Tag: ATM users

  • سعودی حکام کی اے ٹی ایم صارفین کے لیے اہم ہدایات

    سعودی حکام کی اے ٹی ایم صارفین کے لیے اہم ہدایات

    ریاض: سعودی بینکنگ کمیٹی نے اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین سے چند باتوں کا خیال رکھنے کا کہا ہے اور کہا ہے کہ صارفین اے ٹی ایم پر پہنچنے سے قبل اپنے مطلوبہ کام کی منصوبہ بندی کرلیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق بینکنگ امور کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم صارفین دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے جلد اپنے معاملات نمٹائیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بینکنگ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین کو چاہیئے کہ وہ رقم نکلوانے یا دیگر امور کے لیے اے ٹی ایم پر آنے سے قبل اس امر کا تعین کرلیں کہ انہیں کس مقصد کے لیے اے ٹی ایم استعمال کرنا ہے۔

    کمیٹی کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اے ٹی ایم پر کافی دیر ٹھہرنے کے بعد اپنی مطلوبہ کارروائی کرتے ہیں جس سے دوسرے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر صارفین اپنے مطلوبہ کام کی پہلے سے منصوبہ بندی کریں تو دوسروں کو بھی سہولت ہوگی اور انہیں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

    اس حوالے سے بعض صارفین کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو رقم نکلوانی ہے یا ارسال کرنی ہے تو اسے چاہیئے کہ محدود وقت میں اپنا کام کرے تاکہ وہاں موجود دوسرے لوگوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔

    بعض افراد اے ٹی ایم پر کافی دیر کھڑے رہنے کے بعد مطلوبہ کام کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ ایک ہی کام کے لیے کافی دیر لگاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے پیچھے کھڑے ہوئے لوگوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

  • ہیکرز نے اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لیے، 600اکاؤنٹس خالی

    ہیکرز نے اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لیے، 600اکاؤنٹس خالی

    کراچی : پاکستانی اے ٹی ایم صارفین کے لاکھوں روپے لوٹ لئے گئے، ہیکرز نے پاسورڈ چوری کرکے 600سے زائد بینک اکاؤنٹس خالی کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے پوش علاقے میں شاپنگ سینٹر سے اے ٹی ایم پاس ورڈز ہیک کرکے بھاری رقوم نکلوانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈیفنس میں ایک بینک کے صارف کی رقم اگلے دن چین کے شہر شنگھائی میں نکال لی گئی۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد میں کراچی کے ایک اور کھاتےدار کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے نکال لیے گئے، اس حوالے سے ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ مشہورشاپنگ سینٹر سے کئی بینکوں کے اے ٹی ایم پاسورڈز ہیک ہوئے ہیں۔

    ایف آئی اے اے ٹی ایم پاسورڈ ہیکنگ کی تحقیقات کررہا ہے جبکہ بینکوں نے ہیک ہونے والے کارڈز بلاک کر کے نئے کارڈ جاری کرنا شروع کر دئیے ہیں۔

    ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے گزشتہ دنوں دو چینی باشندوں کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ہونے والے چینی شہریوں سے اسکمنگ ڈیوائس بھی برآمد ہوئی تھی۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اےٹی ایم کارڈز کے فراڈ میں چینی ہیکرز انتہائی شاطر ہیں، سائبر کرائم سرکل نے گزشتہ دوسال میں دو گروہوں کوپکڑا، گروہوں میں چینی باشندے شامل تھے۔

    مذکورہ گروہوں کے خلاف دو مقدمات بھی درج ہوئے، ایک مقدمہ 2016اورایک2017میں سائبرکرائم سرکل میں درج کیاگیا، دونوں گروہ اسکمریا کارڈ ریڈر مشین کے ذریعے ڈیٹا چراتےتھے۔

    اسکمر یا کارڈ ریڈر اےٹی ایم کے کارڈ ہولڈرمیں لگایا جاتا ہے، اےٹی ایم کارڈ کاڈیٹا چرا کرچین میں ڈپلیکیٹ کارڈ بنایا جاتا ہے، ڈپلیکیٹ کارڈ میں چرایاگیا ڈیٹا فیڈ کرنے کے بعد اسےاستعمال کیا جاتا ہے۔


    مزید پڑھیں: گجرات، اے ٹی ایم سے 80 سیکنڈ میں 27 لاکھ روپے لٹ گئے


    حکام کے مطابق واردات کا دوسرا طریقہ اےٹی ایم میں خفیہ کیمرے سے پاسورڈ چوری کرناہے، چینی سفارت کاروں کو اس معاملے پر خط لکھا جاچکا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