Tag: attack on ahsan iqbal

  • احسن اقبال پر حملہ کرنے والا ملزم  10روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    احسن اقبال پر حملہ کرنے والا ملزم 10روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

    لاہور : انسداددہشت گردی کی عدالت نے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملہ کرنے والے ملزم عابد حسین کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم عابد حسین کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، اس موقع پر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

    عدالت میں پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزم سے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے، جس کے لیے ملزم کا چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے، جس پر فاضل جج ظفر اقبال نعیم نے ملزم عابد حسین کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال اپنے ہی حلقے نارروال میں کرسچن کمیونٹی کی کارنر میٹنگ سے خطاب کرکے نکلے تو مسلح شخص نے ان پر فائرنگ کردی تھی ، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔

    گولی احسن اقبال کے سیدھے بازو کو چھوتی ہوئی پیٹ کے نچلے حصے میں جا لگی، انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال نارووال منتقل کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: احسن اقبال پرقاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا

    پولیس نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے تیس بور کا پستول برآمد کرلیا تھا اورابتدائی بیان میں ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا تھا کہ احسن اقبال نے ختم نبوت کے حوالے سے جو بیانات دئیے تھے اس پر رنج تھا اس وجہ سے احسن اقبال پر حملے کے لیے موقع کی تلاش میں تھا ،آج جب احسن اقبال کرسچن کمیونٹی کی تقریب میں آئے تو موقع پا کر حملہ کردیا۔

    ملزم کا تعلق ایک مذہبی تنظیم سے بتایا جارہا ہے۔

    دوسری جانب وزیرداخلہ احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کا مقدمہ تھانہ شاہ غریب میں درج کرلیا گیاہے ، مقدمے میں قاتلانہ حملے، دہشت گردی اورناجائز اسلحے کی دفعات شامل ہیں۔

    احسن اقبال پر حملے کا مقدمہ اے ایس آئی محمد اسحاق کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ایف آئی آرمیں عابد ولد محمد حسین کوملزم نامزد کیا گیا ہے۔

    پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے، حملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہے، ابتدائی بیان مذہبی نوعیت پر ہے مگر مکمل رپورٹس کا انتظار کیا جانا چاہیئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • احسن اقبال پر حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے، تمام انکوائری کی جائے گی، ترجمان پنجاب حکومت

    احسن اقبال پر حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے، تمام انکوائری کی جائے گی، ترجمان پنجاب حکومت

    لاہور : پنجاب حکومت کے ترجمان ملک احمد خان نے کہا ہے کہ احسن اقبال پر حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے، حملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہے، ابتدائی بیان مذہبی نوعیت پر ہے مگر مکمل رپورٹس کا انتظار کیا جانا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ کہ احسن اقبال پر حملے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہے، وہ انتہائی نگہداشت کی وارڈ میں ہیں، حملہ تشویش کا باعث ہے۔

    ملک احمد خان نے کہا کہ احسن اقبال پر حملہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے، تمام انکوائری کی جائے گی پولیس کی جانب سے غفلت ہوئی یا کسی اور سے، کسی صورت بھی سیکورٹی غفلت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

    ترجمان حکومتِ پنجاب کا حملہ آور کے حوالے سے کہنا تھا کہ ابتدائی بیان مذہبی نوعیت پر ہے مگر مکمل رپورٹس کا انتظار کیا جانا چاہیئے، ابھی تک ملزم عابد کا حتمی بیان نہیں آیا۔

    ملک احمد خان نے کہا کہ احسن اقبال اور ان کے گھرانے کی ختم نبوت کے حوالے سے عقیدت کو سب جانتے ہیں، موجودہ سیکورٹی صورتحال پر ایپکس کمیٹی کا اجلاس، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور آل پارٹیز کانفرنس ہونی چاہئے۔


    مزید پڑھیں : وزیر داخلہ احسن اقبال قاتلانہ حملے میں زخمی


    عدالت کی جانب سے سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ کورٹ نے سکیورٹی واپس لی ہے، اس کا احترام کرتے ہیں، حکومت کی پالیسی بیان کرنے والوں سمیت اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر وزیر اعلی سے بات کریں گے، اہم شخصیات کی سیکورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے، حکومت کو اس پر خود فیصلہ لینا ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر ان ہی کے حلقے نارووال میں قاتلانہ حملہ کیا گیا، کنجروڑ میں کارنر میٹنگ میں خطاب کے بعد احسن اقبال کو مسلٖح شخص نے گولی ماری، گولی ان کے دائیں بازو پرلگ کر پیٹ میں لگی جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صدر مملکت، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی طرف سے وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    صدر مملکت، وزیر اعظم اور آرمی چیف کی طرف سے وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت

    لاہور: صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر داخلہ احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے احسن اقبال کی لاہور سروسز اسپتال منتقلی کے لیے ہیلی کاپٹر بھی بھیج دیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ اختلاف رائے کا اظہار تشدد کے ذریعے نہیں ہونا چاہیے۔

    نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمود نے بھی وزیر داخلہ احسن اقبال پرحملے کی مذمت کی، ترجمان پاک بحریہ کے مطابق انھوں نے کہا ہے کہ قاتلانہ حملہ افسوسناک ہے، جلد صحت یابی کے لیےدعاگو ہوں۔

    دوسری جانب اس افسوس ناک واقعے پر ملک بھر سے برسر اقتدار پارٹی اور اپوزیشن کے سیاسی رہنماؤں نے  شدید مذمت کی ہے۔ انھوں نے احسن اقبال کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں اور حملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ٹوئٹ کیا ہے کہ اپنے دوست احسن اقبال پرقاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، احسن اقبال سے بات ہوئی ہے ان کے حوصلے بلند ہیں، ن لیگ کو ڈرادھمکا کر خاموش نہیں کیا جاسکتا۔

    اپوزیشن رہنما خورشید شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس حملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے، ملک کے وزیر داخلہ پر حملہ بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل سیکورٹی کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

    سابق صدر آصف زرداری نے بھی احسن اقبال پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا حملہ تشویش ناک ہے، ایسے واقعات کو روکنا ہوگا، انھوں نے وزیرداخلہ کی صحت یابی کےلیے دعا بھی کی۔

    اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا تھا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان ، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری اور عثمان ڈار، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، مسلم لیگ ضیا کے سربراہ اعجاز الحق نے بھی احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت اور دعائیں کیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