Tag: ATM

  • لڑکی اے ٹی ایم کے سامنے اچانک ڈانس کرنے لگی، لیکن کیوں؟ مزاحیہ ویڈیو وائرل

    لڑکی اے ٹی ایم کے سامنے اچانک ڈانس کرنے لگی، لیکن کیوں؟ مزاحیہ ویڈیو وائرل

    سوشل میڈیا پر ایک مزاحیہ ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک لڑکی کو اے ٹی ایم سے پیسے نکلنے پر ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے، انسٹا گرام کی ویڈیو اس قدر مقبول ہوئی کہ اس کو 34 لاکھ 96 ہزارسے زائد سے لوگ دیکھ اور پسند کرچکے ہیں جبکہ دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    تفصیلات کےمطابق ملازمین کو تنخواہ ملنے پر جو خوشی ہوتی اس کو بیان کرنے کے لئے ان کے پاس الفاظ نہیں ہوتے، ایک ایسی ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہورہی ہے جس میں ایک لڑکی کو اے ٹی ایم سے پیسے نکلنے پر ڈانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اس واقعہ کی ویڈیو بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ہے جہاں اے ٹی ایم سے جیسے ہی پیسے نکلے تو لڑکی کو خود پر قابو نہ رہا اور وہ سب نظر انداز کئے والہانہ انداز میں ناچنے لگی۔

    مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ منہ پر ماسک اور سیاہ لباس میں ملبوس ایک لڑکی اے ٹی ایم مشین میں کارڈ ڈال کر بہت پرجوش ہے اور ڈانس کر کے خوشی کا اظہار کررہی ہے۔

    اپنا اے ٹی ایم کوڈ لگانے پر جب پروسیس مکمل ہوتا دیکھا تو لڑکی خوشی سے رقص کرنے لگی اور پیسے وصول کرنے کے بعد بھی ٹھمکے لگائے اور شکریہ اداکرنے کے لئے مشین کے آگے سر جھکایا اور چلی گئی۔

    سوشل میڈیا پر ویڈیو کے وائرل ہونے پر صارفین نے لڑکی کے اس انداز کو خوب پسند کیا اور کمنٹس سیکشن میں دلچسپ تبصرے بھی کئے۔

    ایک صارف نے لکھا کہ آج پارٹی ہوگی، ایک اس ویڈیو کو دیکھا کر لکھا کہ ہم اپنے جذبات کو بیان نہیں کرسکتے جب ہرماہ ہماری تنخواہ آتی ہے جبکہ ایک نے کہا کہ محنت کے کام کا انعام۔ ویڈیو کو اب تک 34 لاکھ 96 ہزار سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

    انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کے کیپشن میں مختصر تحریر میں لکھا گیا کہ خوشی دیکھ رہے ہو تنخواہ کی؟۔

  • اے ٹی ایم سے کیا یہ چیز بھی چوری کی جاسکتی ہے ؟ ویڈیو سامنے آگئی

    اے ٹی ایم سے کیا یہ چیز بھی چوری کی جاسکتی ہے ؟ ویڈیو سامنے آگئی

    نئی دہلی : بعض لوگوں کو نفسیاتی طور پر چوری کرنے کی عادت ہوتی ہے اور بعد میں یہی عادت ان کی لت بن جاتی ہے، چاہے چوری کی جانے والی چیز سستی ہو اور کارآمد بھی نہ ہو اس کے باوجود ایسے لوگ ان حرکتوں سے باز نہیں آتے۔

    اگرچہ کورونا وائرس بھارت میں تباہی مچا رہا ہے اس لیے خود کو اور دوسروں کو بچانے کا واحد حل حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے سماجی دوری اور ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا شامل ہے جس کیلئے حکومتی و نجی سطح پر مختلف مقامات پر عوام کی سہولت کیلئے سینیٹائزر لگائے گئے ہیں۔

    ایسے حالات میں بھی کچھ لوگ اس سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ بھارت میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے جس میں اے ٹی ایم میں ایک شخص اپنی رقم نکالنے کے بعد وہاں رکھی ہوئی ینڈ سینیٹائزر کی بوتل چوری کرلیتا ہے۔

    یہ واقعہ 24 اپریل کو پیش آیا تھا۔ یہ ویڈیو ایک صارف نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جو بہت وائرل ہورہی ہے اور لوگ اس شخص کی اس حرکت پر اپنے غصے اور جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔

    33سیکنڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ اس شخص نے چہرے پر ماسک پہنا ہوا ہے ، وہ اے ٹی ایم کے استعمال کے بعد کارڈ واپس اپنے بٹوے میں ڈالتا ہے اور ہاتھ سینیٹائز کرنے کے بجائے پوری بوتل کو ہی اپنے بیگ کے اندر رکھ لیتا ہے اور باہر نکل جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباً 3ہزار5 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور اس طرح بھارت میں پہلی بار کوویڈ 19 سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

