Tag: ATC

  • ایئرپورٹ حملہ کیس: تین ملزمان پر فرد جرم عائد، آٹھ اشتہاری قرار

    ایئرپورٹ حملہ کیس: تین ملزمان پر فرد جرم عائد، آٹھ اشتہاری قرار

    کراچی :  انسداد دہشت گردی عدالت نے ائرپورٹ حملہ کيس کے 3 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی،ملزمان کا صحت جرم سے انکار۔

    عدالت نے 10 مارچ کو گواہان کو طلب کرليا کراچی انسداد دہشت گردی کے جج بشير احمد کھوسو نے ائرپورٹ حملہ کيس کے 3 ملزمان سرمد صديقی، آصف ظہير اور نديم برگر پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہان کو 14 مارچ کو طلب کرليا ہے۔

    ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرديا، اس سے قبل تحريک طالبان کے سربراہ ملا فضل اللہ اور شاہداللہ شاہد سميت 8 ملزمان کو اس کيس ميں اشتہاری قرار ديا جاچکا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ 8 سال جون کو کراچی ايئرپورٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کيا تھا جس ميں حملے ميں 10 حملہ آور سميت 28 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • ڈاکٹرطاہرالقادری چھ ساتھیوں سمیت اشتہاری قرار

    ڈاکٹرطاہرالقادری چھ ساتھیوں سمیت اشتہاری قرار

    لاہور: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری کو پارٹی کے چھ دیگررہنماوٗں سمیت اشتہاری مجرم قراردے دیا۔

    انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے عوامی تحریک کے سربراہ کو گزشتہ سال لاہور میں احتجاج کے دوران توڑپھوڑاورجلاؤگھیراؤ کا مجرم قراردیا۔

    عدالت نے مقدمے میں نامزد افراد کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ بھی جاری کردیے ہیں۔

    عوامی تحریک کے لیڈرخرم نوازگنڈاپور، رحیق عباسی اورڈاکٹرطاہرالقادری کے دونوں صاحبزادے حسن محی الدین اورحسین محی الدین بھی مقدمے میں اشتہاری قرار دیے گئے تھے۔

    دوسری جانب رحیق عباسی نےاعلان کیا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری مارچ میں وطن واپس آئیں گے اور عوامی تحریک کی قیادت اپنے ہاتھوں میں لیں گے۔

    واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں عوامی تحریک کے سربراہ اور دیگر چھ افراد کے خلاف مقدمہ انسدادِ دہشت گردی کے سیکشن 7 اور پاکستان پینل کورٹ کے آرٹیکل 325،365 بی اور 395 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    مدقدمے میں کہا گیا تھا کہ سیاسی کارکن ڈاکٹرطاہرالقادری کے حکم پراکھٹے ہوئے تھے۔

  • ٹی ٹی پی کے چاردہشت گردوں کواکیس بارسزائے موت سنادی گئی

    ٹی ٹی پی کے چاردہشت گردوں کواکیس بارسزائے موت سنادی گئی

    لاہور: انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اچھرہ دہشت گردی کیس کا فیصلہ سنادیا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پرچاردہشت گردوں کو اکیس اکیس مرتبہ سزائےموت کاحکم سنادیا۔

    انسدادِ دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے روبرو سرکاری وکیل نے عدالت کوآگاہ کیا کہ دہشت گردوں نے اچھرہ پولیس ٹریننگ سینٹر میں خیبر پختونخوا سےتعلق رکھنے والے زیرِتربیت جیل وارڈنز پرحملہ کیا تھا۔

    اس حملے کے نتیجے میں دس وارڈنز جاں بحق اور 22 شدید زخمی ہو گئے تھے، انہوں نے عدالت سے استدعا کی
    کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو سخت ترین سزا سنائی جائے۔

    مجرموں کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ ناکافی گواہوں اورثبوتوں کی بناء پرانہیں بری کیا جائےتاہم عدالت نے چاردہشت گردوں ذوالفقار،کرامت ،افضل اورعبدالحکیم کو جرم ثابت ہونے پر اکیس مرتبہ سزائے موت کاحکم سنا دیا۔

    واضح رہے کہ چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔

  • کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی:سانحہ12 مئی کا ملزم رفیق راجپوت90 روز کیلئے رینجرز کے حوالے

    کراچی : انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ بارہ مئی کے ملزم عبدالرفیق راجپوت کو تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت نوے دن کیلئے رینجرز کی تحویل میں دے دیا گیا، ملزم ایم کیو ایم محمود آباد کا سیکٹر انچارج ہے۔

