کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آباد کے سابق چیئرمین بابر مرزا چغتائی کو 90 روز کیلئےجیل بھیج دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز نے ٹارگٹ کلرز کی مالی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار سابق چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد )کے چیئرمین بابر چغتائی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔
اس کے علاوہ فیصل مسرور اور مجیب اللہ صدیقی کو بھی سخت سیکورٹی میں کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔
اس موقع پر عدالت کے احاطے میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری موجود تھی، ملزم بابر چغتائی کو آنکھوں پر پٹی اور سر پر کپڑا باندھ کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ گیا۔
بابرچغتائی کو سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلرز کی مالی معاونت اور سرکاری و نجی زمینوں پرقبضہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملزمان کو دہشت گردی ایکٹ کے تحت نوے روز کیلئے جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی ۔عدالت نے بابر چغتائی کو نوے روز کیلئے دہشت گردی ایکٹ کےتحت جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔
کراچی : امان اللہ نیازی قتل کیس میں گرفتار عبید کے ٹو کے جسمانی ریمانڈ میں ایک دن کی توسیع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نائن زیرو سے گرفتار ہونے والے امان اللہ نیازی قتل کیس کے ملزم عبید کے ٹو کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ملزم عبید کے ٹو کو امان اللہ قتل کیس میں جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع کر کے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ڈپٹی سپریٹنڈنٹ امان اللہ نیازی کو دو ہزار چھ میں قتل کیاگیاتھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ گیارہ مارچ کو علی الصبح رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کرمتعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، جس میں عبید کے ٹو اور دیگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
کراچی : نائن زیرو سے گرفتار عبید کے ٹو سمیت چار ملزمان کی تفتیشی رپورٹ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کردی گئی، سانحہ بارہ مئی کے مقدمے میں ملزم نعیم گڈو کو چودہ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔
انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں ملزم عبید عرف کے ٹو کی تفتیشی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزم نے جیلر امان اللہ کا قتل صولت مرزا کو سہولتیں نہ دینے پرکیا اور اسی قتل کے مقدمے میں اشتہاری تھا، ملزم سعید برہم کے جیل سے رہا ہونے کے بعد قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جس کیلئے لیاقت آباد کے اسکول اور ابسرا اپارٹمنٹ میں میٹنگ ہوئی، پندرہ جون دوہزار چھ کو جیلر امان اللہ کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، ملزم نے انیس سو ستانوے سے لے کر گرفتاری تک اہلکاروں کے قتل کا بھی اعتراف کیا۔
عبید کے ٹو نے مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنوں کو بھی قتل کیا، نائن زیرو سے گرفتار فیضان، ممتاز، وجیہہ کا چالان بھی عدالت میں پیش کردیا گیا۔
سانحہ بارہ مئی کےمقدمے میں ملزم نعیم عرف گڈو کو عدالت نے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کےحوالے کردیا۔
خیرپور: اشتہاری ملزم اور جیو کے مالک میرشکیل الرحمان کی تمام ترجائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی ساؤتھ کراچی نے جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کی تمام جائیداد کی تفصیلات عدالت میں جمع کرا دی ہیں ۔
خیرپورکی انسداد دہشت گری کی عدالت نے میرشکیل الرحمان اور دیگرملزمان کواشتہاری قرار دیکر ان کی جائیداد تمام ترتفصیلات طلب کی تھیں۔
ڈی سی ساؤتھ کراچی نے میرشکیل الرحمان کی جائیداد کی تمام ترتفصیلات کا باضابطہ لیٹر جاری کرتے ہوئے عدالت میں جمع کرادیا ہے جس کے مطابق ملزم میرشکیل الرحمان جائیداد میں پچاس فیصد کے مالک ہیں ۔
عدالتی احکامات کے تحت میرشکیل الرحمان اپنے حصے کی جائیداد فروغ نہیں کرسکتے ۔ملزم کے مقدمات کا فیصلہ آنے تک ملزم کی جائیداد عدالتی تحویل میں دے دی گئی ہے۔
شائستہ لودھی،وینا ملک،اسد خٹک،انصار عباسی اور ڈاکٹرعامر لیاقت علی کی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کراچی میں کوئی ملکیت نہیں۔
