Tag: asif ghafoor

  • بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے دعوے کو سچ کہنے کا جواز نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے دعوے کو سچ کہنے کا جواز نہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے دعوے کو سچ کہنے کا جواز نہیں ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عالمی میڈیا، سفارتکاروں کو ان جگہوں پر لے جائیں گے، دنیا کو دکھائیں گے زمینی حقائق کیا ہیں۔

    میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اگر بھارت نہیں جانا چاہتا تو لوکیشن دفتر خارجہ سے شیئر کرلیں۔

    دوسری جانب دہشت گردوں کے کیمپس کو نشانہ بنانے کے بھارتی آرمی چیف کے دعوے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن سے تاحال کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

    مزید پڑھیں: بھارتی آرمی چیف کا آزاد کشمیر میں کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ افسوسناک ہے، ترجمان پاک فوج

    انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے پیشکش پر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر ہیں، بھارتی آرمی چیف کے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے کوئی جواز ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ہائی کمیشن کو پیشکش کی پھر بھی کوئی جواز نہیں ہے، منتظر ہیں توقع ہے بھارتی حکام جلد جواب دیں گے۔

    یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس آر نے گزشتہ روز بھی بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دورے کی پیشکش کی تھی، میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن جہاں کہہ لے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ بھارت نے گزشتہ روز ایل او سی کی خلاف ورزی کی تھی، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی مارے گئے تھے جبکہ پاک فوج کے لانس نائیک سمیت 5 شہری شہید ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی دراندازی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ سے شہید ہونے والے جوان و شہریوں کے بلند درجات اور  زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی تھی۔

    عمران خان نے بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور انہیں مؤثر انداز  سے بھرپور جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو سلام بھی پیش کیا۔

  • میجرجنرل آصف غفورکی ارشد شریف کو مبارک باد

    میجرجنرل آصف غفورکی ارشد شریف کو مبارک باد

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے صدارتی ایوارڈ کے لیے نامزد ہونے پر اے آروائی نیوز کے اینکر ارشد شریف کو مبارک باد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے اے آروائی نیوز کے اینکر ارشد شریف کو مبارک باد اپنے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس کے حقدار ہیں۔

    انہوں اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’ صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس کے لیے نامزد ہونے پر ارشد شریف کو مبارک ہو، آپ اس کے حقدار ہیں‘‘۔


    یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے پرائیڈ آف پرفارمنس نامی سول ایوارڈ کے لیے 127 ناموں کی فہرست جاری کردی، جس میں 18غیرملکی بھی شامل ہیں۔صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی 23 مارچ کو فہرست میں شامل افراد کو ایوارڈ دیں گے۔

    سابق کپتان اور کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم، وقاریونس، کرکٹریاسرشاہ، گلوکارسجاد علی اورعطااللہ خان عیسیٰ خیلوی، فلم اسٹار بابرہ شریف، ریماخان، مہوش حیات، شبیرجان، افتخارٹھاکر فہرست میں شامل ہیں۔

    نیوزکاسٹرعشرت فاطمہ، اے آروائی نیوزکے اینکرارشد شریف اورتاجرعقیل کریم ڈھیڈی بھی فہرست میں شامل ہیں۔یاد رہے کہ اے آرآروائی نیوز کے سینئر اینکر پرسن ارشد شریف اس سے قبل 2018 کے آگا ہی ایوارڈز میں پاکستان کے مقبول اینکرقرارپائے تھے ، انہیں آگاہی کی جانب سے کرنٹ افیئر کا ایوارڈ دیا گیا۔

  • پاک فوج کے ترجمان رات گئے کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے آگئے

    پاک فوج کے ترجمان رات گئے کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے آگئے

    کراچی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور گزشتہ رات کراچی کی سڑکوں پر بغیر پروٹوکول کے نوجوانوں کے ہمراہ کرکٹ کھیلتے رہے ، ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور رات گئے کراچی کی سڑکوں پر کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں سے ملنے بغیر پروٹوکول کے پہنچ گئے، ان کی اس غیر متوقع آمد پر نوجوان خوشی سے نہال ہوگئے۔

