Tag: ATM

  • اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے نکالنے کی کوشش کرنیوالا ملزم گرفتار

    اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے نکالنے کی کوشش کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی: مددگار 15 نے کراچی کے علاقے قائد آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے نکالنے کی کوشش کرنیوالاملزم گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کالر نے اطلاع دی کہ اے ٹی ایم میں ایک شخص موجود ہے اور الارم بج رہا ہے، مددگار 15 فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ATM کو چیک کیا گیا تو مشین کا نیچے کاحصہ کھلا ہوا تھا، ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اے ٹی ایم مشین سے 30 لاکھ کی رقم چوری:

    بھارت میں تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں ملزمان نے انتہائی مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے ATM مشین میں سے 30 لاکھ روپے کی رقم چرالی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چار رکنی گروہ ایک کار میں ایس بی آئی اے ٹی ایم پہنچا، نقاب پوش افراد نے سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے کیا۔

    ملزمان نے ایمرجنسی سائرن کو بجنے سے روکنے کے لیے سینسر کے وائر بھی کٹ کردیئے، بعد ازاں انہوں نے کٹر اور لوہے کی سلاخوں کی مدد سے ATM کو توڑدیا۔

    اے ٹی ایم کارڈ کے بغیر پیسے کیسے نکال سکتے ہیں؟

    رپورٹس کے مطابق چار منٹ کے اندر انہوں نے ATM توڑ کر رقم نکال لی۔ اس کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مقامی افرادکی اطلاع کی بنیاد پر پولیس کے اعلی عہدیدار وہاں پہنچ گئے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، جبکہ مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

  • اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے ہوئے ہوشیار، کورنگی میں واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے ہوئے ہوشیار، کورنگی میں واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    کراچی: اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے ہوئے شہری ہوشیار رہیں، کورنگی میں رقم نکالتے ہوئے ایک شہری ڈاکوؤں کا شکار بن گیا، اس واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے ٹی ایم کے اندر بھی شہری محفوظ نہیں رہے، کورنگی نمبر دو میں اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے شہری کو 2 ڈاکووٴں نے لوٹ لیا۔

    شہری اے ٹی ایم کا دروازہ لاک کر کے پیسے نکال رہا تھا، رقم نکال کر جیسے ہی وہ باہر نکلنے لگا تو دو مسلح ڈاکو اے ٹی ایم کے اندر داخل ہو گئے، ڈاکو نے شہری سے اے ٹی ایم سے نکالی گئی رقم اور بٹوے سے پیسے نکال لیے۔

    ڈاکوؤں نے شہری کو ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کا کہا تو وہ مزاحمت کرنے لگا، اس پر انھوں نے شہری کو ڈرایا، شہری نے ایک بار پھر اے ٹی ایم سے رقم نکلوا کر ڈاکوؤں کو دے دی۔

    فرنٹیئر کالونی میں پکوان سینٹر پر گرنیڈ حملے کی فوٹیج سامنے آ گئی

    شہری کو لوٹنے کے بعد دونوں ڈاکو آسانی سے فرار ہو گئے۔ کراچی میں لوٹ مار کی وارداتیں اس وقت عروج پر ہیں، بلدیہ مدینہ کالونی میں بھی ایک چکن شاپ میں ڈکیتی واردات کی واردات ہوئی ہے۔

    تھانہ مدینہ کالونی کی حدود سیکٹر A/3 دارالعلوم صفحہ کے قریب اختر چکن شاپ پر دو ڈاکو 3 لوگوں سے 6 موبائل فون اور 30 ہزار کیش چھین کر فرار ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

  • لٹیروں نے اے ٹی ایم مشین توڑ کر رقم لوٹ لی

    لٹیروں نے اے ٹی ایم مشین توڑ کر رقم لوٹ لی

    لکی مروت: خیبر پختونخوا کے شہر لکی مروت کے ایک علاقے میں لٹیروں نے رقم نکالنے کے لیے اے ٹی مشین توڑ ڈالی۔

