Tag: attack

  • فرانس میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ، ایران کی شدید مذمت

    فرانس میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ، ایران کی شدید مذمت

    تہران: فرانس میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ کیا گیا جس کے باعث عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ ایران نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جمعے کے دن کچھ افراد نے پیرس میں ایرانی سفارتخانے پر دھاوا بولا جس کے نتیجے میں اس عمارت کو نقصان بھی پہنچا، ایرانی حکام نے واقعے کے خلاف شدید مذمت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردی بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی حکام کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس نے حملے کے بعد مناسب ردعمل کا اظہار نہیں کیا، تحفظ کو یقینی نہ بنایا گیا تو سفارتی مشن متاثر ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی سفارت خانے پر ہونے والے اس حملے کے محرکات اب تک واضح نہیں ہوسکے، تاہم حکام نے کارروائی شروع کردی ہے، جلد حقائق سامنے آئیں گے۔

    عراق میں مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی

    خیال رہے کہ رواں ماہ 8 ستمبر کو عراق میں جاری پر تشدد مظاہروں کے دوران مشتعل مظاہرین نے ایرانی قونصل خانے کو آگ لگا دی تھی۔

    یاد رہے کہ مظاہرین نے صوبائی حکومت کی عمارت کو نذر آتش کردیا تھا، اس کے علاوہ بھی انھوں نے کئی ایک سرکاری عمارتوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

    عراق کے دیگر صوبوں میں آج بھی ہزاروں عراقی شہری بجلی ، پانی اور دیگر بنیادی خدمات کی عدم دستیابی یا ان کے پست معیار پر سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

  • لندن: نسل پرست گروہ کا خاتون سمیت شوہر اور بچے پر تشدد

    لندن: نسل پرست گروہ کا خاتون سمیت شوہر اور بچے پر تشدد

    لندن : برطانیہ میں نسل پرست گینگ نے ٹرین میں سفر کرتے ہوئے بچوں کی گاڑی پر بحث کے بعد مسافر کو اہلیہ اور بچے سمیت تشدد کا نشانہ بنایا اور خاتون کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں بچوں کی گاڑی پر بحث کے بعد نوجوانوں کے نسل پرست گینگ نے والدہ، سمیت باپ اور بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور متاثرہ خاندان کے ساتھ نازیبا حرکات بھی کیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ گینگ کے افراد نے والد پر بوتلیں ماریں اور لاتوں اور مکّوں کا آزادنہ استعمال کیا اور ساتھ ہی ساتھ خاتون کو نامناسب الفاظ سے مخاطب کرتے رہے۔

    متاثرہ خاندان نے پولیس کو بتایا کہ بحث کے دوران ایک نوجوان بُرے تنائج کی دھمکیاں دے رہا تھا کہ اچانک دوسرے  نوجوان نے مجھ پر بوتلیں برسانہ شروع کردیں اور لاتوں گھوسوں سے بھی مارنا شروع کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں نے متاثرہ خاندان پر تشدد کے مناظر قید کرلیے تھے، جس میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھیں جاسکتے ہیں۔

    برٹش ٹرانسپورٹ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے مذکورہ گینگ کے افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔


    مزید پڑھیں : لندن:خواتین گینگ کا نسل پرستی کی بنیاد پرہسپانوی دوشیزہ پرتشدد


    واضح رہے کہ اس قبل بھی برطانیہ کے نسل پرست گروہوں کی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

    یاد رہے کہ 4 ماہ قبل برطانوی دارالحکومت لندن میں خواتین کے ایک نسل پرست گروہ نے دن دیہاڑے ٹرین میں سفر کرتے ہوئے 24 سالہ ہسپانوی لڑکی کو تعصب کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

    میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی ٹرین کے اندر اپنی ساتھی سے ہسپانوی زبان میں محوِ گفتگو تھی، کہ اچانک گینگ کی خواتین نے چلا کر ’انگلینڈ میں ہو، صرف انگلش بولو‘ کہتے ہوئے زدو کوب کرنا شروع کردیا تھا، تشدد کے نتیجے میں متاثرہ لڑکی کو سر اور چہرے پر شدید چوٹیں آئی تھیں۔

  • عراق میں امریکی تنصیبات پر حملہ ہوا تو ایران خمیازہ بھگتے گا، امریکا

    عراق میں امریکی تنصیبات پر حملہ ہوا تو ایران خمیازہ بھگتے گا، امریکا

    واشنگٹن : امریکی حکومت نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات کو نقصان پہنچا تو ایران امریکا کے فوری رد عمل کے لیے تیار رہے، امریکا عراق میں موجود امریکی شہریوں کا ہر ممکن دفاع کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایک مرتبہ پھر ایران کو دھمکیاں دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عراق میں ایرانی فورسز نے امریکا کے خلاف کوئی بھی فوجی کارروائی کی تو تہران کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    وایٹ ہاوس کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق میں موجود امریکی تنصیبات پر ایرانی حملے کی صورت میں شدید رد عمل دیا جائے گا۔