    انہوں نے اس موقع پر کچھ وقت نوجوانوں کے ساتھ گزارا، کرکٹ بھی کھیلی اور بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ کراچی کے جوانوں نے اس سنہری موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور کے ساتھ سیلفیاں لیں اور ویڈیوز بنائیں۔

    پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار کرکٹر شاہد خان آفریدی نے اس موقع کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ’’کراچی کی روشنیاں لوٹ رہی ہیں۔ پاک فوج کے ترجمان نوجوانوں کے ہمراہ رات گئے کرکٹ کھیل رہے ۔ ترکی میں ہونے کے سبب میں نے یہ موقع ضائع کردیا‘‘۔

    شاہد آفریدی کے اس ٹویٹ کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹویٹ کرتے ہوئےشاہد آفریدی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر آپ ہوتے تو کسی نے مجھے بلے بازی کے لیے بیٹ نہیں دینا تھا۔ کراچی کے پرجوش جوانوں سے مل کر خوشی ہوئی۔ یہ سب سندھ رینجرز ، پولیس ، قانون نافذ کرنےو الے اداروں اور پاکستانی عوام کے جذبے کے سبب ممکن ہوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 خودکش بمبار گرفتار

    خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 2 خودکش بمبار گرفتار

    راولپنڈی: آپریشن ردالفساد ملک بھر میں کامیاب سے جاری ہے، خیبرپختونخوا میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردی کی بڑی واردات ناکام بنادی گئی، 2 خودکش بمبار گرفتار کرلیے گیے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لکی مروت کے علاقے سرائے نوررنگ میں 2 خودکش حملہ آور پکڑے گئے، دہشت گردوں سے خودکش جیکٹس، مواصلاتی آلات برآمد ہوئے ہیں۔

    دہشت گردوں کی شناخت نعمت اللہ اور صدیق اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دونوں حملہ آور سرحد پار سے آئے تھے اور دہشت گردی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستتان کے علاقے دو سالی کے قریب سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولا بارود برآمد کرلیا، بلوچستان دالبندین سے دہشت گرد کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے 400 ڈیٹو نیٹرز برآمد ہوئے ہیں۔

    نیشنل یوتھ اسمبلی کےوفدکی ڈی جی آئی ایس پی آرسےملاقات

    نیشنل یوتھ اسمبلی کے وفد نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات کی، وفد کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا، وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا، وفد نے عہد کیا کہ پاکستان اور پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا جواب دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاک فوج نے راجگال ویلی میں آپریشن خیبر فورشروع کردیا

    پاک فوج نے راجگال ویلی میں آپریشن خیبر فورشروع کردیا

    راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے خیبر ایجنسی میں آپریشن خیبر فور کا آغاز کردیا ہے‘ آپریشن کا مقصد داعش کو ختم کرنا ہے اور افغانستان کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ نشرو اشاعت آئی ایس پی آر کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے مزید انتظار نہیں کرسکتے۔

    آپرشن خیبر فور


    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی نے ملٹری کمپئین 2009 میں شروع کی‘ پہلے باجوڑ‘ پھر سوات اور مہمند ایجنسی کو کلیئر کیا گیا اور اب وادی ٔ راجگال میں آج سے آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ راجگال میں آپریشن کامقصد داعش کو ختم کرنا ہے‘ راجگال آپریشن زمینی حقائق کے مناسبت سے مشکل ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ خیبر فور کے عنوان سے شروع ہونے والا یہ آپریشن ’آپریشن ردالفساد‘ کا حصہ ہے اور اس کا مقصد سرحد پارموجودداعش جنگجوؤں کوپاکستانی علاقوں میں کارروائیوں سےروکناہے۔

    میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آپریشن خیبر 4انتہائی دشوار گزار اوراونچی پہاڑیوں کےعلاقے میں کیاجارہاہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتی تعاون سےافغان فورسزسےبات چیت میں بہتری کی امید ہے‘ آپریشن خیبر4کےآغاز سے پہلے افغان فورسز کو آگاہ کیا ہے ۔ امید ہے افغان فورسز بھی اپنی سرحد پر ہمیں سپورٹ کریں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق راجگال آپریشن سے متعلق فی الحال افغان فورسز کا واضح جواب نہیں آیا‘ پاک فوج سرحد کی صورتحال بہتر کرنے کےلئے اور انتظار نہیں کرسکتی۔

    سرحد پرفیز ون میں باڑ لگانے کا کام شروع کیاجاچکا ہے اورسرحد پر نئی چیک پوسٹیں بھی بنائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان سے ہر قسم کےتعاون کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

    ملک کے دیگر علاقوں میں کیے گئے آپریشن


    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پورے پاکستان میں اب تک 46 میجر آپریشن کیے گئے‘ بلوچستان میں 13 آپریشن کئےجب کہ 802خفیہ اطلاع پرکئےگئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی ہے اور ریاست کی عملداری بحا ل ہورہی ہے۔ کراچی میں دہشت گردی کی شرح میں 98 فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور ابھی مزید بہتری آئے گی۔ ٹارگٹ کلنگ اور اغوا کی وارداتوں میں 96فیصد کمی آئی جبکہ سندھ میں 522 دہشت گردوں نے ہتھیار ڈالے۔

    پنجاب میں 6میجر آپریشن ،7ہزار سے زائد خفیہ آپریشن کئےگئے جن کےدوران 22دہشت گرد ہلاک کئے گئے۔خیبر پختونخواہ میں 27میجر آپریشن اور 817خفیہ آپریشن کئے گئے۔

    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت نے2017میں 580 بار ایل اوسی کی خلاف ورزی کی‘ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے سیزفائر کی خلاف ورزی کررہاہے۔ بھارت سیز فائر کی خلاف ورزی میں شہری آبادی کو نشانہ بناتاہے۔

    ملٹری کورٹس میں 40کیسز اس وقت زیر سماعت ہیں‘ پاراچنار واقعےپر گرفتار دہشت گردوں کاکیس ملٹری کورٹس میں چلایاجائے گا‘ پاراچنار واقعے میں گرفتاردہشت گردوں کے داعش سے رابطے کے شواہد ہیں۔

    کلبھوشن اور ریمنڈ ڈیوس


    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے40دن میں ملٹری ایپلٹ کورٹ میں اپیل کی جومستردہوگئی۔ کلبھوشن یادیو کی اپیل آرمی چیف کے پاس ہے۔ ہمیں کوئی بھی کام کرنا ہے اس سےپہلے ملک کا مفاد دیکھیں گے۔

    ریمنڈ ڈیوس کی کتاب میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی پر لگائے گئے الزامات کے حوالےسے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے نے کہا کہ ’’ریمنڈ ڈیوس نے اپنی کتاب کنٹریکٹر کی حیثیت سے لکھی ہے‘ ریمنڈ ڈیوس کے کیس کو صرف آئی ایس آئی نہیں دیکھ رہی تھی بلکہ کئی سیاسی عوامل بھی اس میں شامل تھے‘ سیاسی باتیں صرف سیاسی دائرہ اختیار میں ہوتی ہیں‘‘۔

      پاناما جے آئی ٹی 


    پاناما کیس پر تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سے پاک فوج کا براہ راست تعلق نہیں ہے کیوں کہ یہ ٹیم سپریم کورٹ نے بنائی ہے اور پاک فوج کے دو ادارے آئی ایس آئی اور ایم آئی نے ٹیم کے رکن کے طور سپریم کورٹ کے ماتحت مکمل ایمانداری کے ساتھ کام کیا ہے۔

