راولپنڈی / اسلام آباد/ اٹک/ سیالکوٹ/ لاہور/ قصور : سیکیورٹی فورسز نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کامیاب کارروائیوں کے دوران انیس مشتبہ افراد گرفتار کر لیے گئے۔ سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں اسلحہ اور غیر ملکی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفساد پوری قوت سے جاری ہے، ملک سے فسادیوں کا صفایا کیا جارہا ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی،اسلام آباد، اٹک، سیالکوٹ، لاہور اور ،قصورمیں آپریشنز کئےگئے۔
سرچ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں انیس مشتبہ افراد حراست میں لیے گئے ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں میں اسلحہ،گولیاں اور لیپ ٹاپ اور دیگرسامان برآمد ہوا۔
گرفتار ملزمان سےغیر ملکی پاسپورٹ، نفرت انگیز مواد اور کرنسی بھی برآمد ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ خیبرایجنسی میں سرحد پار سے پاکستانی چیک پوسٹوں پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد مارے گئے، سیکورٹی ذرائع کے مطابق چاغی میں افغانستان کے ساتھ سرحدی راستوں پرگشت بڑھا دیا گیا ہے اور چیکنگ پوائنٹس بھی قائم کردیئےگئے ہیں۔
راولپنڈی/ لاہور / کوئٹہ/ ایبٹ آباد : ملک بھر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپریشن ردالفساد جاری پوری قوت سے جاری ہے، فسادیوں کےخلاف آپریشن ردالفساد میں مزیدکامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں کی جانے والی کارروائی میں نو اشتہاری ملزمان سمیت اٹھائیس غیر ملکی پکڑے گئے جن کے پاس سے بھاری اسلحہ برامد ہوا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق برآمد اسلحے میں گیارہ کلاشنکوف ،دو رائفل، ایک لائٹ مشین گن شارٹ گن، انچاس کلاشنکوف میگزین، آٹھ ہزارچارسو سے زائد مختلف گولیاں شامل ہیں۔
نوشکی میں ایف سی اور حساس ادارے نے کارروائی کرکے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ کلی قبول نالے سے دو بیگوں سے اڑتالیس میگزین، دو گولے اور تین سو اٹھارہ پاکٹ بارودی مواد برآمد ہوا، تربت کے علاقے پسنی میں لیویز نے کارروائی کرکے پانچ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ملزمان سے دو کلاشنکوف، ایک لانچر، چار گولے چار سو سے زائد گولیاں برآمد ہوئیں، ایبٹ آباد میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن میں دس مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا جن میں ایک غیر ملکی بھی شامل ہے۔
علاوہ ازیں رینجرز، پولیس اور خفیہ اداروں نے مشترکہ آپریشن میں لاہور گجرات خانپور کبیر والا، ایبٹ آباد سے اُنتیس مشکوک ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
کوئٹہ/ سوات /سکھر/ چنیوٹ : ملک بھر میں آپریشن ردالفساد جاری ہے، سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں اور مشکوک افراد کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے چپے چپے میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، بلوچستان میں کاہان کے علاقے چوٹھ کیمپ میں سیکیورٹی فورسز نے بڑی کارروائی کرکے گولہ بارود برآمد کرلیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں چوبیس دستی بم چھوٹی مشین گن کی چار ہزارنو سو گولیاں، بارہ اعشاریہ سات ایم ایم گن کے چارسو تریپن راؤنڈز شامل ہیں۔
دوسری جانب کوہلو کے علاقے نیساؤ میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائی کرکے زیر زمین چھپائے گئے چھیانوے مارٹر گولے برامد کرلئے۔
سوات پولیس نے آپریشن کے دوران دو روپوش دہشت گردوں سمیت پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان اسلم اور علی اکبر دھماکوں اور فورسز پر حملوں میں مطلوب تھے۔
چنیوٹ میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے مبینہ دہشت گرد احمد رضا مسعود کو گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، خود کش جیکٹ اور اسلحہ برامد ہوا ہے۔
سکھر میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرکے ایک ہفتے کے دوران کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
کراچی : رینجرز نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران دس ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمان دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہیں۔
ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق سہراب گوٹھ اور سائٹ میں کارروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان میں محبوب علی کا تعلق سپاہ محمد اور محمد عثمان کا تعلق جماعت الاحرار سے ہے، ملزم محبوب علی 2013 میں سہراب گوٹھ میں رینجرز کی موبائل پر فائرنگ اور دیگر جرائم میں سی ٹی ڈی کو مطلوب ہے۔
ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق لیاری میں کارروائی کرکے گینگ وار کے ملزم نوشاد کو گرفتار کرلیا، ملزم بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور گینگ وار کی سہولت کاری سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے۔
اس کے علاوہ کیماڑی مچھر کالونی میں کارروائی کے دوران چار منشیات فروشوں کا گروہ گرفتار کرلیا گیا، گرفتار منشیات فروشوں میں سبحان، پولیس کانسٹیبل دانش، اظہر علی اور عبید شامل ہیں، جن کے قبضے سے منشیات برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ناظم آباد اور نیو کراچی کے علاقے میں کی گئی کارروائیوں میں تین اسٹریٹ کریمنل گرفتار کرلیے، گرفتار ملزمان محمد علی، ذیشان اور محمد عامر چوری اور ڈکیتی سمیت اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
تمام گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ اوربھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے ، 6 ملزمان کو پولیس اور چار ملزمان کو اے این ایف کے حوالے کیا جارہا ہے۔
کراچی : رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے نو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اشتہاری سمیت چار جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے لیا، نیو کراچی میں پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو مارا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے نو ملزمان کو گرفتار کرلیا، ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں سیاسی جماعت کے دو کارندے، کالعدم تنظیم کا کارندہ اور منشیات فروش شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
دوسری جانب نیو کراچی کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں ایک ڈکیت مارا گیا، اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار اور دو راہگیر زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
علاوہ ازیں پولیس نے مچھر کالونی میں کارروائی کرکے اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کرکے تین ملزمان کو دھر لیا، کراچی یونیورسٹی روڈ پر حادثات کے ساتھ اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہوگیا۔
موٹرسائیکل سوار مسلح افراد یونیورسٹی روڈ پر کار سوار کو لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔ لیاری کے علاقے سنگولین میں دستی بم حملہ کیا گیا جس میں چھ افراد زخمی ہوگئے، پولیس کے مطابق عزیر بلوچ گروپ کے کارندے آپس میں لڑ رہے ہیں۔
کراچی : رینجرز نے خالی پلاٹ میں چھپایا گیا اسلحے کابڑا ذخیرہ پکڑلیا، ترجمان کا کہنا ہے اسلحہ بدامنی کے لئے استعمال ہونا تھا، سائٹ ایریا اور مچھر کالونی سے پانچ ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز سندھ نے مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ملیر کے علاقے جام گوٹھ میں خالی پلاٹ پر چھاپہ مارا، پلاٹ سے چھپایا گیا اسلحہ کا ذخیرہ برآمد کرلیا، مذکورہ اسلحہ لیاری گینگ وار کے سردار مٹھل گروہ کا بتایا جا رہا ہے۔
اسلحے میں ایک عدد 30 بور پستول، ایک عدد 22 بور پستول، ایک عدد 38 بور ریوالور، ایک آوان بم لانچر، ایک عدد ایس ایم جی بمعہ 4 عدد میگزین، ایک عدد 223 بور رائفل، ایک عدد گرنیڈ، مختلف اقسام کے 168 راؤنڈز، 10 عدد آوان بم، ایک عدد ٹیلی اسکوپ اور ڈیڑھ سو سے زائد گولیاں شامل ہیں۔
رینجرز اعلامیہ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام کے لئے جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طورپرقریبی چیک پوسٹ یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے مچھر کالونی میں کارروائی کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ سائٹ ایریا پولیس نے بھی دو ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیاہے۔