کراچی : ملزم عبید عرف کے ٹو کوعدالت نے نواپریل تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نائن زیروپر چاپے کے دوران گرفتار قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں ملوّث ملزم عبید کے ٹو کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تی روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے ملزم عبید عرف کے ٹو اور عامر سر پھٹا کو سخت سیکیورٹی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، جبکہ نائن زیرو سے برآمد دھماکا خیز مواد کی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کردی گئی گئی ۔
اس موقع پرعدالت کوبتایا گیا کہ دھماکاخیز موادکی برآمدگی پرملزمان محمد آصف اور حسیب کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، رپورٹ کے مطابق دھماکا خیز موادسے بڑے پیمانے پر تباہی پھیل سکتی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ گیارہ مارچ کو علی الصبح رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپہ مار کرمتعدد ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، جس میں عبید کے ٹو اور دیگر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
کراچی : ایم کیو ایم کے کارکن عامر عرف سرپھٹا نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ سندھ محبت ریلی پر فائرنگ کر کے چھ افراد ہلاک اور بائیس زخمی کیے۔ تفتیشی رپورٹ کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کردی گئی۔
ایم کیو ایم کے گرفتار کارکن عامرعرف سر پھٹا کے اہم انکشافات سامنے آگئے، تنظیمی کمیٹی کارکن بدامنی و دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث نکلا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تفتیشی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم عامر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ متحدہ کراچی تنظیمی کمیٹی کےانچارج حماد صدیقی نے سندھ محبت ریلی ناکام بنانے کا ٹاسک دیا، جس پر مبشر، فیصل،منظورعرف مجو، عامر، کامران کالا اور شہزاد کے ساتھ ملکر ریلی پر فائرنگ کی، واقعے میں پولیس اہلکار سمیت چھ افراد جاں بحق اور بائیس زخمی ہوئے تھے۔
عامر نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ کامیاب کارروائی کی اطلاع نائن زیرو پر دی، حملے کے لیے اسلحہ سیکٹر آفس سے ملا، دوران تفتیش عامر نے مزید بتایا کہ پارٹی نے انیس سو ستانوے میں محکمہ صحت میں ملازمت دلوائی اور دو ہزار بارہ میں متحدہ کا سیکٹر انچار بنایا گیا۔
عدالت نے مزید تفتیش کیلئے ملزم عامر کو سات اپریل تک رینجرز کے حوالے کردیا۔
کراچی : عدالت نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن کے مقدمے می ملوث ملزمان کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ا نسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نےسانحہ بلدیہ ٹاؤن کے ملزم شکیل سمیت چارملزمان کو تین اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
سانحہ بلدیہ ٹاؤن کیس کے ملزم شکیل نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں فیکٹری کو کمیکل ڈال کر آگ لگانے کااعتراف کرلیا۔
عدالت نے پولیس کی استدعا پرملزم شکیل چھوٹا سمیت چار ملزمان کاتین اپریل تک کا ریمانڈ منظور کرلیا۔ ملزم شکیل کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے ۔
ملزمان کیخلاف ناجائز اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد رکھنےکا مقدمہ بھی درج ہے۔عدالت سانحہ بلدیہ ٹاؤن کےمرکزی ملزم رضوان قریشی کے ناقابل ضمانت وارنٹ پہلے ہی جاری کرچکی ہے۔
کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل میں ملوث ملزم کو چودہ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر چار میں ملزم احمد علی عرف پپو کو پیش کیا گیا،سماعت میں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو مانسہرہ سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم احمد علی عرف پپو اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹر پروین رحمان کے قتل اوردیگر وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے تفتیش کیلئے اسے چودہ روزہ ریمانڈ پرپولیس کےحوالے کیاجائے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کا مؤقف سنتے ہوئے ملزم کو چودہ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
کراچی : انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے گرفتار کارکن عمیر صدیقی 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔
ایم کیو ایم کے کارکن عمیر صدیقی کو نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے سے چند روز قبل عزیز آباد نمبر 8 سے گرفتار کیا تھا۔
تفصیلاے کے مطابق ایم کیو ایم کے کارکن عمیر صدیقی کو رینجرز نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے 90 روزہ تحویل میں دینے کی استدعا کی۔
