Tag: ATM machine

  • ہوشیار: اے ٹی ایم میں فراڈ کیسے کیا جاتا ہے؟؟ ویڈیو دیکھیں

    ہوشیار: اے ٹی ایم میں فراڈ کیسے کیا جاتا ہے؟؟ ویڈیو دیکھیں

    گزشتہ دنوں اے ٹی ایم فراڈ کے حوالے سے مختلف خبریں زیر گردش تھیں کہ مقامی اور غیر ملکی افراد ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے لوگوں کے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی اسکیمنگ کرکے ان کو لوٹ رہے ہیں۔

    اسی طرح کے کچھ واقعات برطانیہ میں بھی پیش آئے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی انتظامیہ نے اے ٹی ایم استعمال کرنے والوں کو خبردار کرنا شروع کردیا ہے کہ دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں۔

    اس حوالے سے برطانوی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم استعمال کرتے وقت محتاط رہیں اور کسی بھی قسم کی غیر معمولی یا مشکوک سرگرمی دیکھیں تو فوراً ہی متعلقہ ادارے کو آگاہ کریں۔

    برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اقدام دھوکے بازوں کی جانب سے اے ٹی ایم میں چھیڑ چھاڑ کر کے صارفین کی رقم غیر قانونی طریقے سے ہتھیانے کے انکشاف کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دھوکے بازوں نے واردات کا یہ طریقہ اختیار کیا ہے کہ وہ اے ٹی ایم کی رقم نکالنے والے حصے پر پلاسٹک کی شیٹ لگادیتے ہیں جس کی وجہ سے پیسے لگائی جانے والی جعلی شیٹ میں پھنس جاتے ہیں اور جب صارف مایوس ہو کر واپس چلے جاتے ہیں تو آکر نکلی ہوئی رقم سمیٹ کر فرار ہوجاتے ہیں۔

    اس ضمن میں اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھوکے باز کس طرح خفیہ خانوں کا استعمال کرتے ہوئے صارفین کی رقم غیر قانونی طور پرہتھیاتے ہیں؟

    دھوکے بازوں کی اس تیکنیک کو سب سے پہلے ایک ٹک ٹاک صارف نے سمجھ کر اجاگر کیا تھا۔ اس سلسلے میں دی مرر کو متعلقہ ادارے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اس قسم کے واقعات کسی بھی وقت کسی بھی اے ٹی ایم کے ساتھ ہو سکتے ہیں لہذا ضروری ہے کہ صارفین محتاط رہا کریں۔

    ترجمان کے مطابق اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے ملک گیر سطح پر اقدمات اٹھائے گئے ہیں مگر صارفین کا چوکنا رہنا ضروری ہے۔

    اے ٹی ایم فراہم کرنے والے اداروں کے مطابق اگر صارفین دیکھیں کہ ان کے مطلوبہ پیسے باہر نہیں آرہے ہیں تو فوری طور پر بینک یا اے ٹی ایم فراہم کرنے والوں سے رابطہ کریں۔

    اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کے دوران برطانیہ میں دھوکہ دہی کے حوالے سے پہچانے جانے والے جرائم میں یہ جرم سرفہرست ہے۔

    واضح رہے کہ پوری دنیا میں کورونا وائرس کے دوران اے ٹی ایم کے ذریعے کیے جانے والے دھوکوں میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور سائبر کرائمز کے اعداد و شمار بھی غیر معمولی طور پربڑھے ہیں۔

  • اے ٹی ایم کارڈ کا محفوظ استعمال کیسے کیا جائے؟

    اے ٹی ایم کارڈ کا محفوظ استعمال کیسے کیا جائے؟

    یوں تو اے ٹی ایم مشینوں نے یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی اور رقوم کی منتقلی کا کام آسان بنا دیا ہے تاہم ہیکرز سے بچنے کیلیے صارف کو مندرجہ ذیل احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کرنی چاہیئں۔

    گزشتہ دنوں اے ٹی ایم فراڈ کے بارے میں میڈیا میں خبریں زیر گردش تھیں کہ مقامی اور غیر ملکی افراد ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے لوگوں کے کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کی اسکیننگ کرکے ان کو لوٹ رہے ہیں۔

    اس ضمن میں احتیاط اور اے ٹی ایم کے محفوظ استعمال کے ابلاغ کی بھی ضرورت محسوس کی گئی، اس ضمن میں اے ٹی ایم صارفین چند احتیاطی تدابیر نوٹ کرکے ان پر عمل کریں تو وہ کسی نقصان سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

