Tag: asif zardari

  • آصف زرداری کو ان کی خواہش کے مطابق نہیں چھوڑ سکتے، فردوس عاشق اعوان

    آصف زرداری کو ان کی خواہش کے مطابق نہیں چھوڑ سکتے، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد : وزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے اِطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو خواہش کے مطابق نہیں چھوڑ سکتے، اپوزیشن ہمیشہ قانون سازی کیلئے مک مکا کی بلیک میلنگ کرتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت وتوسیع سے متعلق ایشو صرف حکومت کا نہیں ہے، پارلیمنٹ میں عدالتی فیصلے کے مطابق قانون پر بحث ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ اپوزیشن پوائنٹ اسکورنگ یا قومی مفاد پر کام کرے گی حالانکہ پیپلز پارٹی ہمیشہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرتی رہی ہے، جب پارلیمنٹ کے پاس موقع آیا تو پی پی پوائنٹ اسکورنگ کررہی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانون کسی کی پسند یا ناپسند پر نہیں بنتا، گزشتہ بہتر سالوں سے قانون طاقتور کے گھر کی لونڈی بنا رہا، طاقتورشخصیات اپنی مرضی سے اِداروں کو کمزور کرتی رہیں۔

    عمران خان کو وزیراعظم کا مینڈیٹ ملا ہے، اب نیا وزیراعظم آئندہ الیکشن کے بعد ہی آئے گا، وزیراعظم نے اپوزیشن پر ہاتھ ہلکا رکھنے کی کوئی بات نہیں کی تھی، اپوزیشن ہمیشہ قانون سازی کیلئے مک مکا کی بلیک میلنگ کرتی ہے، وزیراعظم قانون کی بالادستی اور احتساب چاہتے ہیں۔

    فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ آصف زرداری کو ان کی خواہش کے مطابق نہیں چھوڑ سکتے، شہنشاہ عالم والا مخصوص ٹولہ اپنی مرضی سے علاج چاہتا ہے، کسی بھی شخص کی بیماری کو جانچنے کے پیرامیٹرز ہوتے ہیں، آصف زرداری کی بیماری کی تصدیق کرنا مشکل ہے۔

     انہوں نے بتایا کہ آصف زرداری کی بیماری کاسٹیٹس میڈیکل بورڈ دے سکتا ہے،اُن کےحق میں میڈیکل رپورٹ آنے تک زرداری کے باہر جانے کا فیصلہ نہیں کر سکتے، آصف زرداری سے متعلق بھی قانون کے مطابق فیصلے ہوں گے۔

  • آصف زرداری کو ذاتی معالج  فراہم کرنے کی اجازت دی جائے، بلاول بھٹو

    آصف زرداری کو ذاتی معالج فراہم کرنے کی اجازت دی جائے، بلاول بھٹو

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو ذاتی معالج فراہم کرنے کی اجازت دی جائے، پرویز مشرف کیس عدلیہ کی تاریخ کیلئے ایک اہم موقع ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پمز اسپتال اسلام آباد میں اپنے والد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت بدستور ناساز ہے، ان کو ذاتی معالج فراہم کرنے کی اجازت دی جائے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ تمام تر سازشوں کے باوجود سابق صدر کا مورال بلند ہے، آصف زرداری اپنے نظریے، مؤقف اور اصولوں پر قائم ہیں، جو کرنا ہے کرلو آصف زرداری نظریے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں بننے والامقدمہ راولپنڈی میں کیوں چلایا جارہا ہے، آصف زرداری نے اپنے کیس کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے، سپریم کورٹ فیصلہ کرے گی کہ کیس کہاں چلنا چاہیے، پیپلزپارٹی کو عدالتوں سے انصاف کی امید ہے، طبی سہولتیں دینی ہیں توسب قیدیوں کو ملنی چاہئیں۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف کیس عدلیہ کی تاریخ کیلئے ایک اہم موقع ہے، اس بار انصاف ہوگا یہ پیغام جائے گا کہ سب کیلئے ایک قانون ہوگا، مشرف کیس میں پوری قوم عدلیہ کی جانب دیکھ رہی ہے جبکہ تبدیلی سرکار مشرف کا ٹرائل رکوانے کی کوشش کررہی ہے، مشرف کیس کے فیصلے سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی، ملک کو عوامی خواہشات کے برعکس نہیں چلایا جاسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ3ماہ سے متعلق کوئی بات مولانا فضل الرحمان نے شیئر نہیں کی، ڈیڈلائن یا ڈیل کا ذکر مولانا صاحب نے ہم سے نہیں کیا، پیپلزپارٹی3اصولوں پر بات کررہی ہے، وفاق کی طرف سے عوام پر غیرجمہوری حملے ہورہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ نہ ہو تو ملک نہیں چل سکتا، یہ عدالتیں سابق وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دیتی ہیں، امید ہے سب کو انصاف ملے گا، کل اےپی سی ہوگی، جس میں تمام مشکلات کا ذکرکیا جائے گا۔

  • جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی مشکلات میں اضافہ

    جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل ، آصف زرداری اور فریال تالپور کی مشکلات میں اضافہ

    اسلام آباد : جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں گرفتارسابق صدر  آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ  فریال تالپور کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، نیب نے دونوں بہن بھائی سمیت چودہ ملزمان کےخلاف عبوری ریفرنس دائرکردیا، ریفرنس میں کہا گیا ہے8.3 ارب کی خطیررقم جعلی اکاؤنٹس سے نکلوائی گئی، رقم بیرون ملک بھی منتقل ہوتی رہی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق صدر آصف زرداری اوران کی بہن فریال تالپور کے خلاف عبوری ریفرنس دائرکردیا۔

    ریفرنس نیب راولپنڈی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں دائر کیا، جس میں بارہ دیگر ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا ہے، ریفرنس میں کہا گیا آٹھ اعشاریہ تین ارب کی خطیر رقم جعلی اکاؤنٹس سےنکلوائی گئی، بینک ریکارڈکےمطابق اکاؤنٹ زرداری کےلئےاستعمال ہوتا تھا،جبکہ بینک اکاؤنٹ کےذریعےبیرون ملک رقم بھی منتقل ہوتی رہی۔

    عبوری ریفرنس میں کہا گیاہے کہ اکاؤنٹ سے غیرقانونی بارہ سوملین روپےمنتقل کرائےگئے،نو سو پچاس ملین روپے دوبارہ آصف زرداری کے زیراستعمال اکاؤنٹس میں منتقل ہوئے، انورمجید اور دیگرکا معاملےمیں اہم کردارہے۔

    ریفرنس میں مزید کہا گیا کہ نجی بینک کے فنڈز کا غلط استعمال کیا گیا، بے نامی دار اے ون انٹرنیشنل کےنام پرزمین خریدی گئی، ملزم مشتاق آصف زرداری کےپرائیویٹ سیکرٹری ہیں اور ان کا سابق صدرکے ساتھ مشترکہ اکاؤنٹ بھی ہے۔

    خیال رہے جعلی اکاؤنٹس میں سابق صدر آصف زرداری اورفریال تالپور پر اب تک فرد جرم عائد نہیں ہوسکی اور دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

    واضح رہے 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی اور گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، بعد ازاں نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو گرفتار کرلیا تھا۔

    خیال رہے آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر التوا ہے اور دونوں ملزمان جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔

  • عدالت کا قمر زمان کائرہ کو آصف زرداری سے جیل میں ملاقات کرانے کا حکم

    عدالت کا قمر زمان کائرہ کو آصف زرداری سے جیل میں ملاقات کرانے کا حکم

    لاہور : عدالت نے قمر زمان کائرہ کو آصف زرداری سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی،25نومبر کو پی پی رہنما کی سابق صدر سے ملاقات کرائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں قمرزمان کائرہ نے درخواست دائر کی تھی کہ انہیں جیل جاکر اپنے قائد سے ملاقات کرنی ہے، انتظامیہ کی جانب سے آصف علی زرداری سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔

    عدالت میں جسٹس شاہد وحید نے درخواست پر سماعت کی اس موقع پر فریقین کے وکلاء نے دلائل دیے۔ بعد ازاں عدالت نے قمر زمان کائرہ کو آصف زرداری سے جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی.

    جسٹس شاہد وحید نے قمرزمان کائرہ کی درخواست پر تفصیلی حکم جاری کیا، عدالت نے25نومبر کو قمرزمان کائرہ کی آصف زرداری سے ملاقات کرانے کا حکم جاری کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

  • نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک جاسکتے ہیں تو آصف زرداری کیوں نہیں؟ اعتزاز احسن

    نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک جاسکتے ہیں تو آصف زرداری کیوں نہیں؟ اعتزاز احسن

    اسلام آباد : پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نوازشریف سے زیادہ آصف زرداری کی طبیعت خراب ہے، سابق وزیراعظم علاج کیلئے بیرون ملک جاسکتا ہے تو سابق صدر کیوں نہیں؟

