Tag: ATC karachi

  • ایم کیوایم رہنما عامرخان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

    ایم کیوایم رہنما عامرخان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کو دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام کے مقدمے میں14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

    ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کو سخت سیکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا، عدالت میں عامر خان کے وکلاء کی جانب سے بی کلاس دیئے جانے کی درخواست کو بھی منظور کر لیا گیا ہے۔

    عدالت نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سماعت پر 25 جون کو ملزم عامر خان کا چالان عدالت میں پیش کیا جائے۔

    ایم کیو ایم رہنما کو رینجرز نے 11 مارچ کو نائن زیرو پر چھاپے کے دوران حراست میں لیا تھا، جس کے بعد وہ 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں رہے جب کہ کچھ روز قبل پولیس نے ایم کیو ایم رہنما کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس میں سنگین نوعیت کی 3 دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • سابق وزیر داخلہ سندھ کی عبوری ضمانت میں10روز کی توسیع

    سابق وزیر داخلہ سندھ کی عبوری ضمانت میں10روز کی توسیع

    کراچی: سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کی عبوری ضمانت میں دس دن کی توسیع کردی گئی۔

    ذوالفقار مرزا کراچی کی انسداددہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے، وکیل نے جج سے ذوالفقار مرزا کی عبوری ضمانت میں توسیع کی استدعا کی، عدالت نے بدین میں قائم مقدمات پر سابق صوبائی وزیر کی ضمانت میں دس دن کی توسیع کردی۔

    ذوالفقار مرزا چار مختلف مقدمات میں عبوری ضمانت کے لئے عدالتوں میں پیش ہوئے، انسداد دہشت گردی عدالت نے تین مقدمات میں ذوالفقار مرزا ان کے ساتھیوں کی عبوری ضمانت میں 10 جون تک توسیع کر دی ۔

    سندھ ہائیکورٹ میں توہین عدالت کیس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت کے اطراف سیکورٹی نہیں لگائی گئی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے ذوالفقار مرزا کی عبوری ضمانت میں 13 جون تک توسیع کر دی ۔

    یاد رہے کہ ذوالفقار مرزا کے خلاف آرام باغ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

  • عدالت کے حکم پر پولیس کا محاصرہ ختم، ذوالفقار مرزا روانہ

    عدالت کے حکم پر پولیس کا محاصرہ ختم، ذوالفقار مرزا روانہ

    کراچی: سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالت کا محاصرہ ختم کر دیا،سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا دس گھنٹے کی خود اسیری ختم کر کےگھر چلےگئے۔

    ذوالفقار مرزا کی خود اسیری کا ڈرامہ پولیس کی واپسی کے ساتھ ختم ہو گیا انہوں نےخود کو عدالت میں دس گھنٹے قید رکھا۔، ذوالفقار مرزا کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کی جان کو خطرہ ہے۔

     عدالت نے ذوالفقار مرزا کی عبوری ضمانت میں تیس مئی تک توسیع کردی، مقدمات کے سیشن عدالت میں منتقلی کی درخواست کی سماعت پچیس مئی کو ہوگی۔

    ذوالفقار مرزا عدالت اپنی ضمانت میں توسیع کرانے آئے تھے،لیکن ذوالفقار مرزا نےخو دکو عدالت میں قید کر لیا۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے وکلا ء کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی ڈاکٹر جمیل نے ذوالفقار مرزا کو گھر جانے دینے کے حوالے سے عدالتی احکامات وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا اور پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کا گھیراؤ کر لیا تھا ۔

    پولیس کمانڈوز کے ساتھ بکتر بند گاڑی بھی موجود تھی، تاہم سنددھ ہائیکورٹ سے احکامات موصول ہونے کے بعد پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کا گھیراؤ ختم کر دیا اور ذوالفقار مرزا دس گھنٹے بعد واپس گھر کی طرف روانہ ہو گئے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے انسداد دہشت گردی عدالت کا گھیراؤ کرنے پر آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ساؤتھ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