    تفصیلات کے مطابق لکی مروت میں پشاور کراچی انڈس ہائی وے پر لٹیروں نے بینک کی اے ٹی ایم مشین توڑ دی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیمنٹ فیکٹری کے گیٹ پر لگی اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے نکال کر لٹیرے فرار ہو گئے۔

    اس واردات نے سیکیورٹی سسٹم پر کئی سوال اٹھا دیے ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ مشین فیکٹری کے گیٹ پر لگی تھی، تو کیا وہاں کوئی چوکیدار تعینات نہیں تھا؟

    اے ٹی ایم مشین توڑنا کوئی آسان ہدف نہیں ہوتا، اس میں خاصا وقت لگتا ہے، دوسری بات یہ ہے کہ سیکیورٹی الارم کا سسٹم بھی نصب ہوتا ہے، تاہم اس واقعے میں ایسے کئی سوالات ہیں جو سیکیورٹی پر اٹھائے جا سکتے ہیں۔

    مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے سلسلے میں تفتیش کی جا رہی ہے، اور یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ واردات کیسے ہوئی۔

  • تیز رفتار کار نے بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین تباہ کر دی

    تیز رفتار کار نے بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین تباہ کر دی

    شمالی کیرولائنا: امریکا کے ایک شہر گرینزبورو میں ایک تیز رفتار کار بے قابو ہو کر اے ٹی ایم مشین میں گھس گئی۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی صبح شمالی کیرولائنا کے شہر گرینزبورو میں نارتھ ہولڈن روڈ پر کار کے حادثے میں ایک اے ٹی ایم کو شدید نقصان پہنچا ہے، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گاڑی گیٹ سٹی بلیوارڈ سے شمال کی طرف جا رہی تھی جب اس نے اے ٹی ایم بوتھ کو ٹکر مار دی۔

    پولیس افسران کے مطابق گاڑی نے بے قابو ہو کر قلابازیاں کھانی شروع کر دی تھیں، پہلے اس کی زد پر اے ٹی ایم آئی، اور پھر وہ قریب ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں جا کر رک گئی۔

    حادثے کے فوراً بعد کار میں آگ بھی بھڑک اٹھی، تاہم ایک راہگیر نے بروقت ڈرائیور کو گاڑی سے باہر نکال لیا تھا، جسے بعد ازاں شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ کار بے قابو ہو کر سڑک سے کیوں اتر گئی تھی، تاہم حادثے کی وجہ کی تحقیقات جاری ہے۔

  • ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر جانے والی خاتون کو گولی مار دی

    ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر جانے والی خاتون کو گولی مار دی

    کراچی: ڈاکوؤں نے کراچی کے علاقے تیمیوریہ میں اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر جانے والی ایک خاتون کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تیموریہ کی حدود ففٹین اے ون میں ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے خاتون زخمی ہو گئیں، پولیس حکام نے بتایا ہے کہ 3 خواتین اے ٹی ایم سے پیسے نکال کر واپس جا رہی تھیں، اس دوران لٹیرے پہنچ گئے۔

    پیسے چھیننے کی واردات کے دوران خواتین کی جانب سے مزاحمت کی گئی، جس پر لٹیروں نے فائرنگ کر دی، اور ایک خاتون زخمی ہو گئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ادھر کراچی کے علاقے کورنگی، شاہ فیصل کے قریب شہری نے لوٹ مار کرنے والے ایک ملزم کو پکڑ لیا، جو باغ کورنگی کے قریب شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر بھاگ رہا تھا، متاثرہ شہری نے تعاقب کے بعد شاہ فیصل ناتھا خان گوٹھ کے قریب ملزم کو پکڑ لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ناتھا خان گوٹھ کا رہائشی ہے، جس کا ساتھی اسلحہ سمیت فرار ہو گیا ہے، گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک میں ایل میں بھی 4 ملزمان نے لوٹ مار کی واردات کی ہے، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی اے آر وائی نے نشر کی، 2 موٹر سائیکلوں پر 4 لٹیرے آئے اور شہریوں سے لوٹ مار کی، واردات کے دوران 4 شہریوں سے موبائل فون اور نقدی چھینی گئی۔