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

    اعتزاز احسن نے کہا کہ میری نظر میں سابق صدر آصف زرداری کی صحت تشویشناک ہے ان کی طبیعت میاں نواشریف سے زیادہ خراب ہے۔

    انہون نے کہا کہ اگر نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک بھیجا جاسکتا ہے تو آصف زرداری کو کیوں نہیں؟ میڈیکل بورڈ سرکاری ہے اور وہ ہی نوازشریف کی رپورٹس بھی بنا رہا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں اعتزازاحسن نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کرنا ہے، ان کا معاملہ بہتر جارہا تھا کہ اس دوران کچھ ٹوئٹس نے کام خراب کیا۔

    انہوں نے کہا کہ گیم چینجر جیسی ٹوئٹس سے معاملات تھوڑا بگڑا ہوا لگ رہا ہے کیونکہ حکومت کہتی رہی ہے کہ ہم نے کوئی ڈیل نہیں کرنی ہے۔

    پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اگر نوازشریف بیرون ملک سے علاج کے بعد وطن واپس نہیں آتے تو کابینہ کے فیصلے کو دیکھا جائے گا، یہ دیکھا جائے گا کہ بیرون ملک جانے کی اجازت کس نے دی وہ ہی اس کا ذمہ دار ہوگا۔

  • سابق صدر آصف زرداری سے ان کی بیٹی آصفہ بھٹو اور وکلاء کی ملاقات

    سابق صدر آصف زرداری سے ان کی بیٹی آصفہ بھٹو اور وکلاء کی ملاقات

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری سے ان کی بیٹی آصفہ بھٹو اور وکلاء نے ملاقات کی، خاندانی، قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات تین گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

    تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال میں آصف زرداری سے ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں اس کے وکلاء فاروق ایچ نائیک اور لطیف کھوسہ بھی موجود تھے۔

    آصف زرداری سے آصفہ بھٹو اور وکلا کی ملاقات تین گھنٹے سے زائد جاری رہی، اس موقع پر خاندانی، قانونی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوسری جانب پمز اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی تجویز پر سابق صدر زرداری کا ایم آر آئی ٹیسٹ کر لیا گیا ہے۔

    بورڈ نے آصف زرداری کو سروائیکل و لمبر سپائن ایم آرآئی تجویز کی تھی، سابق صدر کی گردن اور کمر میں تکلیف کی شکایت پر ایم آر آئی کا فیصلہ کیا گیا۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کی گردن کے مہروں میں فاصلہ کم ہونے سے شدید کھچاؤ کی شکایت ہے، آصف زرداری کو گردن و کمر تکلیف پر فزیو تھراپی کرائی جارہی ہے۔

    ؎واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سابق صدر زرداری کی صحت کے حوالے سے سخت تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔

    پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما سابق صدر کے علاج میں ذاتی معالجین کی شمولیت اور پرائیویٹ بورڈ تشکیل دینے کے خواہاں ہیں۔

    اس کے علاوہ پیپلز پارٹی آصف زرداری کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیش نظر درخواست ضمانت دینا چاہتی ہے جس کے لیے سابق صدر ابھی تیار نظر نہیں آتے۔

  • آصف زرداری 3 سے4 ماہ میں پلی بارگین کرکے  پیسے دینا شروع کردیں گے، شیخ رشید

    آصف زرداری 3 سے4 ماہ میں پلی بارگین کرکے پیسے دینا شروع کردیں گے، شیخ رشید

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور ان کے ساتھی 3سے4ماہ میں پلی بارگین کرلیں گے، شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری، شہباز شریف اور خورشید شاہ کے کیسز سیریس ہیں یہ پلی بارگین سے ہی حل ہوں گے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری بڑے دل کے آدمی ہیں، آصف زرداری اور ان کے ساتھی 3سے4ماہ میں پلی بارگین کرلیں گے۔

    وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کسی کے دباؤ میں آنے والے نہیں، بعض علاج ایسے ہوتے ہیں جن کا بد قسمتی سے پاکستان میں علاج نہیں ہوتا۔

    انہوں نے کہا کہ پلی بارگین بھی ہورہی ہے اور نوازشریف بھی جارہے ہیں، عمران خان نے نوازشریف کو انسانی بنیادوں پر بیرون جانے کی اجازت دی ہے۔