  • عبید کے ٹو نے مزید 12ملزمان کے ناموں کا انکشاف کردیا

    عبید کے ٹو نے مزید 12ملزمان کے ناموں کا انکشاف کردیا

    کراچی : گرفتار دہشت گرد عبید کے ٹو نے انکشاف کیا ہے کہ ڈپٹی سپرنٹینڈینٹ جیل امان اللہ نیازی کو صولت مرزا کو سہولتیں نہ دینے پر ہلاک کیا گیا تھا۔

    گرفتار دہشت گرد عبید کے ٹو نے انکشاف کیا ہے کہ صولت مرزا کو جیل میں سہولتیں نہ دینے پر ڈپٹی سپرنیٹنڈنٹ جیل امان اللہ نیازی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

    امان اللہ قتل کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم عبید کے ٹو نے مزید بارہ ملزموں کے ناموں کا انکشاف کیا ہے۔

    جن میں نعمان عرف نومی ، ساجد عرف سجو ، عرفان عرف گنا، زاہد عرف مزمل اور دیگر ملزمان شامل ہیں جو سب مفرور ہیں۔

    ڈپٹی سپرنیٹنڈنٹ پر حملے کے دوران امان اللہ نیازی سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہوئے تھے ، عدالت نے تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

  • ذوالفقار مرزا کیخلاف کاروائی قانونی اورآئینی ہے، شیری رحمٰن

    ذوالفقار مرزا کیخلاف کاروائی قانونی اورآئینی ہے، شیری رحمٰن

    کراچی: پیپلز پارٹی کی مرکزی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی ذوالفقار مرزا کی غنڈہ گردی پر ہونے والی کاروائی قانونی اورآئینی ہے۔

    کراچی میں وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی اختر جدون سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان نےکہا کہ پیپلز پارٹی نے ذوالفقار مرز سمیت کسی کو سیاسی ہدف نہیں بنایا۔

    انہوں نے کہا کہ جب ذواالفقار مرزا نے بدین کے تھانے میں قانون کو ہاتھ میں لیا اور غنڈہ گردی کی تو انکے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی گئی ۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، ان کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے کبھی تشدد کی سیاست نہیں کی ذوالفقارمرزا کی غنڈہ گردی پر ہونے والی کاروائی قانونی اورآئینی ہے۔

  • کراچی: ذوالفقار مرزا انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: ذوالفقار مرزا انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: سابق وزیرِ داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہوگئے۔

    ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کیخلاف مقدمات میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ اے ٹی اے سیون بھی شامل ہے، یہ دفعہ دہشت گردی میں ملوث ملزمان پر لگائی جاتی ہیں۔      

    بدین کے تھانے پر حملے اور شہر کو زبردستی بند کرانے پر ذوالفقار مرزا کیخلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ دفعات میں تین سو چوبیس، تین سو پچانوے، ایچ چارسو ستائیس، ایک سو انچاس، ایک سو اڑتالیس، ایک سو سینتالیس اور پانچ سو چھ شامل ہیں۔

    یہ دفعات دھمکی ،ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ،بلوہ ، اقدام قتل، نقصان پہنچانا،حملہ کرکے زخمی کرنے کے ملزمان پر لگائی جاتی ہیں ۔ مقدمات ایڈیشنل ایس ایچ او ولی محمد چانڈیو ، حاجی تاج محمد اور امتیاز علی سمیت دیگر نے درج کرائے ہیں۔

    واضح رہے کہ باغی رہنما ذوالفقار مرزا نے آج ہر صورت عدالت میں آصف زرداری کے خلاف بیان دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے اراکین سندھ اسمبلی اور سینٹرز نے ذوالفقار مرزا کے پارٹی قیادت پر الزامات کی شدید مذمت کی ہے۔

    گزشتہ روز ذوالفقار مرزا مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے فہمیدہ مرزا کے ہمراہ کراچی پہنچے، فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔

    ذوالفقار مرزا مقدمات کے خلاف سماعت میں پیش ہونے کیلئے مرزا فارم ہاؤس سے کراچی کیلئے نکلے تو ایک لشکر ان کے ہمراہ تھا۔ ذوالفقار مرزا کا انداز پیشی پر جاتے ہوئے بھی وڈیرانہ دکھائی دیا، سیکڑوں حامیوں کا ساتھ اور سو کے لگ بھگ گاڑیوں کا قافلہ تھا،