کراچی : رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن میں کامیاب کارروائی کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا، اسلحہ خالی پلاٹ میں زیرزمین چھپایا گیا تھا، اسلحہ سیاسی جماعت کے ایک عسکری ونگ کے زیر استعمال تھا۔ دوسری کارروائی میں رینجرز نے پرانا گولیمار میں گینگ وار کے مفرور کمانڈر کے گھر پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں اسلحہ، منشیات اور ایک کروڑ 71 لاکھ روپے نقد رقم برآمد کرلی۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد کر لیا ہے، اسلحہ خالی پلاٹ میں زیر زمین چھپایا گیا تھا۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں تین عدد ایس ایم جیز، کلاشنکوف، تین عدد بے بی کلاشنکوف 30 بور، دو عدد پستول ، چار عدد رپیٹر بارہ بور، اور مختلف اقسام کے 666 راؤنڈز شامل ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ اسلحہ شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال ہونا تھا۔ علاوہ ازیں رینجرز نے پرانا گولیمار کے علاقے میں لیاری گینگ وار کے مفرور کمانڈر ماجد سخی داد کے گھر پر چھاپہ مارا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق چھاپے کی اطلاع پر گھر میں موجود تین ملزم فرار ہو گئے۔ تلاشی کے دوران رینجرز نے مفرور کمانڈر کے گھر سے 3 گرنیڈ، 2 کلاشنکوف، 1 ماؤزر، 2 پستول اور 20 کلو چرس برآمد لی جبکہ گھر کے اندر چھپائے گئے 1 کروڑ 71 لاکھ روپے بھی برآمد کئے گئے۔
کراچی : سندھ رینجرز نے آج کراچی میں بڑا ایکشن لیا ہے، اہم سیاسی شخصیت کے دوست کی کمپنی کے دو دفاتر پررینجرز نے چھاپہ مار کارروائیاں کیں۔ بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ جن میں سے دو افراد کو ابتدائی تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا، ڈیفنس میں بھی اہم سیاسی شخصیت کے فرنٹ مین کے گھر سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کا کہنا ہے ایک کمپنی کے دو مختلف دفاتر پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ ٹارگٹڈ کارروائی غیرقانونی اسلحے اور شرپسند عناصر کی مالی معاونت کی اطلاع پر کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کمپنی سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ساتھی انورمجید کی ہے، پہلی کارروائی آئی آئی چندریگر روڈ پر کی گئی۔
رینجرز کے مطابق دوسرا چھاپہ ہاکی اسٹیڈیم کے قریب ایک دفتر پر مارا گیا۔ چھاپوں کے دوران علاقے کی ناکہ بندی کی گئی۔ رینجرز نے انشورنشس کمپنی کے ایک دفترمیں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کرلیا۔
چھاپے کے دوران خفیہ خانوں سے سترہ کلاشنکوف، چار پستول تین ہزار سے زائد گولیاں اور نو بال بم برآمد کیے گئے۔ انشورنس کمپنی کے دفاتر پر چھاپے میں شہزاد شاہد، رجب علی راجپر،اجمل خان، کامران منیرانصاری اور کاشف حسین نامی افراد گرفتار کیے گئے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق دفاتر سے اہم دستاویزات بھی تحویل میں لی گئی ہیں۔ اسلحے اور دستاویزات کی چھان بین کے بعد سہولت کاروں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کلفٹن میں بھی ایک اہم شخصیت کے فرنٹ مین کے گھرپرچھاپہ مارا گیا۔ کارروائی میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کارروائی کے دوران منظورکاکا کے فرنٹ مین کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کی۔ منظور کاکا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی رہ چکے ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اومنی گروپ کے دو گرفتار ملازمین کامران انصاری اور کاشف حسین کو رہا کردیا گیا۔
ترجمان اومنی گروپ کی وضاحت
اومنی گروپ کی جانب سے وکیل نے وضاحت جاری کی ہے کہ بروز جمعہ ایک بجے رینجرز کے چند افراد ہماری کمپنی کے دو دفاتر جن میں سے ایک ہاکی اسٹیڈیم کے قریب اور دوسرا میٹروپول کے قریب میں داخل ہوئے اور تقریبا ایک گھنٹے دفتر کی تلاشی لی اور چند فائلز، سی سی ٹی وی فوٹیج کا ریکارڈ اور دو ملازمین جن کے نام کاشف شاہ اور کامران منیر انصاری کوساتھ لے گئے۔
اومنی گروپ کے وکیل نے کمپنی کی جانب سے بیان جاری کیا ہے کہ اومنی کے دفاتر مین چھاپے کے بعدرینجرز کی طرف سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں آئی آئی چندریگر روڈ راورہاکی اسٹیڈیم کے دفاتر پر چھاپوں کے ساتھ پانچ ملازمین گرفتاری اور بھاری اسلحہ کی برآمدگی کا ذکر کیاگیا۔
