Tag: attack

  • آسٹریلوی سینیٹر کو انڈا مارنے والے نوجوان کا ایک اور کارنامہ

    آسٹریلوی سینیٹر کو انڈا مارنے والے نوجوان کا ایک اور کارنامہ

    کرائسٹ چرچ: آسٹریلوی سینیٹر کو انڈا مارنے والے نوجوان نے مسلمانوں نے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ایک لاکھ ڈالر کرائسٹ چرچ متاثرین کو دے دئیے۔

    تفصیلات کے مبطابق مسلم مخالف شر پسندانہ بیان دینے والے آسٹریلوی سینیٹر کو احتجاجاً انڈا مارنے والے نوجوان نے اپنے لیے جمع ہونے والی امدادی رقم ایک لاکھ ڈالر کرائسٹ چرچ حملے میں شہید ہونے والے نمازیوں کے لواحقین کو دے دیئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی نوجوان ول کونولے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر پوسٹ میں لکھا کہ 99 ہزار 922 ڈالر کرائسٹ چرچ میں مساجد حملوں میں شہید ہونے والے نمازیوں کے لواحقین کی بہبود کے لیے بنائے گئے اکاﺅنٹ میں جمع کرا دیئے ہیں۔

    رواں برس مارچ میں آسٹریلوی سینیٹر فریزر اینیگ کو مسلم مخالف بیان دینے پر انڈا مارنے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا تھا جس پر ان کے دوستوں نے قانونی معاونت کے لیے فیس بک پر فنڈ ریزنگ پیج بنایا تھا جس میں ایک لاکھ ڈالر رقم جمع ہوگئی تاہم کیس ختم ہونے پر یہ رقم بچ گئی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دو مساجد میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں آسٹریلوی شہری نے فائرنگ کر کے 9 پاکستانیوں سمیت 51 نمازیوں کو شہید کردیا تھا۔

    اسلام مخالف سینیٹر کو پارلیمنٹ سے نکالنے کی دستخطی مہم، 24 گھنٹوں میں 10 لاکھ افراد نے حصہ لیا

    آسٹریلوی سینیٹر نے سانحہ نیوزی لینڈ کا ذمہ دار مسلمانوں کو قرار دیتے ہوئے اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی جس کے بعد اُن کے خلاف مہم کا آغاز بھی ہوا۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے شہریوں نے فریزر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خوب تنقید کی۔

  • افغانستان: طالبان کے دو دہشت گرد حملے، افغان فورسز کے 23 اہلکار ہلاک

    افغانستان: طالبان کے دو دہشت گرد حملے، افغان فورسز کے 23 اہلکار ہلاک

    کابل: افغانستان میں طالبان کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو حملوں میں 23 اہلکار ہلاک ہوگئے، جبکہ چار فوجی اغوا کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان جنگجووں کے افغان سیکیورٹی فورسز پر دو مختلف حملوں کے باعث 23 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ طالبان 4 فوجیوں کو اغوا کر کے لے گئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان فوج نے اتحادی افواج کی مدد سے اغوا کیے گئے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم اب تک کسی اہلکار کی بازیابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا ہے، بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے غور میں پولیس چیک پوسٹ پر طالبان جنگجووں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپ میں 18 پولیس اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

    دوسری جانب لوگر صوبے میں بھی طالبان جنگجوﺅں نے افغان فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے، طالبان جنگجو 4 اہلکاروں کو اغوا کر کے بھی لے گئے۔

    افغان فوج نے اتحادی افواج کی مدد سے اغوا کیے گئے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم اب تک کسی اہلکار کی بازیابی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ سرچ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کو مزاحمت کا سامنا ہے۔

    افغانستان میں قیام امن کیلئے بین الاقوامی افواج کا انخلاء ضروری ہے، طالبان

    خیال رہے کہ دوسری جناب افغانستان میں قیام امن کے لیے مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے، افغان طالبان کے سیاسی امور کے نگران ملا برادر اخوند نے گذشتہ روز کہا تھا کہ افغانستان میں قیامِ امن سے متعلق کسی بھی معاہدے پر اتفاق کیلئے بین الاقوامی افواج کا انخلاء انتہائی ضروری ہے۔

  • ایرانی حملے کا خدشہ، امریکا نے بحیرہ عرب میں فوجی مشق کا آغاز کردیا

    ایرانی حملے کا خدشہ، امریکا نے بحیرہ عرب میں فوجی مشق کا آغاز کردیا

    بحیرہ عرب : امریکا ایران کشیدگی کے باعث دو روز سے بحیرہ عرب میں جنگی مشقیں جاری ہیں، جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکی صدر کے ساتھ مذاکرات کی تجویز مسترد کر دی‘امریکی جارحیت ناقابل قبول ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکا نے بحیرہ عرب میں ایرانی خدشات کا سامنا کرنے کے لیے فوجی مشق کا آغاز کردیا۔