     ٹھٹہ، گولاچی اور قائدآباد سمیت مختلف مقامات پر ذوالفقار مرزا کے قافلے پر پھول نچھاور کیے گئے۔

  • صولت مرزا کو 12مئی کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا

    صولت مرزا کو 12مئی کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا

    کراچی: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے صولت مرزا کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے ییں، صولت مرزا کو مچھ جیل میں بارہ مئی کو پھانسی دی جائے گی۔

    سولہ سال سے پھانسی کے منتظر مجرم صولت مرزا کو بارہ مئی کو تختہ دار پر لٹکایا جائے گا، انسدادِ ہشتگردی کراچی کی عدالت نے تیسری بار صولت مرزاکے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے، ڈیتھ وارنٹ پر عمل ہوا تو صولت مرزا کو مچھ جیل میں سولی پر چڑھایا جائے گا۔

    صولت مزرا کو انیس مارچ کو پھانسی دی جانی تھی تاہم مجرم کے تہلکہ خیز ویڈیو بیان کے بعد پھانسی پر عملدرآمد ابتدائی طور پر  باہتر گھنٹے کیلئے موخر کردیا، جس کے بعد یکم اپریل کیلئے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے گئے۔

    یاد رہے کہ صولت مرزاکے انکشافات کے بعد جے آئی ٹی ٹیم نے مچھ جیل جاکر مجرم سے مزید تفتیش کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد یکم اپریل کو وزارت داخلہ کی سفارش پرصولت مرزاکی پھانسی پر عملدرآمد مزید ایک ماہ کے لئے موخر کر کے تیس اپریل کے ڈیتھ وارنٹ جاری کئے گئے تھے۔

    اس سے قبل شاہد حامد قتل کیس کے مجرم صولت مرزا نے سندھ ہائی کورٹ کو چار خطوط لکھے ہیں جن میں کہا ہے کہ انکی اہلیہ کو جنوبی افریقہ سے دھمکی آمیز فون آرہے ہیں، عدالت اہلیہ اور خاندان کو تحفظ فراہم کرے۔

    سندھ ہائی کورٹ کو لکھے گئے خطوط میں صولت مرزا نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ کو جنوبی افریقہ سے دھمکی آمیز ٹیلیفون کالز آر ہی ہیں ، انکی اہلیہ کال کرنےو الوں کو جانتی ہیں۔

     اس لئےمتعلقہ ایس ایس پی ان کی اہلیہ کا بیان قلم بند کریں اورملزمان کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے صولت مرزا نے مطالبہ کیا ہے کہ دھمکی آمیز کالز کرنے والوں کے کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں۔

     انہوں نے اپنی بیوی اور اہلہ خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے اور کہا ہے کہ جب تک اس مسئلہ کی تفتیش مکمل نہیں ہوجاتی ان کی سزا پر عمل درآمد موخر کیا جائے۔

     سندھ ہائی کورٹ ذرائع کے مطابق عدالت کے رجسٹرار نے خط اعتراض لگا کر واپس کر دئے ہیں اور صولت مرزا سے کہا گیا ہے کہ عدالتیں خطوط پر کارروائی نہیں کرتیں، صولت مرزا عدالتی کاروائی چاہتے ہیں تو عدالتی طریقہ کار استعمال کیا جائے۔

    واضح رہے کہ صولت مرزا کو 1999 ء میں چوہدری اسلم شہید نے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد صولت مرزا کو عدالت نے کے ای ایس سی کے ایم ڈی اور ان کے ساتھیوں کے قتل کے جرم میں پھانسی کی سزا سنائی تھی۔

  • عبید کے ٹو، نادر شاہ، فیصل موٹا کو 2 مئی تک جیل بھیج دیا گیا

    عبید کے ٹو، نادر شاہ، فیصل موٹا کو 2 مئی تک جیل بھیج دیا گیا

    کراچی:  انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار ملزمان عبید کے ٹو، نادر شاہ اور فیصل محمود عرف موٹا کو دو مئی تک عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم دیدیا ۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑیوں میں لایا گیا، تینوں ملزمان پر ٹارگٹ کلنگ، ناجائز اسلحہ ، دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں مقدمات درج ہیں۔

