ امریکا میں زیر علاج تھی، آصف علی اپنی بیٹی سے دور انگلینڈ میں تھے، جہاں انہیں بچی کےانتقال کی خبرملی تھی، جس کے بعد وہ پاکستان آگئے تھے۔

    قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    بعد ازاں 23 مئی کو کرکٹر آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کی گئی اور بہشتی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔

    خیال رہے آصف علی کی بیٹی کے بارے میں خبریں رواں برس پی ایس ایل کے دوران سامنے آئی تھیں، جب پی ایس ایل میں آصف علی کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

  • کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی نماز جنازہ ادا

    کرکٹر آصف علی کی بیٹی کی نماز جنازہ ادا

    فیصل آباد: کرکٹر آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کی نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آصف علی کی 2 سالہ بیٹی نور فاطمہ ادا کردی گئی، آصف علی کی بیٹی کوبہشتی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

    نور فاطمہ امریکا میں دوران علاج انتقال کرگئی تھیں، آصف علی گزشتہ رات بیٹی کی میت لے کر پاکستان پہنچے تھے۔ دو سالہ نور فاطمہ کا کینسر چوتھی اسٹیج پر تھا۔

    آصف علی کی بیٹی کے بارے میں خبریں رواں برس پی ایس ایل کے دوران سامنے آئی تھیں جب پی ایس ایل میں آصف علی کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز ایک پریس کانفرنس کے دوران اس حوالے سے بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے تھے۔

    قومی کرکٹرآصف علی کی کمسن بیٹی انتقال کرگئیں

    آصف علی کی بیٹی کے انتقال پر اے آر وائی کے صدراور سی ای او سلمان اقبال نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں آصف علی اورن کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

    دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کرکٹر آصف علی کی بیٹی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے آصف علی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