    امریکی نیوی کا کہنا ہے کہ خلیج فارس میں غیر ظاہر شدہ ایرانی خدشات کے پیش نظر تعینات فضائی طیاروں سے لیس بحری بیڑے کے ساتھ انہوں نے بحیرہ عرب میں مشقیں کیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ مشقیں اور تربیت امریکی ابراہم لنکن ایئرکرافٹ کیریئر کے ساتھ امریکی میرین کورپس کے تعاون سے کی گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا کسی بھی قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    ان کے مطابق اس مشق میں خلیج فارس میں تعینات امریکی ففتھ فلیٹ کے 2 گروہوں نے شرکت کی۔امریکی نیوی کے مطابق 2 روز تک ہونے والی ان مشقوں میں فضا سے فضا میں حملوں کی تربیت کی گئی۔

    خیال رہے کہ امریکا نے رواں ماہ ایران پر نئی معاشی پابندیوں کے فوری بعد مشرق وسطیٰ میں طیارہ بردار جہاز اور بی 52 بمبار طیارے تعینات کیے تھے۔

    یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کے عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015 میں کیے گئے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے اعلان اور ایران پر پابندی کے دوبارہ نفاذ کے بعد ایرانی معیشت بحران کا شکار ہوگئی ہے، جس سے دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ وہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے ہیں۔

    ایران امریکی صدر کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی تجویز کو مسترد کرچکا ہے اور اس سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ امریکی جارحیت ناقابلِ قبول ہے۔

  • سابق ایرانی وزیر کا سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کا اعتراف

    سابق ایرانی وزیر کا سعودی تیل تنصیبات پر حملوں کا اعتراف

    تہران : ایران کے ایک سابق وزیر سید محمد حسینی نے ضمنی طور پر سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر حملوں میں تہران کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ایرانی وزیر برائے ثقافت اور دعوت و ارشاد سید حسینی نے کہا کہ سعودی عرب میں الدوادمی اور عفیف کے مقامات پر تیل تنصیبات پر حملے ایرانی اشارے پرکیے گئے۔

    انسٹا گرام پرپوسٹ کردہ ایک بیان میں سابق صدر محمود احمدی نژاد کی کابینہ میں وزیر رہنے والے سید محمد حسینی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں تیل تنصیبات پر یمن کے حوثی باغیوں کے ڈرون کے ذریعے حملے عالمی منڈی میں ایرانی تیل کے مکمل بائیکاٹ کا رد عمل ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب کی نیشنل پٹرولیم کمپنی آرامکو نے 14 مئی کو ایک بیان میں دو پٹرول اسٹیشنوںپر حملوں اور ان کے نتیجے میں تیل پائپ لائنوں کو پہنچنے والے نقصان کا اعتراف کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی تیل کی تنصیبات کو ڈرون طیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔

    سابق ایرانی وزیر نے مزید کہا کہ اگر مغربی ممالک کے پیروکار اور حکومت میں شامل بعض عناصر کی طرف سے مغرب کےساتھ تعاون جاری رہا تو انقلاب کے محافظ اور مزاحمتی محاذ اسلامی جمہوریہ ایران کے مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔

    خیال رہے کی سابق ایرانی وزیرسید محمد حسنی ایرانی پاسداران انقلاب کے بھی رکن رہ چکے ہیں۔ انہیں سابق صدر محمود احمدی نژاد کے دوسرے دور حکومت میں وزارت ثقافت وارشاد کا قلم دان سونپا گیا تھا۔ وہ ماضی میں نائب وزیر تعلیم اور پارلیمنٹ کےرکن بھی رہ چکے ہیں۔

  • افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کا گاڑی پر میزائل حملہ، تین طالبان ہلاک

    افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کا گاڑی پر میزائل حملہ، تین طالبان ہلاک

    کابل: افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے  نے گاڑی پر میزائل داغے جس کے نتیجے میں تین طالبان ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبہ پکتیکا میں امریکی جاسوس طیارے کے ایک گاڑی پر میزائل حملے میں تین طالبان ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جاسوس طیارے کے حملے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تاہم طالبان نے واقعہ پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس بارے میں فوری طورپر کوئی بیان جاری کیا ہے۔