    امریکی حکومت کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ایران نے بصرہ اور دارالحکومت بغداد میں اپنے حامیوں کو امریکی قونصل خانے حملہ کرنے نہیں روکا تھا۔

    امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی تنصیبات پر حملہ کرنے والے ایرانی تربیت یافتہ شدت پسندوں نے ایران کا فراہم کردہ اسلحہ استعمال کیا ہے۔

    واشنگٹن نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا عراق میں موجود اپنے شہریوں کے دفاع ہر صورت میں یقنی بنائے گا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل عراقی شہری بصرہ میں واقع امریکی قونصل خانے پر تین راکٹ حملے کیے گئے تھے جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر  رد عمل دیتےہوئے کہا ہے کہ امریکا کا پاگل پن بہت بڑھ چکا ہے، ایران پر پابندی عائد کرنے کے بعد عالمی عدالت پر پابندی لگانے کی دھمکیاں دے رہا ہے عالمی برادری کو چاہیے کہ امریکا کو راہ راست پر لائے۔

  • حوثیوں کا سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملہ

    حوثیوں کا سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملہ

    ریاض : ایرانی سرپرستی میں مسلح جد وجہد کرنے والے حوثیوں کی جانب سے سعودی شہر نجران پر داغا گیا میزائل فورسز نے فضا میں ہی تباہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یمن میں برسر پیکار ایرانی نواز حوثی باغیوں کی جانب سے گذشتہ روز بھی سعودی عرب کے جنوبی شہر نجران پر میزائل حملہ کیا گیا تھا، جسے جوابی کارروائی میں سودی عرب کی افواج نے پیٹریاٹ میزائل کے ذریعے تباہ کردیا۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائلوں سے حملوں میں تیزی کردی ہے جبکہ سعودی اتحاد کی فورسز بھی بھرپور جوابی کارروائی کر رہی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یمن حوثیوں کی جانب سے دانستہ طور پر گنجان آباد شہری آبادیوں کو بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنا رہے ہیں۔

    عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ شہری آبادیوں پر حوثیوں کے مسلسل میزائل حملے فائر ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ایرانی حکومت حوثی باغیوں کو مختلف نوعیت کا اسلحہ فراہم کررہی ہے جو عالمی قوانین کی قرارداد نمبر 2216، 2231 کی خلاف ورزی ہے۔

    عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ایران کا مسلسل حوثیوں کا حمایت کا مقصد سعودی عرب اور خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔

    یاد رہے کہ 6 ستمبر کو بھی ایران نواز حوثی جنگجوؤں کی جانب سے سعودی عرب کے شہر نجران پر داغے گئے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم 2میزائل کا ملبہ گرنے سے بچوں سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے۔

  • افغانستان: انتہاپسندوں کے دو دہشت گرد حملے، 6 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

    افغانستان: انتہاپسندوں کے دو دہشت گرد حملے، 6 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

    کابل: افغانستان میں شدت پسندوں کی جانب سے دو دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق عسکریت پسندوں نے افغانستان کے دو مخلتف صوبوں کو نشانہ بنایا جن میں مغربی صوبہ بادغیس اور مشرقی صوبہ پکتیا شامل ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شدت پسندوں کی جانب سے دونوں صوبوں میں قائم پولیس چوکیوں پر حملہ کیا گیا جس کے باعث چھ سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتیں ہوئیں۔

    صوبہ بادغیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گروں نے جب پولیس چوکی پر حملہ کیا تو اس دوران عسکریت پسندوں کو جوابی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

    ترجمان صوبائی گورنر کے مطابق اس جوابی فائرنگ میں گیارہ حملہ آور بھی مارے گئے۔

    افغانستان میں سیکیورٹی فورسزاورطالبان میں جھڑپ، 73 طالبان ہلاک

    خیال رہے کہ ان حملوں کے دوران عسکریت پسندوں نے کم از کم تین پولیس گاڑیوں کو آگ بھی لگائی تاہم اب تک کسی دہشت گرد گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ افغان صوبے فریاب میں سیکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپوں میں مبینہ طور پر 73 طالبان ہلاک جبکہ 31 زخمی ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے افغان طالبان نے اپنی کارروائیوں کا دائر ہ کار افغانستان کے متعدد علاقوں میں پھیلا دیا ہے اور عید الاضحیٰ کے موقع پر افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے جنگ بندی کی مشروط پیشکش کو بھی مسترد کردیا تھا۔