  • سعودی عرب: اے ٹی ایم روم میں گیس سلنڈر رکھ کر فرار ہونے والا گرفتار

    سعودی عرب: اے ٹی ایم روم میں گیس سلنڈر رکھ کر فرار ہونے والا گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اے ٹی ایم روم میں گیس سلنڈر رکھنے والے شہری کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں پولیس ٹیم نے بینک کے اے ٹی ایم روم میں گیس سلنڈر رکھنے والے سعودی کوگرفتار کر لیا، ملزم کی گرفتاری ویڈیو فوٹیج کی مدد سے کی گئی۔

    ریاض پولیس کے بیان کے مطابق ایک شہری نے بینک کے اے ٹی ایم روم میں داخل ہو کر گیس سلنڈر اندر رکھا، اور پھر اس کا وال کھول کر فرار ہو گیا۔

    اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے ویڈیو بیان جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ پولیس کو ایک ایسے شخص کے بارے میں اطلاع ملی تھی جس نے ایک بینک کے اے ٹی ایم روم میں گیس سلنڈر رکھا اور فرار ہوگیا۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس ٹیم نے جائے وقوعہ پر بروقت پہنچ کر فوری طور پر گیس سلنڈر کے وال کو بند کر کے اسے وہاں سے ہٹا دیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ویڈیو فوٹیج میں ملزم گیس سلنڈر لاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا گیا، جس کے ذریعے ملزم کی شناخت کی گئی جو سعودی شہری ہے اور جس کی عمر 50 برس کے قریب ہے۔

    ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے جہاں اس کے بارے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ اس کا سابقہ ریکارڈ دیکھا جا سکے۔

  • بحرین: دہشت گردوں کا 2 اے ٹی ایمز کو بم سے اڑانے کا منصوبہ ناکام

    بحرین: دہشت گردوں کا 2 اے ٹی ایمز کو بم سے اڑانے کا منصوبہ ناکام

    منامہ: مشرق وسطیٰ کے ملک بحرین میں دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کو بحرینی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بحرین میں 2 اے ٹی ایمز کو بم سے اڑانے کا منصوبہ بنا لیا تھا جسےبدھ کو سیکورٹی فورسز نے بر وقت ناکام بنا دیا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے شبے میں متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق متعلقہ سیکورٹی حکام نے نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے تعاون سے نُعیم اور جِد حفص میں نیشنل بینک کے اے ٹی ایمز اڑانے کا منصوبہ ناکام بنایا۔

    بحرین 2023 میں کہاں کھڑا ہوگا؟ ‘خلیجی ممالک سے مدد کی ضرورت’

    وزارت داخلہ نے بتایا کہ دونوں اے ٹی ایمز میں بدھ کی صبح کو مختلف اوقات میں بم نصب کیے گئے تھے۔ پولیس نے مشبہ افراد کو گرفتار کر کے کیس پبلک پراسیکیوٹر کو بھیج دیا ہے۔

     

  • سعودی حکام کی اے ٹی ایم صارفین کے لیے اہم ہدایات

    سعودی حکام کی اے ٹی ایم صارفین کے لیے اہم ہدایات

    ریاض: سعودی بینکنگ کمیٹی نے اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین سے چند باتوں کا خیال رکھنے کا کہا ہے اور کہا ہے کہ صارفین اے ٹی ایم پر پہنچنے سے قبل اپنے مطلوبہ کام کی منصوبہ بندی کرلیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق بینکنگ امور کی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم صارفین دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے جلد اپنے معاملات نمٹائیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بینکنگ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اے ٹی ایم استعمال کرنے والے صارفین کو چاہیئے کہ وہ رقم نکلوانے یا دیگر امور کے لیے اے ٹی ایم پر آنے سے قبل اس امر کا تعین کرلیں کہ انہیں کس مقصد کے لیے اے ٹی ایم استعمال کرنا ہے۔

    کمیٹی کا کہنا تھا کہ بعض لوگ اے ٹی ایم پر کافی دیر ٹھہرنے کے بعد اپنی مطلوبہ کارروائی کرتے ہیں جس سے دوسرے لوگوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر صارفین اپنے مطلوبہ کام کی پہلے سے منصوبہ بندی کریں تو دوسروں کو بھی سہولت ہوگی اور انہیں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

    اس حوالے سے بعض صارفین کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو رقم نکلوانی ہے یا ارسال کرنی ہے تو اسے چاہیئے کہ محدود وقت میں اپنا کام کرے تاکہ وہاں موجود دوسرے لوگوں کو انتظار نہ کرنا پڑے۔