    گزشتہ رات کراچی میں کئی پولیس مقابلے بھی ہوئے، اے وی سی سی نے ملیر ولایت شاہ مزار کے قریب مقابلے کے بعد 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جن کی شناخت ولی اور فاروق کے نام سے ہوئی ہے، ایس ایس پی اے وی سی سی کے مطابق گرفتار ملزمان مختلف علاقوں میں وارداتیں کر چکے ہیں۔

    کراچی کے علاقے گلشن معمار کریم شاہ مزار کے قریب بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، ریسکیو ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جس کی شناخت عبدالقدیر کے نام سے ہوئی ہے جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

  • اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ 4 ہندسوں کا کیوں؟

    اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ 4 ہندسوں کا کیوں؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ اے ٹی ایم کارڈ کا پن کوڈ 4 ہندسوں ہی پر کیوں مشتمل ہوتا ہے؟

    ہم آپ کو اس کی وجہ بتاتے ہیں کہ آٹومیٹڈ ٹیلر مشین (اے ٹی ایم) کارڈ کے پن کوڈ کو 4 ہندسوں تک کیوں محدود رکھا گیا۔

    عام طور سے یہ سوال لوگوں کے ذہن میں ابھرتا کہ چار ہی ہندسے کیوں؟ حالاں کہ زیادہ نمبروں سے اسے زیادہ محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔

    آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پن کوڈ کو چار ہندسوں تک محدود رکھنے کی وجہ ایک خاتون ہیں، اور خاتون بھی کوئی عام نہیں بلکہ اے ٹی ایم مشین ایجاد کرنے والے شخص کی بیوی۔

    اس کا قصہ یوں ہے کہ کوئی 5 دہائیوں سے زائد عرصہ قبل جان شیپرڈ بیرن نامی برطانوی مؤجد کو ایک ایسی مشین کا خیال آیا جس سے چاکلیٹس کی بجائے پیسوں کا حصول ممکن ہو سکے، یوں انھیں آٹومیٹڈ ٹیلر مشین کا خیال آیا۔

    انھوں نے مشین تیار کر لی اور 1967 میں لندن میں پہلی اے ٹی ایم مشین نصب کی گئی، مشین کی تیاری کے ساتھ ساتھ جان شیپرڈ نے صارف کے تحفظ کے مسئلے کا حل پن کوڈ کی شکل میں نکالا۔

    جان شیپرڈ نے تو کارڈ کا پن کوڈ اپنے پرانے فوجی نمبر کو ذہن میں رکھتے ہوئے 6 ہندسوں کا تیار کیا، لیکن کچن میں کام کرتے ہوئے ان کی اہلیہ کیرولین نے کہا ’میں صرف 4 ہندسوں کو یاد کر سکتی ہوں‘۔

    یوں کیرولین کی وجہ سے ہی 4 ڈیجٹ پن کوڈ ایک عالمی معیار بن گیا، یعنی کیرولین کی کمزور یادداشت دنیا بھر کے کروڑوں افراد کی زندگیوں کو آسان بنانے کا باعث بنی۔

  • نیشنل بینک کے مرکزی سرور میں خرابی، اے ٹی ایمز بند

    نیشنل بینک کے مرکزی سرور میں خرابی، اے ٹی ایمز بند

    کراچی: نیشنل بینک آف پاکستان کے مرکزی سرور میں خرابی آ گئی ہے، جسے 9 گھنٹے گزر جانے کے باوجود دور نہیں کیا جا سکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مصدقہ ذرائع نے کہا ہے کہ نیشنل بینک کے مرکزی سرور میں خرابی کی وجہ سے 1400 سے زائد برانچز کے اے ٹی ایمز بند ہو گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی سرور میں جمعرات کی صبح 3.30 بجے خرابی پیدا ہوئی، سرور ڈاؤن ہونے کی وجہ سے کور بینکنگ، اسلامی بینکاری، اور کیش ڈیلنگ مکمل بند ہو گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیشنل بینک کی آئی ٹی ٹیم خرابی سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہے تاہم نو گھنٹے بعد بھی خرابی کو دور نہ کر سکی ہے۔

    بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمپیوٹر سرور میں غیر متوقع خرابی کے باعث نیشنل بینک آف پاکستان کی چند برانچوں اور اے ٹی ایم کی سروسز متاثر ہوئی ہیں، تاہم، ہم اپنے صارفین کو متبادل ذرائع سے اور کسی حد تک محدود خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    این بی پی نے بیان میں کہا کہ ہم اپنے صارفین کو پہنچنے والی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں، اور اپنے صارفین کو یقین دلاتے ہیں کہ مکمل خدمات کی فراہمی کو جلد از جلد ممکنہ وقت میں بحال کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ (ویڈیوز)

    ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ (ویڈیوز)

    کراچی: گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن اقبال، بلاک 3 میں ڈسکو بیکری کے قریب ملزمان کے ایک گروپ نے ایک اے ٹی ایم مشین اکھاڑ کر لے جانے کی واردات کی تھی، اگرچہ ایک شہری کی بروقت کال نے انھیں کام یاب نہیں ہونے دیا، تاہم لوگ ان کی اس ‘فلمی واردات’ پر حیران رہ گئے ہیں۔

    ہالی ووڈ ایکشن فلموں سے متاثر ملزمان نے کراچی میں اے ٹی ایم اکھاڑنے کی واردات کیسے کی؟ اسے سی سی ٹی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے، ایک ملزم جب اے ٹی ایم میں گھسا تو اس نے سب سے پہلے سرویلنس کیمرے کو ناکارہ بنایا، تاہم باہر موجود کیمروں میں ان کی واردات ریکارڈ ہو گئی۔

    نجی بینک حکام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اے ٹی ایم میں گزشتہ روز 55 لاکھ روپے کیش ڈالا گیا تھا، صبح تک اے ٹی ایم سے 15 لاکھ کے قریب نکالے جا چکے تھے، تاہم واردات کے وقت بھی اس میں 40 لاکھ روپے موجود تھے، مشین کو لوہے کی وائر اور گاڑی کے ذریعے اکھاڑا گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر ایکشن فلموں سے متاثر تھے، واردات میں جو منی ٹرک استعمال کیا گیا تھا، وہ مبینہ طور پر آج صبح چوری ہوا تھا، اور ملزمان اس شہ زور گاڑی پر مکمل انتظامات کے ساتھ آئے تھے، مشین اکھاڑنے کے لیے لوہے کی مضبوط تار کو اے ٹی ایم مشین میں پھنسایا گیا، اور پھر ٹرک چلا کر اے ٹی ایم مشین کو جڑ سے اکھاڑا گیا۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ ایک شہری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مددگار 15 پر اطلاع دی تو 2 منٹ کے اندر عملے نے رسپانس کیا اور موقع واردات پر پہنچ گئے، ملزمان بیک اپ پر موٹر سائیکل بھی لائے تھے، پولیس کو دیکھتے ہی وہ موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، اس وقت ملزمان اے ٹی ایم مشین کو شہ زور ٹرک پر لوڈ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    پولیس تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان کے زیر استعمال شہزو رٹرک چوری کا تھا، جس کی چوری کا مقدمہ تھانہ سرسید میں اس کے مالک یاسر کی مدعیت میں درج ہے، شہری یاسر نے 8 فروری کی رات ٹرک دکان کے قریب کھڑا کیا تھا، صبح 6 بجے دیکھا تو ٹرک غائب تھا، جس پر انھوں نے 15 پر اطلاع بھی دی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ممکنہ طور پر اے ٹی ایم چوری کی پہلے سے منصوبہ بندی کی تھی، اور چوری کے لیے شہزور ٹرک کی بھی ریکی کی ہوگی، ملزمان نے واردات کے وقت ٹرک اس طرح کھڑا کیا کہ راستہ بلاک ہو گیا، لیکن ایک گاڑی ٹرک کے پاس آ کر رُکی تو ملزمان کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ملزم کا چہرا کچھ واضح ہے، فوٹیج نادرا کو بھیج کر ملزم کی شناخت کرائی جائے گی۔