    عمران خان نے نوازشریف کو ڈھیل دے کر گیند ان کے کورٹ میں بھینک دی ہے، اصل کیسز تو حمزہ، سلیمان اور خورشید شاہ کے خلاف ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں، شریف فیملی نے فائدہ اٹھالیا اب تمام لوگ جیل سے باہر ہیں، مولانا فضل الرحمان کے مارچ کو ن لیگ نے کامیابی سے کیش کرلیا۔

  • آصف زرداری کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا، زندگی کو خطرہ لاحق

    آصف زرداری کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا، زندگی کو خطرہ لاحق

    اسلام آباد: آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے کہا ہے کہ سابق صدر کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے پی پی شریک چیئرمین کی انجیو گرافی کا مشوره دیا ہے، ان کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا ہے۔

    عامر فدا پراچا کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو ماہر ڈاکٹر مہیا کیے جائیں، ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، آصف زرداری کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہ بنایا جانا ایک مجرمانہ فعل ہے۔

    واضح رہے کہ پمز اسپتال کا میڈیکل بورڈ بھی کہہ چکا ہے کہ آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس میں اگرچہ بہتری آ ئی تھی تاہم ان کے ہاتھوں میں رعشے کے باعث کپکپاہٹ میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  آصف زرداری، خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف زرداری کے لیے ایک پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کی تشکیل کا مطالبہ تسلسل کے ساتھ کیا جا رہا ہے لیکن حکومتی سطح پر اس سلسلے میں تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔

    آصف زرداری جعلی اکاؤنٹ کیس میں زیر حراست ہیں، ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے کیسز کی سماعت احتساب عدالت میں جاری ہے، انھیں نیب کی درخواس پر جیل میں قید رکھا گیا ہے۔

  • آصف زرداری، خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری

    آصف زرداری، خورشید شاہ، خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آصف زرداری، خورشید شاہ اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اراکین اسمبلی آصف زرداری، خورشید شاہ اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے ہیں، تینوں رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر قومی اسمبلی کے رواں اجلاس کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے تینوں اراکین اسمبلی کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں لانے کی ہدایت کردی۔

    واضح رہے کہ خورشید شاہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب حراست میں ہیں جبکہ خواجہ سعد رفیق آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار ہیں۔

    مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کا آصف زرداری کے علاج کے لیے نجی میڈیکل بورڈ کا مطالبہ

    قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مطالبات کے باوجود آصف زرداری تک طبی ماہرین کو رسائی نہیں دی جارہی ہے، آصف زرداری کی صحت کی تشویشناک حالت کو چھپایا جارہا ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آصف زراری کو جان بوجھ کر جیل میں علاج کی سہولت سے دور رکھا گیا ہے، اہلخانہ کو نہیں بتایا جارہا کہ آصف زرداری کس تکلیف سے گزر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے پورا خاندان پریشان ہے ان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔

  • آصف زرداری کے علاج کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ قائم کیا جائے، مصطفیٰ نواز کھوکھر

    آصف زرداری کے علاج کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ قائم کیا جائے، مصطفیٰ نواز کھوکھر

    اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کے علاج کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ قائم کیا جائے، حکام کو پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست دے دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پمز میڈیکل بورڈ نے رپورٹ میں سنجیدہ مسائل کی نشاندہی کی ہے، پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کا مطالبہ سرکاری ڈاکٹرز کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔

    مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی شریانوں میں خون جم جانے کو خطرناک قرار دیا ہے، پارٹی کے اطمینان کے لیے پرائیویٹ ڈاکٹرز و معاونین کا بورڈ بنایا جائے۔

    مزید پڑھیں: آصف زرداری کے ہاتھوں میں کپکپاہٹ مزید بڑھ گئی

    انہوں نے کہا کہ سابق صدر کا شوگر لیول بھی خطرناک حد تک اوپر نیچے ہورہا ہے، شوگر لیول کنٹرول نہ ہونا ان کی زندگی کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے۔

    پیپلزپارٹی کے سینیٹر کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے جیل میں مناسب بستر نہ ملنے سے پیدا ہونے والے مسائل کا بھی ذکر کیا ہے، آرتھوبیرنگ نہ ملنے سے آصف علی زرداری کی کمر کا مرض شدت اختیار کرگیا ہے۔

    مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ قانون ہر شخص اور قیدی کے علاج و معالجے کی ضمانت دیتا ہے، آصف زرداری کے علاج کا مطالبہ کوئی رعایت نہیں قانونی حق ہے۔

    واضح رہے کہ پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس میں بہتری آرہی ہے تاہم ہاتھوں میں رعشے کے باعث کپکپاہٹ میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