Tag: assets beyond means case

  • آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس : شہباز شریف کے فرنٹ مین کی ضمانت منظور

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس : شہباز شریف کے فرنٹ مین کی ضمانت منظور

    لاہور : ہائی کورٹ نے شہباز شریف کے فرنٹ مین  احد چیمہ کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے احد چیمہ کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔

    احد چیمہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل تین سال سے جیل میں بند ہے، ریفرنس میں 210 گواہان ہیں جن میں سے 63 کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کے 9 رشتے داروں کو بے نامی دار بنایا گیا ہے، جنہیں ابھی نوٹس جاری نہیں ہوئے، اگر بے نامی داروں نے اپنی جائدادوں کے ثبوت فراہم کر دیئے تو تین سال قید کا ذمہ دار کون ہو گا۔

    وکیل نے استدعا کی عدالت مسلسل تاخیر پر ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے، جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ انہیں جواب جمع کروانے کے لیے چند روز دیئے جائیں، ٹرائل کورٹ کی رپورٹ آنے دیں معلوم ہو جائے گا کہ کیس میں سب سے زیادہ التواء کس کی طرف سے مانگا گیا۔

    عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم احد چیمہ کی دس دس لاکھ کے دو مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

  • اثاثہ جات کیس، بینک نمائندے نے نیب میں شہباز شریف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کرا دیں

    اثاثہ جات کیس، بینک نمائندے نے نیب میں شہباز شریف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کرا دیں

    لاہور : اثاثہ جات کیس کے معاملے پر بینک کے نمائندے نے شہباز شریف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات نیب میں جمع کرا دی ہیں، نیب شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں سے متعلق اثاثہ جات کیس کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلی شہباز شریف کے اثاثہ جات کیس کے معاملے پر بینک کا نمائندہ ریکارڈ سمیت نیب میں پیش ہوا اور شہباز شریف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات جمع کرائی ، تفصیلات 5 سو صفحات پر مشتمل ہیں۔

    نیب شہباز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں سے متعلق اثاثہ جات کیس کے حوالے سے تحقیقات کر رہا ہے اور بینک سے سابق وزیر اعلی شہباز شریف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

    یاد رہے 9 نومبر کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوئے تھے اور سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، نیب ٹیم حمزہ شہبازکی جانب سے فراہم کی گئیں دستاویزات کا جائزہ لے گی۔

    نیب نے سلمان شہباز کو بھی آج طلب کر رکھا تھا لیکن وہ بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔

    خیال رہے اکتوبر میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) نے 20 سال کے سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کے تمام اثاثوں اور ٹیکس کے معاملات کی ساری تفصیلات نیب کے حوالے کی تھی۔

    واضح رہے نیب لاہور نے5 اکتوبر کو شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم ان کی پیشی پر انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    اگلے روز شہبازشریف کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا گیا تھا۔

    جس کے بعد 16 اکتوبر کو ریمانڈ ختم ہونے پر پیش کیا گیا تو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 30 اکتوبرتک توسیع کردی تھی۔

    ریمانڈ ختم ہونے پر شہبازشریف کو 29 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا گیا تو (نیب) نے آشیانہ اسکینڈل کیس کے ملزم اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے مزید 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی ، جس پر عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 7 نومبر تک توسیع کردی تھی۔

    جس کے بعد 10 نومبر کو احتساب عدالت نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کے ملزم سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے جسمانی ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کردی تھی۔

  • شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش

    شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش

    لاہور : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوئے اور سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، نیب ٹیم حمزہ شہبازکی جانب سے فراہم کی گئیں دستاویزات کا جائزہ لے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں گرفتار شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوگئے، نیب کی دورکنی تحقیقاتی ٹیم نے حمزہ شہباز سے اڑھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

    حمزہ شہباز نے نیب ٹیم کی جانب سے دیئے گئے سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، انھیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

    نیب ٹیم حمزہ شہباز کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات اور سوالوں کے جوابات کا جائزہ لے گی اور اگر مطمئن نہ ہوئی تو دونوں بھائیوں کو دوبارہ طلب کرے گی۔

    نیب نے سلمان شہباز کو بھی آج طلب کر رکھا تھا لیکن وہ بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔

    خیال رہے نیب اس سے قبل دونوں بھائیوں کو دو مرتبہ طلب کر چکا ہے، سلمان شہباز ایک مرتبہ پیش ہو چکے ہیں جبکہ حمزہ شہباز آج پہلی مرتبہ اس کیس میں پیش ہوئے۔

    مزید  پڑھیں:  آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس:‌ حمزہ شہباز نیب میں پیش نہیں ہوئے

    نیب نے گزشتہ ہفتے حمزہ شہباز کو طلب کیا تھا لیکن سیکورٹی خدشات پر وہ پیش نہیں ہو سکے تھے، عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کا مؤقف تھا کہ وہ شہر کے حالات کی وجہ سے نیب میں پیش نہیں ہوئے، جس پر نیب کی جانب سے حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کو دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    اس سے قبل نیب کی جانب سے دونوں بھائیوں‌ کو 30 اکتوبر کو بھی طلب کیا گیا تھا، مگر وہ نیب ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے دونوں بیٹوں پر سرکاری خزانے کے غیر قانونی استعمال کا الزام ہے، حمزہ شہباز نے گزشتہ پیشی پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست بھی دی تھی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیاسی نوعیت کے مقدمے میں نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے کا خدشہ ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی 13 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو انھیں آئندہ سماعت تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