    امریکی ڈرون نے اتوار کے روز مقامی وقت کے مطابق دن دن گیارہ بجے کے قریب افغان صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل کے علاقہ باقر خیل میں ایک گاڑی پر ایک میزائل داغا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار مبینہ طورپر طالبان کے تین جنگجوہلاک اور تین دیگر زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فوری طور پر ہلاک افراد کی شناخت کے بارے میں معلوم نہیں ہوسکا تاہم طالبان نے واقعہ پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں افغانستان کے شمالی صوبے بغلان کے شہر پل خمری میں طالبان نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر بارود سے بھری گاڑی کے ساتھ حملہ کیا تھا، جس میں 13 سیکورٹی اہل کار ہلاک ہوئے تھے۔

    بغلان: طالبان کا بارود سے بھری گاڑی سے پولیس ہیڈکوارٹر پر حملہ، 13 ہلاک

    دوسری جانب امریکا اور طالبان رہنماؤں کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

  • کراچی: پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

    کراچی: پولیس موبائل پر دستی بم حملہ، جوابی کارروائی میں دہشت گرد ہلاک

    کراچی: شہرقائد میں سائٹ سپرہائی وے پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کردیا، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کا کہناہے کہ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوچکا ہے، دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے موبائل پر حملہ کیا۔

    انہوں نے کہا جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ تین فرار ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں اے ایس آئی حیات اور کانسٹیبل عظمت زخمی ہوا۔

    ایس ایس پی ملر کا کہنا تھا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ مفرور ملزمان کا تعاقب جاری ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ حملہ سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا پولیس موبائل پر کیا گیا، دستی بم حملے سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا۔

    عرفان بہادر کا مزید کہنا تھا کہ مارے گئے دہشت گرد سے پستول برآمد کرلی گئی، جبکہ شناخت کاعمل جاری ہے۔

    نیپا چورنگی کے قریب پولیس موبائل پر حملہ، 2 اہلکار زخمی

    اس سے قبل بھی متعدد بار پولیس موبائل پر حملے ہوچکے ہیں، سال 2014 میں نیپا چورنگی کے علاقے میں نامعلوم افراد کی طرف سے پولیس وین پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

  • ہندو انتہا پسندوں کا اداکار کمل ہاسن پر چپل سے حملہ

    ہندو انتہا پسندوں کا اداکار کمل ہاسن پر چپل سے حملہ

    نئی دہلی : ممتاز بھارتی اداکار کمل ہاسن بھی ہندو انتہا پسندوں کے نشانے پر آگئے، تامل ناڈو میں بی جے پی کارکنوں نے کمل ہاسن پر چپل پھینک دی۔

    تفصیلات کے مطابق روشن خیال اور غیر متعصبانہ نظریات کے لیے مشہور اداکار کمل ہاسن پر ہندو انتہا پسندوں پر تنقید کے جرم میں بی جے پی کارکنوں نے چپل سے حملہ کردیا۔

    بھارتی خبر رساں اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ کمل ہاسن ریاست تامل ناڈو میں انتخابی ریلی سے خطاب کررہے تھے کہ اچانک بھارتیہ جنتا پارٹی کے دہشت گردوں نے اداکار کو چپل سے نشانہ بنایا۔

    ہندو انتہا پسند کمل ہاسن کے بیان پر مشتعل تھے جس میں انہوں نے بھارت کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو کو قرار دیا تھا۔

    کمل ہاسن کا کہنا تھا کہ مہاتما گاندھی کو قتل کرنے والا دہشت گرد ایک ہندو تھا اور یہ سب اس لیے نہیں کہہ رہا کہ ایک مسلمان علاقے میں مہم چلا رہا ہوں، بلکہ یہی تاریخی حقیقت ہے، یہی گاندھی کا نظریہ ہے۔

    مزید پڑھیں : انڈیا کا پہلا دہشت گرد ایک ہندو تھا: کمل ہاسن نے انتہا پسندوں کو آئینہ دکھا دیا

    واضح رہے کہ کمل ہاسن نے اپنی منفرد اور متنازع فلم “ہے رام” میں‌ بھی اس نظریے کی ترویج کرتے ہوئے مسلمانوں کی مثبت امیج پیش کی تھی۔

    دوسری جانب اداکار کے ان الفاظ نے کھلبلی مچا دی ہے. ایک جانب جہاں سیاست داں ان پر تنقید کر رہے ہیں، وہیں ساتھی انتہاپسند اداکاروں کو بھی کمل ہاسن کے بیان نے آگ بگولا کر دیا ہے۔