    بعض افراد اے ٹی ایم پر کافی دیر کھڑے رہنے کے بعد مطلوبہ کام کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ ایک ہی کام کے لیے کافی دیر لگاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے پیچھے کھڑے ہوئے لوگوں کو کافی دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

  • کویت: اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو

    کویت: اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو

    کویت سٹی: کویت میں اے ٹی ایم کے ذریعے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو کردیے گئے، مقامی بینکوں نے اپنے صارفین کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کویت میں بینکس کی جانب سے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر نئے چارجز لاگو کر دیے گئے، نئے چارجز کا اطلاق اگلے ماہ سے اے ٹی ایم خدمات کے ذریعے ملک سے باہر کیش نکالنے پر ہوگا۔

    مقامی بینکوں نے اپنے صارفین کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ اے ٹی ایم کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے کویت ریاست سے باہر کی جانے والی ہر نقد رقم کی واپسی کے عمل کے لیے اضافی رقم چارج ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق نئے چارجز کا اطلاق حفاظتی طریقہ کار اور ضروری تحفظ کے لحاظ سے اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے بینکوں کی فراہم کردہ خدمات کے ساتھ ساتھ دنیا کی کسی بھی جگہ سے نقد رقم نکالنے کے امکان کے مطابق ہے۔

  • سعودی عرب : پولیس کی بڑی کارروائی، ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

    سعودی عرب : پولیس کی بڑی کارروائی، ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

    ریاض : سعودی پولیس نے اے ٹی ایم میں واردات کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم گاڑیوں کے شیشے توڑنے میں بھی ملوث ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض پولیس نے دو اے ٹی ایم توڑنے والے سعودی شہری کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے، اس نے دارالحکومت ریاض کے التلال محلے میں کئی گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیئے تھے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت داخلہ نے اپنے سرکاری اسنیپ اکاؤنٹ پر بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اے ٹی ایم اور گاڑیوں کے شیشے توڑنے والے سعودی شہری کی عمر چالیس سال سے زائد ہے۔

    ترجمان وزارت داخلہ نے بیان میں مزید بتایا ہے کہ ملزم کے طبی معائنے سے پتہ چلا کہ واردات کے وقت وہ ہوش میں نہیں تھا، اسے حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    وزارت داخلہ نے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ دو اے ٹی ایم میں توڑ پھوڑ مچانے اور کئی گاڑیوں کے شیشے توڑنے والے شہری کا واردات کے وقت ہوش میں نہ ہونے کی اصل وجہ کیا تھی۔

  • اے ٹی ایم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب، حفاظت کیسے ممکن؟

    اے ٹی ایم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب، حفاظت کیسے ممکن؟

    کرونا وائرس کی ہلاکت خیزی نے دنیا بھر کو لرزہ براندام کردیا ہے، یہ وائرس نہ صرف ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہورہا ہے بلکہ دیگر بے جان اشیا سے بھی لگ سکتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں موبائل فون، گاڑیوں کی چابی اور اے ٹی ایم وغیرہ کے استعمال کی ضرورت پڑتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق مذکورہ اشیا کے استعمال سے قبل اور بعد میں لازمی ہے کہ ہر شخص ہاتھوں کو جراثیم کش محلول سے صاف کرے کیونکہ یہ وائرس دھاتی اشیا پر تین دن تک زندہ رہ سکتا ہے۔

    انہوں نے تاکید کی ہے کہ اس وائرس سے بچنے کے لیے کوشش کریں کہ آن لائن ادائیگیاں کی جائیں تاکہ اے ٹی ایم کا استعمال کم سے کم کیا جاسکے۔

    وبائی امراض سے بچاؤ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کوشش کریں کہ جب بھی گھر سے باہر نکلیں باریک دستانے استعمال کریں، جب دستانے استعمال کریں تو ہاتھ کو ناک اور آنکھ سے دور رکھیں، ہجوم والی جگہوں پر جانے سے گریز کریں۔

    ماہرین کے مطابق آن لائن طلب کیا گیا کھانا وصول کرنے کے دوران خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، جب بھی ڈلیوری مین آئے اس سے پیکٹ وصول کرنے سے قبل دستانے پہن لیں۔

    ہدایات میں کہا گیا کہ کوشش کریں کہ ڈلیوری مین کو بل کے مطابق رقم ادا کریں تاکہ آپ کو باقی رقم واپس نہ لینی پڑے۔ پیکٹ وصول کرنے کے بعد اس میں رکھا کھانا فوری طور پر گرم کریں۔

