Tag: ATC

  • دہشت گردی کا الزام ثابت، بھارتی جاسوس کو 20 سال قید کی سزا سنادی گئی

    دہشت گردی کا الزام ثابت، بھارتی جاسوس کو 20 سال قید کی سزا سنادی گئی

    لاہور(30 اگست 2025): انسداد دہشت گردی عدالت نے بھارتی دہشت گرد عثمان عرف عبد الرحمان کو مجموعی طور پر بیس  سال قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے مقدمے پر فیصلہ سنایا، عدالت نے مختلف  دفعات کے تحت مجرم کو مجموعی طور پر 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    پراسیکیوشن کے مطابق مجرم بھارتی شہری اور جاسوس ہے، سرکاری وکیل نے بتایا کہ دہشت گرد چمن کے راستے سے پاکستان میں داخل ہوا اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔

    سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ اس کے قبضہ سے  دھماکہ خیز بارودی مواد برآمد ہوا ہے، بھارتی دہشت گرد  کیخلاف 2024 میں سی ٹی ڈی لاہور نے مقدمہ درج کیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/ctd-busts-raw-terror-network-in-karachi/

  • بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کو جیل سے رہائی مل گئی

    بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کو جیل سے رہائی مل گئی

    اسلام آباد : ڈسٹرکٹ جیل جہلم سے بانی پی ٹی آئی کی دو بہنوں علیمہ خانم اور عظمیٰ خان کو ضمانتیں ملنے کے بعد رہا کردیا گیا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    ڈی چوک احتجاج کیس میں اے ٹی سی نے بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کی ضمانت منظور کی تھی، علیمہ خانم، عظمیٰ خان کی 20 ،20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی گئی تھیں۔

    قبل ازیں جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے دونوں خواتین کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، وکلاء صفائی سردار مصروف ایڈووکیٹ اور مرزا عاصم بیگ نے دلائل دیے۔

    وکیل نے کہا کہ علیمہ خانم اور عظمیٰ خان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمہ بنایا گیا ہے، پولیس جسمانی ریمانڈ لے کر تفتیش کرچکی ہے، اب وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

    وکیل کا مزید کہنا تھا کہ اس مقدمہ میں دیگر ملزمان کی ضمانت ہوچکی ہے، لہٰذا بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی ضمانت بھی منظور کی جائے۔

    عدالت میں سماعت کے موقع پر پراسیکیوٹر راجا نوید نے ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے مظاہرین کو میگا فون کے ذریعے اشتعال دلایا اور توڑ پھوڑ پر اکسایا، ملزمان سے میگا فون ریکور ہوچکا ہے، ضمانت کی درخواستیں خارجی کی جائیں۔

  • اے ٹی سی نے علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا

    اے ٹی سی نے علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا

    کراچی: اے ٹی سی نے ایم کیو ایم رہنما علی رضا عابدی کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما علی رضا عابدی کے قتل کیس میں نامزد 4 مجرمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

    مجرموں میں عبدالحسیب، غزالی، محمد فاروق اور ابو بکر شامل ہیں، انسداد دہشت گردی عدالت نے ان پر ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

    علی رضا عابدی کے قتل کا فیصلہ سینٹرل جیل میں سنایا گیا، مجرم عبدالحسیب کی ضمانت منسوخ ہوتے ہی اسے کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔

    علی رضا عابدی کو 25 دسمبر 2018 کو ان کے گھر کی دہلیز پر قتل کیا گیا تھا۔ وہ پاکستان کے عام انتخابات 2013 میں ایم کیو ایم کے امیدوار کے طور پر پاکستان کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 251 سے بطور رکن منتخب ہوئے تھے اور مئی 2018 تک قومی اسمبلی پاکستان کے رکن رہے۔ 25 دسمبر 2018 کو کراچی میں دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے خیابانِ غازی کے قریب ان کے گھر کے باہر ان کی گاڑی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں انھیں کئی گولیاں لگیں اور انھیں شدید زخمی حالت میں اسپتال پی این ایس شفا لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

  • فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار

    فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار

    لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا، اور حکم جاری کیا ہے کہ فواد چوہدری پر تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے فواد چوہدری کو اشتہاری قرار دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا، اور فواد چوہدری کی تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالنے کا حکم دے دیا۔

    فواد چوہدری نے تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالنے کی درخواست کی تھی، جس پر اے ٹی سی نے حکم دیا ہے کہ تمام مقدمات میں فواد چوہدری کی ایک ساتھ گرفتاری ڈالی جائے۔

    اے ٹی سی نے 9 مئی کی جے آئی ٹی کے سربراہ کو تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا، فواد چوہدری کی دوخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پولیس نے ان پر نو مئی کے بعد مختلف مقدمات درج کیے ہیں، ایک مقدمے سے ضمانت پر دوسرے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

    فواد چوہدری کا گروپ سمیت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

    فواد چوہدری نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالت نو اور دس مئی کے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے، اور فواد چوہدری پر تمام مقدمات میں ایک ساتھ گرفتاری ڈالنے کا حکم دیا جائے۔

  • عسکری ٹاور حملہ کیس : ڈاکٹر یاسمین راشد ریمانڈ پر جیل روانہ

    عسکری ٹاور حملہ کیس : ڈاکٹر یاسمین راشد ریمانڈ پر جیل روانہ

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی عسکری ٹاور حملہ کے مقدمے میں مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

    پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو دن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔

    اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد سے گلبرگ عسکری ٹاور حملہ کے مقدمے میں مزید تفتیش کرنی ہے لہٰذا اس کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

    عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کی استدعا کو مسترد کر دیا اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔

    لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو 25 جون کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

  • شاہ محمود قریشی کو عدالت سے ریلیف مل گیا

    شاہ محمود قریشی کو عدالت سے ریلیف مل گیا

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی خود عدالت میں پیش ہوٸے، عدالت نے پولیس کو27 جون تک شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا، عدالت نے ایک، ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا۔

    رانا مدثر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ بدنیتی کی بنیاد پر پولیس نے گھیراؤ جلاؤ کے تین مقدمات میں ملوث کیا، شاہ محمود قریشی اپنے خلاف مقدمات کی تفتیش میں شامل ہونا چاہتے ہیں لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے ضمانت منظور کی جائے۔ پولیس نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور تھانہ شادمان پر حملے کے مقدمات میں نامزد کیا۔

    سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف نہیں ملا۔ اس بجٹ میں بار بار ترمیم ہوتی رہے گی عبوری حکومت کو بجٹ پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس : 13خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    جناح ہاؤس حملہ کیس : 13خواتین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملہ کے89 ملزمان کا 07روزہ اور 13خواتین کا5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا

    انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل کے روبرو نو مئی کو جناح ہاؤس اور جلاؤ گھیراؤ کے ملزمان کو پیش کیا گیا، عدالت کو بتایا گیا کہ 89 مرد اور 13خواتین کی شناخت پریڈ میں شناخت ہو چکی ہے جبکہ 24 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

    ،حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے محرکات جاننے کے لیے ملزمان کا14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے،عدالت نے 89 مرد ملزمان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ دس جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت گرفتار خواتین نے عدالت سے درخواست کی کہ انہیں فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لیے پولیس کے سپرد نہ کیا جائے کیونکہ وہ بہت زیادہ خوفزدہ ہیں، جیل میں یہ ٹیسٹ کروالیا جائے۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ پریشان نہ ہوں آپ جیل میں ہی رہیں گی، بعد ازاں عدالت نے تمام خواتین کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ طلوع آفتاب سے غروب تک خواتین تفتیش کے لیے پولیس کسٹڈی میں رہیں گی۔

    تاہم غروب آفتاب سے طلوع آفتاب تک جوڈیشل کسٹڈی میں جیل میں رہیں گی۔ عدالت نے تمام گرفتار خواتین کو آٹھ جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ اس کے علاوہ عدالت نے شناخت نہ ہونے والے 24افراد کو مقدمہ سے ڈسچارج کرنے کا حکم بھی دیا۔

     

  • کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم

    کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دو افراد کے قتل کے مجرم کو مجموعی طور پر 3 مرتبہ سزائے موت، لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے ہرجانہ اور سات سال قید کی سزا سنادی۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ٹیکسٹائل ملز کے جی ایم سمیت2افراد کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو 3بار سزائے موت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی نے کالعدم تنظیم کے ایک دہشت گرد کو 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم دے دیا، عدالت نے مجرم ہاشم عرف قاری کو مقتولین کے ورثاء کو فی کس 20 لاکھ روپے ہرجانے دینے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔

    عدالت نے سزا سناتے ہوئے مجرم ہاشم عرف قاری کو دہشت گردی و دیگر جرائم میں 18 سال قید ،2لاکھ 10ہزار جرمانہ بھی عائد کردیا، اس کے علاوہ غیر قانونی اسلحہ کے جرم میں 7 سال قید،50 ہزار جرمانے کی سزا بھی سنادی۔

    استغاثہ کے مطابق 18فروری 2015 کو نارتھ ناظم آباد میں مجرم نے شہریوں پر فائرنگ کی تھی، مجرم کی فائرنگ سے کریم ہاشوانی اور محمد نواز کو ہلاک ہوگئے تھے۔

    کریم ہاشوانی اور ان کے ڈرائیور کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے پولیس پر فائرنگ بھی کی تھی، مجرم کے خلاف نارتھ ناظم آباد تھانے میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔

    یاد رہے کہ 2015 میں پولیس بیان کے مطابق ہاشم نامی ٹارگٹ کلر کو اسی روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران ٹارگٹ کلر ہاشم نے پولیس اہلکاروں سمیت 9 سے زائد افراد کو مختلف علاقوں میں قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

  • ڈاکٹر یاسمین راشد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    ڈاکٹر یاسمین راشد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاﺅس میں جلاﺅ گھیراﺅ اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا گیا، عدالت کی جج عبہرگل خان نے کیس کی سماعت کی۔

    اس موقع پر پولیس کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی گئی لیکن انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کی درخواست مسترد کردی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

    گزشتہ سماعت کے بعد عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔ اس موقع پرمیڈیا گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میں پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑوں گی۔

  • جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ : فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد

    جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ : فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد

    لاہور : انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی عبوری ضمانت مسترد کردی۔

    عدالت نے فرخ حبیب کی ضمانت عدم پیشی کی بنیاد پر مسترد کی، اس کے علاوہ عدالت نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں یاسمین راشد، میاں اسلم و دیگر کی عبوری ضمانت میں7مارچ تک توسیع کردی۔

    سماعت کے موقع پر تحقیقاتی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان شامل تفتیش نہیں ہوئے، حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے جس پر عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔

    علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی لاہور کی عدالت نے اسی مقدمے میں اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کےخلاف شادمان پولیس نے توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا تھا۔

    یاد رہے کہ 25 مارچ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس پر تشدد، اقدام قتل، جلاؤ گھیراؤ اور کارسرکار میں مداخلت کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، حماد اظہر، فرخ حبیب کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر خارج کردی تھی۔