رینجرز کی جانب سے ایک رپورٹ بھی پیش کی گئی جس میں بتایا کہ عمیر صدیقی نے حماد صدیقی کے حکم پر ٹارگٹ کلرزکی ٹیم بنائی جس میں ایم کیوایم سےتعلق رکھنے والے تئیس ٹارگٹ کلرزکوشامل کیا گیا ، ٹارگٹ کلنگ ٹیم نے 120مخالفین سمیت رینجرز اہلکاروں کو بھی قتل کیا، ملزم کی ٹیم نہ صرف مخالفین بلکہ متحدہ کے اپنے کارکنان کے قتل بھی کر چکی ہے ،عمیر صدیقی کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا تھا۔
رینجرز ترجمان کے مطابق عمیر صدیقی نے اعتراف کیا ہے کہ ایک ماہ قبل تمام سیکٹرز کا اسلحہ ایمبولینسوں کے ذریعے نائن زیرو پر جمع کرایا گیا، تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ ٹارگٹ کلر عامر خان کے بھتیجے اور فیصل رضا عابدی کے گارڈ کے قتل میں بھی ملوث ہے، ٹارگٹ کلرز کی ٹیم نے ایک ایس پی کو بھی قتل کیا۔
عمیر صدیقی نے اعتراف کیا کہ دو ہزار آٹھ میں انیس قائمخانی نے لسانی ٹارگٹ کلنگ تیز کرنے کیلئے میٹنگ کی تھی، کوئٹہ کے ڈیلر کے ذریعےمتحدہ کا ایک ونگ اسلحہ خریداری میں ملوث رہا، ملزمان بڑی تعدادمیں اسلحےکی کھیپ کی خریداری کرتےتھے ایک راکٹ لا نچر، چھ جی تھری کی کھیپ خریدی گئیں، فروری دو ہزار پندرہ میں چھاپوں کے دوران سیکٹر انچارجزکواضافی اسلحہ نائن زیرو پرجمع کرانےکی ہدایت کی گئی تھی۔
ملزم نے نائن زیرو کے اطراف میں ٹارگٹ کلرز کے ٹھکانوں کا بھی انکشاف کیا، نائن زیرو کے اطراف میں 250 سے 300 ٹارگٹ کلرز روپوش ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملزم نے انکشاف کیاکہ اس کے حکم پر جوہر سیکٹر کےکارکنان نے فیصل سبزواری کے حلقے میں جعلی ووٹ کاسٹ کرائے جبکہ الیکشن سے ایک روز پہلے پریذائیڈنگ افسران کو سیکٹر آفس بلا کر جعلی ووٹ کاسٹ کرنے پر قائل کیا گیا۔
ملزم نے سانحہ بلدیہ سے متعلق انکشاف کیا کہ فیکٹری میں آگ بلدیہ سیکٹر انچارج رحمان بھولا نے ساتھیوں سمیت لگائی۔
رینجرز کی جانب سے ملزم عمیر صدیقی سے پوچھ گشت کی جاری کردہ رپورٹ
گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کئے گئے 32ملزمان کو90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا گیا جبکہ فیصل موٹا اور عبید کے ٹو سمیت 26ملزمان کو14روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے میں گرفتار مزید 50 زائد ملزمان کو انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جن میں فیصل موٹا اور عبید کے ٹو اور نادر بھی شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں ان ملزمان کو پیش کیا جائے گا جن پر شک ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں اشتہاری ، سزا یافتہ ملزمان کو پیش کیا جائے گا۔
کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نمبر 2 میں نائن زیرو پر چھاپے میں گرفتار 32 ملزمان کو پیش کیا گیا، ملزمان کوہتھکڑیاں لگاکراورآنکھوں پر پٹیاں باندھ کرعدالت میں پیش کیا گیا۔
دوسرے مرحلے 26 ملزمان کو پیش کیا گیا، ذرائع کے مطابق ان میں ایسے ملزمان بھی شامل ہیں، جو سنگین جرائم میں ملوث تھے، چھبیس ملزمان کو غیرقانونی اسلحہ اور دیگرجرائم میں جسمانی ریمانڈ پر دیا گیا،رینجرز ذرائع کے مطابق 26ملزمان میں عدالتوں سے بھاگے ہوئے اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں، ملزمان میں صحافی ولی خان بابرکے قتل میں ملوث فیصل موٹا ، عبید کے ٹو اور نادر بھی شامل ہے۔
متحدہ قومی مومومنٹ کے مرکز نائن زیروسے دو روزقبل حراست میں لئے گئے بتیس ملزمان کوتحفظ پاکستان قانون کےتحت نوے دن کے لیے رینجرزحکام کے حوالے کر دیا گیا جبکہ چھبیس ملزمان کوچودہ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا، جن سے تفتیش کی جائے گی۔
تحفظِ پاکستان آرڈیننس کے تحت رینجرز کے پاس یہ اختیارات ہوتے ہیں کہ جن ملزمان پرسنگین جرائم میں ملوث ہونے کا شبہ ہو انہیں نوے روز تک بغیر کسی ایف آئی آر اور ثبوت کے اپنے پاس رکھ سکتی ہے۔
رینجرز ذرائع کے مطابق ان میں ایسے ملزمان بھی شامل ہیں، جوسنگین جرائم میں ملوث تھے، چھبیس ملزمان کو غیرقانونی اسلحہ اور دیگرجرائم میں جسمانی ریمانڈ پر دیا گیا، رینجرزذرائع کے مطابق بتیس ملزمان میں عدالتوں سے بھاگے ہوئے اشتہاری ملزمان بھی شامل ہیں۔ ملزمان میں صحافی ولی خان بابرکے قتل میں ملوث فیصل موٹابھی شامل ہے۔
رینجرزکے حوالے کئے گئے ایم کیو ایم کے رہنماء سمیت ساٹھ ملزمان کو سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا، نوے روز تک تمام ملزمان کوسینٹرل جیل میں
رکھاجائے گا۔
یاد رہے کہ ملزمان کو دو روز قبل ایم کیو ایم کے مزکر نائن زیرو پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔
گزشتہ روز بھی رابطہ کمیٹی کے ممبراور سینئر رہنماء عامرخان سمیت 27 ملزمان کو 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ نائن زیرو پر چھاپے میں گرفتار کیے گئے 3افراد کو تفتیش کے بعد رہا کر دیا گیا، رہائی پانے والوں میں پرویز، عظیم اور خرم شامل ہیں۔