    اگر آپ کے اے ٹی ایم کا پن نمبر یا دیگر معلومات لیک ہوگئیں تو آپ اپنی جمع پونجی سے محروم ہوسکتے ہیں، اے ٹی ایم سے پیسے نکالتے وقت احتیاط سے کام نہ لیا جائے تو آپ کا بینک اکاؤنٹ بھی خالی ہوسکتا ہے۔

    اس حوالے سے جب بھی آپ اے ٹی ایم میں جائیں تو اس بات کا دھیان رکھیں کہ کہیں مشین کے کارڈ سلاٹ میں کوئی چھیڑ چھاڑ یا گڑ بڑ تو نہیں کی گئی؟ اگر آپ کو ایسا لگے کہ اے ٹی ایم کارڈ سلاٹ میں کوئی گڑبڑ ہے یا پھر سلاٹ ڈھیلا ہے تو اس کا استعمال نہ کریں۔

    کارڈ سلاٹ میں کارڈ لگاتے وقت اس میں جلنے والی لائٹ پر خصوصی دھیان دیں اگر سلاٹ میں گرین لائٹ جل رہی ہے تو اے ٹی ایم محفوظ ہے لیکن اگر اس میں لال یا کوئی بھی لائٹ نہیں جل رہی ہے تو جان لیں کہ اے ٹی ایم میں بڑی گڑبڑ ہوسکتی ہے کیونکہ اے ٹی ایم مشین کے پوری طرح سے درست ہونے پر ہی گرین لائٹ جلتی ہے۔

    ہوتا یہ ہے کہ ہیکرز اے ٹی ایم مشین میں کارڈ لگانے کا والے صارف کا ڈیٹا سلاٹ سے چرا لیتے ہیں، ہیکرز کی طریقہ واردات یہ ہے کہ وہ مشین کے کارڈ سلاٹ میں ایسی ڈیوائس لگا دیتے ہیں جو آپ کے کارڈ کی ساری معلومات اسکین کرلیتی ہے اس کے بعد وہ بلو ٹوتھ یا کسی دوسری ڈیوائس سے آپ کا ڈیٹا چرا لیتے ہیں اور اکاؤنٹ خالی کردیتے ہیں۔

    اگر کبھی آپ کو ایسا لگے کہ آپ ہیکرز کے جال میں پھنس چکے ہیں اور بینک بھی بند ہیں تو آپ فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں کیونکہ وہاں آپ کو ہیکر کے فنگر پرنٹ مل جائیں گے، ساتھ ہی آپ یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ آس پاس کس کا بلو ٹوتھ کنکشن کام کر رہا ہے، اس سے آپ اس شخص تک پہنچ سکتے ہیں۔

    اس کے علاوہ آپ کے ڈیبٹ کارڈ کو اسکین کرنے کیلئے ہیکرز کے پاس آپ کا پن نمبر ہونا ضروری ہے، ہیکرز پن نمبر کو کسی کیمرے سے ٹریک کرسکتے ہیں، اس سے محفوظ رہنے کیلئے آپ جب بھی اے ٹی ایم میں اپنا پن نمبر داخل کریں تو اسے دوسرے ہاتھ سے چھپالیں تاکہ اس کی تصویر خفیہ سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ نہ ہوسکے۔

  • سعودی عرب : خطرناک واردات میں ملوث نقاب پوش ڈاکو گرفتار، ویڈیو وائرل

    سعودی عرب : خطرناک واردات میں ملوث نقاب پوش ڈاکو گرفتار، ویڈیو وائرل

    ریاض : سعودی پولیس نے اے ٹی ایم کو توڑنے کی کوشش کرنے والے نقاب پوش ملزم کو حراست میں لے لیا، ملزم واردات کی ناکامی پر گیس سلنڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا۔

    سعودی شہر حائل کی پولیس نے بینک کے اے ٹی ایم میں منفرد انداز میں ڈکیتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم نے گیس سیلنڈر کے ذریعے اے ٹی ایم کو توڑنے کی کوشش کی جس میں کامیاب نہ ہونے پر سیلنڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق حائل میں پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک نامعلوم شخص نجی بینک کی اے ٹی ایم کے پاس گیس سلینڈر چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے، اطلاع دینے والے شخص نے یہ بھی بتایا کہ سیلنڈر کا والو کھلا ہوا ہے جس سے گیس لیک ہو رہی ہے۔

    پولیس کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی پیٹرولنگ پر معمور عملہ وہاں پہنچ گیا جس نے سب سے پہلے گیس سیلنڈر کو بند کیا اور نامعلوم ملزم کے بارے میں رپورٹ درج کرکے اس کی تلاش شروع کردی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بینک کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے ملزم کو شناخت کرکے اسے گرفتار کرلیا حالانکہ اس نے چہرے کو ماسک سے چھپایا ہوا تھا۔

