Tag: attack on police station

  • میانوالی : تھانہ مکڑوال پردہشت گردوں کا حملہ ناکام، خصوصی ٹیم تشکیل

    میانوالی : تھانہ مکڑوال پردہشت گردوں کا حملہ ناکام، خصوصی ٹیم تشکیل

    میانوالی : پنجاب کے شہر میانوالی میں پولیس نے دہشت گردوں کی جانب سے تھانہ مکڑوال پر کیا جانے والاحملہ ناکام بنا دیا، واقعے کی تحقیقات کیلئے آئی جی پنجاب نے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی۔

    اس حوالے سے ڈی پی او میانوالی محمد نوید نے میڈیا کو بتایا کہ تھانہ مکڑوال پر15سے20دہشت گردوں نےحملہ کیا تاہم حملے میں تمام اہلکار محفوظ رہے۔

    ڈی پی اومیانوالی کے مطابق دہشت گردوں نے حملے میں جدید آتشیں اسلحے کا استعمال کیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے چند دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔

    دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو لےکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقعے کے بعد پولیس نے تمام علاقے کو گھیرےمیں لے کرسرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

    خصوصی ٹیم تشکیل

    واقعے کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے میانوالی میں تھانے پر حملے کے پیش نظر خصوصی ٹیم تشکیل دیدی ہے، 4رکنی ٹیم میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ،اسپیشل برانچ،آپریشنز اور ڈی آئی جی آئی ٹی شامل ہیں۔

    مذکورہ کمیٹی آرپی او سرگودھا سے مل کر دہشت گردوں کیخلاف سرچ و کومبنگ آپریشنز پلان کرے گی، آئی جی پنجاب کی تھانہ مکڑوال اور ملحقہ علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشنزکی ہدایت دی گئی ہے۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور کا کہنا ہے کہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر میانوالی میں بھرپور سرچ آپریشن کئےجائیں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو زیروٹالرنس کے تحت کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔

  • ایران : ،مسلح افراد کا پولیس اسٹیشن پر حملہ، 19 ہلاک، متعدد گرفتار

    ایران : ،مسلح افراد کا پولیس اسٹیشن پر حملہ، 19 ہلاک، متعدد گرفتار

    زاہدان : ایران کے شہر زاہدان میں ایک پولیس اسٹیشن پر مسلح علیحدگی پسندوں کے حملے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے، ہلاک شدگان میں پاسداران انقلاب اسلامی کے تین ارکان بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن پر حملہ کرنے والے مسلح مظاہرین پر سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوئے۔

    ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے میڈیا کو بتایا کہ حملہ جمعہ کے روز ہوا، حملہ آور زاہدان شہر میں ایک مسجد کے قریب نمازیوں کے درمیان چھپ کر قریبی پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا نے صوبائی گورنر حسین مودریسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملے میں 19 افراد ہلاک اور رضاکار بسیجی فورس کے اہلکاروں سمیت 32 محافظ زخمی بھی ہوئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اس حملے کا تعلق ایران میں ایک نوجوان ایرانی خاتون کی پولیس حراست میں ہلاکت کے بعد ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں سے تھا۔

    ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کے بعد ایران اور مغربی ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔ ایران نے امریکا پر الزام لگایا کہ امریکا، ایران میں بدامنی کا فائدہ اٹھا کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

    ایران انٹیلی جنس وزارت نے میڈیا کو ایک بیان میں کہا کہ 9 نامعلوم افراد کو مظاہروں کے دوران بدامنی پھیلانے کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے۔

  • تھانے پر حملے کا الزام، ایم پی اے شعیب ادریس کو ضمانت مل گئی

    تھانے پر حملے کا الزام، ایم پی اے شعیب ادریس کو ضمانت مل گئی

    فیصل آباد: تھانے پر حملےکے الزام میں گرفتار  مسلم لیگ ن کے  ایم  پی اے شعیب ادریس کو ضمانت مل گئی ہے۔

    فیصل آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے شعیب ادریس کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، عدالت نے وکلاء کے دلائل سُننے کے بعد رکن صوبائی اسمبلی کو رہائی کا پروانہ دیتے ہوئے تین لاکھ روپےکے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

    ایم پی اے شعیب ادریس کو تھانہ کھڑیانوالا پر حملے اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    شعیب ادریس کے چچا پہلے ہی ضمانت پر رہا ہیں جبکہ چھ ملزم جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجے جاچکے ہیں۔