    آرمی چیف کا پیغام


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے چیف آف آرمی اسٹاف کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں کہا گیا ہے کہ ’’ایک ایک اینٹ لگا کرملک میں امن قائم کررہےہیں‘‘۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • بھارتی چوکیاں تباہ کرنے کی بہت سی ویڈیوز ہمارے پاس موجود ہیں، آئی ایس پی آر

    بھارتی چوکیاں تباہ کرنے کی بہت سی ویڈیوز ہمارے پاس موجود ہیں، آئی ایس پی آر

    اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارت نے پھر ایک جھوٹی ویڈیو جاری کی،ہمارے پاس ایسی بہت سی ویڈیوز ہیں جن میں بھارتی پوسٹیں اڑائی گئیں، ملٹری کورٹس نے 161 ملزمان کو پھانسی کی سزا سنائی ہے جن میں سے 63 کو پھانسی دے چکے، دہشت گرد پکڑا جائے یا ہتھیار ڈالے اس کے خلاف کارروائی قانون کے مطابق ہوگی۔ 

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے ٹیلی فونک گفت گو کرتے ہوئے کہی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج جوابی کارروائی کرتی ہے، بھارتی فوج ایل او سی پر پاکستان کی سول آبادی کو نشانہ بناتی ہے اور اس کی کوشش ہوتی ہے کہ ایل اوسی پر حالات کشیدہ رکھے۔

    بھارت نے من گھڑت ویڈیو جاری کی

    ان کا کہنا تھا کہ سال 2017ء میں بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں بڑھ رہی ہیں، بھارت نے کل ایک من گھڑت اور جھوٹی ویڈیو جاری کی، ہمارے پاس ایسی بہت سی ویڈیوز ہیں جن میں بھارتی چیک پوسٹیں اڑائی گئیں، بھارت نے جھوٹی ویڈیو جاری کی تو ہم نے بھی فوٹیج جاری کردی۔

    ہماری ویڈیو میں دیکھا جائے چوکی تباہ ہوتی ہے تو کیسے ہوتی ہے

    انہوں نے کہا کہ ہماری ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ جب چوکی تباہ ہوتی ہے تو کیسے ہوتی ہے، بھارت نےاس سے پہلے بھی ایک سرجیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ رچایا تھا اور اب بھارت سرجیکل اسٹرائیک ٹو کے ڈرامے کا بیان دے رہا ہے، بھارت نے آج ایل او سی پر اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کو نشانہ بنایا، خوش قسمتی سے مبصر گروپ کے افسران بھارتی فائرنگ سے محفوظ رہے، 2017ء میں ایل او سی پر 5 شہری شہید اور 24 زخمی ہوئے۔

    افغان سرحد پر پاکستان نے اپنا علاقہ کلیئر کردیا

    ان کا کہنا تھا کہ افغان سرحد پر پاکستان نے اپنا علاقہ کلیئر کردیا ہے اور افغان سرحد پر پاکستانی حدود میں چیک پوسٹیں قائم کردی ہیں،خیبر کے علاقے میں افغان سرحد پرکام کررہے ہیں،افغان سرحد پر کوآرڈینیشن اور کوآپریشن میں بہتری کی ضرورت ہے، ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر ڈی جی ایم اوز کا رابطہ ہوتا ہے۔

    فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 63 دہشت گردوں کو پھانسی ہوچکی، 98 باقی ہیں

    آپریشن رد الفساد پر انہوں نے کہا کہ 161 دہشت گردوں کو عدالت نے سزائے موت کا حکم سنایا تھا، 161 میں 63 کو سزائے موت دی جاچکی ہے،آپریشن ردالفساد سے قبل 13 دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی تھی جب کہ چالیس کو رد الفساد کے دوران پھانسی دی گئی۔

    فوجی عدالت جسے سزا دے گی اسے ضرور لٹکائیں گے

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملک دشمنوں کو قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں گی،سانحہ اے پی ایس کے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچائیں گے،اے پی ایس حملے کے دو دہشت گردوں کو آج تختہ دار پر لٹکایا ہے، ملٹری کورٹ جسے سزا دے گی اسے پھانسی پر لٹکائیں گے۔