    بارہ مئی قتل وغارتگری کے الزام میں گرفتار ایم کیوایم کے سیکٹر انچارج رفیق راجپوت کوانسدادِ دہشت گردی کراچی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا، ملزم کو اسپیشل ٹاسک فورس نےعدالت میں پیش کیا، عدالت نے ملزم کو ترمیمی شق کے تحت نوے روز کے ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق رفیق راجپوت اسٹیٹ بینک میں اٹھارہویں گریڈ کا افسر ہے، رفیق راجپوت پر سانحہ بارہ مئی سمیت ٹارگٹ کلنگ کی دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا الزام ہے۔

    گزشتہ روز بارہ مئی کے پُرتشدد واقعات کا ایک ملزم سات سال بعد گرفتارکرلیا گیا، ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم عبدالرفیق عرف کائیں ایم کیوایم محمودآباد سیکٹر کا انچارج اور بارہ مئی کے واقعات میں ملوث ہے، جس کا وہ اعتراف بھی کرچکا ہے، ملزم ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث اور زمینوں پرقبضے کے مقدمات میں بھی مطلوب تھا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ عبدالرفیق نے رئیس مما سمیت دیگر ٹارگٹ کلرز کو تحفظ دینے اور ٹارگٹ کلنگ میں استعمال ہونے والے اسلحہ چھپانے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

  • پولیس 15، انٹیلی جنس عمارت حملے کے مجرموں کو پھانسی کی سزا

    پولیس 15، انٹیلی جنس عمارت حملے کے مجرموں کو پھانسی کی سزا

    لاہور:انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے حساس عمارتوں پر حملے کے تین مجرمان کو تئیس بار سزائے موت کا حکم سنادیا۔

    پولیس نے 15 بلڈنگ اٹیک کے تین ملزمان عابد اکرم، شبیر احمد اور سرفراز احمد کو عدالت میں پیش کیا۔

    سماعت کے دوران استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ نامزد ملزمان پولیس 15 اور انٹیلی جنس ایجنسی کی عمارت پرحملے میں ملوث ہیں اوراس بات کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔

    ملزمان کے وکیل نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ وکیل نے درخواست کی کہ عدالت ان کے موکلین کو بری کیا جائے۔

    انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے فریقین کے دلائل سننے اور ثبوتوں اور گواہوں کے بیانات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تینوں مجرموں کو سزائے موت دینے کا حکم دیا۔

    عدالت نے مجرمان کو حکم دیا کہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپے فی کس ادا کرنے کا حکم دیا۔

    2009میں پولیس 15 اورانٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر کیے گئے حملے کے نتیجے میں لگ بھگ تئیس افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔

  • انسداد دہشتگردی کی عدالت نے امریکی ڈاکٹرکےاغواکار کو3بارسزائےموت کی سزا سنادی

    انسداد دہشتگردی کی عدالت نے امریکی ڈاکٹرکےاغواکار کو3بارسزائےموت کی سزا سنادی

    لاہور: امریکی ڈاکٹروارن اسٹائن کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو پھانسی کی سزا سنا دی گئی۔

    لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے امریکی ڈاکٹر وارن اسٹائن کے اغوا کے مجرم کو تین بار پھانسی کی سزا سنا دی مقدمہ کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی۔

     عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم حافظ عمران نے امریکی ڈاکٹر وارن وارن اسٹائن کو دوہزار گیارہ میں ماڈل ٹائون لاہور سے اغوا کیا جسکا سراغ نہ مل سکا، خدشہ ہے کہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔

     اس موقع پر وکیل صفائی نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے حافظ عمران کو بری کرنے کی درخواست کی کیا جائے۔ عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد حافظ عمران کو تین بار پھانسی اور پانچ لاکھ جرمانے کی سزا سنا دی۔

  • عدالت نے ڈاکٹرطاہرالقادری کو اشتہاری ملزم قراردےدیا

    عدالت نے ڈاکٹرطاہرالقادری کو اشتہاری ملزم قراردےدیا

    راولپنڈی:انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو با ضابطہ اشتہاری ملزم قرار دے کر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت نے علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری کو للہ انٹرچینج راولپنڈی ہنگامہ آرائی کیس میں اشتہاری ملزم قرار دےدیا ہے۔