  • افغان فوج کا آپریشن، 16 شدت پسند ہلاک

    افغان فوج کا آپریشن، 16 شدت پسند ہلاک

    کابل: افغان سیکیورٹی فورسز نے افغان صوبے فراہ میں آپریشن کرتے ہوئے 16 طالبان جنگجوؤں کا ہلاک کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان کی جانب سے فراہ میں قائم سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا، ردعمل عمل میں افغان فورسز نے علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے سولہ شدت پسندوں کا ہلاک کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے دوران ایک افغان فوجی بھی ہلاک ہوا، جبکہ علاقے کا مکمل طور پر کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے۔

    البتہ طالبان کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی، جبکہ افغان فوج کے ہاتھوں 16 جنگجوؤں کی ہلاکت کو بھی مسترد کردیا۔

    یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فراہ طالبان کے لیے ایک اہم علاقہ ہے کیونکہ اسے سمگلر افیون کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں، طالبان نے مذکورہ صوبہ پر قبضہ گذشتہ سال مئی میں کیا۔

    بغلان: طالبان کا بارود سے بھری گاڑی سے پولیس ہیڈکوارٹر پر حملہ، 13 ہلاک

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں افغانستان کے شمالی صوبے بغلان کے شہر پل خمری میں طالبان نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر بارود سے بھری گاڑی کے ساتھ حملہ کیا تھا، جس میں 13 سیکورٹی اہل کار ہلاک ہو گئے تھے۔

  • افغانستان میں معروف خاتون صحافی فائرنگ سے ہلاک

    افغانستان میں معروف خاتون صحافی فائرنگ سے ہلاک

    کابل: افغانستان میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں افغان ٹیلی ویژن کی معروف خاتون صحافی مینہ مینگل ہلاک ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ افغان دارالحکومت کابل میں پیش آیا جہاں وہ سڑک پر کھڑی اپنی گاڑی کے آنے کا انتظار کررہی تھیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ انہوں نے طویل عرصے تک ملکی میڈیا کے لیے اپنی خدمات انجام دیں بعد ازاں انہوں نے پیشہ صحافت سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، وہ بحیثیت اینکر بھی ٹی پی پر کام کرچکی ہیں۔

    موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے مینہ مینگل پر اندھادھن فائرنگ شروع کردی جس کے باعث وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں، بعد ازاں انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    مینہ مینگل افغانستان میں خواتین کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی تھیں، بالخصوص لڑکیوں کی تعلیم اور سماجی خدمات سے متعلق بھی آگاہی فراہم کرتی تھیں۔

    وہ ایک نجی ٹیلی ویژن میں پریزنٹر کے طور پر ایک عشرے سے زائد عرصے تک وابستہ رہ چکی تھیں، جس کا طلوع پشتو زبان کی نجی ٹیلی ویژن چینل، ’لمر‘ اور نجی قومی ٹیلی ویژن براڈکاسٹر، ’شمشاد ٹی وی‘ سے تعلق ہے۔

    قطر: امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا چھٹا مرحلہ اختتام پذیر

    غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں طالبان ملوث ہوسکتے ہیں، اس سے قبل بھی ایسے واقعے کے پیچھے ہمیشہ افغان طالبان رہے ہیں، البتہ طالبان رہنماؤں کی جانب سے ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔

  • سری لنکا کے بعد برکینافاسو میں چرچ پر حملہ، 6 افراد ہلاک

    سری لنکا کے بعد برکینافاسو میں چرچ پر حملہ، 6 افراد ہلاک

    اواگاڈوگو: سری لنکا کے بعد دہشت گردوں نے افریقی ملک برکینافاسو میں قائم چرچ پر حملہ کردیا جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ حملہ برکینافاسو کے شہر ڈابلو میں پیش آیا جہاں ایک کیتھولک چرچ پر مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کردی جس کے باعث 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز مسیحی برادری اپنے مذہبی عبادات میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے اچانک حملہ کردیا، ہلاک ہونے والوں میں ایک پادری بھی شامل ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد تقریباً 20 سے 30 کے درمیان تھی، دہشت گردوں نے چرچ پر اندھا دھن فائرنگ کردی جس کے باعث چھ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    برکینافاسو میں 4 مہینوں کے درمیان یہ تیسرا حملہ ہے، زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے البتہ علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کا مکمل کنٹرول ہے۔

    دوسری جانب سری لنکا میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے تین ہفتوں بعد آج ملکی دارالحکومت کولمبو کے گرجا گھروں میں اتوار کی دعائیہ عبادت منعقد کی گئی، دریں سیکیوٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

    یاد رہے کہ سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آرہے ہیں، جبکہ ملک بھر میں گرجا گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے، البتہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    سری لنکا دہشت گردی، جرمن مسلمانوں کا اظہار یکجہتی کے لیے ملکی دورہ

    سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