  • ایمسٹرڈیم ریلوے اسٹیشن حملہ کیس، ملزم افغان شہری نکلا

    ایمسٹرڈیم ریلوے اسٹیشن حملہ کیس، ملزم افغان شہری نکلا

    ایمسٹرڈیم : نیدرلینڈز کے دارالحکومت میں مصروف ترین ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے ہجوم پر حملہ کرنے والا افغانستان کا شہری ہے جس کی شناخت جاوید ایس کے نام سے ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں قائم مصرف ترین ریلوے اسٹیشن پر مشتبہ شخص نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تین افراد شدید زخمی ہوئے بعد ازاں پولیس نے بھرپور کارروائی کی تھی۔

    ایمسٹرڈیم پولیس کا کہنا تھا کہ چاقو زنی کی واردات میں ملوث 19 سالہ حملہ آور کی شناخت جاوید ایس کے نام ہوئی ہے جس کا تعلق افغانستان سے ہے جبکہ حملہ آور قانوناً جرمنی کا شہری ہے۔

    ڈچ پولیس کی جانب سے چاقو زنی کے واقعے کی تحقیقات دہشت گردانہ حملے کے طور کی جارہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 19 سالہ افغان حملہ آور نے ایمسٹرڈیم کے مرکزی ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے حملہ کرکے دو امریکی سیاحوں کو شدید زخمی کردیا تھا، حملے میں امریکی باشندوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ایمسٹرڈیم میں موجود امریکی سفارت خانے نے بھی کردی ہے۔

    ڈچ میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ افغان حملہ آور کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ مذکورہ کارروائی کا مقصد دہشت گردی تھا، البتہ پولیس کی جانب سے حملہ آور کے بیان کی مزید تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جرمن پولیس نے ملزم کے گھر چھاپہ مار کر اہم دستاویزات اور ڈیٹا ڈیوائسز  کو قبضے میں لے کر معائنے کے لیے بھیج دیا ہے تاکہ ڈچ پولیس کو تحقیقات میں مدد فراہم کی جاسکے۔

    جرمن میڈیا کا کہنا ہے کہ جرمن پولیس کی جانب سے نیدر لینڈز کے سیکیورٹی اداروں کو کیس میں ہر ممکن تعاون کرنے کی بھرپور یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

  • جرمنی: مسجد پر حملہ کرنے والے مجرم کو دس سال عمر قید کی سزا

    جرمنی: مسجد پر حملہ کرنے والے مجرم کو دس سال عمر قید کی سزا

    برلن: جرمنی کی ایک مسجد اور بین الاقوامی کانگریس سینٹر پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ کرنے والے مجرم کو عدالت نے دس سال عمر قید کی سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے شہر ڈریسڈن میں قائم ایک مسجد پر ستمبر 2016 میں دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا گیا تھا جس کے باعث مسجد کا بڑا حصہ متاثر ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد پر حملے میں ملوث ’نینو‘ نامی شخص کو جرمن عدالت نے دس سال عمر قید کی سزا سنائی ہے، مجرم نے دھماکہ خیز مواد ازخود گھر میں تیار کیا تھا۔

    جرمن عدالت کی جانب سے مجرم کو آج دس سال سزائے قید کا حکم سنایا گیا ہے، عدالت کے مطابق ملزم پر اقدام قتل، اپنے پاس غیر قانونی طور پر دھماکہ خیز مواد رکھنے اور دو بڑے آتشیں حملے کرنے کے الزامات ثابت ہوگئے ہیں۔

    برلن میں انتہاپسندوں نےمسجد پرحملہ کرکےآگ لگادی

    خیال رہے کہ مسجد پر مذکورہ حملہ 26 ستمبر 2016 کو کیا گیا تھا تاہم اس حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا جبکہ مسجد کے حجرے میں مسجد کے پیش امام اپنے اہلخانہ کے ساتھ موجود تھے۔

    واضح رہے کہ مسجد کے سامنے اس بم دھماکے کے کچھ ہی دیر بعد قریب ہی واقع بین الاقوامی کانگریس سینٹر کے سامنے بھی مجرم نے اسی طرح کا ایک اور بم دھماکہ کیا تھا، مجرم کو دو حملوں کے جرم میں سزا سنائی گئی ہے۔

  • پاکستان کی افغان دارالحکومت کابل میں دہشت گردی کی مذمت

    پاکستان کی افغان دارالحکومت کابل میں دہشت گردی کی مذمت

    اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والی دہشت گردی کی بھرپور مذمت کی گئ اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے تعلیمی ادارے پر خود کش حملے میں 48 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے جس پر پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل حملے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی افسوس ہے، جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، ایسے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، اس غم میں جاں بحق ہونے والے کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔


    افغانستان: سیکیورٹی فورسز کے بیس کیمپ پر طالبان کا حملہ،45 اہلکار ہلاک


    کابل میں ہونے والے انسانیت سوز واقعے پر چیئرمین تحریک انصاف اور ملک کے نامزد وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھی گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا گیا۔

    خیال رہے کہ افغان حکام کی جانب سے ہلاک افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا، شہر کی علما کونسل کے رکن جواد گھواری نے حملے کا الزام دہشت گرد تنظیم ‘داعش’ پر لگایا، ان کے مطابق داعش اس سے قبل بھی ہماری مساجد، اسکولوں اور ثقافتی مراکز پر حملے کر چکی ہے۔

    دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا، علاوہ ازیں طالبان کی جانب سے چیک پوسٹ اور ائربیس پر 2 حملوں میں 52 افراد ہلاک ہوگئے۔

  • افغانستان: سیکیورٹی فورسز کے بیس کیمپ پر طالبان کا حملہ،45 اہلکار ہلاک

    افغانستان: سیکیورٹی فورسز کے بیس کیمپ پر طالبان کا حملہ،45 اہلکار ہلاک

    کابل افغانستان کے صوبے بغلان میں سیکیورٹی فورسز کے بیس کیمپ پر طالبان نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں درجنوں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں آج دوپہر سیکیورٹی اداروں کی عبداللہ بیس کیمپ پر طالبان کے شدت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 45 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

    افغان حکام کا کہنا تھا کہ طالبان کے حملے میں 35 افغانستان کی مسلح افواج کے اہلکار جبکہ 10 مقامی پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ افغان حکام کی جانب سے طالبان حملے اور  واقعے میں 45 سیکیورٹی اہلکاروں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جبکہ زخمیوں کے حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی گئی۔

    افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ گذشتہ شب افغانستان کے صوبے قندھار میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپین بولدک کے قریب ایک گاڑی پر امریکی ڈورن طیاروں نے بمباری کی ہے، گاڑی پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 2 مشتبہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ڈرون حملے کا نشانہ بننے والی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

    افغان خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ گاڑی پر امریکی ڈرون حملے بعد مغربی اتحادی افواج نیٹو اور افغان فورسز کی جانب سے افغانستان کے سرحدی علاقوں کا سرچ آپریشن بھی کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ ایک روز قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک خودکش بمبار نے الیکشن کمیشن کی عمارت میں گھسنے کی کوشش کی اور مرکزی دروازے پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے روکے جانے پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔

  • اقتصادی پابندیاں، ایران امریکی اداروں کے لیے خطرہ بننے لگا

    اقتصادی پابندیاں، ایران امریکی اداروں کے لیے خطرہ بننے لگا

    تہران: امریکی اقتصادی پابندیوں کے ردعمل میں ایران امریکا کے سرکاری اداروں کی سیکیورٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ بن سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیوں کے ایکزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں، جبکہ انتقام لینے کے لیے ایران امریکی اداروں پر سائبر حملے کرسکتا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سائبر ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کے جواب میں ایران سائبر اٹیک کر سکتا ہے، امریکا میں ایسے ممکنہ حملوں کے خدشات رواں برس مئی سے بڑھنا شروع ہوئے ہیں۔

    ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایرانی کمپیوٹر ماہرین اور ہیکرز اس قدر مہارت حاصل کر چکے ہیں کہ اُن کی مہارت اور چابکدستی امریکی اداروں کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان بنا چکا ہے۔

    ماہرین نے اس بات کی طرف نشاندہی کی ہے کہ انٹرنیٹ پر ان دنوں ہیکنگ سے متعلق سرگرمیاں پہلے کے مقابلے میں زیادہ دیکھی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب امریکا نے بھی اپنا ڈیٹا محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات تیز کردیے ہیں، اور خصوصی طور پر ایسے سائبر حملوں سے متعلق نظر رکھی جارہی ہے۔


    ڈونلڈ‌ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیاں‌ عائد کردیں


    قبل ازیں 2012 اور 2014 میں بھی امریکا میں سائبر حملے ہوئے تھے جس کا ذمہ دار امریکا نے ایران کو ٹہرایا تھا، مذکورہ حملے سے امریکا کو لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ ایران پر اقتصادی پابندیوں سے متعلق صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے بعد ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات سنگین نتائج کے ہوں گے، ایران کو رویہ تبدیل کرکے عالمی طاقتوں سے دوبارہ مذاکرات کرنا ہوں گے، نئے معاہدے میں ایرانی حکومت کی تمام منفی سرگرمیوں کا مکمل احاطہ ہوگا۔

    یاد رہے کہ 2015 میں اس وقت کے امریکی صدر بارک اوباما اور ایرانی حکومت کے درمیان جوہری معاہدہ ہوا تھا جس کے سبب ایران پر سے معاشی پابندیاں ختم کردی گئی تھیں۔