    عدالت نے بار بار طلب کیے جانے کے باوجود ان کی غیر حاضری کے بعد یہ حکم جاری کیا۔ ڈاکٹرطاہرالقادری کو ایسے وقت اشتہاری ملزم قرار دیا گیا ہے جب وہ ملک سے باہر علاج کے غرض سے گئے ہوئے ہیں۔

    گزشتہ سماعت میں ڈاکٹر طاہر القادری  کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے، جس کے باوجود داکٹر طاہر القادری عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی ان کی جانب سے کوئی نمائندہ عدالت کے روبرو پیش ہوا۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری اس وقت امریکہ کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی انجیو گرافی کی گئی  ہے، ڈاکٹرز کے مطابق علامہ طاہر القادری کی دل کی شریانیں عارضی طور پر بند ہیں۔

  • ٹڈاپ کیس: سابق وزیراعظم گیلانی کی ضمانت پرفیصلہ محفوظ

    ٹڈاپ کیس: سابق وزیراعظم گیلانی کی ضمانت پرفیصلہ محفوظ

    کراچی: وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ کیس میں سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں توسیع کا فیصلہ کل تک کے لئے محفوظ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی جمعرات کی صبح عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر سابق وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم اور فاروق ایچ نائیک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    انسداد اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے پروجیکٹس میں بد عنوانی سے متعلق مقدمے کی پیروی میں 19 نومبر تک کی توسیع کردی ہے جبکہ سابق وزیرِاعظم کی ضانت میں توسیع سے متعلق فیصلہ کل تک کے لئے محفوظ کرلیا ہے واضح رہے کہ رواں برس جون میں اسی عدالت نے گیلانی کی ضمانت منظور کی تھی۔

    اس موقع پراے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ وہ عدالتی کارروائی سے قبل فیصلے سے متعلق کسی قسم کا تبصرہ نہیں کر سکتے۔

  • انسداد دہشتگردی عدالت نے عوامی تحریک کےکارکنان رہا کردئیے

    انسداد دہشتگردی عدالت نے عوامی تحریک کےکارکنان رہا کردئیے

    گوجرانوالہ : انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پاکستان عوامی تحریک کےتینتیس کارکنوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا، ان کارکنوں پر یومِ شہدا کے موقع پر گوجرانوالہ کے علاقے سادھوکی میں پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے کا الزام ہے۔

    دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی اے ٹی کے تینتیس کارکنوں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا جبکہ یوم شہدا کے موقع پر ڈی ایس پی سمیت پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے عوامی تحریک کے اکہتر کارکنوں کو عدالت نے اشتہاری قرار دیدیا۔

    فاضل جج نے تئیس اگست کو طاہرالقادری سمیت باہتر کارکنوں کو عدالت پیش کرنےکا حکم دیا تھابعد ازاں اس حکم میں توسیع کرتے ہوئےطاہرالقادری کو پانچ ستمبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

    عوامی تحریک کے ایک سو پندرہ اور پی ٹی آئی کے اٹھاون کارکن تاحال جیل میں نظربند ہیں۔

  • گوجرانوالہ : عوامی تحریک کے 71 کارکنان اشتہاری قرار

    گوجرانوالہ : عوامی تحریک کے 71 کارکنان اشتہاری قرار

    گوجرانوالہ:دہشت گردی کی عدالت نے یوم شہدا کے موقع پر سادکھوکی میں پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے والے عوامی تحریک کے 71کارکنوں کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امتیاز نے یوم شہدا کے موقع پر سادھوکی کے مقام پر ڈی ایس پی سمیت پولیس اہلکاروں پر تشدد کرنے والے عوامی تحریک کے 71اہلکاروں کو عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

    فاضل جج نے 23اگست کو طاہرالقادری سمیت 72کارکنوں کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا تھا، جس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کو 5ستمبر کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا ہے جبکہ 71کارکنوں کو اشتہاری قرار دے دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف عوامی تحریک کے 148اور پی ٹی آئی کے 58کارکنوں ابھی تک جیل میں نظر بند ہیں، سیاسی اہلکاروں کے عزیزواقارب کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے رشتہ داروں سے ملنے کی بلکل اجازت نہیں دی جا رہی۔

    انھوں نے الزام عاید کیا کہ سزائے موت کے قیدیوں سے ملنا آسان ہے جبکہ سیاسی اہلکاروں سے ملنا بہت مشکل ہے۔