    دہشت گرد پکڑا جائے یا ہتھیار ڈال دے، کارروائی ضرور ہوگی

    انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی دہشت گرد جو پکڑا جائے یا ہتھیار ڈالے اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

  • کلبھوشن کو سزا دینا ہمارا کام ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، آئی ایس پی آر

    کلبھوشن کو سزا دینا ہمارا کام ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزا ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پردی گئی ہے،اس کو سزا دینا ہمارا کام ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے لاپتہ لیفٹیننٹ کرنل (ر) حبیب ظاہر سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل نے میڈیا بریفنگ کے بعد صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزا عملدرآمد قواعد کے مطابق کردیا جائے گا اسےٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر سزائے موت سنائی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کو ریاست مخالف سرگرمیوں پرپکڑا، اس کے خلاف کورٹ مارشل کارروائی ہوئی،یہ فوج کا کام تھا اور فوج نے کہا کہ ہم کمپرو مائز نہیں کریں گے، اب آگے کا قانونی عمل ہے، کیس ایپلٹ کورٹ میں جائے گا اس کا فیصلہ آئے گا۔

    میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ایسے ثبوت پرسزاسنائی جسے کسی فورم پر جھٹلایا نہیں جا سکتا، اگر اسے کسی بھی فورم پر لے جایا گیا تو فوج اپنا مقدمہ بھرپور طریقے سے لڑے گی، کلبھوشن کو قانون کے تحت قونصلر رسائی نہیں مل سکتی تھی اور نہ ملے گی۔

    1. احسان اللہ احسان نے ہتھیار ڈال دیے


    میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد ملک سے فساد ختم کرنے کا عہد ہے‘ رد الفساد کے تحت ملک بھر سے غیر قانونی اسلحے کا صفایا کیا جائے گا، تحریک طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے سیکیورٹی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔

    جی ایچ کیو میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں اور عوام کے تعاون کی مدد سے آپریشنوں میں کامیابیاں ملی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بنے 70 سال ہوئے ہیں ادارے وقت کے ساتھ مضبوط ہوتے ہیں۔

     میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اوران کے ساتھی کہیں بھی ہوں ہمیں ان کوختم کرنا ہے‘ دہشت گردوں کے سرحد پار قیادت سے رابطے ختم کرنے ہیں اورملک سے غیرقانونی ہتھیاروں کو ختم کرنا ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت ملک میں چار ریفارمز کرنے ہیں جن میں مدرسہ ریفارم‘ جوڈیشل ریفارم‘ پولیس ریفارم اورفاٹا ریفارم شامل ہیں۔

    رد الفساد کے تحت کارروائی


    پریس بریفنگ کے دوران میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ آپریشن ردالفساد ملک سے فساد ختم کرنے کا عہد ہے‘ انہوں نے بتایا کہ ملک بھرمیں 4535انٹیلی جنس آپریشنز کئے گئے اور مختلف کارروائیوں میں 108دہشت گرد مارے گئے۔

    انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کل 4510 مشتبہ افراد اور1859غیررجسٹرڈ افغان گرفتارکئے گئے جبکہ مجموعی طور پر کل 558 مجرموں نے ہتھیار ڈالے جن میں سے بلوچستان میں 487کالعدم تنظیم کے لوگوں نے ہتھیارڈالے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کارروائیوں میں 4083 غیر قانونی ہتھیار پکڑے گئے ہیں جبکہ 6 لاکھ 22 ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ بلوچستان اور فاٹا سے برآمد ہونے والا اسلحہ اس کے علاوہ ہے۔

    بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا گیا کہ دنیادہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردارکوتسلیم کرتی ہے، دنیا میں کوئی ایساملک نہیں جس نے دہشت گردی کا اس قدر جواں مردی سے بھرپورمقابلہ کیا ہو۔

    ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یوتھ ہماری ہے اور یہ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، ماں باپ ہونے کے ناطے ہمیں بچوں پرنظر رکھنی ہے، داعش ایک ذہنیت کا نام ہے جسے ہر گھر کے اندر سے شکست دینی ہے۔