    نائن زیرو سے گرفتار تینوں ملزمان کو انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے ملزمان کے خلاف حتمی چالان کی تیاری کے لئے مزید کچھ مانگتے ہوئے ان کے جوڈیشل ریمانڈ کی درخواست کی جسے عدالت نے قبول کرتے ہوئے ملزمان کو 2 مئی تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

    ملزم فیصل محمود عرف موٹا کو نجی ٹی وی کے صحافی کے قتل کے الزام میں سزائے موت سنائی جاچکی ہے ۔

    ملزم کو دوسری بار عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

  • نائن زیرو سے گرفتارملزم عبید عرف کے ٹو کے ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع

    نائن زیرو سے گرفتارملزم عبید عرف کے ٹو کے ریمانڈ میں آٹھ روز کی توسیع

    کراچی: انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے نائن زیروسے گرفتارملزم عبید عرف کے ٹو کا ریمانڈ آٹھ روز بڑھا دیا،عدالتی حکم پر ملزم کی اہلخانہ سےملاقات بھی کرائی گئی۔

    گیارہ مارچ دوہزار چودہ کو کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رینجرز نے چھاپہ مارا جس میں اسلحہ برآمد اورمتعدد گرفتاریاں عمل میں آئیں۔

    نائن زیرو سے گرفتار ایم کوایم کے کارکن عبید عرف کےٹوکوآج انسداد دہشت گردی کراچی کی خصوصی عدالت نمبر چار کے جج کے سامنے پیش کیاگیا۔

     عدالت نے ملزم کے ریمانڈمیں آٹھ روز کی توسیع کردی جبکہ عدالتی حکم پر ملزم کی اہلیہ بہن اور بیٹے سے پانچ منٹ کیلئے ملاقات بھی کرئی گئی۔

     اس موقع پرجذباتی مناظر دیکھنے میں آئے،ملزم عبید کے ٹو پرالزام ہے کہ اس نے یوسف پلازہ کے سامنے پولیس اہلکار کامل کو ٹارگٹ کرکےقتل کیا، عبید کے ٹو پہلےہی غیر قانونی اسلحہ،سمیت دیگر جرائم میں پولیس کے چودہ روزہ ریمانڈ پرگرفتار ہے۔

  • نائن زیرو سے گرفتار مزید7ملزمان کے ریمانڈ میں14 روز کی توسیع

    نائن زیرو سے گرفتار مزید7ملزمان کے ریمانڈ میں14 روز کی توسیع

    کراچی : ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار مزید سات ملزمان کے ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کر دی گئی ۔

    نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے مزید سات ملزمان کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے عدالت سے ریمانڈ کی استدعا کی، جوعدالت نے منظور کرلی۔

     عدالت میں ملزمان توصیف ،رضوان ، ممتاز، وجیہ الرحمن، فیضان، نعیم اور زبیر برگر کو پیش کیا گیا، ملزمان کو رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے لیگل ایڈ وکلا کو چیمبر سے باہر نکال دیا گیا۔

    گزشتہ روز بھی عدالت نے ملزم فیصل محمود عرف موٹا، فرحان شبیر عرف ملا، نادر شاہ، عبید کے ٹو،عامر سلیم عرف سرکٹا، امتیاز، کاظم رضا رضوی، عبدالقادر ہنگورو اور ندیم احمد عرف مچھڑ کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

    عدالت نے دھماکہ خیز مواد رکھنے کے الزام میں عبید کے ٹو کے ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے گلبرگ پولیس کے حوالے کردیا جبکہ ملزم عبدالقادر ہنگورو پر زبیر، کریم اور پولیس اہلکار چمن کو کلری تھانے کی حدود میں قتل کرنے کا الزام بھی ہے۔

    عدالت نے ملزم نادر شاہ کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر اس کے اہلخانہ سے ملاقات کرانے کی اجازت بھی دی۔

    اس سے قبل بھی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار ایم کیو ایم کے پانچ کارکنوں کو چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