Tag: Asif nizami

  • آصف نظامی اورناظم نظامی دہلی پہنچ گئے، میڈیا کوچُپ کرادیا

    آصف نظامی اورناظم نظامی دہلی پہنچ گئے، میڈیا کوچُپ کرادیا

    نئی دہلی : درگاہ نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین آصف نظامی اور ناظم نظامی پاکستان سے واپس بھارت لوٹ گئے۔ دہلی ائیرپورٹ پربھارتی میڈیا ان سے باربار پاکستان کے خلاف بیان دینے پر دباؤ ڈالتا رہا، جس پر انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں ہوا بات کا پتنگڑ نہ بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آصف نظامی اورناظم نظامی کی موجودگی پر لاپتہ لاپتہ کا پرو پگینڈا کرنے والا بھارتی میڈیا سچ سامنے آنے کے باوجود باز نہ آیا۔

    درگاہ نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین دہلی ایئر پورٹ پہنچے تو میڈیا سجادہ نشین سید آصف نظامی پر پاکستان کے خلاف بیان دینے کیلیے دباو ڈالتارہا۔

    ایئرپورٹ پر ایک بھارتی صحافی بار بار ان سے پوچھتی رہی کہ کیا آپ کو پاکستان میں گرفتار کیا گیا۔ آصف نظامی نے ہر بار انکار کیا اور کہا کہ آپ لوگ بات کا بنتگڑ نہ بنائیں۔ آصف نظامی کے بیان پر بھارتی میڈیا کو منہ کی کھانا پڑی۔ انہوں نے ڈنکے کی چوٹ پر کہہ دیا محبت کا پیغام لیکر بار بار پاکستان جاؤں گا۔

    بعد ازاں سجادہ نشین نے بھارت پہچنے پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات بھی کی۔گزشتہ روز بھارتی وزیر خارجہ سشما سوارج نے اپنے ٹویٹ میں کہاتھاکہ پاکستان میں لا پتہ ہونے والے 2بھارتی شہریوں سے ان کی بات ہوگئی ہے اور وہ پیر تک دلی واپس آجائیں گے۔

    واضح رہے کہ درگاہ نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین80 سالہ آصف نظامی اور ان کے بھانجے66 سالہ ناظم نظامی اندرون سندھ اپنے مریدین سے ملنے گئے تھے دونوں افراد جس علاقے میں تھے وہاں موبائل کوریج نہ ہونے کے باعث اپنی خیریت سے رشتہ داروں کو نہیں بتاسکے، کسی سے رابطہ نہ ہونے پر بھارتی میڈیا نے انہیں پاکستان میں گمشدہ کہہ کر زہر اگلنا شروع کردیا تھا۔

  • درگاہ نظام الدین کے لاپتا گدی نشین کراچی پہنچ گئے

    درگاہ نظام الدین کے لاپتا گدی نشین کراچی پہنچ گئے

    کراچی : درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء(نئی دہلی) کے گدی نشین آصف نظامی اوران کے ساتھی کراچی پہنچ گئے چند روزسے گدی نشین اوران کے ساتھی کی گمشدگی کی اطلاعات تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق درگاہ نظام الدین اولیاؒ کے گدی نشین آصف نظامی اور ان کے ساتھی ناظم نظامی اندرون سندھ اپنے مریدین سے ملاقات کیلئے گئے تھے جس کے بعد اب وہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔

    ان دونوں شخصیات کی آمد کے ساتھ ہی ان تمام شکوک وشبہات کا خاتمہ ہوگیا جس پر بھارتی میڈیا نے بہت شورمچائے رکھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف نظامی اورناظم نظامی اندرون سندھ قریبی رفقاء سے ملنے گئے تھے۔

    وہ دونوں جس علاقے میں موجود تھے وہاں موبائل فون کی کوریج نہیں تھی، جس کے باعث ان کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور وہ کسی کو اپنے بارے میں اطلاع نہ دے سکے، تاہم اب وہ خیریت سے کراچی واپس آ گئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : نظام الدین اولیاء کے سجادہ نشین پاکستان میں لاپتہ

    آصف نظامی اور ناظم نظامی شیڈول کے مطابق 20مارچ کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں قائم بھارتی ہائی کمیشن نے گزشتہ روز ان دونوں شخصیات کی گمشدگی کے حوالے سے پاکستانی دفترخارجہ کو آگاہ کیا تھا اور بھارت میں ان کے اہل خانہ نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا۔