ا ومنی گروپ آف انڈسٹریز وضاحت کرتی ہے کہ آئی آئی چندریگرو رڈ پر واقع دفتر جس پر چھاپہ ماراگیا اس دفتر کا اومنی گروپ آف انڈسٹریز سے کوئی تعلق نہیں، مزید یہ کہ ہمارے صرف دو ملازمین کو رینجرز نے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ رینجرزکی پریس ریلیز میں مزید تین افراسد رجب علی راجڑ ، شہزاد شاہد اور اجمل خان سے ہماری کمپنی کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ تین افراد رینجرز کے چھاپے کے وقت ہمارے دفتر میں موجود تھے۔
مزید یہ کہ رینجرز کی پریس ریلیز میں جس اسلحہ کا ذکر کیا گیا ہے اسلحہ نہ تو ہمارے کسی بھی دفتر سے برآمد ہوا اور نہ اس سے ہماری کمپنی کا کوئی تعلق نہیں۔
اومنی گروپ آف انڈسٹریز یہ واضح کرنا چاہتی ہے کہ ہماری کمپنی کسی بھی قسم کے گیر قانونی سرگرمیوں یا کاروبار میں ملوث نہیں اور پاکستان کے قانون کے مطابق اپنا جائز کاروبار کرتی ہے ہماری کمپنی سندھ رینجرز کی پریس ریلیز میں کمپنی کی طرف لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتی ہے اور حکومت سندھ اور عدلیہ سے درخواست کرتی ہے کہ اس معاملے پر آزادانہ انکوائری کرواکر انصاف فراہم کیا جائے۔
کراچی :جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والوں کی کارروائیاں جاری ہیں رینجرز نے کالعدم تنظیم کے تین دہشت گرد گرفتار کرلئے، ملزمان سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل بر آمد کر لی گئی۔ ٹریفک حادثہ اور فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ عائشہ منزل پر تعلیم باغ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہارگیا، پولیس نے ظابطے کی کارروائی کیلیے لاش اسپتال منتقل کردی۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ہائی روف وین اور رکشے کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق شخص کی شناخت احمد بخش کے نام سے کر لی گئی۔۔
علاوہ ازیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والوں کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ رینجرز نے گلبرگ اور گلشن اقبال میں کارروائیاں کرکے کالعدم تنظیم کے دو کارندوں سمیت ایک سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا کارندہ گرفتار کرلیا۔
سائٹ اور کورنگی میں رینجرز نے کارروائی کرکے دو ملزمان کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا، یوسف پلازہ پولیس نے کارروائی کرکے اسٹریٹ کریمنل کو گرفتار کرلیا،۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم تیمور اجمیر نگری میں لوٹ مار کررہا تھا، گرفتار ملزم محمد تیمور ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے چوری کی موٹرسائیکل، اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
لاہور : پولیس نے کار چور گینگ کے سرغنہ کو دو ساتھیوں سمیت پکڑلیا۔ ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی کاریں برآمد کرلی گئیں، ملتان کی لوہا مارکیٹ میں ڈاکوؤں نے دن دیہاڑے دکان کا صفایا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں جرائم کی وارداتوں میں اضافے پر پولیس متحرک ہوگئی لاہور پولیس نے کار چور گینگ کے سرغنہ کو دوساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا۔
اینٹی وہیکلز لفٹنگ اسٹاف ماڈل ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے کار چور گینگ کے سرغنہ امداد حسین عرف ملک، ولی خان اور کاشف عرف کاشی کوگرفتارکیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی اکیس کاریں اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب ملتان کی لوہا مارکیٹ کی دکان میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی واردات ہوئی۔ دو ڈاکوؤں نے دکان کے ملازمین کواسلحے کے زور پریرغمال بنا لیا، ڈاکو ملازمین سے لوٹ مار کرکے حسب معمول باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
علاوہ ازیں گوجرانوالہ کی فروٹ منڈی میں ڈکیتی کے دوران محنت کش نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے محنت کش کو تشدد کر کے شدید زخمی کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان محنت کش سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرارہو گئے۔ واردات کا مقدمہ مقامی تھانے میں درج کر لیا گیا۔
ملزمان کی گرفتاری کیلیے پولیس مختلف مقامات پر چھاپے بھی مار رہی ہے تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