  • کویت: شہری رات کے وقت اے ٹی ایم پر گیا تو منظر دیکھ کر حیران رہ گیا (ویڈیو)

    کویت: شہری رات کے وقت اے ٹی ایم پر گیا تو منظر دیکھ کر حیران رہ گیا (ویڈیو)

    کویت سٹی: خلیجی ملک کا ایک شہری رات کے وقت اے ٹی ایم پر گیا تو وہاں کا منظر دیکھ کر ششدر رہ گیا۔

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں ایک چھوٹا سا بچہ رات کے وقت ایک اے ٹی ایم مشین سے بڑے مزے کے ساتھ رقم نکالتا دکھائی دے رہا ہے۔

    خلیجی ملک کا ایک شہری جب رات کے وقت اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوانے پہنچا، تو وہاں ایک 6 سالہ بچے کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔

    بچے کو اپنی بائیسیکل پر دیکھا جا سکتا ہے، بچے نے انتہائی اطمینان سے اے ٹی ایم مشین سے رقم نکالی اور اپنی چھوٹی سی سائیکل پر چلتا بنا۔

    یہ ایک دل چسپ منظر تھا، جب لوگ اپنی گاڑیوں میں آکر پیسے نکالنا چاہ رہے تھے، وہاں ایک ننھی سائیکل پر ننھا بچہ بیٹھا اس انداز سے پیسے نکال رہا تھا جیسے یہ اس کا روز کا معمول ہو۔

    لیکن ایک تو بچہ، اور پھر رات کے وقت کہیں بھی کوئی یہ منظر دیکھے گا تو بلاشبہ اس کا حیران ہونا جائز ہے، سوال یہ ہے کہ بچہ کس کا اکاؤنٹ ‘ڈیل’ کر رہا تھا، لیکن اس سلسلے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔

    یہ حیران کن منظر کسی نے اپنے موبائل فون کے کیمرے میں قید کر لیا، جو اب سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

  • 17 سالہ بھارتی لڑکا یوٹیوب کی مدد سے جرائم کرنا سیکھ گیا

    17 سالہ بھارتی لڑکا یوٹیوب کی مدد سے جرائم کرنا سیکھ گیا

    نئی دہلی: بھارت میں 17 سالہ نوجوان یوٹیوب کی مدد سے اے ٹی ایم فراڈ کرنا سیکھ گیا، نوجوان نے بزرگ افراد کو لوٹ کر ان کے اے ٹی ایم کارڈ کی مدد سے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم کا فراڈ کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ نوجوان آسانی سے پیسہ کمانے کے لیے یوٹیوب دیکھ کر جرائم کرنا سیکھ گیا۔

    نوجوان نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان کی مدد کرنے کے بہانے سے دھوکے سے ان کا کارڈ حاصل کیا اور ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکالنا شروع کردی۔

    یہ نوجوان اے ٹی ایم کے باہر رک کر ضعیف افراد کو اے ٹی ایم سے رقم نکالنے میں مدد کرتے ہوئے پن نمبر معلوم کرلیتا اور بڑی چالاکی سے انہیں ڈپلیکیٹ کارڈ دے دیتا جبکہ اصل کارڈ خود رکھ لیتا۔

    اس 17 سالہ لڑکے نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے مختلف حصوں میں اے ٹی ایم کارڈ فراڈ کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے سے زائد رقم حاصل کی جس کے بعد اس نے طیاروں میں سفر کرنا اور فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام کرنا شروع کردیا۔

    گزشتہ ماہ چتور سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون نے اے ٹی ایم سے رقم نکالے جانے کی شکایت پولیس کو درج کروائی۔

    پولیس نے ضعیف خاتون کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے شناخت کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا، نابالغ ہونے کی وجہ سے اسے تروپتی کے جووینائل ہوم منتقل کیا گیا ہے۔