    پولیس نے ناکام واردات کے بارے میں مزید بتایا کہ ملزم سعودی ہے جس کی عمر20 سال کے قریب ہے اس نے سیلنڈر سے اے ٹی ایم توڑنے کی کوشش کی ناکام ہونے پروہاں سے فرار ہوگیا۔

    ملزم نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے چہرے پر ماسک بھی پہنا ہوا تھا تاکہ اس کا چہرہ کیمرے میں نہ آسکے، ملزم سے مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد اس کا کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو ارسال کیا جائے گا۔

  • اے ٹی ایم سے رقم چوری کرنے والا ملزم گرفتار، بھارت سے رابطوں کا اعتراف

    اسلام آباد : ایف آئی اے نے ڈھوک تونسہ سے اے ٹی ایم سے رقوم چوری کرنے والے گینگ کا ممبر پکڑلیا جس نے بھارتی ہیکرز سے رابطوں کا اعتراف کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ٹی ایم سے پیسے چوری کرنے میں بین الاقوامی گینگ ملوث ہے، یہ گینگ لوکل نہیں بلکہ انٹرنیشنل گروہ ہے۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے کے ڈائریکٹر سائبر کرائم شکیل درانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی اے نے ڈھوک تونسہ سے ثاقب اللہ نامی ایک ملزم گرفتار کیا ہے، ملزم نے دوران تفتیش بھارتی ہیکروں سے براہ راست رابطوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کا مزید کہنا تھا کہ ملزم بین الاقوامی سائبر گینگ سے تعلق رکھتا ہے، اس کے علاوہ ملزم کے کینیڈین، امریکی اور نائیجرین ہیکرز سے بھی رابطے تھے۔

    مذکورہ گینگ جعلی کریڈٹ کارڈ سمیت خواتین کی ویڈیو بناکر انہیں بلیک میل کرنے میں بھی ملوث ہے، انہوں نے بتایا کہ ملزم ثاقب اللہ راولپنڈی کا رہائشی ہے جس کو ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے ڈھوک تونسہ سے حراست میں لیا ہے۔


    مزید پڑھیں: ہیکرز نے اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لیے


    یاد رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے گزشتہ دنوں دو چینی باشندوں کو بھی گرفتار کیا تھا، گرفتار چینی شہریوں سے اسکمنگ ڈیوائس بھی برآمد ہوئی تھی۔


    مزید پڑھیں: ملک میں متعدد اے ٹی ایم ہیک ہوگئے، اسٹیٹ بینک


    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اےٹی ایم کارڈز کے فراڈ میں چینی ہیکرز انتہائی شاطر ہیں، سائبر کرائم سرکل نے گزشتہ دوسال میں دو گروہوں کو پکڑا تھا۔

  • لاہور: اے ٹی ایم توڑکررقم لوٹنے والے 3 ملزمان گرفتار

    لاہور: اے ٹی ایم توڑکررقم لوٹنے والے 3 ملزمان گرفتار

    لاہور: پولیس نے بینکوں کے اے ٹی ایم توڑ کر رقم لوٹنے والےتین ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں نجی بینک کا سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی جنوبی چھاؤنی پولیس نے بنا اکاؤنٹ اے ٹی ایم سے پیسے لوٹنے والے تین ملزمان کو پکڑلیا۔ پولیس ملزمان کی وارداتوں کی فوٹیج بھی منظرعام پر لے آئی ہے.

     ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ملزمان نے کیولری گراؤنڈ کے علاقہ میں نجی بنک کی اے ٹی ایم مشین کاٹنے کی کوشش کی، ملزمان پہلے کیبن میں داخل ہوکر جائزہ لیتے رہے اوربنک کا الارم خراب کرد یا۔

    ملزمان واردات سے پہلےچہروں کو چھپاتے پھر واردات کرتے تھے، ایک ملزم کیش کے حصول کیلئے کوشاں رہا، دوسرا کیمرےکی آنکھ بند کرنےکیلئے مصروف تھا۔

    پولیس نے سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضہ سے گیس کٹر، سلنڈر ، نقدی اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔


    مزید پڑھیں: گجرات: اے ٹی ایم سے 80 سیکنڈ میں 27 لاکھ روپے لٹ گئے


    پولیس کے مطابق ملزمان اب تک آٹھ بنکوں کی مشینیں توڑنے کی کوشش کر چکے ہیں، ملزم بابر نے چند ماہ قبل اپنے دوست اسد اور مزمل کے ساتھ ملکر واردات کی منصوبندی کی تھی، پولیس کے مطابق ملزمان میں پاک پتن کارہائشی بابر اورنجی بینک کاسیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