     نورین لغاری کا ویڈیو بیان


    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نورین جیسے نوجوانوں کی سوچ بہتربنانا ہوگی، حیدرآباد میں میڈیکل کی طالبہ کو بھی ورغلایاگیا جسے لاہور سے بازیاب کرایا جاچکا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ نورین لغاری کبھی شام نہیں گئی جبکہ ویڈیو بیان میں نورین لغاری کا کہنا تھا کہ اسے خود کش حملے کے لیے استعمال کیا جانا تھا لیکن 14 اپریل کی رات کو ہی سیکیورٹی فورسز نے ہمارے گھر پر چھاپہ مارا اور پکڑلیا۔

     آئی ایس پی آر کی جانب سے نورین لغاری کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ‘ اس موقع پرڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے بچے ہیں جو بھٹک گئے ہیں ان کی سماجی زندگی کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

  • راحیل شریف کی تقرری ریاست کا فیصلہ ہے، میجر جنرل آصف غفور

    راحیل شریف کی تقرری ریاست کا فیصلہ ہے، میجر جنرل آصف غفور

    لندن: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کا غدار پاکستان میں نہیں رہ سکتا، دنیا میں اب ہمیں کوئی بائی پاس نہیں کرسکتا، راحیل شریف کی سعودی عسکری اتحاد میں تقرری ریاست کا فیصلہ ہے۔

    یہ بات انہوں نے لندن میں صحافیوں سے گفت گو کرتے ہوئے کہی۔

    سینئر صحافی عامر غوری نے بتایا کہ آصف غفور نے صحافیوں سے ڈھائی گھنٹے تک مختلف معاملات پر بات چیت کی، گفت گو سے قبل ہم سے اپنے کیمرے آف کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر کیمرے آن رہے تو ممکن ہے میں آپ لوگوں سے وہ باتیں نہ کرسکوں جو کرنا چاہتا ہوں۔

    میڈیا نے ان کی بات مانتے ہوئے کیمرے آف کردیے،آصف غفور نے میڈیا کو اجازت دی کہ جو چیزیں آپ سمجھتے ہیں کہ وہ بہتری کی طرف جاتی ہیں انہیں رپورٹ کریں۔

    آپریشن رد الفسار پر بات کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آپریشن کے تحت مختلف اہداف حاصل کرلیے ہیں، رد الفساد کے تحت مدرسہ اصلاحات کا کام جاری ہے،  مختلف مدرسوں اور تعلیمی اداروں پر ہماری نظر ہے کہ وہاں لوگ کیا کررہے ہیں، انہیں پکڑنا زیادہ مشکل ہےاس لیے ان پر ہماری نظر زیادہ سخت ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ مغربی اور شرقی سرحدوں کی حفاظت کا عمل جاری ہے جس میں کامیابیاں ملی ہیں، پاکستان کے دشمن جہاں جہاں ملیں گے ان کے خلاف وہاں وہاں کارروائی کریں گے۔

    راحیل شریف کی تقرری پاکستانی ریاست کا فیصلہ ہے

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فوجی اتحاد میں راحیل شریف کی تقرری پاکستانی ریاست کا فیصلہ ہے، پاکستانی سعودی عرب اور ایران سے بہتر تعلقات کا خواہش مند ہے۔


    A traitor cannot live in Pakistan, We doesn’t… by arynews
    مسئلہ کشمیر پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ جو مسئلے ہیں وہ بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوں گے ، نہ کشمیر وہ ہم سے لے سکتے ہیں اور نہ ہم ان سے لے سکتے ہیں لیکن یہ مسئلہ تو حل ہونا ہے۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے ، اگلی جنگیں پانی پر ہوں گی،انہوں نے تسلیم کیا کہ ہم بے شک مشکل دور سے گزر رہے ہیں لیکن ہمیں منزل نظر آرہی ہے۔

  • پاکستان اور ترکی کےباہمی تعاون سے مشرقی سرحدیں محفوظ ہوں گی: آرمی چیف

    پاکستان اور ترکی کےباہمی تعاون سے مشرقی سرحدیں محفوظ ہوں گی: آرمی چیف

    اسلام آباد: جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے تعاون سے مشرقی سرحدیں محفوظ ہوں گی اور خطے پر سیکیورٹی کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے.

    آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات ہوئی، ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور کا کہنا ہے کہ ترک چیف آف جنرل اسٹاف نے جی ایج کیو کا دورہ کیا.

    دونوں ممالک کی مسلح افواج کے سربراہوں کے درمیان علاقائی سیکیورٹی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال ہوا.

    یہاں پڑھیں:آرمی چیف قمرجاوید باجوہ کی چینی سفیرسے ملاقات

    اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دونوں ملکوں میں تعاون کے علاقائی سیکیورٹی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے، جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ باہمی فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے.

    یہاں پڑھیں:روس کا فوجی تعاون خطے کی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب کرے گا: آرمی چیف

    یاد رہے کہ گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے روسی سفیر نے ملاقات کی ہوئی تھی ، اس ملاقات کے میں بھی خطے کی صورتحال اور امن وامان کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی.

    یہاں پڑھیں:آرمی چیف قمرجاوید باجوہ کی چینی سفیرسے ملاقات

    علاوہ ازیں گذ شتہ ماہ آرمی چیف قمرجاوید باجوہ کی آرمی ہیڈ کوارٹر میں چینی سفیر سے ملاقات ہوئی تھی‘ ملاقات کے دوران چینی سفیر پاک افواج کی دہشت گردی کے خلاف خدمات کو سراہا تھا۔

  • قصداً پاکستان آنے والا بھارتی سپاہی بھارت کے حوالے

    قصداً پاکستان آنے والا بھارتی سپاہی بھارت کے حوالے

    راولپنڈی: پاکستان نے ایل او سی عبور کر کے پاکستان آنے والے بھارتی سپاہی کو بھارت کے حوالے کردیا۔ یہ فوجی اس دن پاکستان آیا تھا جب بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کو سرجیکل اسٹرائیکس کا نام دیا تھا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چندو بابو لعل چوہان نامی بھارتی سپاہی کو دوپہر ڈھائی بجے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ بھارتی سپاہی کی حوالگی واہگہ بارڈر پر عمل میں آئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ حوالگی جذبہ خیر سگالی کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔

    چندو بابو لال چوہان کو اس کی سرکاری بندوق بھی واپس کی گئی ہے جبکہ خیر سگالی کے طور پر اسے مٹھائی کا ڈبہ بھی دیا گیا۔

    اس سے قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹوئٹ کے ذریعہ مذکورہ سپاہی کی بھارت کو حوالگی کا اعلان کیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سپاہی اپنے افسران کے سخت رویے سے نالاں تھا اور وہ قصداً پاکستان میں داخل ہوا۔ اس وقت وہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات تھا اور پاکستان میں داخل ہونے کے بعد اس نے خود کو پاکستانی فوجیوں کے حوالے کردیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سپاہی کو وطن واپسی کے لیے قائل کیا گیا جس کے بعد اسے عالمی قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اور جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کردیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ 29 ستمبر کو بھارتی فوج نے بھمبھر، تتہ پانی، کیل اور لیپہ سیکٹروں پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ رات ڈھائی بجے سے اگلی صبح آٹھ بجے تک جاری رہا۔

    بھارت نے اپنی اس کارروائی کو سرجیکل اسٹرائیکس کا نام دیا تھا جو اس کے اپنے ہی گلے پڑ گیا۔ بھارتی اپوزیشن نے ہی سرجیکل اسٹرائیکس کا ثبوت مانگ لیا جبکہ جھوٹے دعوے کی وجہ سے بھارت کی اسٹاک مارکیٹ بھی بیٹھ گئی۔

    اقوام متحدہ نے بھی بھارتی دعوے کو مسترد کردیا تھا۔