    ماہرین کے مطابق کرونا وائرس گرمی میں زندہ نہیں رہتا، اس لیے اس بات کا خیال ہمیشہ رکھیں کہ باہر سے آیا ہوا کھانا لازمی طور پر اچھی طرح گرم کرنے کے بعد ہی استعمال کیا جائے۔

    ایک تحقیق کے مطابق کرونا وائرس ہوا میں 3 گھنٹے، تانبے کی سطح پر 4 اور گتے (کاغذ) پر 24 گھنٹے تک زندہ رہتا ہے، سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ یہ وائرس پلاسٹک اور لوہے سے بنی اشیا پر 24 گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔

    تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ مختلف احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس موذی وائرس سے قدرے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

  • اے ٹی ایم کے باہر77سالہ بہادر بزرگ کا جوان ڈاکو سے مقابلہ، ویڈیو وائرل

    اے ٹی ایم کے باہر77سالہ بہادر بزرگ کا جوان ڈاکو سے مقابلہ، ویڈیو وائرل

    ساؤتھ ویلز : اے ٹی ایم پر پنشن لینے کیلئے آنے والے بزرگ شہری نے ڈاکو کو دبوچ لیا، بہادر شخص نے اس جوان ڈاکو کو ماہر باکسر کے انداز میں مکے مارے اور بھگا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے شہر ساؤتھ پولیس نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ایک بزرگ کو ڈاکو کے ساتھ لڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس کے مطابق ، یہ واقعہ 5 فروری کی صبح 6 بجے کے قریب کولچسٹر ایونیو کے ایک اسٹور پر پیش آیا۔ سی سی ٹی فوٹیج میں دکھائی دے رہا ہے کہ ایک 77سالہ ضعیف شخص کارڈف کے ایک اسٹور کے پاس قائم اے ٹی ایم سے رقم لیے نے پہنچا۔

    https://www.facebook.com/swpcardiff/videos/590189528496421/

    اسی اثناء میں ایک ڈاکو بہانے اس کے قریب آیا اور اس بوڑھے شخص کو قابو کرکے اس کا بٹوہ چھیننے کی کوشش کی، لیکن 77سالہ شخص نے کمال مہارت سے اس ڈاکو کا مقابلہ کیا اور اس سے پہلے ہی ڈاکو پر حاوی ہوگیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ باجود بڑی عمر کے اس شخص نے ڈرنے کے بجائے پوری ہمت کے ساتھ اس ڈاکو کو پیچھے دھکیلا اور کسی ماہر باکسر کی طرح اپنے مکے ہوا میں لہراتے ہوئے اس کے منہ پر جڑ دیئے اور مقابلے کیلئے تیار ہوگیا۔

    یہ دیکھ کر وہ ڈاکو بھی گھبرا گیا اور بھاگنے میں ہی عافیت جانی، پولیس نے عوام الناس کی آگاہی کیلئے ویڈیو جاری کرتے ہوئے
    اپیل کی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس سے تعاون کیا جائے  ۔

  • اے ٹی ایم مشین سے پونے 3 لاکھ روپے چوری

    اے ٹی ایم مشین سے پونے 3 لاکھ روپے چوری

    دنیا بھر میں اب تک اے ٹی ایم مشینوں کو توڑ کر ان سے رقم نکالنے کے واقعات تو سامنے آتے رہے ہیں، تاہم بھارت میں اے ٹی ایم کو کھول کر اندر سے ایک خطیر رقم چرا لی گئی۔

    یہ واقعہ بھارتی شہر پونا میں پیش آیا جہاں ایک اے ٹی ایم مشین سے 2 لاکھ 88 ہزار روپے نکال لیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں انتظامیہ کا ہی کوئی شخص ملوث ہوسکتا ہے کیونکہ اے ٹی ایم کو توڑا نہیں گیا بلکہ 18 ہندسوں کا کوڈ ڈال کر اسے باقاعدہ کھولا گیا ہے۔

    چوری کی یہ واردات اس سامنے آئی جب ایک شخص اے ٹی ایم سے پیسے نکالنے گیا اور مشین میں نقد رقم نہ پا کر اس نے بینک افسران کو اس کی اطلاع دی۔

    بینک افسران نے اے ٹی ایم کو کھولا تو اس کے اندر کی 3 پلیٹس خالی تھیں، حساب کتاب کے بعد علم ہوا کہ اے ٹی ایم سے پونے 3 لاکھ روپے غائب ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم اور اس کے بعد مشین کی تجوری کو پاسورڈ کے ذریعے کھولا جاسکتا ہے جو اے ٹی ایم کا انتظام سنبھالنے والی ایجنسی کے اہلکاروں کو دیا جاتا ہے، واردات ممکنہ طور پر انہی میں سے کسی نے کی ہے۔

    پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے چور کی تلاش کا عمل شروع کردیا ہے۔