     

  • عید الفطر: اے ٹی ایمز سے رقوم کی فراہمی کیلئے اسٹیٹ بینک کی ہدایات

    عید الفطر: اے ٹی ایمز سے رقوم کی فراہمی کیلئے اسٹیٹ بینک کی ہدایات

    کراچی: اسٹیٹ بینک کی خصوصی ٹیمیں عید الفطر کے موقع پر اےٹی ایمز کی انسپکشن کریں گی بینک نے ہدایت کی ہے کہ تمام بینک اےٹی ایمز سے کرنسی کی بلارکاوٹ فراہمی کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر عوام کو رقوم کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اسٹیٹ بینک نے ہدایات جاری کی ہیں کہ خصوصی ٹیمیں اے ٹی ایمز کی انسپیکشن کریں۔

    اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک نے رواں سال40ارب روپے کے نئےنوٹ جاری کیے، ایس ایم ایس سروس سے عوام کو 25ارب روپے کےنئے نوٹ جاری کیے گئے، تاہم اب اسٹیٹ بینک کی جانب سے مخصوص تعداد تک پہنچنے کے بعد شہریوں کو نئے کرنسی نوٹ کا اجرا بند کر دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 16 جون تک اسٹیٹ بینک اور دیگر کمرشل بینکوں نے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے ملک بھر میں 16 لاکھ سے زائد شہریوں کو نئے کرنسی نوٹ فراہم کیے تھے۔

    ترجمان کے مطابق ملک بھر کے بینکس اورمالیاتی ادارے کل بروز ہفتہ سے5روزکیلئےبند رہیں گے۔ تمام بینک اور مالیاتی ادارے عیدالفطر کی تعطیلات کے سلسلے میں پیر 26 جون سے بدھ 28 جون 2017ء تک بند رہیں گے جبکہ 24جون ہفتہ اور25جون اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات کے باعث بینک نہیں کھلیں گے۔

  • پیٹرول پمپس پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب، پی ایس او اورالائیڈ بینک میں معاہدہ

    پیٹرول پمپس پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب، پی ایس او اورالائیڈ بینک میں معاہدہ

     کراچی : پی ایس او اور الائیڈ بینک نے پی ایس او اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے لیے معاہدہ کرلیا،معاہدے کے تحت پی ایس او کے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں گی۔

     تفصیلات کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنی پاکستان اسٹیٹ آئل نے ملک بھر میں پی ایس او کے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینوں کی تنصیب کے لیے نجی بینک سے معاہدہ کرلیا ہے۔ معاہدے کے تحت ملک بھر میں پی ایس او کے اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں گی۔

    اس معاہدے سے عوامی سہولت کی فراہمی بھی ممکن ہوسکے گی۔ معاہدے کی تقریب کے موقع پر پی ایس او کے ایم ڈی شیخ عمران الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس او اسٹیشنوں پر اے ٹی ایم کی دستیابی سے ہمارے مشترکہ صارفین کو ایک ہی چھت تلے بہترین سہولت فراہم ہوگی۔ ہم اپنے صارفین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل سرگرم ِ عمل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صارفین کی ضروریات پوری کرنے اور جدید ترین بینکاری مصنوعات اور خدمات کی فراہمی کے لیے پی ایس او کے اسٹیشنوں پر قائم اے ٹی ایم اور برانچ لیس بینکاری مراکز کو بروئے کار لایا جائے گا۔

  • کرنسی ایکسچینج کمپنیز کو یوٹیلٹی بلز جمع کرنے کی اجازت

    کرنسی ایکسچینج کمپنیز کو یوٹیلٹی بلز جمع کرنے کی اجازت

    کراچی : اسٹیٹ بینک نےکرنسی ایکسچینج کمپنیز کو یوٹیلٹی بلزجمع کرنے اوراے ٹی ایمزلگانےکی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے کرنسی کا لین دین کرنے والی اے کٹیگری کی ایکسچینج کمپنیزکو یوٹیلٹی بلز جمع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    اب ملک بھرمیں شہری بجلی،گیس اورٹیلی فون کےبلزکرنسی ایکسچینج کمپنیز پربھی جمع کراسکیں گے۔اے کٹیگری کی ایکسچینج کمپنیز کو بینک اے ٹی ایمزنصب کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔

    ایکسچینج کمپنیز کو یوٹیلٹی اداروں اور بینک کےساتھ معاہدے کی نقل اسٹیٹ بینک میں جمع کرانی ہو گی ۔